’نسیم شاہد پندرہ ہزاری‘

جمخانہ لاہور میں جناب مجیب الرحمن شامی نے اہل ِ ادب و صحافت اور سیاسی و سماجی شخصیات کی ایک محفل کا اہتمام کیا۔مجھے بھی جمعہ کی نماز کے بعد پہنچنے کا حکم صادر ہوا۔ خواجہ اقبال کے ہمراہ جب میں جمخانہ کے مرکزی ہال میں داخل ہوا تو شامی صاحب کا دستر خوان جما ہوا تھا۔

 اُن کے پہلو میں جناب شعیب بن عزیز بیٹھے تھے۔ مجھے بھی ایک پہلو میں خصوصی کرسی کا انتظام کر کے بٹھایا گیا۔شامی صاحب ایک مجلسی آدمی ہیں محفل میں کسی کو احساس نہیں ہوتا کہ وہ اُن کی طرف متوجہ نہیں، کسی کی کچھ بات نکالیں گے،کسی کو ایسا ٹھوکا دیں گے کہ محفل زعفران زار بن جائے گی۔

میں جونہی اس محفل میں داخل ہوا تو جناب مجیب الرحمن شامی نے کہا لیجئے جناب،ان سے ملئے، یہ ہیں نسیم شاہد پندرہ ہزاری۔ پہلے تو کسی کو سمجھ نہیں آئی کہ یہ نسیم شاہد یکدم بیٹھے بٹھائے پروفیسر سے پندرہ ہزاری کیسے ہو گئے؟ تب شامی صاحب نے کہا یہ روزانہ کالم لکھتے ہیں اور اب ان کے پندرہ ہزار کالمز ہو گئے ہیں،اس لئے آج سے انہیں نسیم شاہد پندرہ ہزاری پکارا جائے۔ اس پر ایک زور دار قہقہہ پڑا۔ یہ شامی صاحب کا ایک منفرد مشفقانہ سٹائل ہے کہ ایک ہی جملے سے کسی کو کہاں سے کہاں پہنچا دیتے ہیں۔ اِس سے پہلے لاہور ہی کی ایک تقریب میں انہوں نے کہا تھا نسیم شاہد ملتان کے زندہ ولی تو تھے ہی اب لاہور کے زندہ ولی بھی بن گئے ہیں۔

میرے ساتھ وہ اکثر ایسی بات کر جاتے ہیں جو دیر تک محظوظ رکھتی ہے۔مثلاً جب انہوں نے مجھے جمخانہ میں ظہرانے پر بلایا تو ساتھ ہی یہ بھی کہا  جینز پہن کر نہ آئیں۔ وگرنہ کھانے سے محروم رہ جائیں گے۔ میں نے کہا سرکار میرے پاس تو جینز ہے ہی نہیں،فرمایا آپ کا کوئی پتہ نہیں،کسی سے مانگ کر پہن لیں۔ اُن کی جینز مانگ کر پہننے والی بات نے بہت لطف دیا۔ تاہم جو مزہ نسیم شاہد پندرہ ہزاری کے خطاب کا آیا اُس نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ قلم فاؤنڈیشن کے علامہ عبدالستار عاصم بہت دیر تک مجھے قائل کرتے رہے کہ اپنے نام کے ساتھ پندرہ ہزاری کا اضافہ کر لیں۔ جب کالموں کے انتخاب کی کتاب چھپے گی تو ہاتھوں ہاتھ بک جائے گی۔ کہنے لگ بک جائے گی کیونکہ آپ کے کاندھے پر شامی صاحب کا ہاتھ ہو گا۔ میں تازہ تازہ قلم فاؤنڈیشن کے گودام میں ہزاروں کتابیں دیکھ کر آیا تھا، اس لئے سمجھ گیا کہ علامہ صاحب میری کتاب کو بھی وہاں کی زینت بنانا چاہتے ہیں۔جب شامی صاحب نے یہ بتایا کہ میں نے پندرہ ہزار کالم لکھے ہیں تو میں نے دیکھا وہاں موجود حفیظ اللہ نیازی محاورتاً نہیں عملاً انگشت بدنداں رہ گئے۔

ویسے ہے تو یہ میرے لئے بھی حیرت کا سفر، سال میں تین سو پینسٹھ کالم لکھنا اور پھر لکھتے ہی چلے جانا۔ لیکن میں جانتا ہوں کہ میں نے اِس کے لئے کیا کچھ چھوڑا ہے اور اب بھی میری کتنی خوشیاں اور راحتیں اس کالم لکھنے کی نذر ہو جاتی ہیں۔ روزنامہ  ’پاکستان‘ میں اب21 برس سے روزانہ کالم لکھ رہا ہوں۔ پہلے کالم نہ پہنچنے پر قدرت اللہ چودھری مرحوم کا فون آتا تھا اور اب خادم حسین چودھری صاحب کا آتا ہے ۔ ’کی گل اے کالم کیوں لیٹ ہو گیا اے‘۔ اب میرے سب دوستوں کو پتہ ہے، میں کس وقت کالم لکھتا ہوں۔ وہ نہ فون کرتے ہیں نہ ہی دروازے پر بیل دیتے ہیں۔ پھر بھی کوئی میری اس مصروفیت سے بے خبر اگر ملنے آ جائے تو میری نظر گھڑی پر ہوتی ہے۔ جس کی ٹک ٹک احساس دِلاتی ہے کہ لاہور میں میرے کالم کا انتظار ہو رہا ہے، غافل تجھے گھڑیال یہ دیتا ہے منادی، والی صورتِ حال ہوتی ہے۔

 اب دوست پوچھتے ہیں روزانہ کالم کیسے لکھ لیتے ہیں، موضوع کیسے مل جاتا ہے، وقت کتنا لگتا ہے۔ جب میں انہیں بتاتا ہوں میرا کالم 45 منٹ سے ایک گھنٹے کے درمیان مکمل ہو جاتا ہے تو اُنہیں حیرت ہوتی ہے۔کئی تو کہتے ہیں ہم نے ایک درخواست لکھنی ہو  تو مصیبت پڑ جاتی ہے۔ میں کہتا ہوں بے شک یہ اللہ کا کرم ہے، میرے ہاتھ میں قلم اور سامنے کاغذ پڑے ہوں تو پھر قلم اُس وقت تک رُکتا نہیں جب تک کالم مکمل نہ ہو جائے۔روزنامہ ’پاکستان‘  سے پہلے خبریں میں بھی میں روزانہ کالم لکھتا تھا۔ ادارتی صفحہ پر کالم چھپتا اور ضیا شاہد مرحوم کہتے نسیم شاہد نے کالموں کی فیکٹری لگا رکھی ہے۔ اُن سے کچھ اختلاف ہوا تو میں  ’اوصاف‘  اسلام آباد میں روزانہ کالم لکھنے لگا، کئی برسوں تک وہاں چھپتا رہا۔

ضیاالحق، پرویز مشرف کے مارشل لاؤں کے زمانے میں بھی روزانہ کالم لکھا،حالانکہ میں سرکاری ملازم تھا۔ جب میرے ساتھی پروفیسر پوچھتے کیا آپ نے سیکرٹری سے لکھنے کی اجازت لی ہے تو میں کہتا آئین نے ہر شہری کو آزادی تحریر و تقریر دی ہے، پھر میں کسی سے کیوں پوچھوں۔ میں انہیں یہی کہتا اگر کوئی ایسا وقت آیا ہے مجھے کالم یا ملازمت میں سے کسی  ایک کو چھوڑنے کا کہا گیا تو میں ملازمت چھوڑ دوں گا۔ کیونکہ اگر میں  نے لکھنا چھوڑ دیا تو میرا دم گھٹ جائے گا۔

میں نے ملک کے تمام بڑے اخبارات میں لکھا ہے۔ جنگ، نوائے وقت، خبریں، اوصاف، پاکستان تاہم مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ جو آزادی اور ذہنی سکون مجھے روزنامہ  ’پاکستان‘  میں ملا، وہ کسی اور اخبار میں نہیں مل سکا۔ ڈاکٹر نجیب جمال یونیورسٹی میں میرے استاد تھے۔ اب لاہور میں ہیں۔لاہور کی ایک تقریب میں جو میری کتاب ’مسافتوں کی تھکن‘ کے اجرا  پر منعقد کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا میرے شاگر نسیم شاہد کا کمال یہ ہے کہ انہوں نے ہر دور میں لکھا، سچ لکھا مگر پکڑے نہیں گئے کیونکہ انہیں بات کرنے کا سلیقہ آتا ہے۔ اُن کی یہ بات میرے لئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔جو مجھے نہیں جانتے اور پہلی بار ملتے ہیں اور انہیں علم ہوتا ہے کہ میں کالم لکھتا ہوں تو وہ پوچھتے  ہیں آپ کے کالم  میں موضوعات کیا  ہوتے  ہیں۔ میں انہیں کہتا ہوں میرا کالم اَن کہی ایک آئینہ ہے جس میں ہر تصویر سما جاتی ہے۔ہر موضوع جگہ پاتا ہے۔

دیکھتے  ہیں یہ سلسلہ کب تک چلتا ہے اور توفیق ربی کب تک رہتی ہے۔ البتہ شامی صاحب جیسے مہربان اور قدر دان کسی کو مل جائیں تو اُس کے اندر تخلیق کی رو اور لکھنے کی رمق برقرار رہتی ہے اور مجھے یہ سب کچھ حاصل ہے۔

(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)