معدنی وسائل کو قومی ترقی اور معاشی خوشحالی میں تبدیل کرنا ہوگا: فیلڈ مارشل

  • جمعہ 13 / نومبر / 2026

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ معدنی وسائل کو قومی ترقی اور معاشی خوشحالی میں تبدیل کرنا ہوگا۔وفاقی دارالحکومت میں جاری منرلز فورم سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے  کہاکہ خام مال کی برآمد کے بجائے ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت مکمل ویلیو چین کی ترقی پر توجہ دینا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ  معدنی وسائل سے مقامی آبادیوں کو بھی براہِ راست فائدہ پہنچنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔ معدنی وسائل سے بھرپور علاقوں میں ترقی کے ثمرات مقامی آبادی تک پہنچانا اور ان کی زندگیوں میں ٹھوس بہتری لانا ناگزیر ہے۔پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور ان وسائل کو قومی ترقی اور معاشی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ معدنی ترقی کا حقیقی فائدہ اسی وقت ممکن ہے جب معدنیات سے مالا مال علاقوں کے عوام بھی اس عمل میں شریک ہوں اور انہیں اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی واضح طور پر نظر آئے۔پاکستان کا مقصد صرف خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ، پروسیسنگ اور مینوفیکچرنگ سمیت پوری ویلیو چین کو ملک میں ترقی دینا ہے تاکہ معدنی وسائل سے زیادہ سے زیادہ معاشی فائدہ حاصل کیا جاسکے اور ملک میں صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔

 پاکستان ایسی طویل المدتی شراکت داریوں کو فروغ دینا چاہتا ہے جو ملک اور اس کے بین الاقوامی شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنیں، اس مقصد کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے اور سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔فیلڈ مارشل کا پاکستانی عوام کی صلاحیتوں اور عزم کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں اور ان میں اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ہمارے قدرتی وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ ان مواقع کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے پاکستانی عوام کی محنت، صلاحیت اور عزم بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو اب صلاحیت سے پیداوار، وعدوں سے عملی اقدامات اور خام معدنیات کی برآمد سے ویلیو ایڈڈ معاشی ترقی کی جانب پیش رفت کرنا ہوگی۔معدنی شعبے کی ترقی کو قومی معیشت کے استحکام، صنعتی فروغ اور عوامی خوشحالی کا ذریعہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ 

ان کہنا تھا کہ پاکستان کو معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش اور مسابقتی منزل بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔ اس ہدف کے حصول کے لیے کان کنی کے پورے نظام، کانوں اور کان کنوں کو مکمل سکیورٹی اور تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ عاصم منیر نے کہا کہ ملکی معدنی دولت کو مؤثر بنا کر طویل مدتی شراکت داری کے ذریعے پائیدار معاشی ترقی کی راہ ہموار کی جائے گی۔ مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا مقصد محض خام مال کی برآمد تک محدود نہیں بلکہ ملک کے اندر ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ کی مکمل ویلیو چین تعمیر کی جائے گی۔

معاشی خود انحصاری کے لیے خام برآمدات کے بجائے ویلیو ایڈڈ ترقی کی طرف بڑھنا ناگزیر ہے اور اس کے لیے محض وعدوں کے بجائے عملی اقدامات کی جانب سفر کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ معدنی ترقی کے ثمرات براہِ راست مقامی آبادیوں تک پہنچنے چاہئیں تاکہ ان علاقوں کے مکینوں کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئے۔ کیونکہ پاکستانی عوام محنتی، دلیر اور اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار اور محفوظ ماحول کی فراہمی سے معدنی شعبے میں نئے مواقع پیدا ہوں گے جو ملکی معیشت کے استحکام اور طویل مدتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔