معدنیات میں سرمایہ کاری: خواہشات اور حقیقت حال
- تحریر سید مجاہد علی
- ہفتہ 14 / نومبر / 2026
چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معدنیات کے شعبے میں طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی اور پرکشش ملک بننا چاہتا ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کی حفاظت کی یقین دہانی بھی کرائی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نومبر 2022 میں پاک فوج کی قیادت اور بالواسطہ طور سے ملک کی سربراہی سنبھالنے کے بعد سے ملک میں سرمایہ کاری لانے اور معاشی انقلاب برپا کرنے کی باتیں کی ہیں۔ اس حوالے سے حکومت پاکستان نے سرمایہ کاری سہولت کاری کونسل بھی قائم کر رکھی ہے۔ عاصم منیر بھی اس کونسل کے رکن ہیں بلکہ غیر ملکی سرمایہ لانے کے لیے ان کی صلاحیتوں پر بھروسہ کیا جاتا ہے۔ اس میں بھی شبہ نہیں ہونا چاہئے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سربراہی میں پاکستان نے قابل ذکر سفارتی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہی کی قیادت میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ طے پایا ہے اور بعد میں ترکیہ و سعودی عرب کے ساتھ مکہ معاہدہ کی صورت میں سہ فریقی دفاعی معاہدے پر اتفاق رائے ہؤا۔ اس کے علاوہ ایران پر امریکی حملوں کے بعد جنگ بند کرانے اور اب تک مسلسل کسی امن معاہدہ کے لیے انتھک خدمات انجام دینے پر پاکستان کو دنیا بھر میں احترام دیا جاتا ہےاور سفارتی شناخت نصیب ہوئی ہے۔
یہ بات بھی کسی شک و شبہ سے بالا ہونی چاہئے کہ پاکستان نے ترکیہ کے علاوہ دیگر عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کو جو نہج دی ہے، مستقبل میں اس کے معاشی فوائد بھی حاصل ہوں گے۔ تاہم اس کے ساتھ ہی اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سخت محنت اور شدید خواہش کے علاوہ وزیر اعظم شہباز شریف کے درجنوں غیر ملکی دوروں کے باوجود عالمی سرمایہ کار پاکستان کی طرف متوجہ نہیں ہورہے۔ ایران جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال بھی سرمایہ کاروں کے لیے پریشانی کا سبب بنی ہوئی ہے لیکن درحقیقت ایسے ہی بے یقینی حالات میں سرمایہ کار نئے مواقع تلاش کرتے ہیں اور پاکستان جیسی منڈیاں ان کی توجہ حاصل کرسکتی ہیں۔ عرب ممالک کے خلیج جنگ سے متاثر ہونے کے بعد متعدد سرمایہ کاروں کو ایسی نئی منڈیوں کی تلاش رہی ہے جہاں ان کا سرمایہ محفوظ ہو اور اس پر مناسب منافع بھی حاصل ہوسکے۔ پاکستان ابھی تک یہ متبادل بننے میں ناکام رہا ہے۔
فیلڈ مارشل، وزیر اعظم یا دیگر حکومتی عہدیدار جب بھی ملک میں سرمایہ کاری کی باتیں کرتے ہوئے خوشنما تصویر پیش کرتے ہیں تو گزشتہ چار سال کے دوران سامنے آنے والی ناکامیاں بھی پیش نظر رہنی چاہئیں۔ ان ناکامیوں کی متعدد وجاہات ہوسکتی ہیں۔ ان میں پاکستان کی ناقص بیوروکریسی سرفہرست ہے جو کسی کام میں سہولت فراہم کرنے کی بجائے رکاوٹیں ڈال کر نئے مواقع ختم کرنے کی شہرت رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ ملک کے کمرشل لاز فرسودہ اور ناقص ہیں جن کی وجہ سے عدالتیں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہتی ہیں۔ بلکہ متعدد معاملات میں تو عدالتوں نے سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کے اقدامات کیے اور ایسے فیصلے طویل مدت تک غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے دہشت ناک خواب بنے رہے۔ بلند بانگ دعوؤں اور سرمایہ کاری کی خوشنما باتیں کرنے کے باوجود حکومت پاکستان نہ تو انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات کرسکی ہے اور نہ ہی ایسی قانون سازی ہوسکی ہے جس کی بنیاد پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو نیا اعتماد حاصل ہوتا اور وہ پاکستان میں مواقع سے فائدہ اٹھاتے۔
فیلڈ مارشل نے منرلز انویسٹ منٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے اس شعبہ میں سرمایہ کاری کو پاکستان کے علاوہ سرمایہ اور مہارت لانے والوں کو منافع میں حصہ داری کا یقین دلایا ہے۔ وزیر اعظم نے تو اپنی تقریر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں سے مخاطب ہوکرواضح کیا کہ ’ آپ کی حفاظت ہماری حفاظت ہے اور آپ کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے‘۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس میں اضافہ کرتے ہوئے کہا ’کان کنی کے پورے نظام کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور اس شعبے سے وابستہ تمام افراد کو مناسب تحفظ فراہم کیا جائے گا‘۔ انہوں نے اس پہلو کی وضاحت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ’پاکستان کی معدنی دولت سے بھرپور استفادہ کرنا ایک مشترکہ قومی مقصد ہے۔ پاکستان کا ہدف محض خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ اس شعبے کی پوری ویلیو چین کو ترقی دینا ہے، جس میں معدنیات کی ریفائننگ اور صنعتی پیداوار بھی شامل ہے۔ پاکستان طویل مدتی شراکت داریوں کو فروغ دینا چاہتا ہے تاکہ ملک اور اس کے شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی فوائد پیدا ہوں‘۔ عاصم منیر کا کہنا تھا کہ معدنی وسائل کی ترقی کے ثمرات مقامی آبادی تک بھی پہنچنے چاہئیں۔ معدنیات سے مالا مال علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو اپنی زندگیوں میں حقیقی اور نمایاں بہتری محسوس ہونی چاہئے۔ پاکستان کو محض امکانات کی باتوں سے آگے بڑھ کر پیداوار، عملی اقدامات اور خام معدنیات کی برآمدات سے آگے بڑھ کر ویلیو ایڈڈ ترقی کی جانب سفر کرنا ہوگا۔
ان باتوں کو اگر خواہشات سے بڑھ کر حقائق کے پیمانے پر جانچنے کی کوشش کی جائے تو تین پہلو سامنے آتے ہیں۔ ایک ملک میں امن و امان کی صورت حال نہ صرف یہ کہ دگرگوں ہے بلکہ روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے دہشت گردی کےواقعات کی وجہ سے مسلسل سراسیمگی و پریشانی پیدا ہوتی ہے۔ دوئم ملک کا سیاسی نظام کمپرومائزڈ ہے جس میں اختلاف رائے کی گنجائش موجود نہیں اور مخالف آوازوں کو طاقت کے زور پر دبانے کی کوششیں ہوتی ہیں۔ اس حکمت عملی کی وجہ سے سیاسی عدم استحکام موجود ہے اور یہ واضح نہیں ہے کہ آنے والے وقت میں ملک کے حالات کیا ہوں گے۔ سوئم معدنیات سے مقامی آبادیوں کے استفادہ کرنے کی بات بظاہر بہت خوش آئیند ہے لیکن عملی طور سے اس مقصد کے لیے قومی یا صوبائی سطح پر کوئی سیاسی یا انتظامی یا قانونی ڈھانچہ موجود نہیں ہے۔ اس طرح اس بات کا تعلق حقیقی اقدامات سے زیادہ خواہشات کے زمرے میں آئے گا۔
ان حالات کو تبدیل کرنے کے لیے پاکستان کو خواہشات کو عملی اقدا مات سے تبدیل کرنا ہوگا۔ جن علاقوں میں کان کنی مقصود ہے یا جان لیا گیا ہے کہ وہاں سے قیمتی دھاتیں نکال کر انہیں کام میں لایا جاسکتا ہے، ان کی نشاندہی کے ذریعے واضح کیا جائے کہ یہ علاقے کہاں موجود ہیں اور متعلقہ صوبے کی حکومت وہاں کے لوگوں کے مالی مفادات کے علاوہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے کیا اقدامات کررہی ہے۔ اور کیا مرکزی حکومت اور متعلقہ صوبائی حکومتوں کے درمیان ایسا قانونی معاہدہ یا افہام و تفہیم موجود ہے کہ کسی منصوبہ سے حاصل ہونے والے مالی وسائل کو کیسے عوام تک بھی پہنچایا جائے گا۔ اگر مقامی آبادیوں کی تقدیر بدل دینے کی باتیں محض تقریروں تک محدود رہیں تو مقامی لوگ ہمیشہ شبہات کا شکار رہیں گے ۔ اور یہ غلط فہمی پیدا کرنے والوں کو موقع میسر آئے گا کہ مرکزی حکومت یا فوج ان وسائل کو ’لوٹ لینا‘ چاہتی ہیں۔
کسی بھی علاقے کے عوام کے مفادات کا تحفظ کسی قابل اعتبار اور شفاف سیاسی انتظام ہی میں ممکن ہے۔ لیکن پاکستان میں اس وقت جو سیاسی انتظام مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اس میں سیاسی حقوق اور آزادی رائے کے تحفظ کی ضمانت نہیں ہے۔ اسی رویہ کے وجہ سے سیاسی بحران کا سامنا ہے، عوام میں بے چینی ہے اور دہشت گردی جیسی علت کے خلاف جد و جہد متاثر ہوتی ہے۔ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے وسیع تر قومی اتفاق رائے پیدا کرنا اہم ہے۔ لیکن قوی سطح پر نامعلوم سیاسی مقاصد کے لیے وزیر داخلہ ’نظام ری سیٹ‘ کا نظریہ پیش کرتے دکھائی دیتے ہیں یا صوبے بنانے کی پراسرار بحث کو عوام میں مزید بے یقینی و بے چینی پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
حکومت اور اس کی معاونت کرنے والی فوج کی نیک نیتی اور کوششوں سے انکار مطلوب نہیں ہے لیکن یہ کاوشیں چند بنیادی اصلاحات، فراخدلی اور بنیادی قومی معاملات پر شفافیت کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتیں۔ بہتر ہوگا کہ یہ مقاصد حاصل کرنے کے لیے اسمبلیوں کو فعال کیا جائے اور مرکز میں وزیر اعظم اور صوبوں میں وزرائے اعلیٰ باقاعدگی سے اسمبلی اجلاسوں میں شریک ہوکر سیاسی پل بنانے اور اعتماد پیدا کرنے کے لیے کام کریں۔