پاکستان 2050 تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے: وزیر اعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان 2050 سے پہلے دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اس ہدف کے حصول کے لیے 2075 کا سال متوقع قرار دیا گیا تھا تاہم پاکستان اس سے کہیں پہلے یہ مقام حاصل کر سکتا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے گولڈمین سیکس کے اس جائزے کا حوالہ دیا جس میں پاکستان کے 2075 تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بننے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ شہباز شریف نے کہا کہ وہ اس پیش گوئی میں ترمیم کرتے ہوئے کہنا چاہیں گے کہ پاکستان 2075 کے بجائے 2050 سے پہلے ہی دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن جائے گا۔
دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم جمعرات کو شروع ہوا، جس میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان کے معدنی وسائل پیش کیے جا رہے ہیں۔ ان میں کوئلہ، نمک، سونا اور دیگر اہم معدنیات شامل ہیں۔ فورم کے ذریعے حکومت نے سرمایہ کاروں کو سازگار اور قابلِ پیش گوئی پالیسیوں، ادارہ جاتی تعاون اور سکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اب ایسے معدنی ذخائر کی تلاش کو ترجیح دے رہا ہے جو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے تزویراتی اہمیت رکھتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے جدید جیوکیمیکل اور جیو فزیکل سروے، معدنی ذخائر کی تلاش کے لیے ڈرلنگ اور ارضیاتی تحقیق کی جدید تجربہ گاہوں کو جدید تجزیاتی ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔