کیا مغربی اور جنوبی ایشیا کبھی تعاون کر سکتے ہیں؟

ہم ایک ایسے عالمی نظام میں رہ رہے ہیں جو ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہا ہے۔ بین الاقوامی قانون کا احترام کم ہوتا جا رہا ہے۔ مسلح تنازعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

میزائل اور ڈرون جیسی مہلک ٹیکنالوجیز اب غیر ریاستی عناصر کی پہنچ میں بھی آسانی سے آ گئی ہیں۔ اس افراتفری کے عالم میں، زیادہ تر ممالک اپنی حفاظت کی طرف متوجہ ہیں اور اکثر خطے اجتماعی دفاع کے لیے ہم خیال ریاستوں کے اتحاد تشکیل دے رہے ہیں۔ تاہم، دو خطے اس رجحان سے مستثنیٰ ہیں: مغربی اور جنوبی ایشیا۔ ایسا کیوں ہے؟ اس کی تین وجوہات بیان کی جا سکتی ہیں۔

اول، دونوں خطوں میں ایسے اندرونی تنازعات موجود ہیں جو انہیں کمزور کر رہے ہیں۔ مغربی ایشیا توانائی سے مالا مال خطہ ہے، جبکہ جنوبی ایشیا ایک بڑی صارف منڈی ہے۔ اصولی طور پر ان دونوں خطوں کے درمیان ایک مثالی تکمیلی تعلق ہونا چاہیے تھا۔ لیکن، یہ دونوں خطے دنیا کے کسی بھی دوسرے خطے کی نسبت تنازعات کا زیادہ شکار ہیں۔

مغربی ایشیا میں، فلسطین پر آٹھ دہائیوں پرانا تنازع بدستور جاری ہے۔ اسرائیل نے غزہ میں رہنے والے فلسطینیوں کے خلاف بدترین مظالم، یہاں تک کہ نسل کشی کا ارتکاب کیا ہے، اور مغربی کنارے میں نسلی امتیاز پر مبنی نظام مسلط کر رکھا ہے۔ اسرائیل کا ایران کے ساتھ بھی شدید مخاصمانہ تعلق ہے؛ ایران کو رواں سال اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے جارحیت اور فوجی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ عرب خلیجی ریاستوں اور ایران کے درمیان ایک دوسرے کے حوالے سے گہرے باہمی شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔ جنوبی ایشیا کی صورت حال بھی اس سے مختلف نہیں ہے۔ انڈیا اور پاکستان جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعے میں الجھے ہوئے ہیں۔ پانی کی تقسیم بھی دونوں ممالک کے درمیان تنازعے کا ایک اور سبب بن کر ابھری ہے۔ انڈیا اور بنگلہ دیش کے تعلقات بھی اس وقت سرد مہری کے دور سے گزر رہے ہیں۔

دوم، دونوں خطوں میں مذہبی نظریات 'شدید قوم پرستی'  کے ساتھ مل کر ایسی رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں جو ان ممالک کو اپنے عوام کی وسیع تر بہتری کے لیے مشترکہ بنیاد تلاش کرنے سے روکتی ہیں۔ جنوبی ایشیا میں، 'ہندوتوا' نظریہ انڈیا میں مقیم مسلمانوں اور عیسائیوں کے ساتھ کشیدگی بڑھا رہا ہے جبکہ افغانستان میں طالبان کی انتہا پسند حکومت ان دہشت گرد گروہوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے جو بلا امتیاز لوگوں کو مار رہے ہیں — جن میں سے زیادہ تر کارروائیاں سرحد پار پاکستان میں ہوتی ہیں۔ مغربی ایشیا میں، یہودی ریاست اسرائیل کو فلسطین میں رہنے والے مسلمان عربوں کو مارنے میں کوئی تامل یا ہچکچاہٹ محسوس نہیں ہوتی۔ مزید برآں، پورے خطے میں فرقہ وارانہ کشیدگی پائی جاتی ہے۔

سوم، دونوں خطے عالمی جغرافیائی سیاست اور بڑی طاقتوں کے درمیان مسابقت سے گہرے متاثر ہیں۔ سرد جنگ کے دوران، مغربی ایشیا کے ممالک — ایران، ترکی، پاکستان اور تمام خلیجی ریاستیں — امریکہ کی طرف جھکاؤ رکھتے تھے۔ 1974 سے، امریکہ نے عرب خلیجی ممالک، بالخصوص سعودی عرب کو ایک 'سکیورٹی چھتری' (تحفظ کا حصار) فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔ 1979 میں ایران میں آنے والے اسلامی انقلاب کے بعد بہت کچھ بدل گیا۔ تب سے، ایرانی حکومت اور امریکہ کے درمیان شدید دشمنی چلی آ رہی ہے، جس کے نتیجے میں رواں سال دونوں ممالک کے درمیان ایک تصادم (40 روزہ جنگ) بھی دیکھنے میں آیا۔ چین، جسے اپنے کارخانے چلانے کے لیے اس خطے سے تیل اور گیس کی ضرورت ہے، مغربی ایشیا میں استحکام کا خواہاں ہے۔ جہاں تک جنوبی ایشیا کا تعلق ہے، امریکہ روایتی طور پر بھارت کو اپنا ترجیحی شراکت دار سمجھتا رہا ہے، اگرچہ کبھی کبھار وہ پاکستان کا بھی مضبوط اتحادی بن جاتا ہے۔

انڈیا اور چین کے درمیان سٹریٹجک مسابقت پائی جاتی ہے جبکہ پاکستان اور چین کے مابین مضبوط سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی شراکت داری قائم ہے۔ روس روایتی طور پر بھارت کے ساتھ کام کرتا رہا ہے، تاہم حالیہ عرصے میں اس نے پاکستان کے ساتھ بھی اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں۔ 1979 سے افغانستان بڑی طاقتوں کے درمیان مسابقت کا میدان بنا ہوا ہے۔ اب ان دونوں خطوں میں مختلف اتحاد تشکیل پا رہے ہیں۔ پاکستان نے سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ مل کر 'مکہ معاہدہ' تشکیل دیا ہے، جبکہ انڈیا اسرائیل، متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے ساتھ مل کر  آئی 2 یو 2 اتحاد بنانے پر غور کر رہا ہے۔

چہارم، توانائی کے ذخائر مغربی ایشیا کے لیے بے پناہ دولت لے کر لائے ہیں، جس نے وہاں کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے اور معیارِ زندگی کو بلند کرنے میں مدد دی ہے۔ تاہم خطے کے تمام ممالک توانائی کے وسائل سے مالا مال نہیں ہیں۔ اس صورت حال نے وسائل میں عدم مساوات، علاقائی عدم استحکام اور پراکسی جنگوں  کو جنم دیا ہے۔ پھر ایک طرف عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں کے اثرات ہیں اور دوسری طرف تیل اور گیس پر انحصار کرنے والی بیرونی طاقتیں اپنی توانائی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے اس خطے کی سیاست میں مداخلت کرتی ہیں۔ ایک وقت تھا جب امریکہ اس خطے سے آنے والی توانائی کی ترسیل پر انحصار کرتا تھا، لیکن اب جب کہ امریکہ میں خود 'شیل آئل'  اور گیس کی پیداوار شروع ہو چکی ہے تو اس کی بنیادی دلچسپی جغرافیائی سیاست اور 'پیٹرو ڈالر' کے نظام کو برقرار رکھنے میں ہے۔

جہاں تک جنوبی ایشیا کا تعلق ہے، وہ توانائی کی شدید قلت کا شکار ہے اور اسے مغربی ایشیا سے تیل، گیس، پیٹرولیم مصنوعات اور کھاد کی ضرورت رہتی ہے۔ تاہم مسلح تنازعات، قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور سمندری گزرگاہوں کے اہم مقامات — جیسے کہ آبنائے ہرمز اور باب المندب — کے عدم تحفظ نے ان دونوں خطوں کے درمیان کسی بھی بامعنی تعاون کے امکانات کو درہم برہم کر دیا ہے۔ یہ دونوں خطے کس سمت بڑھ رہے ہیں؟ یہ بات واضح ہے کہ بالادستی اور غلبے کے تصورات پر مبنی عالمی جغرافیائی سیاست نے ان دونوں خطوں میں سے کسی کے لیے بھی کوئی فائدہ نہیں پہنچایا ہے۔ ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام، پرامن بقائے باہمی اور اجتماعی سلامتی ہی وہ واحد اصول ہیں جو ان دونوں خطوں کو محفوظ رکھنے اور انہیں اپنے اپنے تقابلی فوائد  کی بنیاد پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کے قابل بنا سکتے ہیں۔

جب امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ ختم ہو جائے گی، تو ’مکہ معاہدہ‘ — جس کا ہدف کوئی اور ملک نہیں ہے اور جو اجتماعی سلامتی کے پائیدار اصول پر مبنی ہے — اس دائرے کو وسیع کر کے اس میں ایران اور خطے کے دیگر ممالک کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے، تو یہ بین الاقوامی تعلقات کی ازسرنو تشکیل کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جو خودمختار مساوات اور ایک دوسرے کی علاقائی سالمیت کے باہمی احترام پر مبنی ہو۔

ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ آج کی جنگوں میں کوئی فاتح نہیں ہوتا، اور ان کے نتیجے میں موت اور تباہی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ لہٰذا دونوں خطوں اور مجموعی طور پر پوری دنیا کے لیے یہی بہتر ہوگا کہ وہ اپنے عوام کی مشترکہ فلاح و بہبود کی خاطر ’خود بھی جیو اور دوسروں کو بھی جینے دو‘کے اصولوں کی طرف واپس لوٹ آئیں۔

(مصنف ’صنوبر انسٹی ٹیوٹ‘ کے چیئرمین اور پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ ہیں)

(بشکریہ: انڈی پنڈنٹ اردو)