آئینی و جمہوری سسٹم کی طاقت

آج تھوڑی الجھن تھی کہ کالم برطانیہ میں مسلم آبادی کے طرز عمل پر لکھا جائے یا نیتن یاہو کی چھٹی کروانے والے اسرائیلی نومنتخب رہنما آئزنکوٹ کی شخصیت اور مجوزہ پالیسیوں کا جائزہ پیش کیا جائے۔

لیکن ان دونوں سے بڑھ کر بڑھک باز امریکی پریذیڈنٹ کی بدترین کارکردگی کا جائزہ زیادہ اہم ہے، جس کے کارن امریکی عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ریپبلکن کو شکست دیتے ہوئے ٹرمپ کو پنکچر کر دیا ہے۔ اس پر امریکی آئین اور ڈیموکریٹک سسٹم کی تحسین تو بنتی ہے۔ جو لوگ حالات و واقعات پر عمیق نظر رکھتے ہیں، ان کے لیے آنے والے حالات کی تبدیلیوں کو پیشگی سمجھ لینا کوئی مشکل نہیں ہوتا۔

ہمارے عامتہ الناس نے اپنے ملک میں جس انوکھی و ملاوٹی جمہوریت کو دیکھ رکھا ہے، ان کے لیے واقعی یہ ادراک مشکل ہے کہ خالص جمہوریت میں کس طرح عوامی ووٹ کی طاقت بدترین آمرانہ ذہنیتوں کی بظاہر مضبوط حکومتوں کو پنکچر کر دیتی ہے یا انہیں اکھاڑ کر ایوان اقتدار سے باہر پھینک دیتی ہے۔ ہمارے ہاں تو فارم 45 اور 47 کا ہی رونا نہیں رویا جاتا۔ یہاں تو تین سو کے ایوان میں 162 سیٹیں جیتنے والے کو غدار قرار دے کر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔ جبکہ محض 81 سیٹوں والا پرائم منسٹر ہاؤس میں یوں دندناتا ہے جیسے وہ ہٹلر اور مسولینی کا بڑا بھائی ہو۔

بنجمن نیتن یاہو کی جو بھی شخصیت یا طویل دورانیے پر محیط مضبوط پولیٹیکل حیثیت ہے لیکن اگر اس نے بھی عوامی اپروچ کے بالمقابل زیادتیاں کی ہیں تو عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے اسے بھی ایوان اقتدار سے نکال باہر کیا ہے۔ ٹرمپ سے بڑا تیس مار خان کون ہو گا؟ ہٹلر ذہنیت کا حامل یہ شخص انسان کو انسان نہیں سمجھتا تھا۔ اپنے اردگرد ہی نہیں عالمی سطح پر قابل احترام شخصیات کی توہین و بے توقیری کرنا گویا اس کی جبلت تھی۔ ایسی حرکتوں سے اس خوشامد پسند ذہنی مریض کی انا کو تسکین ملتی تھی۔ کون سی معزز شخصیت ہے، جس سے اس ڈرامہ باز چرب زبان شخص نے پنگا نہیں لیا؟ درویش نے تو مہینوں قبل اس کے متعلق یہ لکھا:  ’امریکی عظمت کا کھوکھلا نعرہ لگانے والے نے امریکی عظمت زمین بوس کر دی ہے۔ امریکی میڈیا سے لے کر عالمی میڈیا تک ہر جگہ آپ کے حماقتیں زیر بحث ہیں۔ سیانے کہتے ہیں بیوقوف دوست سے دانا دشمن اچھا۔ کوئی بھی خوشامد پسند اپنی تعریف کا بھوکا شخص دوستوں کے لیے جتنا خطرناک ہوتا ہے اتنا کوئی دشمن بھی نہیں ہو سکتا۔ امریکی پریذیڈنٹ ٹرمپ کا المیہ یہی ہے کہ وہ ایک انسٹیبل اور غیر متوازن شخص ہیں۔ دوست دشمن کی پہچان سے عاری۔ شاید وہ امریکا کا عمران خان ہے۔ بونگی مارتے، احساس تک نہیں ہوتا کہ وہ کیا کر رہا ہے اور کیا کہہ رہا ہے۔ بالآخر چلے تو اس نے جانا ہے لیکن وہ آنے والی امریکی حکومتوں کے لیے ایسے کانٹے بو کر جائے گا جن کی چبھن برسوں محسوس کی جاتی رہے گی۔ اس کے منفی اثرات سے چھٹکارا پانے کے لیے امریکنوں کو ڈالروں کے علاوہ خاصی محنت اور تگ و دو کرنی پڑے گی۔ مسٹر ٹرمپ! کیا آپ کو شرمندگی محسوس نہیں ہوتی اس نوع کی گفتگو کرتے ہوئے؟ امریکی اتحادی اقوام اور ان کی قیادتوں کا، کیا آپ کی نظروں میں یہی احترام ہے جو ہر پل ان کی جگ ہنسائی کرتے رہتے ہو؟ آپ صدر ہو یا کوئی مسخرا؟ ان بھلے مانسوں پر بھی افسوس ہے جنہوں نے آپ کو چنا۔ کتنا اچھا ہو جو مڈٹرم الیکشن میں وہی آپ کے ریپبلکن کی چھٹی کروا دیں‘۔

یہ چھٹی صاف دکھائی دے رہی تھی، لکھا واضح نظر آ رہا تھا۔ آج آپ کہہ رہے ہیں کہ ہاں بعض پالیسیوں میں مجھ سے غلطیاں ہوئی ہیں۔ ایرانی جنگ اور مہنگے پٹرول نے ہمیں شکست سے دوچار کر دیا ہے۔ ساتھ ہی اس نوع کی بھی ہانک رہے ہیں کہ بیلٹ پیپرز پر چونکہ میرا نام نہیں تھا اس لیے میرے ریپبلکن ہار گئے ہیں۔ اگر میرا نام وہاں موجود ہوتا تو پھر فتح ہماری ہوتی۔ یہ بھی حقائق کو مسخ کرنے والی کھوکھلی بڑھک ہے۔ آپ کا نام کیا، اگر تصویر بھی وہاں ہوتی تو عوامی غصہ اس سے بھی زیادہ ہوتا۔ کیا آپ ہی پہہم ایسی تقاریر نہیں کر رہے تھے کہ سینیٹ اور عوامی نمائندگان کے ریپبلکن امیدوار نہیں میں کھڑا ہوں؟ آپ مان کیوں نہیں لیتے ہیں کہ ان بیچاروں کو آپ کے کرموں کی سزا بھگتنی پڑی ہے، اپنے ساتھ پوری پارٹی کو لے ڈوبے ہیں۔ کتنے ٹویٹ کیے آپ نے اپنے دوست نیتن یاہو کے لیے؟ کیا نتیجہ آیا؟ اپنے ساتھ اپنے دوست کو بھی لے ڈوبے ہو۔ اب کہیں اپنے باقی ماندہ عرصے میں سکندریہ کے سٹیج پر گن گانے والے اور اس کے پیچھے کھڑے مہربان کو بھی نہ لے ڈوبنا: ہوئے تم دوست جس کے دشمن اس کا آسمان کیوں ہو۔

دوسروں کی زندگیاں جہنم بنا کر خواہش یہی ہے کہ خود جنت کا ٹھیکےدار بن جاؤں۔ امریکی صدارت سے ہٹوں گا تو اسرائیل کا پرائم منسٹر بن جاؤں گا۔ تعلی بازی کی واقعی کوئی حد نہیں ہوتی۔ مرنے کے بعد بھی لوگ آپ کو ایسے ہی یاد کریں گے جیسے وہ ان دنوں مڈٹرم الیکشن میں یاد کر رہے ہیں۔ نتیجتاً ریپبلکن کے دہائیوں پرانے پکے مورچے بھی ڈیموکریٹس کی محبت میں ڈھیر ہو گئے۔ اوباما سے جتنا چاہو حسد کر لو، جتنا چاہو کیچڑ پھینک لو، مگر امریکی عوام میں آج بھی اس کا اور اس کے ساتھیوں کا بول بالا ہے۔ مڈٹرم الیکشن میں ریپبلکن کی شکست محض ٹرمپ کی ایران پالیسی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مہنگائی ہی نہیں تھی۔ اگر یہ نہ ہوتی درویش کی نظروں میں پھر بھی صورتحال یہی ہونی تھی کیونکہ دو سالہ کارکردگی میں سوائے مسخرے پن کے اور تھا ہی کیا؟

ٹرمپ کی ٹیرف پالیسی ہی اس کا مکو ٹھپنے کے لیے کافی تھی جو امریکی عوام کے لیے بجائے خوشحالی کے مہنگائی کا سونامی لے کر آئی۔ کس کو یہ دکھائی نہیں دے رہا تھا کہ خود پسندی کا شکار یہ مصنوعی شخص کس طرح اپنی ذات اور اپنے ذاتی کاروبار کو پورے امریکا اور امریکی مفادات سے بھی اوپر رکھے ہوئے تھا۔ گویا امریکا کوئی ریاست نہیں ایک کاروباری ادارہ ہے جس کا سی ای او ٹرمپ اور اس کا کنبہ ہے۔ امریکی ڈیموکریٹک سسٹم کی گریٹ نیس کو سلام ہے جس میں امریکی ووٹرز اپنے ووٹ کی طاقت سے اپنی ہی منتخب کردہ حکومت کو محض دو برس بعد انتخابی جھٹکا لگا کر یہ سمجھا سکتا ہے کہ آپ کوئی اشرافیہ ہیں نہ بادشاہ۔ آپ ایسے خمار کو دماغ سے نکال دیں اور سمجھ لیں کہ آپ عوام کے نمائندے ہیں اور عوام کے منتخب ادارے کانگریس کو جوابدہ ۔

کہنے کو ایرانی بھی اپنے تئیں جمہوری ہونے کا دعویٰ رکھتے ہیں لیکن نو کروڑ عوام کا نمائندہ صدر ایک سو ملاؤں اور ان کی استبدادی ولایت فقیہ کے سامنے بے بسی کی تصویر بنے کھڑا ساری دنیا کو دکھائی دیتا ہے۔ مذہبی امامت کے سامنے عوام کالانعام یا ان کی مجلس کیا حیثیت رکھتے ہیں؟ کیا نو کروڑ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے فرد واحد کی آمریت “ولایت فقیہہ” کو ایوان اقتدار سے چلتا کر سکتے ہیں؟ نصف صدی سے عوامی احتجاجی تحریکوں کو جس بیدردی سے کچلا جا رہا ہے اور نوجوانوں کو جس طرح پھانسیوں پر لٹکایا جاتا ہے، اس کے بعد امریکی و اسرائیلی جمہوری سسٹم کے خلاف منافرتوں کے طوفان اٹھانے کا کیا کوئی جواز بنتا ہے؟