حلوہ، میٹھے کے بغیر

سیاسی جماعتوں کے بغیر سیاست ایسے ہی ہے جیسے میٹھے کے بغیر حلوہ۔پہلے ایک لطیفہ سن لیجیے۔ اس کا انتساب پیر نصیر الدین صاحب نصیرؔ کی طرف کیا جاتا ہے۔ پیر صاحب بہت خوش طبع آدمی تھے۔ یوٹیوب پر ان کی تقاریر پڑی ہیں۔ بزلہ سنجی اور بے تکلفی کا امتزاج۔ موسیقی سے بھی شغف تھا۔

ہارمونیم اچھا بجاتے تھے۔ مجالس میں ان کی خوش گفتاری معروف تھی۔ راوی کا بیان ہے کہ ایک مرتبہ برطانیہ میں ان کے کسی مریدنے انہیں دعوت پر بلایاجس میں پیر صاحب کو حلوہ پیش کیا گیا۔ مرید کوخبر تھی کہ حضرت ذیابیطس کے مریض ہیں۔ کہا:  ’پیر صاحب! اس حلوے میں میٹھا (شوگر) نہیں ہے‘۔ یاد رہے عربی زبان میں  ’حلوہ‘ کا مطلب  ’میٹھا‘ ہوتا ہے۔ پیر صاحب نے برجستہ جواب دیا۔  ’یہ ایسے ہی ہے جیسے کوئی انسان ہو مگر اس میں انسانیت نہ ہو‘۔

سیاسی جماعتوں کے بغیر سیاست کا معاملہ بھی اس انسان کی طرح ہے جو انسانیت سے تہی دامن ہو۔ سیاست ایک سماجی عمل ہے۔ اس عمل کو جو ادارے منظم کرتے اور اسے بے لگام ہونے سے روکتے ہیں، سیاسی جماعتیں اُن میں سرفہرست ہیں۔ یہ جماعتیں وہی کام کرتی ہیں جو خاندان کرتا ہے۔ خاندان انسان کی جنسی و سماجی جبلتوں کو ایک نظم کے تابع رکھتا ہے اور سیاسی جماعتیں طاقت و اختیار کی جبلت کو۔ سیاست اگر منظم نہ ہو تو سماج میں انارکی پھیلتی ہے۔ سیاسی جماعتیں افراد کے سیاسی آدرش اور مطالبات کو آداب کا پابند بناتی ہیں۔ ایک سماج کے سیاسی رجحانات اور مطالبات میں تنوع ہوتا ہے۔ اس لیے سیاسی جماعتیں بھی ایک سے زیادہ ہوتی ہیں۔ یہ جمہوری معاشرے کی ناگزیر ضرورت ہے۔ آمریت یا جبرکا معاملہ الگ ہے‘ ورنہ جہاں سیاست فطری انداز میں آگے بڑھتی ہے وہاں سیاسی جماعتیں ناگزیر ہوتی ہیں۔

پاکستان کی سیاست اگر بے ترتیب اور پراگندہ ہے تو اس کا بڑا سبب سیاسی جماعتوں کا نہ ہونا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے نام سے اس وقت جو گروہ پائے جاتے ہیں، ان کو سیاسی جماعت قرار دینا مشکل ہے۔ ان کا کوئی نصب العین ہے اور نہ کوئی تنظیم۔ ان کی کمزوریوں کی قیمت عوام ادا کر رہے ہیں اور ریاست بھی۔ ملک میں سیاسی عمل معطل ہے اور ہائبرڈ نظام نے اس کو کسی حد تک سہارا دے رکھا ہے۔ سیاسی جماعتوں کی اس غیر فعالیت کا مداوا از بس ضروری ہے۔ یہ پریشانی کی بات ہے کہ سیاسی راہنماؤں اور ریاست کے ذمہ داروں میں سے کسی نے اس جانب توجہ نہیں دی۔ ہمارے ریاستی اداروں کا رجحان ہمیشہ یہ رہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کا متبادل تلاش کیا جائے۔ سیاسی جماعتوں کو مسئلے کے حل کے بجائے‘ مسئلے کا سبب سمجھا گیا ہے۔ یہ سلسلہ ایوب خان مرحوم سے شروع ہوا۔ غیر سیاسی حکومتوں اور اداروں نے سیاسی جماعتوں کو کالعدم قرار دینے کی کوشش کی۔ مثال کے طور پر جنرل ضیا الحق صاحب نے یہ چاہا کہ مجلس شوریٰ کی تشکیل سے لے کر انتخابات تک، ہر سیاسی سرگرمی غیر جماعتی ہو۔ دوسری صورت یہ اختیار کی گئی کہ ریاست کی چھتری تلے،سیاسی کلوننگ سے سیاسی جماعتیں پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ طریقہ کار تبدیل ہوتا رہا لیکن بنیادی سوچ وہی رہی کہ سیاست ہو مگرسیاسی جماعتوں کے بغیر۔ وہی، حلوہ تو ہو مگر میٹھا نہ ہو۔

یہ واقعہ ہے کہ ملک پر جب مشکل وقت آیا، سیاسی جماعتوں نے اسے بھنور سے نکالنے کی کوشش کی۔ مشرقی پاکستان الگ ہوا تو مغربی پاکستان کو مایوسی سے نکالنا اور امید کا پرچم لہرانا ضروری تھا۔ یہ کام سیاسی جماعتوں نے کیا۔ ایک ڈیڑھ برس کے عرصے میں قوم کو متفقہ آئین دیا اور یوں قومی یکجہتی کا ایک نیا سفر شروع ہوا۔ ذوالفقار علی بھٹو صاحب کو جب پھانسی دی گئی تو بینظیر بھٹو نے سندھ کو فوج کے ساتھ تصادم کی طرف بڑھنے نہیں دیا۔ یہی خدمت آصف زرداری صاحب نے سرانجام دی جب بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا۔ آج ریاست کو داخلی سطح پر جس چیلنج کا سامنا ہے،ان سے نمٹنے کا واحد راستہ فطری سیاست کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ یہ کام سیاسی جماعتوں کو مضبوط بنانے سے ہو گا۔ افسوس کہ ریاست کی سطح پر اس سوچ کو پذیرائی نہیں مل رہی۔ دوسری طرف سیاسی جماعتوں کا معاملہ یہ ہے کہ انہوں نے اپنی اہمیت کو سمجھا اورنہ کبھی اپنی تعمیر پر کوئی توجہ دی۔ ماضی میں جو تگ ودو ہوئی، وہ ایک خاندان یا چند مخصوص عناصر کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے تک محدود رہی۔ اس مقصد کیلئے ریاست کے ساتھ معاملات کیے گئے اور وسیع تر قومی مفاد کو نظر انداز کیا گیا۔

 ماضی میں اس کی واحد مثال 2013 میں دکھائی دی جب نواز شریف صاحب نے ایک قومی ایجنڈے پر تمام سیاسی قوتوں کو جمع کرنے کی کامیاب کوشش کی۔ وہ شاید پاکستان کی تاریخ کا واحد دور تھا جب تمام قابلِ ذکر سیاسی و قومی جماعتیں جن پر کسی بھی درجے میں عوامی اعتماد تھا، سسٹم کا حصہ بن گئی تھیں۔ ملک سیاسی و معاشی استحکام کی طرف چل نکلا تھا۔ صد افسوس کہ اس مرحلے پر پھر مداخلت ہوئی۔ دھرنا سیاست نے ملک کو پھر ایک نئے بحران کی نذر کر دیا۔ ڈوری کسی اور نے ہلائی مگر کٹھ پتلی یہی سیاستدان بنے۔ اگر یہ اپنے مقام کو جانتے اور اپنی حیثیت کو قبول کرتے تو کبھی یہ کردار ادا نہ کرتے اور نہ اس تکلیف دہ صورتِ حال سے دوچار ہوتے۔

ان دنوں ایک بار پھر قوم کو درپیش سیاسی وانتظامی مسائل کا ایسا حل تلاش کیا جا رہا ہے، سیاسی جماعتیں فی الجملہ جس کی تائید نہیں کرتیں۔ مسئلہ یہ نہیں کہ ان کا مؤقف درست ہے یا غلط۔ سوال یہ ہے کہ جن کو سیاسی عصیبت حاصل ہے، ان کو نظر انداز کرکے عوام پر کوئی حل مسلط نہیں کیا جا سکتا۔ ایٹمی دھماکوں کے بعد، نواز شریف صاحب مقبولیت کی معراج پر تھے۔ انہوں نے اس موقع کا فائدہ اٹھانا چاہا اور کالا باغ ڈیم بنانے کا اعلان کر دیا۔ مقبولیت کے باوجود انہیں یہ فیصلہ واپس لینا پڑا کہ سندھ اور صوبہ سرحد کی سیاسی قیادت نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔ ایٹمی دھماکوں سے جو قومی وحدت پیدا ہوئی،اسے یہ فیصلہ سبوتاژ کر سکتا تھا، اگر اس پر اصرار کیا جاتا۔ اسی طرح ریفرنڈم بھی سیاسی جماعتوں کے بغیر نہیں ہو سکتا۔ اگر ہو گا تو جنرل ضیا الحق صاحب وا لا ہی ہو گا۔

سیاسی استحکام، عوام کی تائید ہی سے آتا ہے۔ عوام کی نمائندگی، سیاسی جماعتیں کرتی ہیں۔ اگر وہ منظم ہوں گی تو ان کا کردار مثبت ہو گا۔ اگر نہیں ہوں گی یا گروہی مفادات کی اسیر ہوں گی تو برا ہو گا۔ اگر ان کا متبادل تلاش کرنے کی کوشش کی جائے گی تو اس کی کامیابی کا کوئی امکان نہیں۔ اس حقیقت کا ادراک ریاست اور سیاستی جماعتوں،دونوں کو کرنا ہو گا۔ ریاست کا کام یہ ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں کو کام کرنے کیلئے آزادانہ اور سازگار ماحول فراہم کرے۔ سیاسی جماعتوں کا کام ہے کہ وہ خود کو منظم کریں۔ عوام کو شریکِ مشاورت کریں۔ کسی نصب العین کو پیشِ نظر رکھیں۔ کسی ایک فرد یا خاندان کے مفادات کے حصول کو مقصد نہ بنائیں۔ عوام کے سیاسی شعور کے اظہار کیلئے سماج کو ایک فورم دیں۔

سیاسی جماعتیں اگر اس طرح بانجھ رہیں اور ریاست نے سیاسی جماعتوں کے بغیر سیاسی مسائل حل کرنے کی کوشش کی تو یاد رکھیں جس طرح میٹھے کے بغیر حلوہ،  حلوہ نہیں بن سکتا، اسی طرح سیاسی جماعتوں کے بغیر سیاست بھی نہیں ہو سکتی۔

(بشکریہ: روزنامہ دنیا)