چہ قیامتے کہ نمی رسی
- تحریر وجاہت مسعود
- ہفتہ 14 / نومبر / 2026
ہمارے مہربان پرچہ نویسوں نے تاریخ پر حسب منشا کاشی کاری کا خوب ڈھنگ دریافت کیا ہے۔ ایک جملہ اٹھا کے اسے آدھا سچ قرار دے دیا اور پھر اس پر کسی عالی مرتبت ہستی کی آڑ لے کر ایسی گرہ لگائی کہ اصل قضیہ پاکستان میں ’منظور شدہ‘ تاریخ نویسی کی بھٹی سے نکلی نانک شاہی اینٹوں میں اوجھل ہو گیا۔ اور اس خوبی سے کہ ’ہم تو مرشد تھے تم ولی نکلے‘۔
اس ضمن میں زیادہ تیر بہدف نسخہ تو ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی پناہ لینا ہے لیکن موقع محل کی مناسبت سے 1947 کے آتش فشاں سے برآمدہ دیگر ظروف سے بھی کام چلایا جا سکتا ہے۔ خیر اگر کسی محب صادق کی دل آسائی کا ساماں اسی میں ہے تو سودا خسارے کا نہیں۔ اس کج مج بیاں نے عرض کی تھی کہ روزنامہ انقلاب یونینسٹ پارٹی کا حامی بلکہ ترجمان سمجھا جاتا تھا۔ یہ ایسی کون سی نادر تاریخی تحقیق ہے۔ سامنے کی بات ہے۔ بیسویں صدی کے پہلے نصف میں پنجاب کی سیاست روہتک کے جاٹ سر چھوٹو رام اور شمالی پنجاب کے راجپوت سر فضل حسین کے گرد گھومتی تھی۔ پنجاب کے مسلمانوں میں فروغ تعلیم اور سرکاری ملازمتوں میں کوٹے کیلئے سر فضل حسین کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ پنجاب میں مذہبی تنوع کے پیش نظر یونینسٹ پارٹی مسلم، ہندو اور سکھ زمینداروں کی جماعت تھی۔
پنجاب مسلم لیگ علامہ اقبال، ملک برکت علی، غلام رسول خان اور پیر تاج الدین جیسے شہری تعلیم یافتہ صاحبان کے کندھوں پر دھری تھی۔ پنجاب تعلیم، سیاسی شعور اور ملازمتوں میں پچھڑا ہوا صوبہ تھا جہاں غریب مسلمان کاشتکار ہندو ساہوکاروں کے شکنجے میں تھے۔ یونینسٹ پارٹی نے 1934 اور 1936 میں قانون سازی کے ذریعے مقروض کاشتکاروں کو سود خور بنیوں کے استبداد سے نجات دلائی۔ روزنامہ انقلاب کی صحافتی پالیسی کا تجزیہ مقصود ہو تو بات محض عبد المجید سالک صاحب پر نہیں رکے گی۔ اس کے لیے کچھ پیچھے جانا پڑے گا۔
دسمبر 1925 میں ابن سعود نے حجاز پر قبضہ کر کے اپنی بادشاہت کا اعلان کر دیا ۔ وہاں سے آنے والی اطلاعات کے مطابق ابن سعود کے کارندوں نے مسجد نبوی کے استثنیٰ کے ساتھ متعدد مقدس ہستیوں کی آخری آرام گاہیں مسمار کر دیں۔ ان خبرو ں سے تحریک خلافت کے علمبردار ہندوستانی مسلمانوں میں اضطراب کی لہر دوڑ گئی۔ فیصلہ ہوا کہ مولانا سید سلیمان ندوی کی صدارت میں ایک وفد جلد از جلد حجاز بھیجا جائے جو ابن سعود سے گفت و شنید کرکے اسے موتمر اسلامی کی ثالثی پر آمادہ کرے ۔ مجوزہ وفد میں مولانا محمد عرفان، مولانا ظفر علی خاں، سید خورشید حسین ، مولانا عبدالماجد دریابادی اور شعیب قریشی کے نام شامل تھے ۔ سلیمان ندوی علیل تھے۔ عبدالماجد دریابادی اور سید حفیظ حسین بھی وفد کے ہمراہ نہ جا سکے۔ باقی تین ارکان حجاز کیلئے روانہ ہو گئے۔ سلطان ابن سعود نے 3نومبر 1924 کو خلافت کمیٹی کو تار بھیج کر اپنے نمائندے مکہ بھیجنے کی دعوت دی تھی۔ حجاز پہنچنے پر وفد کو 8 جنوری 1925 کی صبح اطلاع ملی کہ آج حجاز کے معتمدمین اور شیوخ قبائل نماز جمعہ کے بعد ابن سعود کے ہاتھ پر بیعت کریں گے۔
مولانا ظفر علی خان ابن سعود سے ملاقات چاہتے تھے لیکن شعیب صاحب کا خیال تھا کہ فی الواقع یہ بیعت جبراً تھی چنانچہ انہوں نے ابن سعود کی فرستادہ گاڑی میں بیٹھنے سے انکار کر دیا۔ ظفر علی خان نے ابن سعود سے تنہا ملاقات کی اور ہندوستان واپسی پر اپنی الگ رپورٹ خلافت کمیٹی کو پیش کی ۔ چند جملے ملاحظہ ہوں۔ ’خالص دینی زاویہ نگاہ سے عبدالعزیز سعود میرے نزدیک دنیائے اسلام کا بہترین فرد ہے۔ اس کی ملوکیت محض نام کی ملوکیت ہے۔ وہ بیک وقت ایک روشن ضمیر مدبر، ایک اولوالعزم جرنیل، خدا کا سپاہی، معاملہ فہم فرماں روا، پرجوش مذہبی واعظ، دشمنوں سے نرمی کا برتاؤ کرنے والا انسان اور ملک و قوم کا سچا خادم ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اس کی ذات عرب کے لیے بالعموم اور حجاز کے لیے علی الخصوص نہایت عظیم الشان اور نادیدہ برکات کا سرچشمہ بنے گی‘۔
ادھر لاہور میں ’زمیندار‘ کے صحافیوں کو مہینوں سے تنخواہ نہیں ملی تھی۔ ادارے کے کارکنوں کو معلوم ہو گیا کہ ظفر علی خان کو ایک بھاری رقم سلطان ابن سعود کی طرف سے بطور امداد ملی ہے۔ اس رقم کی یافت کے باوجود تنخواہیں ادا نہیں ہوئیں چنانچہ عملے میں بے چینی شروع ہو گئی۔ غلام رسول مہر اور عبدالمجید سالک کی ہمدردیاں کارکنوں کے ساتھ تھیں۔ مولانا ظفر علی خان کو یہ غلط فہمی ہو گئی کہ تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے مہر اور سالک کارکنوں کو اکسا رہے ہیں۔ تلخی اس قدر بڑھی کہ مولانا غلام رسول مہر اور عبدالمجید سالک ’زمیندار‘ سے دستبردار ہو کر گھر بیٹھ گئے۔ کارکنوں نے ہڑتال کر دی۔ علامہ اقبال کے ہاں ایک نشست میں روزنامہ ’انقلاب‘ کے اجرا کا فیصلہ کیا گیا۔ حاضرین محفل میں اہل تمول نے کل ملا کے سوا تین ہزا روپیہ بطور قرض حسنہ جمع کیا ۔ ان کے اسمائے گرامی پروفیسر سید عبد القادر شاہ، حکیم فقیر محمد چشتی، حکیم محمد حسن قریشی، استاد اللہ بخش آرٹسٹ اور چوہدری محمد حسین تھے ۔ دیوان آتما نند شرر نے بھی پانچ سو روپیہ دیا۔ یوں پونے چار ہزار روپے کی ’خطیر رقم‘ سے انقلاب کی بنا ڈالی گئی۔ 4 اپریل 1927 کو روزنامہ انقلاب افق صحافت پر نمودار ہوا۔ اس کی پیشانی پر علامہ اقبال کا یہ شعر درج تھا:
آفتاب تازہ پیدا بطن گیتی سے ہوا
آسماں ڈوبے ہوئے تاروں کا ماتم کب تلک
جسے روزنامہ انقلاب کی یونینسٹ پارٹی سے ہم نوائی کے باوجود اسلام دوستی پر شک ہو، وہ روزنامہ انقلاب کا 9ستمبر 1927 کو شائع ہونے والا ’پیغمبر نمبر‘ دیکھ لے۔ قصہ یہ ہے کہ ہم تاریخ کے پھیلے ہوئے تناظر سے اپنی مرضی کے منظر چن کر تاریخ مرتب نہیں کر سکتے۔ مولانا ظفر علی خان دودھ میں دھلے نہیں تھے۔ ادھر مولانا غلام رسول مہر اور عبدالمجید سالک بھی انسان تھے، فرشتے نہیں تھے۔ لیکن اب ایسے انسان بھی کہاں سے لائیے گا: گیا دورِ خوبانِ دل خواہ کا۔
(بشکریہ: ہم سب لاہور)