زندہ رہوں گا تو ہی اپنی بے گناہی ثابت کر سکوں گا: چیف جسٹس کو عمران خان کا خط
سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹسز ایک خط میں اپنی اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی طبی حالت پر فوری توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔ یہ خط ان کے وکیل سلمان صفدر کے ذریعے لکھا ہے گیا ہے۔
اپنے خط میں عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی زندگی اور صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
سابق وزیرِ اعظم نے سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے خط میں لکھا کہ اس حکم پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا۔ ان کے مطابق سپریم کورٹ نے انہیں دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا اور ساتھ ہی ان کی طبی جانچ کے لیے ماہرِ امراضِ قلب اور ماہرِ امراضِ چشم پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی تھی۔
عمران خان نے دعویٰ کیا کہ انہیں اڈیالہ جیل میں روزانہ 22 گھنٹے تک قیدِ تنہائی میں رکھا جاتا ہے اور وہ اہلِ خانہ، وکلا، کتابوں اور ٹیلی ویژن تک رسائی سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال انہیں اپنے وکلا سے صرف چار مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی رواں سال اپنے وکلا سے صرف ایک مرتبہ ملاقات کی اجازت ملی۔ انہیں اپنے بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، حالانکہ عدالت نے واضح احکامات جاری کیے تھے کہ ان کی اپنے بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ فون پر بات کروائی جائے۔
سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ان کی اپنی اہلیہ سے ہفتہ وار ملاقات بھی جیل انتظامیہ کی جانب سے مسلسل منسوخ کی جا رہی ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ جیل میں ہونے والے طبی معائنے کے دوران میڈیکل بورڈ نے ذہنی صحت کے لیے اہلِ خانہ سے زیادہ رابطے، مطالعے اور ٹیلی ویژن کی سفارش کی تھی۔ تاہم ان کے بقول جیل انتظامیہ نے ان سفارشات پر عملدرآمد نہیں کیا۔
عمران خان نے کہا کہ ان کی دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی ختم ہو چکی ہے۔
اپنی اہلیہ کی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ اپریل 2026 میں بشریٰ بی بی کی آنکھ کا پردہ متاثر ہوا تھا اور ان کی پیچیدہ سرجری کی گئی تھی۔ بشریٰ بی بی کی بینائی کو مستقل نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے اور ان حالات میں انہیں فوری طور پر دوسری سرجری کی ضرورت ہے۔
عمران خان نے جیل حکام پر الزام عائد کیا کہ بشریٰ بی بی کا میڈیکل ریکارڈ فراہم نہیں کیا جا رہا اور انہیں اپنے ڈاکٹروں تک رسائی سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔ خط میں عمران خان نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں قیدِ تنہائی کے باعث ان کا بلڈ پریشر خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ گزشتہ ہفتے ان کا بلڈ پریشر 192 اور 193 تک پہنچ گیا تھا اور ڈاکٹروں کے مطابق ایسی صورتِ حال میں برین ہیمرج اور دل کے دورے کا شدید خطرہ ہوتا ہے۔ سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان کا دل پہلے ہی متاثر ہو چکا ہے۔
خط میں عمران خان نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے خلاف مقدمات کا سامنا عدالتوں میں کیا اور قانون کا راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے کبھی طبی بنیادوں پر ریلیف لینے کی کوشش نہیں کی۔ ان کی مختلف اپیلیں زیرِ التوا ہیں، تاہم طبی صورتحال اور بنیادی حقوق کے معاملات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں سزا کے خلاف ان کی اپیل کو دیگر مقدمات کے فیصلوں کے خلاف دائر اپیلوں سے پہلے سماعت کے لیے مقرر کیا جا رہا ہے جبکہ ان کی صحت، ان کی اہلیہ کی بینائی اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کو ترجیح نہیں دی جا رہی۔ جیل مینول، جیل قواعد اور آئینی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
سابق وزیرِ اعظم نے اپنے خط میں لکھا کہ انہوں نے اپنی زندگی ہسپتال بنانے اور غریبوں کو مفت علاج فراہم کرنے کے لیے وقف کی اور آج وہ اپنے اور اپنی اہلیہ کے لیے صرف طبی علاج اور انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ وہ کوئی خصوصی رعایت نہیں چاہتے بلکہ صرف سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد اور مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے خط میں لکھا کہ ’میں زندہ رہوں گا تو ہی اپنی بے گناہی ثابت کر سکوں گا۔‘
خط کے اختتام پر سابق وزیرِ اعظم نے سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان سے اپیل کی کہ دیر ہونے سے پہلے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے عمران خان کی جانب سے چیف جسٹس صاحبان کو لکھے گئے خط کو ’حقائق کے منافی‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دراصل ریلیف یا این آر او کی درخواست ہے۔ اُنہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان سیاسی انتقام کے باعث نہیں بلکہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے بعد جیل میں ہیں اور اس مقدمے کے شواہد مضبوط ہیں۔ طارق فضل چوہدری نے خط میں طبی سہولتوں کی عدم فراہمی، قیدِ تنہائی اور جیل میں سہولتوں سے محرومی سے متعلق الزامات کو بھی مسترد کیا۔ ان کے مطابق عمران خان کو جیل میں تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کی صحت کا باقاعدگی سے طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اپنی صحت کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ انہیں ہسپتال منتقل کیا جائے۔ بشریٰ بی بی کے وکلا سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کے تو سط سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان کی سرجری کے لیے تمام سہولیات بروقت فراہم کی جائیں اور ضروری نگہداشت و علاج کی غرض سے فوری طور پر کسی مستند ہسپتال منتقل کرنے کے