ایک بہت پرانی یاد
- تحریر عطاالحق قاسمی
- جمعرات 12 / نومبر / 2026
ماڑی انڈس یا ماڑی ایکسپریس کے بارے میں ہم نے پہلے تو سنا ہی تھا، پھر اس میں سفر کرکے بھی دیکھ لیا ۔ میانوالی کی بار ایسوسی ایشن نے قائد اعظم کے یوم ولادت کے سلسلے میں وہاں ایک شاعرے کا اہتمام کیا تھا اور لاہور سے شاعروں کی پوری کھیپ اسی ٹرین سے میانوالی پہنچی تھی۔
احسان دانش، قتیل شفائی، مظفر وارثی، منور سلطانہ لکھنوی، اسرار زیدی، اقبال ساجد، نجیب احمد، حسن رضوی، شاہین نازلی، محمود شارب اور سیف زلفی وغیرہ شام کو سات بجے ماڑی انڈس میں بیٹھے اور جوں کی رفتارسے چلتی ہوئی اس گاڑی میں اگلے روز صبح 10 بجے کے قریب میانوالی اسٹیشن پر اترے۔ رات کو تھل کے علاقہ میں سے گزرتے ہوئے شعرائے کرام نے اپنے جسموں میں سردی اُترتی ہوئی محسوس کی اور اپنے اپنے کمبل اپنے گرد لپیٹ لیے۔ ماڑی انڈس کی بوگیوں(فرسٹ کلاس سمیت) کے دروازے بند نہیں ہوتے تھے، چنانچہ شعرائے کرام نے سگرٹ کے خالی پیکٹوں سے لے کر اپنی بیاضوں تک کو بروئے کار لاتے ہوئے ہوا کی راہ روکنے کی کوشش کی مگر اس میں کامیاب نہ ہوئے۔
مظفر وارثی سونے کیلئے اوپر کی برتھ پر چلے گئے تھے مگر برتھ کی تنگ دامانی کے سبب مسلسل جاگ رہے تھے۔ انہوں نے سونے کی بہت کوشش کی مگر جب اس میں کامیاب نہ ہوئے تو انہوں نےنچلی سیٹوں پر بیٹھے عوام سے مخاطب ہو کر کہا اس گاڑی میں ڈاکے بہت پڑتے ہیں۔ گزشتہ برس ایک شخص چلتی گاڑی میں سوار ہوا اور میرے سر کے نیچے میرا بیگ نکال کر فرار ہو گیا۔ اس میں میرے کپڑے تھے میانوالی ریلوے اسٹیشن پر معززین شہر نے میرا استقبال کیا تو میں سلیپنگ سوٹ میں ملبوس تھا اورپاؤں میں سلیپر۔ یہ سن کر شعرائے کرام نےاپنے جسم میں ایک اضافی کپکپی محسوس کی اور شب بیداری میں مظفر وارثی کے ساتھ برابر کے شریک ہوگئے ۔ حضرت مولانا اجمل نیازی میانوالی سے شعرا کو اپنے ساتھ لانے کیلئےبطور خاص لاہور پہنچے تھے اور اب وہ بھی اس بوگی میں ان کے ساتھ سوار تھے۔ حسن رضوی اورنیٹل کالج میں اجمل نیازی کے کلاس فیلو بھی تھے اور ہوسٹل میں روم میٹ بھی۔ یہ وہ دور تھا جب اجمل نیازی کلین شیوڈ تھے، جدید طرز کے لباس پہنتے تھے اور اورنیٹل کالج کی محفوظ فضا میں ’مجسم قیامت‘ تھے۔ اور حسن رضوی یہاں اسی اجمل نیازی کی ’فتوحات‘ بیان کر رہے تھے۔ مگر اجمل نیازی کی دنیا بدل چکی تھی۔ ٹخنوں سے اونچی شلوار، گھنی داڑھی اور دراز زلفیں۔ یہ سب کچھ سنتے تھے اور وقفے وقفےکے بعد زیر لب مسکراتے ہوئے ’بکواس نہیں کر‘ کہہ کر خاموش ہو جاتے تھے۔
رات بھیگتی جا رہی تھی اور شعرا کی آنکھوں سے نیند کوسوں دور تھی۔ ماڑی ایکسپریس رینگتے ہوئے اپنی منزل کی جانب بڑھ رہی تھی۔ حتیٰ کہ سپیدہ ِصبح نمودار ہوا اور گاڑی امجد کندیانی (حال یحییٰ امجد) قصبہ کندیاں سے چند میل اُدھر پہنچ کر رک گئی۔ ماڑی انڈس کی سانس پھولی ہوئی تھی۔ نجیب احمد نے کہا ماڑی ایکسپریس کا نام ’بہت ہی ماڑی‘ ایکسپریس ہونا چاہیے۔ میانوالی یہاں سے 20، 25 میل رہ گیا تھا مگر پتہ چلا کہ انجن میں کوئی نقص واقع ہو گیا ہے اور اس میں گاڑی کھینچنے کی سکت باقی نہیں رہی۔ یہ بھی پتہ چلا کہ دراصل ڈاکٹر وحید قریشی بھی اس گاڑی میں سوار ہے۔ جنہیں گورنمنٹ کالج میانوالی کے مذاکرہ میں ایک مقالہ پڑھنا ہے۔ یہاں پونے دو گھنٹے قیام کے دوران انجن کا نقص دور کیا گیا اور ماڑی ایکسپریس ایک بار پھر چل پڑی۔ کندیاں کے بعد ایک بار پھر انجن کا سانس پھولا تاہم کسی نہ کسی طور گاڑی میانوالی پہنچ گئی۔ شعرائے کرام گاڑی سے اترے۔ ڈاکٹر وحید قریشی بھی اترے اور اپنے اپنے میزبانوں کہ ہاں پہنچ گئے۔
شعرا کو مشاعرے کے دعوت نامے بارایسوسی ایشن کے صدر سید کرامت حسین شاہ کی طرف سے موصول ہوئے تھے۔ شاہ صاحب میانوالی کی ایک ادب اور ادیب دوست شخصیت اور معروف وکیل ہیں۔ انہوں نے جناب امید اللہ خان نیازی کے صاحبزادے جناب اصغر خان نیازی کے ہاں شعرا کے قیام کا بندوبست کیا تھا۔ یہاں مہمان شعرا کے ساتھ اصغر خان نیازی نے وہی سلوک کیا جو بادشاہ بادشاہوں کے ساتھ کرتے ہیں۔ اصغر خان نیازی کے والد جناب حمید اللہ خان نیازی پاکستان کے ادبی حلقوں کیلئے گمنام شخصیت نہیں تھے۔ جناب احمد ندیم قاسمی نے اپنے ایک شعری مجموعے کا انتساب ان کے نام کیا تھا۔ یہاں ان سے بھی ملاقات ہوئی اور ان سے مل کر جی واقعی خوش ہوا کہ ابھی اگلی شرافت کے نمونے پائے جاتے ہیں۔ شعرا نے اس بڑی حویلی کے مختلف کمروں میں اپنا اپنا سامان رکھا۔ شیو کیا۔ ٹیوب ویل میں نہانے کا تجربہ کیا اور ایک وین میں چشمہ براج کی سیر کو چلے گئے۔ شام کو کھانے کے بعد انہیں پنڈال میں لے جایا گیا۔ جہاں سپیکر پنجاب اسمبلی شیخ رفیق احمد مشاعرے کی صدارت کر رہے تھے۔ مرتضیٰ برلاس مشاعرے کے انتظامات میں سر گرم تھے۔ اجمل نیازی نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سنبھالے ہوئے تھے۔
جب مشا عرہ اپنے عروج پر پہنچا تو اجمل نیازی نے اعلان کیا کہ اب میانوالی کے معروف شاعر سابق ڈپٹی کمشنر اور حال اعزازی مجسٹریٹ ملک عبد الرحمن اپنا کلام سنائیں گے۔ ملک عبد الرحمن کا نام سنتے ہی حاضرین نے تالیاں اور سیٹیاں بجا کر پورے پنڈال کو سر پر اٹھا لیا۔ معلوم ہوا کہ یہاں کی بہت مقبول شخصیت ہیں اور جب انہوں نے کان پر ہاتھ رکھ کر بھیرویں میں اپنی ’نثری غزل‘ سنانا شروع کی تو یہ بھی معلوم ہو گیا کہ وہ مقبول کیوں ہے؟ اس ’ورائٹی پروگرام‘ کے دوران خالد احمد نے نعرہ لگایا ملک صاحب شاعر نہیں ہیرا ہیں اور اس ہیرے پر لاہور کا حق ہے۔ اس پر ایک مقامی ستم ظریف نے باآواز جواب دیا کہ ’اندرا گاندھی اس ہیرے کے عوض کشمیرآفر کر چکی ہےمگر ہم نے انکار کر دیا تھا‘۔ صاحب صدر شیخ رفیق احمد چہرے کو دونوں ہاتھوں سے چھپائے ہنس ہنس کرد وہرے ہو رہے تھے مگر ملک عبد الرحمن کے چہرے پر بلا کی سنجیدگی تھی اور بلا شبہ خود اعتمادی کہ یہ ’نمونے‘ ہمارے ہاں بہت کم پائے جاتے ہیں۔ اس کے بعد مشاعرہ رواں دواں ہو گیا اور رات ڈھلنے کے ساتھ ساتھ مشاعرے کا حسن نکھرتاچلا گیا۔
اگلے روزقتیل شفائی، خاطر غزنوی، خالد احمد، اسرار زیدی، ناصر زیدی، گلزار وفا چوہدری، نجیب احمد، حسن رضوی، قائم نقوی، صابر ظفر اور آذر تمنا نے رخت سفرباندھا اور یہاں سے ایک سو ساٹھ میل دور واقع راولپنڈی کی طرف گامزن ہوئے جہاں سے انہوں نے واہ کینٹ کیلئے بس پکڑی اور یہ قافلہ جشن ندیم میں شرکت کیلئے واہ میں واقع مزدوروں کے کلب میں پہنچ گیا۔ یہاں جلیل عالی، احسان اکبر، سبط علی صبا، حسن ناصر اور حلیم قریشی ان کے استقبال کیلئے موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر واہ کی سیمنٹ فیکٹری کے پاس کھڑے ویگن کا انتظار کرتے ہوئے حسن ناصر نے فیکٹری پر سایہ کناں درختوں کی طرف اشارہ کیا اور کہا ’ان درختوں پر سیمنٹ کی اس قدر دھول موجود ہے کہ اگر یہ درخت جھاڑے جائیں تو ایک مکان بآسانی بن سکتا ہے‘۔ حلیم قریشی نے تردید کی اور کہا ’ایک مکان نہیں پوری کالونی بن سکتی ہے اور فیکٹری ملازمین کیلئےتعمیر شدہ کالونی میں یہی سیمنٹ استعمال ہوا ہے‘۔
واہ سے لاہور جانے کیلئے واپس پنڈی پہنچ کر شعرا نے یہاں کے پاک ٹی ہاؤس یعنی شالیمار ریستوران کا رخ کیا مگر اس وقت وہاں کوئی موجود نہ تھا ۔ چنانچہ کھانا کھانے کے بعد پنڈی کے ادیبوں کے نام ایک رقعہ چھوڑا گیا کہ لاہور والے آئے تھے مگر پنڈی وال موجود نہ تھے۔ چنانچہ رسم خلوص ادا کر کے واپس جا رہے ہیں۔
’ رسم خلوص‘ شالیمار میں بیٹھنے والے ادبیوں کی ’ٹرم ‘ ہے۔ جس سے مراد اپنا اپنا بل ادا کرنا ہے۔ یہ قافلہ واپس لاہورآنے کیلئے جی ٹی ایس کے اڈے کی طرف جا رہا تھا کہ خاقان خاور سے ملاقات ہو گئی اور استاد ذوق نے غالباً یہ شعر محبت، خلوص اور وفاداری کے اس پیکر ہی کے بارے میں کہا تھا:
اے ذوق کسی ہمدم دیرینہ کاملنا
بہتر ہے ملاقات مسیحا وخضر سے
(بشکریہ: روزنامہ جنگ)