کلامِ اقبالؒ کو ’تجاوزات‘ سے بچائیں

خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی پکا سا منہ بنا کے پورے اعتماد کے ساتھ علامہ اقبال سے منسوب کرکے جو شعر پڑھ گئے۔ وہ اب ان کی اقبالؒ اور شاعری سے لاعلمی کی ایک مثال بن کر ان کا پیچھا کرتا رہے گا۔

ابھی چند روز پہلے پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر بھی ایک غلط ملط شعر علامہ اقبالؒ کی روح کو تڑپا کر بھری محفل میں سنا گئے اور اس کی ویڈیو اب ان کا پیچھا کررہی ہے۔ پہلی بات تو یہ سمجھ نہیں آتی کہ ان صاحبان کو آخر کیا ضرورت پڑتی ہے کہ علامہ اقبالؒ کی روح کو تکلیف دیں۔ جو کہنا ہے، جو بقراطی جھاڑنی ہے،جھاڑتے رہیں مگر قومی شاعر کی شعری سلطنت میں اس طرح مداخلت تو نہ کریں۔ سوشل میڈیا پر پہلے ہی اقبالؒ کی شاعری کا حلیہ بگاڑ کر پوسٹ کرنے کی روایت پڑی ہوئی ہے بلکہ اکثر شعر تو صرف ان سے منسوب ہوتے ہیں، وہ ان کے ہرگز نہیں ہوتے۔

ہم نے یہ بھی دیکھا کہ صاحبانِ اقتدار اپنی علمیت کا اظہار کرنے کے لئے اقبال کے اشعار کو اپنے خطاب میں شامل کرنا کارثواب سمجھتے ہیں اور پڑھتے ہوئے کئی غلطیاں کر جاتے ہیں، ان غلطیوں کو سننے والے خود تصحیح کرکے شعر سمجھ لیتے ہیں مگر یہ بے تکے، بے وزن، بے ربط اور بے معنی اشعار ملک کی ذمہ دار شخصیات کی طرف سے اقبال سے منسوب کرنا ،ایک بہت بڑی زیادتی ہی نہیں بلکہ پرلے درجے کی کم علمی بھی ہے۔ مقامِ حیرت یہ بھی ہے کہ جو اقتدار میں موجود شخصیات ہوتی ہیں، ان کے پاس سپیچ رائٹرز بھی ہوتے ہیں، پرسنل سیکرٹری بھی موجود ہوتا ہے اور صاحبانِ علم کی خدمات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔ ان سب کی موجودگی کے بارے یہ غلطیاں کیسے سرزد ہوتی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ فیصل کریم کنڈی نے اقبالؒ کے حوالے سے جو شعر پڑھا ،وہ انہوں نے کہیں سے تو حاصل کیا ہوگا۔ کیا انہوں نے تصدیق کی یہ شعر اقبال کا ہی ہے۔ یا اپنے سٹاف کے کسی پڑھے لکھے بندے کو کہا وہ چیک کرے یہ شعر علامہ اقبالؒ کے کس مجموعہ کلام میں ہے یا کسی شاعر سے مدد لے کر بتائے کیا یہ شعر وزن میں ہے، کیا اسے پڑھا جا سکتا ہے۔ سنجیدہ ادبی حلقے پہلے ہی اس بات پر متفکر رہتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر اقبال، فیض، غالب اور دیگر بڑے شاعروں سے ایسے اشعار منسوب کئے جا رہے ہیں جو ان کے ہیں ہی نہیں۔ اب اگر صاحبانِ اقتدار بھی یہ روش اپنا لیں گے تو ہماری شاعری اور بڑے شاعروں کا کیا بنے گا؟ ایک عام طالب علم تو اس بات کو مثال بنا لے گا کہ فلاں بڑی شخصیت نے اس شعر کو علامہ اقبال کا شعر قرار دے کر پڑھا ہے۔ پھر شعربھی ایسے منسوب کئے جاتے ہیں جو  ذاتی مقاصد پورے کرتے ہوں۔ گویا بگاڑ کے لئے بھی اب اقبال کی شاعری کو بگاڑنے کی ضرورت پیش آ گئی ہے۔

ہماری تاریخ میں یہ کوئی نئی روایت نہیں۔ ہر دور کے حکمران شاعری کا استعمال ایسے کرتے رہے ہیں جیسے وہ بہت بڑے عالم و فاضل ہوں۔ایک زمانہ تھا جب یہ حماقتیں چھپ جاتی تھیں۔ پتہ نہیں چلتا تھا، کون کیا کہہ گیا ہے۔ اب اس دور میں کہ جب ہزاروں کیمرے چل رہے ہوتے ہیں ایسی جرات کرنا تمغہ، حماقت کے لئے خود کو اہل قرار دینے کے مترادف ہے۔ عوام غلط شعر پڑھنے والوں کو تو برداشت کرلیتے ہیں مگر جعلی شعر پڑھنے والوں کو برداشت کرکے وہ اس جرم میں شریک نہیں ہونا چاہتے جو ایک قومی شاعر کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔لہجے کا فرق ہو سکتا ہے۔ سندھی، پنجابی، سرائیکی، پشتو اور بلوچی بولنے والے جب اقبال کا شعر پڑھتے ہیں تو لہجے کی وجہ سے لفظوں کا آہنگ اردو والا نہیں ہوتا مگر وہ غلط نہیں پڑھتے۔ ہر بڑے شاعر کا ایک انداز ہے اور شاعری و ادب سے شغف رکھنے والے اس سے بخوبی آگاہ ہوتے ہیں۔ علامہ اقبال کی اگر پوری شاعری کسی نے نہیں بھی پڑھی تو اسے شعر سن کر یہ اندازہ ضرور ہو جاتا ہے یہ اقبال کا شعر ہے یا نہیں کیونکہ اقبال کی شاعری کا بلند آہنگ، ڈکشن اور لفظوں کا زیروبم بتا دیتا  ہے ،وہ کس کی شاعری ہے۔اب فیصل کنڈی صاحب نے جو کچھ اقبال کے نام سے سنایا ہے، وہ اقبالؒ کا شعر تو کجا شعر بھی نہیں۔ اس میں نہ ردھم ہے، نہ شعریت  اور اوزان ہیں۔ یقیناً جس تقریب میں وہ خطاب کرتے ہوئے آخر میں یہ شعر پڑھ کر ڈائس سے اترے ہوں گے، وہاں بیٹھے ہوئے لوگوں کی اکثریت نے بھی سرپیٹ لئے ہوں گے کہ گورنر صاحب یہ کیا سنا گئے ہیں کسی نے سوشل میڈیا پر بڑا دلچسپ تبصرہ کیا کہ فیصل کریم کنڈی نے اقبال کی شاعری پر بھی گورنر راج لگا کے اس میں باہر کے اشعار شامل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

مغلیہ اور سلاطین کے دور میں بادشاہ اپنے درباروں میں با علم افراد کو رکھتے تھے۔ اس کا مقصد یہ ہوتا تھا کہ اگر وہ کچھ بولیں، رعایا سے کچھ کہیں تو اس میں علمیت ہونی چاہیے۔ زبان کی صحت اور ابلاغ کی طاقت کو بھی وہ سمجھتے تھے۔ ہمارے ہاں یہ سلسلہ اس دورمیں بھی جاری رہا ہے۔ ضیا الحق کے پاس سپیچ رائٹرز تھے، انہیں شعر پڑھنے کی مہارت بھی سکھاتے تھے۔ نوازشریف اور بے نظیر بھٹو نے بھی نامور اہلِ قلم اور صحافیوں کو اس کام کے لئے رکھا۔ عمران خان نے خود پر انحصار کیا اور ایسا کوئی مشیر نہیں رکھا توانہوں نے غلطیاں بھی کیں۔ تاہم ان سب نے کبھی کوئی ایسا شعر نہیں پڑھا جو اقبال، فیض یا غالب نے کہا ہی نہیں ۔یہ بدعت اب عام ہو رہی ہے۔ اسے روکنا بہت ضروری ہے۔ پنجاب کے وزیرتعلیم رانا سکندر حیات خان کو تو اس ضمن میں حد درجہ احتیاط کرنی چاہیے۔ ان کے پاس ایک سے بڑھ کر ایک سکالر، پروفیسر اور اہلِ قلم سکولوں کالجوں میں موجود ہے۔ وہ کوئی بھی شعر پڑھنے سے پہلے اس کے بارے میں پہلے چھان پھٹک کریں۔ وہ ایسی دو تین غلطیاں کر چکے ہیں اور اس سے ان کا امیج خراب ہوا ہے۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ کوئی اقتدار میں ہے تو اس کی زبان سے نکلے ہوئے ہر لفظ کو صحیفہ مان کر قبول کرلیا جائے۔ خاص طور پر شاعری کو بگاڑنے اور علامہ اقبال جیسے قومی شاعر کی شعری اقلیم کو برباد کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔

اس لئے اہلِ اقتدار سے گزارش ہے وہ کلام اقبال کو پڑھیں ضرور مگر اس میں تجاوزا“ کو شامل نہ کریں۔

(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)