جج صاحبان کو بھی بولنا چاہیے
- تحریر جسٹس (ر) منصور علی شاہ
- اتوار 15 / نومبر / 2026
ایک عدالتی فیصلہ ایک عوامی دستاویز ہوتا ہے جو آئین کے نام پر تحریر کیا جاتا ہے اور کھلی عدالت میں سنایا جاتا ہے۔ عوام اسے پڑھ سکتے ہیں، اس کی تعریف بھی کر سکتے ہیں اور اس پر تنقید بھی۔
اسی طرح علمی حلقوں، وکلا، ذرائع ابلاغ اور سول سوسائٹی کو بھی یہ حق حاصل ہے کہ وہ آزادانہ طور پر اس کا جائزہ لیں۔ تنقید عدلیہ کے اختیار کی دشمن نہیں بلکہ اس کی قوت کا سرچشمہ ہے۔ جس عدلیہ کے فیصلوں کا کبھی تنقیدی جائزہ نہ لیا جائے، وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتی۔
تاہم اس بحث میں ایک آواز بڑی حد تک غائب رہتی ہے۔ وہ اس جج کی آواز ہے جس نے فیصلہ تحریر کیا ہو۔ پاکستان میں جج صاحبان عموماً ریٹائرمنٹ کے بعد خاموشی اختیار کر لیتے ہیں۔ اب اس رویے کو تبدیل ہونا چاہیے۔ ریٹائرڈ جج صاحبان کو عوام کے درمیان آنا چاہیے، بالخصوص قانون کی درس گاہوں میں جا کر اپنے فیصلوں کے پس منظر اور ان کے حق میں دی گئی قانونی وجوہات کی وضاحت کرنی چاہیے۔ انہیں یہ کہنے سے بھی گریز نہیں کرنا چاہیے کہ وقت گزرنے کے بعد انہیں محسوس ہوتا ہے کہ شاید ان کا کوئی فیصلہ درست نہیں تھا۔ اس طرح کی صاف گوئی قانونی برادری کی تربیت کرتی ہے اور عوام کے اندر عدلیہ کے ادارے پر اعتماد پیدا کرتی ہے۔ اگر کسی حاضر سروس جج کو یہ معلوم ہو کہ ریٹائرمنٹ کے بعد اسے عوام کے سامنے اپنے فیصلوں کی وضاحت کرنا ہوگی تو وہ کسی معاملے کو دبانے یا اس پر پردہ ڈالنے کی کوشش نہیں کرے گا۔
تنقید کی زد میں آنے والے عدالتی فیصلے بنیادی طور پر تین اقسام کے ہو سکتے ہیں۔ پہلی قسم ان فیصلوں کی ہے جو واضح طور پر آئین اور قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ دوسری قسم ایسے فیصلوں کی ہے جو اپنے وقت کے قانونی تقاضوں کے مطابق جائز تو تھے لیکن ان کے نتائج نقصان دہ ثابت ہوئے۔ تیسری قسم ان فیصلوں کی ہے جن میں جج خود کسی دوسرے مقام پر طے شدہ نتیجے تک پہنچنے کے لیے قانون کو توڑنے مروڑنے میں ملوث رہا ہو۔
کسی فیصلے کا جائزہ لینے کے لیے اسے مکمل طور پر اور اس کے پس منظر میں پڑھنا ضروری ہے۔ اس وقت کے حالات، واقعات اور نافذالعمل قانون کو سامنے رکھنا ہوگا۔ اس کے بعد یہ سوال اٹھانا چاہیے کہ آیا فیصلہ قانونی طور پر جائز تھا، واضح طور پر غلط تھا یا جج نے محض طاقتور حلقوں کی مرضی کے مطابق فیصلہ دیا تھا۔
میں اپنے ہی تین فیصلوں کو اس کسوٹی پر پرکھنا چاہتا ہوں۔
2023 کے پنجاب اور خیبر پختونخوا انتخابات کے مقدمے میں جسٹس جمال خان مندوخیل اور میری رائے یہ تھی کہ پہلے متعلقہ ہائی کورٹس کو فیصلہ کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔ لاہور ہائی کورٹ پہلے ہی انتخابات کرانے کا حکم دے چکی تھی اور اس کے خلاف اپیلیں زیر التوا تھیں۔ جبکہ پشاور ہائی کورٹ بھی متعلقہ درخواستوں کی سماعت کر رہی تھی۔ قانون اور عدالتی روایت دونوں اسی بات کا تقاضا کرتے تھے کہ سپریم کورٹ اس معاملے میں جلد بازی سے گریز کرے۔ ہم نے فیصلے کو چار کے مقابلے میں تین ججوں کی اکثریت کا فیصلہ قرار دیا۔ کیونکہ ہماری رائے میں دو ایسے ججوں کو ووٹوں کی گنتی سے خارج نہیں کیا جا سکتا تھا جنہوں نے پہلے ہی درخواستیں مسترد کرنے کے حق میں رائے دے دی تھی۔ ان میں جسٹس اطہر من اللہ بھی شامل تھے، جنہوں نے اپنے فیصلے میں اس بات کی وضاحت بھی کی تھی۔
آج ماضی پر نظر ڈالنے کے بعد میرا خیال ہے کہ اصل غلطی چیف جسٹس کی جانب سے عجلت میں مداخلت اور معاملے کو اپنے ہاتھ میں لینے کی تھی۔ اپیل کی سماعت کرتے ہوئے عدالت ایک متفقہ فیصلہ دے سکتی تھی۔ اگر ہم چار تین کی بحث کو ایک طرف رکھ کر متحدہ عدالت کے طور پر سامنے آتے تو شاید نتیجہ مختلف ہوتا۔ تاہم اس صورت میں بھی انتخابات ہو جاتے یا نہیں، اس بارے میں کچھ کہنا ممکن نہیں۔ بعد ازاں چیف جسٹس کے اپنے بنچ نے چار تین کے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے پنجاب میں انتخابات کے لیے 14 مئی کی تاریخ مقرر کی۔ لیکن عدالت اپنے فیصلے پر عمل درآمد نہ کرا سکی۔ مقررہ تاریخ گزر گئی، توہین عدالت کی کارروائی بھی آگے نہ بڑھی اور عدالت خاموش ہو گئی۔
اس پورے معاملے کا بڑا سبق یہ ہے کہ عدالت کو متحد ہو کر کھڑا ہونا چاہیے اور چیف جسٹس کی قوت ہی وہ بنیادی ستون ہے جو عدالت کو متحد رکھتا ہے۔ آج کی سپریم کورٹ کی صورت حال بھی ظاہر کرتی ہے کہ اس ادارے کے استحکام کا کتنا زیادہ انحصار اسی ستون پر ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے مقدمے میں عدالت نے متفقہ طور پر صدارتی ریفرنس مسترد کر دیا تھا۔ اکثریتی ججوں کی رائے تھی کہ ریفرنس قانونی بدنیتی پر مبنی تھا، جبکہ میری رائے میں اس میں بدنیتی کا عملی اور حقیقی پہلو بھی موجود تھا۔ اکثریت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ہدایت کی تھی کہ وہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خاندان کی جائیدادوں کا جائزہ لے اور اپنی رپورٹ سپریم جوڈیشل کونسل کو پیش کرے۔ ہم میں سے تین ججوں کا مؤقف تھا کہ ایسی کوئی ہدایت دینے کی ضرورت نہیں۔ کیونکہ ایف بی آر ٹیکس قوانین کے تحت خود کارروائی کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔ نظرثانی کی اپیل میں بالآخر یہی مؤقف تسلیم کیا گیا۔
قانون کی نظر میں کوئی شخص اس سے بالاتر نہیں اور نہ ہی کوئی شخص اس کے تحفظ سے محروم ہے۔ کسی جج کی اہلیہ کو ٹیکس قوانین کے تحت جواب دہ ہونا چاہیے، جبکہ جج خود ضابطۂ اخلاق کے تابع ہے۔ لیکن یہ سب کچھ قانون کے مطابق ہونا ضروری ہے۔ مجھ سے اکثر پوچھا جاتا ہے کہ کیا ہم نے ایک غلط شخص کو بچایا تھا؟ میرا جواب ہے کہ ہم نے قانونی عمل کے تقاضوں اور عدلیہ کی آزادی کو محفوظ بنایا۔ اور اس عمل میں ایک شخص بھی محفوظ ہو گیا۔ بعد میں لوگوں نے اس شخص کے بارے میں کیا رائے قائم کی، اس سے اس وقت ہمارا کوئی تعلق نہیں تھا۔ عدالتی فیصلہ کسی شخص کے کردار کی سند نہیں ہوتا۔
پریکٹس اینڈ پروسیجر مقدمے میں میرا اس وقت بھی یہ یقین تھا اور آج بھی ہے کہ عدالت کو ایک فرد کی مرضی سے چلنے کے بجائے اجتماعی مشاورت اور فیصلے کے اصول پر استوار ہونا چاہیے۔ عدالت کے اختیارات اور طریقۂ کار میں تبدیلی کا دروازہ کھولنا بذات خود غلطی نہیں تھی۔ جب تک عدالت متحد رہتی، کوئی اس دروازے سے اندر داخل نہیں ہو سکتا تھا۔ ہماری ناکامی یہ تھی کہ ہم یہ سمجھنے میں ناکام رہے کہ عدالت اندر سے کمزور ہو چکی تھی اور ادارے کے اندر کی کمزوری باہر کے عناصر کو مداخلت کا موقع فراہم کرتی ہے۔
بالآخر ایسا ہی ہوا۔ 2024 کے ایک آرڈیننس کے ذریعے چیف جسٹس کے نامزد کردہ جج کو بنچ تشکیل دینے والی کمیٹی میں شامل کر لیا گیا۔ اگر اس سے پہلے کے چیف جسٹس صاحبان نے فل کورٹ کے ذریعے اجتماعی فیصلے کے نظام کو متعارف کرا دیا ہوتا تو شاید بیرونی مداخلت کے لیے یہ دروازہ کبھی نہ کھلتا۔ یہ ایک سبق ہے، کسی پر الزام نہیں۔
ان تمام معاملات میں ہر فیصلہ نیک نیتی کے ساتھ اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کیا گیا تھا۔ ماضی پر نظر ڈالنے سے محسوس ہو سکتا ہے کہ شاید اس سے زیادہ دانشمندانہ راستہ بھی اختیار کیا جا سکتا تھا، لیکن کسی خاص وقت اور حالات میں فیصلہ کرنا ہی عدالتی منصب کا بنیادی تقاضا ہے۔ اور اس مرحلے پر جج پر اعتماد کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اگر کسی جج نے کسی غلط عمل میں جان بوجھ کر شرکت نہیں کی تو اس کے پاس معافی مانگنے کے بجائے دوسروں کے ساتھ اپنے تجربات اور اس سے حاصل ہونے والے اسباق بانٹنے کے لیے بہت کچھ ہوتا ہے۔
ہمارے لیے سب سے زیادہ تشویش کا معاملہ عدالتی فیصلوں میں دانستہ شرکت اور مداخلت قبول کرنا ہونا چاہیے۔ یہ محض فیصلے میں غلطی نہیں بلکہ اپنے منصب کے تقاضوں سے دستبرداری ہے، جس نے ہماری عدالتوں کو اندر سے کھوکھلا کر دیا ہے۔ طاقت کے دباؤ میں دیا جانے والا فیصلہ بعد میں کسی اعلیٰ عدالت سے کالعدم تو قرار دیا جا سکتا ہے لیکن اس فیصلے کے ذریعے ادارے کے ساتھ ہونے والی بے وفائی عدالتی ریکارڈ کا حصہ رہتی ہے۔ غلطی کرنا عدالتی فرائض کا ایک ممکنہ حصہ ہے، لیکن دباؤ کے سامنے ہتھیار ڈالنا اس کا حصہ نہیں ہو سکتا۔ اور اس طرح کی ملی بھگت اکثر بعد میں اپنی موجودگی ظاہر کر دیتی ہے، جب اس کے عوض ترقیوں، مراعات اور دیگر فوائد سے نوازا جاتا ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ اس پورے سلسلے کو بے نقاب کیا جائے۔
ناقدین سے بھی ایک بات کہنا چاہتا ہوں۔ جو لوگ عدالتی غلطیوں کی نشاندہی میں جلدی کرتے ہیں، انہیں ججوں کی جرات اور اصول پسندی کا اعتراف کرنے میں بھی اسی فراخ دلی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اختلافی نوٹ لکھنا، حلف اٹھانے سے انکار کرنا اور استعفیٰ دے دینا ایک آزاد عدلیہ کی بنیادیں ہیں۔ یہ سوال ضرور پوچھا جانا چاہیے کہ جس جج نے استعفیٰ دیا، اسے اس فیصلے سے کیا حاصل ہوا؟ اگر وہ محض ہاں کر دیتا تو اسے سب کچھ مل سکتا تھا۔ اس نے کچھ حاصل نہیں کیا، سوائے اس کے کہ ادارے کی عزت و وقار محفوظ رہے۔ اگر تنقید کرنے والے ہر ناکامی کا ذکر کریں لیکن اس جرات اور اصول پسندی کو نظر انداز کر دیں تو آنے والی نسلوں کے لیے کوئی ایسی مثال باقی نہیں رہے گی جس سے وہ رہنمائی حاصل کر سکیں۔
لہٰذا اس مکالمے کا آغاز ہونا چاہیے اور یہ پوری دیانت داری کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ جج صاحبان کو بولنا چاہیے۔ انہیں اپنے فیصلوں کا پس منظر بیان کرنا چاہیے۔ اپنی غلطیوں کو بلا خوف تسلیم کرنا چاہیے اور اپنے فیصلوں کے انتخاب کی وجوہات بغیر کسی معذرت کے واضح کرنی چاہئیں۔ اسی طرح جہاں عدالتی فیصلوں میں ملی بھگت یا طاقت کے سامنے سرنگوں ہونے کا عمل موجود ہو، اسے اسی نام سے پکارنا چاہیے۔
عدلیہ کی آزادی کبھی بھی مکمل اور غیر مشروط نہیں رہی۔ افسوس کہ اس کے حفاظتی حصار میں ہمیشہ کوئی نہ کوئی کمزوری موجود رہی ہے، کوئی دروازہ ادھ کھلا چھوڑ دیا گیا اور کوئی نہ کوئی اسے دھکیل کر کھولنے کے لیے تیار رہا۔ کوئی ایک فیصلہ یا کوئی ایک جج اس دروازے کو ہمیشہ کے لیے بند نہیں کر سکتا۔ لیکن ایک دیانت دارانہ اور کھلا مکالمہ، جسے ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل کیا جائے، یہ کام کر سکتا ہے۔ یہی حقیقی کامیابی ہوگی۔ ایسی عدالت نہیں جو کبھی غلطی نہ کرے بلکہ ایسی عدالت جس میں طاقت کے داخل ہونے کے لیے کوئی دروازہ کھلا نہ ہو۔
(مصنف سپریم کورٹ کے سابق جج، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے اسکول آف ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز میں پروفیسر آف پریکٹس ہیں اور اس وقت ییل یونیورسٹی میں ممتاز وزٹنگ فیلو کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں)
(بشکریہ: روزنامہ ڈان)