دروازہ کھلنے کا انتظار

صدر آصف علی زرداری کا وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لئے ماڈل ٹاؤن لاہور جانا معمول کی بات نہیں،دونوں شخصیات کا مسکن اسلام آباد میں ہے مگر دونوں نے اسلام آباد سے دور لاہور ہی ملاقات کا فیصلہ کیوں کیا؟

پھر یہ پروٹوکول سے بھی ہٹ کر ہے کہ صدرِ مملکت وزیراعظم سے ملنے جائیں،عموماً وزیراعظم ہی صدر کو ملنے جاتے ہیں۔ سو یہ انہونیاں اگر ہو رہی ہیں تو ان کے پیچھے کوئی بات تو ہے۔محسن نقوی جب سے صدر آصف علی زرداری کو مل کر آئے ہیں،افواہیں بھی گرم ہیں اور چہ میگوئیاں بھی ہو رہی ہیں۔یہ سب کچھ صرف اٹھارویں ترمیم  یا نئے صوبوں کے قیام کی وجہ سے ہو رہا ہے یا اس کے پیچھے نیا سیٹ اَپ لانے کی کوئی سرگرمی بھی چل رہی ہے۔ ہونے تو نئے انتخابات چاہئیں کیونکہ چہرے بدلنے سے کچھ نہیں ہو گا۔ نجم سیٹھی نے اپنے پروگرام میں جب سے کہا ہے مریم نواز ملک کی وزیراعظم بننا چاہتی ہیں اور اس سے کم پر راضی نہیں تو سوال در سوال کی صورتِ حال پیدا ہو جاتی ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری بھلے سب پر بھاری ہیں مگر اِس وقت اُن کے پاس چوائس کیا ہے، کیا وہ  حرفِ انکار زبان پر لا سکتے ہیں۔ کیا انہیں اتنا یقین ہے کہ یہ سیٹ اَپ گیا تو اُن کے سارے مفادات بچ جائیں گے۔ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی ایڈوائس پر دستخط کر کے وہ اتنا تو جان ہی چکے ہیں کہ دہری اکثریت کا مینڈیٹ بھی حاصل ہو تو پانی کا بلبلہ ثابت ہوتا ہے۔

خیبرپختونخوا کی حکومت کے ساتھ تو عوام کی ہمدردیاں بھی تھیں، سندھ حکومت گئی تو اب سندھ کارڈ بھی نہیں چل سکے گا۔ صدر کی وزیراعظم سے اس موقع پر ملاقات، آ مل کر کریں عندلیب آہ و زاریاں، جیسی لگتی ہے۔یہ آشیانہ کس قدر شاخِ نازک پر بنا ہوا ہے،اس کا اندازہ اس بات سے کیجئے کہ تحریک انصاف کے کارکنوں یا رہنماؤں کو رہائی ملتی ہے تو شور اُٹھتا ہے کپتان سے ڈیل ہو گئی ہے۔ عمران خان کی دو بہنیں رہا ہوئیں تو اسے بھی کسی ممکنہ تبدیلی سے جوڑا گیا۔علیمہ خان  رہا نہیں ہوئیں تو تھوڑا سا گمان رہ گیا، بات ابھی پوری طرح بنی نہیں۔عمران خان سے اڈیالہ جیل میں دو وکلا کی ملاقات ہوئی تو خبروں کا تانتا بندھ گیا۔ سب سے اہم خبر یا افواہ یہ تھی کہ عمران خان نے نئے صوبوں کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ بادی النظر میں دیکھا جائے تو وہ ایسا کر بھی سکتے ہیں۔خیبرپختونخوا کی حکومت ختم ہونے کے بعد انہیں اب کسی صوبے کے چھن جانے کا کوئی ڈر بھی نہیں بلکہ دوسری طرف پنجاب اور سندھ میں اگر نئے صوبے بنتے ہیں تو مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کے ہاتھ سے صوبے نکل جائیں گے جو اُن کی سیاست کے لئے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوں گے۔

اگر اس خبر کو جس میں پنجاب میں تبدیلی کی باتیں ہو رہی ہیں،اُس خبر سے ملا کر پڑھا جائے جس میں مریم نواز کے وزیراعظم بننے کا تذکرہ ہے تو امکان کا گمان ہوتا ہے کیونکہ فی الوقت مریم نواز کی موجودگی میں پنجاب میں تبدیلی ممکن نظر نہیں آتی۔ ملک محمد خان  سپیکر پنجاب اسمبلی خود اپنے ایک انٹرویو میں کہہ چکے ہیں،اُن کے لیڈر نواز شریف ہیں، وہ اُن کے پیچھے چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ اب ایسے میں جو لوگ چودھری پرویز الٰہی اور ملک محمد خان کے پنجاب میں سیٹ اَپ سنبھالنے کی افواہیں چھوڑتے ہیں ،وہ شاید کسی ایجنڈے پر ہیں۔ پیپلز پارٹی میرے نزدیک مسلم لیگ(ن) کی نسبت زیادہ مشکل صورتِ حال کا شکار ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں اپنے آپ کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ مریم نواز بھی پوری کوشش کر رہی ہیں تحریک انصاف کی مقبولیت  کم کر کے مسلم لیگ(ن) کو کھویا ہوا مقام دلایا جائے۔ مسلم لیگ(ن) پنجاب میں نظر آ رہی ہے جبکہ دوسری طرف پیپلزپارٹی پنجاب سے یکسر آؤٹ ہو چکی ہے۔حالت یہ ہے کہ ملتان جیسے شہر میں جہاں گیلانی خاندان کے پاس اسمبلی کی چار نشستیں اور سینیٹ کی چیئرمین شپ ہے۔ عوامی بہبود کا ایک بھی کام نہیں کرایا جا سکا۔پنجاب حکومت کے جتنے کام ہیں وہ بالا بالا ہو رہے ہیں۔ حقیقت یہ بھی ہے کہ خود سید یوسف رضا گیلانی ملتان میں تعینات افسروں سے پوچھ رہے ہوتے ہیں، کون سے ترقیاتی کاموں کی منظوری ہوئی ہے۔ مریم نواز نے کتنے فنڈز مختص کئے ہیں۔

2024کے انتخابات میں متنازعہ انتخابی نتائج کے باوجود حکومتیں قبول کر کے دونوں جماعتوں نے جو فیصلہ کیا تھا ،وہ اب اُن کے لئے ایک مشکل صورتِ حال کو جنم دے رہا ہے۔اُن کیلئے عمران خان کی رہائی یا پھر اُن سے ڈیل بھی ایک ڈراؤنا خواب ہے۔جب26ویں اور27ویں ترامیم  ہوگئیں تو اب اٹھائیسویں کو ٹالنا کیسے ممکن ہو سکتا ہے۔صورتِ حال خاصی گمبھیر ہے اور کہا جا رہا ہے اسی نومبر میں بہت کچھ ہو سکتا ہے۔جب تاریخ میں ایسے مواقع آتے ہیں تو نہ چاہتے ہوئے بھی جرات مندانہ فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ پہلے بھی متعدد مرتبہ انہی کالموں میں لکھا گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو مل کر کسی قومی ایجنڈے پر متفق ہونا چاہئے۔ کیا یہ بات حیران کن نہیں کہ صدر اور وزیراعظم تو آپس میں مل رہے ہیں لیکن اپوزیشن سے ملنے کی ضرورت محسوس نہیں کر رہے۔

ایک بے یقینی ہے جس نے سارے منظر نامے کو لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ اس صورتِ حال سے نکلنے کا کوئی راستہ کھلا ہے یا سب بند ہو چکے ہیں، دروازہ کھلنے کی منتظر ہے نگاہ۔

(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)