سردار کھوسہ کا رقصِ بسمل
- تحریر سہیل وڑائچ
- اتوار 15 / نومبر / 2026
دیرینہ مہربان سردار لطیف کھوسہ کی اڈیالہ میں عمران خان سے ملاقات کے بعد کی پھرتیوں، خوشیوں اور دعوؤں نے مجھے سرشار کر رکھا ہے۔ مجھے پروگریسو رائٹرز کے بانی سید سجاد ظہیر المعروف بنے بھائی کی بیٹی نور سجاد ظہیر کی کتاب ’میرے حصے کی روشنائی‘ کا ایک قصہ یاد آگیا۔
الجزائر کو آزادی ملی تو سجاد ظہیر خوشی میں سرشار جھومتے ہوئے گھر آئے۔ الجزائر سجاد ظہیر کا وطن نہ تھا مگر وہ سرخ انقلاب، آزادی اور مساوات کے سچے اور پکے پیروکار تھے۔ وہ پاکستان میں بھی انقلاب لانے کیلئے زیرزمین کام کرتے رہے۔ ان کا جذبہ سچا اور کھرا تھا اب میرے جیسا قلم گھسیٹا ان کی ہمسری کیسے کرسکتا ہے۔ میں سردار کھوسہ کے چہرے کی سرخی پر سرشار ہوں تو بآسانی مجھے طعنہ دیا جاسکتا ہے’ بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ‘۔
سردار ان کے کھوسہ دہائیوں تک پیپلز پارٹی کی سیاست میں سرگرم رہے۔ گورنر پنجاب رہے، اٹارنی جنرل رہے، پارٹی کے سیکریٹری جنرل رہے، بینظیر بھٹو اور آصف زرداری کے وکیل رہے۔ محترمہ بے نظیربھٹو آخری بار لاہور آئیں تو کھوسہ ہاؤس میں ہی مقیم رہیں اور وہاں مختصر نظر بندی بھی گزاری۔ سردار لطیف کھوسہ کے پیپلز پارٹی سے کچھ اختلافات ہوئے اور کچھ وہ اپنے صاحبزادوں کے سیاسی مستقبل کی راہ بھی ہموار کرناچا ہتے تھے۔ اور سب سے بڑھ کر یہ وہ خود کو ایک نئی سیاسی اننگز کھیلنے کیلئے تروتازہ محسوس کرتے تھے۔ وہ مشکل وقت میں تحریک انصاف کو درپیش چیلنج کا سامنا کرنے کو بھی تیار تھے۔ اس لئے انہوں نے 2024 کا ڈیفنس لاہور سے الیکشن لڑا اور تحریک انصاف کے ٹکٹ پر مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق کو شکست دے دی۔ خواجہ صاحب کا دل بھی بڑا ہے، انہوں نے اپنی شکست کو تسلیم کرکے کھوسہ صاحب کو مبارکباد دی۔
سردار لطیف کھوسہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تو وہ پیڈ باندھے بلے بازی کیلئے تیار تھے۔ مگر تحریک انصاف کی اندرونی لڑائی انہیں سر اٹھانے ہی نہ دیتی تھی۔ ان کی بینظیر بھٹو اور زرداری کو عدالتوں سے لڑ لڑ کر ریلیف لے کر دینے کی مشہوری تھی، انہیں عمران خان اور بشریٰ عمران کا وکیل مقرر کیا گیا۔ مگر جلد ہی بانی کو ان کی عدم حاضری اور عدم دلچسپی کی ایسی شکایتیں لگائی گئیں کہ وہ تحریک انصاف کے وکلائے صفائی کی صف میں پیچھے دھکیل دئیے گئے۔ انہوں نے تحریک انصاف کی سیاست میں سرگرم ہونے کی کوشش کی مگر وہاں صرف تقریریں گرم ہیں، باقی سب کچھ ٹھنڈا ہے۔ پارلیمان میں تقریر کرکے سر اٹھانے کی کوشش کی تو وہاں بھی کئی شیش ناگ غضبناک ہوئے۔ مگر سردار کھوسہ بھی کہاں ہمت ہارنے والے ہیں۔ انہوں نے وہی جادو کی چھڑی پھر سے آزمائی جو پیپلز پارٹی کی قیادت سے قرب میں کام آئی تھی۔ وکالت ہی ان کا جادو اور دلائل ان کی چھڑی ہیں۔
تحریک انصاف میں جاکر سردار کھوسہ کے قہقہے اور ہنسی کچھ دب سی گئی تھی۔ ان کے رقص میں وہ پھرتی نہیں دکھائی دے رہی تھی جوان کا سالوں سے خاصا رہی ہے۔ وہ تو تفاخر اور خودی کے رقص طاؤس کے قائل تھے۔ تحریک انصاف میں جاکر انہیں مسلسل ہسپانوی درد اور جذبات کا رقص فلیمینکو سے سابقہ پڑگیا مگر ماہر رقاص ہر طرح کی دھن پر رقص کرناجانتے ہیں۔ تحریک انصاف میں اپنا مقام بنانے کیلئے ارجنٹائن کے کشاکشی رقص ٹانگو کا سہارا لینا پڑا۔ اگر سردار کھوسہ کی اڈیالہ میں عمران اور بشریٰ عمران سے ملاقات کے بعد تاثرات کو کوئی نام دیا جاسکتا ہے تو وہ رقص بسمل ہے (بسمل ویسے تو ذبح کئے جانے والے پرندے کی تڑپ کو کہتے ہیں مگر اس کی ادبی تعبیر بے قراری ہے)۔
تحریک انصاف کی اندرونی سیاست، طالبعلموں کیلئے لیڈر کی نفسیات اور اس کی تنظیم کی پیچیدگیاں سمجھنے کیلئے کافی ہے۔ تحریک انصاف کی پوری تنظیم درجہ بدرجہ موجود ہے ، مگر ان سب پر بھاری علیمہ خانم ہیں۔ یو ٹیوبرز اور بہادر بھگوڑے انہی کی لائن لیتے ہیں اور وہ اپنے بھائی کی ہو بہو نسوانی کاپی ہونے کی وجہ سے کسی کا لحاظ نہیں کرتیں۔ تنظیم کے ہر فرد کو بغیر کسی تحفظ کے نشانہ بناتی ہیں اور خان کے حواری اور تماشائی اس پر تالیاں پیٹتے ہیں۔ تاہم اصل ویٹو پاور عمران خان کوحاصل ہے یا پھر ان کی تیسری اہلیہ بشریٰ عمران کو یہ مرتبہ حاصل ہے۔ عمران خان، بشریٰ بی بی کو نہ صرف اپنا روحانی استاد اور مرشد مانتے ہیں بلکہ ان کے جیل میں ملاقاتیوں کے بقول عمران خان نہ تو اپنی قید اور نہ اپنی بیماری سے پریشان ہیں اور نہ ہی اس کا زیادہ ذکر کرتے ہیں۔ البتہ وہ اہلیہ کی بیماری اور بالخصوص ان کی بینائی متاثر ہونے کے بارے میں بہت فکرمند ہیں۔
عمران خان کی عرصے تک ملاقاتیں بند رہیں مگر ان کی بشریٰ سے ملاقات بند ہوتو وہ اس پر شدید احتجاج بھی کرتے ہیں اور پریشان بھی ہوتے ہیں۔ جیل اہلکاروں کا کہنا ہے کہ عمران اور ان کی اہلیہ کی جیل کے اندر ملاقات کا وقت عام طور پر آدھا گھنٹہ طے ہوتا ہے۔ عمران بشریٰ سے عقیدت ومحبت سے مصافحہ بھی کرتے ہیں اور ان سے کانوں میں سرگوشیاں بھی کرتے ہیں۔ ان کا بشریٰ سے تعلق اہلیہ کی محبت سے زیادہ مرشد کی عقیدت والا ہے۔ جس طرح علیمہ خانم نے پارٹی تنظیم کے اوپر ویٹو پاور حاصل کی ہوئی ہے بشریٰ کو عمران پر سپرویٹو کا رتبہ حاصل ہے۔ علیمہ خانم اور ان کی بہنوں کو عمران خان کے کانوں تک رسائی حاصل ہے اور ان کے کہے کا بھائی کو اعتماد بھی حاصل ہے۔ مگر بشری کو عمران کے دل و دماغ تک رسائی ہے۔ بشریٰ اور بہنوں میں اگر کسی معاملے پر اختلاف ہوتو عمومی طور پر بشریٰ فتح یاب ہوتی ہیں۔
سردار کھوسہ کی حالیہ کامیابی کی کنجی بھی بشریٰ عمران ہی بنی ہیں۔ ہمارے سردار کھوسہ کی وکالت ہی پیپلز پارٹی میں سیڑھیاں چڑھنے میں کام آئی تھی۔ تحریک انصاف میں بھی یہی سیڑھی بنی، بشریٰ بی بی نے انہیں بطور وکیل اپنایا تو شروع میں لطیف کھوسہ کی گڈی چڑھنی شروع ہوگئی۔ مگر تحریک انصاف میں تو کئی وکلا نے اپنی اپنی پتنگیں اڑا رکھی ہیں۔ سردار کھوسہ کے پیچے دوسرے وکیلوں کےگڈوں اور گڈیوں سے ایسے پڑے کہ ان کی گڈی بے ہوا اور بے وزن ہوگئی۔ بانی تحریک کو بھی ان سے بدگمان کیا گیا۔ تاہم بشریٰ عمران بدستور سردار کھوسہ سے خوش گمانی کی قائل رہیں۔ یہی خوش گمانی سردار کھوسہ کی خوش گفتاری میں شامل ہوئی تو ملاقات کا وہ نتیجہ نکلا کہ سب حیران و پریشان ہیں کہ ڈیل ہوگی یا نہیں؟ کون رہا ہوگا اور کون نہیں؟ نئے صوبوں پر تحریک انصاف، مقتدرہ کی حمایت کرے گی یا نہیں؟ ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ چائے کے کپ اور چسکی میں ابھی بھی بڑا فاصلہ ہے۔
یاد آتا ہے کہ ماضی میں بھی اس تھیوری پرکام کیا گیا تھا کہ بشریٰ اور علیمہ خانم کی لڑائی تحریک انصاف کا کمزور پہلو ہے۔ اس سے فائدہ اٹھایا جائے۔ علیمہ خانم اور بہنوں نے حکومت کے ناک میں دم کررکھا تھا۔ ایسے میں بشریٰ عمران کو حکومت نے رہا کرکے اختلافات سے فائدہ اٹھانا چاہا مگر ہوا اس کے الٹ۔ بشریٰ عمران جیل سے سیدھی وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور پہنچیں نہ صرف وہاں ڈیرہ ڈالا بلکہ وزیر اعلیٰ گنڈا پور کو اسلام آباد جاکردھرنا دینے پر مجبور کرنا شروع کردیا۔ غیر سیاسی بشریٰ عمران یکایک نہ صرف سیاسی ہوگئیں بلکہ انہوں نے جارحانہ سیاست میں علیمہ خانم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ اس پراجیکٹ میں درجن بھر جانوں کے ضیاع کے بعد ناکامی کا اعتراف کرلیا گیا۔ بشریٰ عمران دوبارہ جیل میں عمران کی ساتھی بن گئیں۔
ایک بار پھر بانی اور تحریک انصاف کی کمزوری سامنے آئی ہے دیکھنا یہ ہے کہ یہ کمزوری کل کو تحریک انصاف کو اقتدار دلائے گی، سہولتیں مل جائیں گی اور سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا یا پھر یہ صرف لولی پاپ ہیں۔ نفرتیں اور لڑائیاں اس قدر خوفناک ہیں کہ یہ دریا کے وہ دو پاٹ ہیں جو کبھی مل نہیں سکتے۔ کیا سردار کھوسہ دریاؤں کو موڑدیں گے؟ کیا سردار کھوسہ کا سرشاری میں کیا گیا بھنگڑا کامیابی کی لڈی میں بھی تبدیل ہوسکے گا یا نہیں؟
(بشکریہ: روزنامہ جنگ)