فنونِ لطیفہ کا گلا گھونٹ کر معاشرے کو مہذب نہیں بنایا جا سکتا

کسی بھی معاشرے کی تہذیب، برداشت، فکری آزادی اور زندہ دلی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہاں ادب، فنونِ لطیفہ، موسیقی، تھیٹر اور اظہارِ رائے کو کتنی آزادی حاصل ہے۔ جس معاشرے میں لوگ ہنس سکتے ہوں، سوال اٹھا سکتے ہوں، اپنے جذبات کا اظہار کر سکتے ہوں اور اپنے اردگرد ہونے والی ناانصافیوں پر طنز و مزاح کے ذریعے تنقید کر سکتے ہوں، وہاں زندگی کی رمق باقی رہتی ہے۔

لیکن جہاں ہر تخلیقی سرگرمی کو سرکاری اجازت، نگرانی اور سنسر شپ کے کڑے پہرے میں جکڑ دیا جائے، وہاں رفتہ رفتہ خاموشی تو جنم لے سکتی ہے، تہذیب اور تخلیقی صلاحیت نہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اسٹیج ڈراموں اور تھیٹر کی نگرانی سخت کرنے کے لیے پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز بل 2026 کی منظوری کا معاملہ بھی اسی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و ثقافت اس مجوزہ بل کی منظوری دے چکی ہے تاہم اسے قانون بننے کے لیے پنجاب اسمبلی سے منظوری درکار ہے۔ بظاہر اس قانون کا مقصد تھیٹر میں فحاشی، غیر اخلاقی مواد اور غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں کی روک تھام بتایا جا رہا ہے۔ لیکن اس کے مجوزہ طریقہ کار نے فنکاروں، ڈرامہ نگاروں، ہدایت کاروں اور ثقافتی حلقوں میں سنجیدہ سوالات پیدا کر دیے ہیں۔

مجوزہ بل کے مطابق کسی بھی عوامی مقام پر ڈرامہ یا تھیٹر پیش کرنے کے لیے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سیکرٹری سے لائسنس لینا ہوگا، جس کی فیس 25 ہزار روپے تجویز کی گئی ہے۔ ہر ڈرامے کا اسکرپٹ کم از کم پندرہ روز پہلے جمع کرانا ہوگا، جس کی جانچ اور منظوری کے لیے 35 ہزار روپے فیس رکھی گئی ہے۔ فنکاروں کے ساتھ میک اپ آرٹسٹ، کاسٹیوم ڈیزائنرز، کوریوگرافرز، پروڈیوسرز اور دیگر متعلقہ افراد کی رجسٹریشن بھی لازمی ہوگی، جبکہ رجسٹریشن فیس 10 ہزار روپے تجویز کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ریہرسل کی پیشگی منظوری، پرفارمنس کی نگرانی اور ریکارڈنگ محفوظ رکھنے کی شرائط بھی شامل ہیں۔ خلاف ورزی پر جرمانے، لائسنس کی منسوخی، مقام کو سیل کرنے اور چھ ماہ تک قید سمیت دس لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا تجویز کی گئی ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ کیا تھیٹر کی اصلاح کا یہی واحد راستہ ہے؟ کیا فنکاروں کو رجسٹریشن، اسکرپٹ کی پیشگی منظوری اور سرکاری نگرانی کے کئی مراحل سے گزار کر ہم بہتر فن اور بہتر معاشرہ تخلیق کر سکیں گے؟ دنیا بھر میں تھیٹر اور فنونِ لطیفہ کے لیے قوانین موجود ہیں۔ ہر معاشرے نے اپنی تہذیبی، قانونی اور سماجی ضروریات کے مطابق ضابطے بنائے ہیں، لیکن ترقی یافتہ معاشروں کا بنیادی سبق یہ ہے کہ فنکارانہ آزادی اور قانونی جواب دہی میں توازن قائم رکھا جائے، نہ کہ ہر تخلیقی اظہار کو ریاستی منظوری کا پابند بنا دیا جائے۔ اس کی ایک بڑی مثال برطانیہ ہے۔ وہاں 1968 کے تھیٹرز ایکٹ کے ذریعے تھیٹر کی سرکاری سنسرشپ ختم کر دی گئی تھی۔ اس قانون نے تھیٹر پر پیشگی سنسرشپ کا نظام ختم کرتے ہوئے فحش پرفارمنس، ہتکِ عزت اور اشتعال انگیزی جیسے معاملات کے لیے عمومی قانون کے تحت کارروائی کی گنجائش برقرار رکھی۔ یعنی وہاں اصلاح کا راستہ تخلیقی آزادی کو ختم کرنا نہیں بلکہ قانون کی حدود میں ذمہ داری کا تعین کرنا تھا۔

جرمنی کے آئین کا آرٹیکل 5 بھی اس حوالے سے قابلِ توجہ ہے، جس میں اظہارِ رائے کے ساتھ فنون اور سائنس کی آزادی کو تسلیم کیا گیا ہے اور سنسرشپ کی ممانعت کی گئی ہے۔ البتہ بچوں کے تحفظ، عمومی قوانین اور دوسروں کی عزت و حقوق کے حوالے سے قانونی حدود بھی موجود ہیں۔ اسی طرح یونیسکو نے 1980 کی اپنی سفارشات میں فنکار کی آزادیِ اظہار، پیشہ ورانہ حیثیت اور معاشرے میں اس کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے رکن ممالک کو فنکاروں کے لیے بہتر حالات پیدا کرنے کی تلقین کی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ فنکار قانون سے بالاتر ہیں یا تھیٹر میں ہر قسم کے مواد کی اجازت ہونی چاہیے۔ فحاشی، ہتکِ عزت، نفرت انگیزی، کسی کی تضحیک اور تشدد پر اکسانے جیسے معاملات پر قانون کے مطابق کارروائی ضرور ہونی چاہیے، لیکن اس کے لیے واضح، غیر مبہم اور غیر جانبدارانہ ضابطے درکار ہیں۔ ایسا نظام نہیں ہونا چاہیے جس میں کسی افسر کی پسند، ناپسند یا ذاتی سوچ یہ طے کرے کہ فنکار کیا لکھے گا، کیا بولے گا اور اسٹیج پر کیا دکھائے گا۔

یہاں ایک بنیادی سوال بھی ہے کہ کیا کسی ڈرامے کا اصل پیغام اس کے اسکرپٹ سے ہی متعین ہو سکتا ہے؟ تھیٹر ایک زندہ فن ہے۔ اس میں موقع محل کے مطابق مکالمے، اداکاری، طنز، مزاح اور سامعین کے ردعمل کی بڑی اہمیت ہوتی ہے۔ اگر فنکار کو پندرہ روز پہلے اپنا ہر مکالمہ جمع کرا کے اس کی منظوری حاصل کرنا پڑے تو تخلیقی عمل کس طرح آزاد رہ سکے گا؟ کیا پھر ہر فنکار پہلے سرکاری کمیٹی کی توقعات کے مطابق لکھے گا اور بعد میں اپنے فن کا اظہار کرے گا؟
مزید تشویش کی بات یہ ہے کہ اس قانون کے دائرے میں صرف روایتی اسٹیج ڈرامہ ہی نہیں بلکہ موسیقی، ثقافتی شوز اور دیگر عوامی فنکارانہ سرگرمیاں بھی آ سکتی ہیں۔ یوں ایک طرف فنکاروں کے لیے مالی اور انتظامی مشکلات بڑھیں گی تو دوسری طرف چھوٹے تھیٹر گروپس، نئے لکھاریوں اور نوجوان فنکاروں کے لیے میدان میں آنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔ فنونِ لطیفہ پہلے ہی مالی سرپرستی، مناسب سہولتوں اور عوامی توجہ کی کمی کا شکار ہیں۔ ایسے میں بھاری فیسوں اور پیچیدہ اجازت ناموں کا نظام ان کی حوصلہ شکنی ہی کرے گا۔
ہمیں یہ بھی نہیں بھولنا چاہیے کہ پنجاب کا تھیٹر کبھی ہمارے معاشرے کا ایک زندہ اور توانا حوالہ رہا ہے۔ اسٹیج پر مزاح کے ذریعے سماجی رویوں، سیاسی تضادات، طبقاتی فرق، ناانصافیوں اور روزمرہ مسائل کو موضوع بنایا جاتا رہا ہے۔ تھیٹر صرف تفریح نہیں بلکہ معاشرے کا آئینہ بھی ہوتا ہے۔ اگر اس آئینے میں دکھائی دینے والا چہرہ ہمیں پسند نہیں آتا تو آئینہ توڑنے کے بجائے اپنی اصلاح کرنی چاہیے۔

آج ہمارے معاشرے میں پہلے ہی بے پناہ گھٹن، بے روزگاری، معاشی دباؤ، عدم برداشت اور ذہنی تناؤ موجود ہے۔ ہر طرف مسائل ہیں، لوگ پریشان ہیں، نوجوان مستقبل کے بارے میں غیر یقینی کا شکار ہیں۔ ایسے ماحول میں تفریح، مزاح، موسیقی، ادب اور ثقافتی سرگرمیاں محض وقت گزاری نہیں بلکہ انسانی زندگی کی اہم ضرورت ہیں۔ لوگ ہنسنا چاہتے ہیں، اپنے جذبات کا اظہار کرنا چاہتے ہیں، کچھ دیر کے لیے روزمرہ پریشانیوں سے نکلنا چاہتے ہیں۔ اگر ہم ان کے لیے موجود محدود ثقافتی مواقع بھی ختم کرنے لگیں گے تو معاشرے میں گھٹن اور فرسٹریشن میں اضافہ ہوگا۔ ہمیں تاریخ سے بھی سبق سیکھنا چاہیے۔ ضیاالحق کے دور میں فنونِ لطیفہ، موسیقی، تھیٹر اور اظہارِ رائے پر جو قدغنیں لگائی گئیں، ان کے اثرات آج بھی مختلف صورتوں میں محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ پابندیاں معاشرے میں فکری وسعت پیدا نہیں کرتیں بلکہ اکثر دوہرے معیار، خوف اور منافقت کو جنم دیتی ہیں۔ کسی خیال کو دبانے سے وہ ختم نہیں ہوتا، بلکہ بعض اوقات مزید شدت کے ساتھ سامنے آتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف صاحبہ کی حکومت کے کئی اقدامات ایسے ہیں جنہیں عوامی سطح پر سراہا بھی جاتا ہے۔ ان کی جانب سے ایک جدید، ترقی پسند اور عدم برداشت سے پاک پنجاب کا تصور پیش کیا جاتا ہے۔ ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ ان کے وژن کے برعکس یہ تجاویز کس سوچ کے تحت سامنے آ رہی ہیں؟ کیا وزیراعلیٰ کو ان کے مشیروں نے اس قانون کے ممکنہ سماجی، ثقافتی اور معاشی اثرات سے پوری طرح آگاہ کیا ہے؟ کیا اس بل کی تیاری میں فنکاروں، ڈرامہ نگاروں، تھیٹر مالکان، ادیبوں اور ثقافتی تنظیموں سے بامعنی مشاورت کی گئی ہے؟ کسی قانون کے پیچھے کارفرما سوچ کا نفسیاتی اور سماجی جائزہ لینا بھی ضروری ہے، لیکن اختلاف کرنے والوں کو ذہنی مریض قرار دینا مسئلے کا حل نہیں۔ اصل ضرورت یہ ہے کہ قانون بنانے والوں کی سوچ، ترجیحات اور مجوزہ پابندیوں کے اثرات کا غیر جانب دارانہ تجزیہ کیا جائے۔ ریاست کا کام شہریوں کی سوچ کو ایک ہی سانچے میں ڈھالنا نہیں بلکہ مختلف خیالات اور ثقافتی رنگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔

ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ فنکاروں، ادیبوں اور لکھاریوں کو کسی ایک رنگ کی ٹوپی نہیں پہنائی جا سکتی۔ تخلیق کی خوبصورتی ہی تنوع میں ہے۔ ہر فنکار کا اپنا انداز، اپنا نقطۂ نظر اور اظہار کا اپنا طریقہ ہوتا ہے۔ کوئی طنز کے ذریعے بات کرتا ہے، کوئی مزاح کے ذریعے، کوئی سنجیدہ مکالمے سے اور کوئی علامتوں اور استعاروں کے ذریعے معاشرے کو سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔ اگر سب کو ایک ہی سرکاری پیمانے پر پرکھا جائے گا تو پھر فن نہیں، صرف سرکاری پسند و ناپسند باقی رہ جائے گی۔ میری رائے میں حکومت کو اس مجوزہ بل پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ اگر مقصد واقعی تھیٹر کی اصلاح ہے تو فنکاروں اور متعلقہ تنظیموں کی مشاورت سے ایک شفاف اور متوازن نظام بنایا جائے۔ فحاشی اور استحصال کی واضح تعریف کی جائے، شکایات کے ازالے کے لیے آزاد اور غیر جانب دار کمیٹی قائم ہو، کسی بھی پابندی سے پہلے متعلقہ فنکار کو مؤقف پیش کرنے کا حق دیا جائے، اور اپیل کا مؤثر عدالتی راستہ موجود ہو۔ اس کے ساتھ تھیٹر کی بحالی، نئے لکھاریوں کی حوصلہ افزائی، نوجوان فنکاروں کی تربیت اور ثقافتی سرگرمیوں کے لیے سرکاری سرپرستی بھی فراہم کی جائے۔

عوام کو بھی فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے کہ وہ کیا دیکھنا چاہتے ہیں اور کیا نہیں۔ البتہ بچوں کے تحفظ، قانونی حدود اور دوسروں کے حقوق کو یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ اس توازن کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی شعور اور تنقیدی صلاحیت پر اعتماد کرنا ہوگا۔ آخر میں حکومت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ معاشرے صرف سڑکوں، پلوں، عمارتوں اور منصوبوں سے ترقی نہیں کرتے۔ ان کی اصل ترقی انسان کے ذہن، سوچ، برداشت اور تخلیقی صلاحیت میں ہوتی ہے۔ فنونِ لطیفہ کے بغیر معاشرے فکری طور پر بانجھ ہو جاتے ہیں۔ جو معاشرہ اپنے فنکاروں سے خوفزدہ ہو جائے، وہ اپنے مستقبل کے تخلیقی امکانات خود محدود کر لیتا ہے۔

شخصیات نہیں، سوچ اور نظام بدلیں۔ فنکاروں کا گلا گھونٹ کر تہذیب پیدا نہیں کی جا سکتی۔ ہمیں ایک ایسا پنجاب چاہیے جہاں قانون بھی ہو، اخلاقیات بھی، اختلاف کی گنجائش بھی، قہقہوں کی آواز بھی اور فنکار کو اپنے فن کے اظہار کی آزادی بھی۔ کیونکہ زندہ معاشرے پابندیوں سے نہیں، برداشت، مکالمے اور تخلیق سے جنم لیتے ہیں۔