کتبے
- تحریر سہیل وڑائچ
- ہفتہ 14 / نومبر / 2026
سید ضمیر جعفری نے انگریزی کے ایک مزاحیہ شاعر کی ان مختصر نظموں کو اردو میں ترجمہ کیا ہے جو اس نے مختلف لوگوں کی قبروں پر بطور کتبہ تخلیق کی ہیں۔ مثلاً ایک بیوی کی قبر کیلئے اس نے یہ کتبہ تجویز کیا ہے:
میری بیوی قبر میں لیٹی ہے، جس ہنگام سے میں بھی ہوں، آرام سے اور وہ بھی ہے۔ آرام سے لارڈ کلائیو کی قبر کیلئے اس نے یہ کتبہ منتخب کیا ہے۔’کلائیو کی یہ بات آئی پسند کہ وہ مر گیا‘۔
تا ہم مغرب والے اپنے مرحومین کے ساتھ اس درجہ بے تکلف ہونا ’افورڈ‘ کر سکتے ہیں جب کہ ہم مشرقی لوگ اس ضمن میں بہت محتاط ہوتے ہیں۔ چنانچہ ہم بہت سنجیدگی سے اپنے مرحومین کی قبروں کے کتبے تیار کراتے ہیں اور اس امر کا خاص خیال رکھتے ہیں کہ قبرستان سے گزرنے والوں یا فاتحہ خوانی کے لیے آنے والوں پر مرحوم کی اس درجہ دہشت طاری کر دی جائے کہ وہ کتبہ دیکھ کر ’با ادب با ملا حظہ، ہوشیار‘ کی تصویر بن جائیں۔ چنانچہ آپ نے بہت سی قبروں پر مرحوم کے نام کے ساتھ اس کی ڈگریاں لکھی دیکھی ہوں گی اور وہ عہدہ بھی جس پریا جس کے لیے مرحوم نے وفات پائی۔ ہم نے ایک قبر، جس کے آگے ایک خوبصورت سا باغیچہ تھا اور جس میں تازہ ہوا کے لیے روشن دان بنائے گئے تھے، کے کتبے پر تو ڈگریوں اور مناصب کی وہ بہار دیکھی کہ کچھ کنفیوژ سے ہو گئے اور صحیح اندازہ نہ ہوا کہ یہ کتبہ ہے یا اس جدید طرز تعمیر کی حامل انڈر گراؤنڈ ’کا ٹیج‘ کی نیم پلیٹ ہے؟
ویسے یہ سطور لکھتے ہوئے ہمیں خیال آیا ہے کہ آج سے ہزاروں سال پہلے کا انسان تو مرنے کے بعد کتبے وغیرہ کی نعمت سے محروم ہی رہ جاتا ہوگا۔ کیوں کہ اس بچارے کا تو نہ کہیں جنازہ اٹھتا تھا اور نہ کہیں مزار ہوتا تھا۔ وہ سردی سے ٹھٹھر کر مر جاتا تھا اور جنگلی جانور اس کی ہڈیاں تک چبا جاتے تھے۔ بلکہ اس کا تو رہنا بھی ایک مسلسل امتحان تھا۔ کیونکہ اسے کھانے پینے کی نت نئی اشیا ’ایجاد‘ کرنے اور اپنی ضرورتوں اور آسائشوں کیلئے جدو جہد کرتےہوئے خاصے کٹھن مراحل سے گزرنا پڑتا تھا۔
بہرحال اگر آج سے ہزاروں برس پہلے کے انسان کو پورے کپڑوں میں بیمار ہونے اور پورے علاج معالجے کے بعد مرنے کی سہولت حاصل ہوتی۔ بلکہ مزید یہ کہ اسے مکمل اعزاز کے ساتھ دفن ہونے اور پھر قبر پر کتبہ لگانے کے موقع میسر آتے تو ان قبروں پر خاصے انوکھے کتبے پرھنے کو ملتے۔ اور ظاہر ہے آج سے ہزاروں سال پہلے کے معاشرے میں بھی سائنس دان، حاکم، طبیب، دانشور، سیاست دان، ادیب اور علما وغیرہ بھی اپنی ابتدائی شکل میں موجود ہوں گے۔ سو اس معاشرے میں اگر قبروں پر کتبے لکھنے کی ’سہولت ‘ موجود ہوتی تو ان کی قبروں پر ہم آج کچھ اس طرح کے کتبے لکھے دیکھتے:
سائنس دان
چاند کے بارے میں تحقیقات کرتے ہوئے ایک روز اچانک اسے ایک گہری جھیل میں چاند نظر آیا۔ اس نے فوراً جھیل میں چھلانگ لگا دی اور فوت ہو گیا۔ مرحوم چاند تک رسائی حاصل کرنے والے پہلے انسان تھے۔
حاکم
اس نے اپنے ایک مخالف کو ’فکس اپ‘ کرنے کے لیے غار کے دہانے پر ایک بڑا پتھر رکھ دیا جس میں وہ مخالف رہتا تھا۔ مگر ایک روز ادھر سے گزرتے ہوئے خود ہی اس پتھر کے نیچے دب کر ہلاک ہو گیا۔
سیاست دان
مردار گوشت کی تقسیم پر جھگڑا ہوا اور ایک نو کیلا پتھر لگنے سے وفات پائی۔ اس کی وفات پر ایک بار پھر گوشت کی تقسیم کا مسئلہ اٹھا، جسے پرامن طریقے سے حل کر لیا گیا!
عالم
اس نے ایک تقریر میں کہا کہ زلزلے ان گنہگاروں کی وجہ سے آرہے ہیں جو ہمارے درمیان موجود ہیں اور جن کا ظاہر باطن ایک نہیں ہے۔ اگر ہم ان لوگوں سے نجات حاصل کرلیں تو زلزلوں کا سلسلہ رک سکتا ہے۔ دورانِ تقریر ایک زلزلہ آیا اور وہ ایک چٹان کے نیچے دب کر ہلاک ہو گیا۔ اس کی وفات کے بعد زلزلوں کا سلسلہ رک گیا۔
شاعر
اس نے اپنی محبوبہ سے کہا میں تم سے بے پناہ محبت کرتا ہوں۔ یقین نہیں آتا تو میرا دل چیر کر دیکھ لو۔ محبوبہ نے فوراً اس کا دل چیر کر دیکھا جس میں اس قسم کی کوئی چیز دکھائی نہ دی۔ تاہم موصوف اس عمل کے دوران انتقال کر گئے۔
طبیب
ایک دفعہ بیمار پڑنے پرآپ نے اپنا علاج خود کیا اور فوری وفات پائی۔
(بشکریہ: روزنامہ جنگ)