بھارتی ٹیم جیت گئی، بھارتی سوچ ہار گئی

ہفتے کے روز پاکستان اور بھارت کے مابین انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل کرکٹ سے محبت کرنے والے ہر شخص نے دیکھا۔ یہ ایک کانٹے دار میچ تھا۔ بہت سے ریکارڈ بنے، بہت سے ریکارڈ ٹوٹے۔ فائنل میں نہ کسی ٹیم نے آج تک اتنا اسکور کیا، نہ ہی کسی ٹیم نے فائنل میں اتنے اسکور کا ہدف پار کیا۔

دونوں ٹیموں نے بہترین کرکٹ کھیلی، جان کی بازی لگا دی۔ بھارتی ٹیم کی خوش قسمتی کہ پچاسویں اوور کی آخری گیند پر، جب بھارت کو فتح کے لیے 3 رنز درکار تھے، آخری بیٹسمین نے ایک چوکا مار کر فتح حاصل کی۔

یہاں تک سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا لیکن اس کے بعد جو ہوا وہ ناقابلِ یقین نہیں بلکہ قابلِ نفرت ہے۔ آخری شاٹ مارنے کے بعد یوں لگا جیسے بھارتی کھلاڑیوں کی جون بدل گئی۔ وہ زومبیز میں تبدیل ہو گئے۔ یوں لگا جیسے کوئی خطرناک وائرس ان کے ذہنوں میں داخل ہو گیا جس سے ان کے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت مفقود ہو گئی ہے۔ ان کی آنکھوں سے خون برسنے لگا، منہ سے جھاگ نکلنے لگا،  زبانوں پر ہذیان جاری ہو گیا۔ یوں لگا جیسے ان کے جسموں میں کوئی شیطانی قوت در آئی جس نے ان کو شرانگیزی پر اکسا دیا۔

چند لمحے پہلے یہی کھلاڑی کرکٹ کی تاریخ کا ایک یادگار میچ کھیل رہے تھے۔ مقابلہ گیند اور بلّے کا ہو رہا تھا، ہر بال پر تالی بج رہی تھی، ہر اسکور پر داد مل رہی تھی۔ کھیل کا میدان کھیل کے جذبے سے سجا ہوا تھا۔ کرکٹ کا جنون جوبن پر تھا۔ نوجوان اپنی اپنی ٹیم کی فتح کے لیے تمام تر توانائیاں لگا رہے تھے۔ دونوں ٹیموں کی جیت کا امکان آخری بال تک تھا۔ دونوں ٹیموں کی کارکردگی تقریباً ایک سی تھی۔ فرق صرف آخری چوکے سے پڑا۔ لیکن اصل فرق جیتنے سے نہیں، بھارتی ٹیم کے نفرت انگیز رویے سے پڑا۔

وہ جیت جس پر تمام دنیا کو اش اش کرنا تھا، اسی جیت کے بعد کے رویے سے اب سب اسی پر تھو تھو کر رہے ہیں۔ وہ جیت جس سے بھارتی عوام کا سر فخر سے بلند ہونا تھا، اب وہی سر شرم سے جھک چکے ہیں۔ جس جیت کا جشن انہوں نے منانا تھا، اسی کے بعد کے رویے کا اب دنیا بھر میں ماتم کیا جا رہا ہے۔ لوگ جیتنے والے سے محبت کرتے ہیں، یہ پہلی جیت ہے جس میں جیتنے والے نفرت کے استعارے بن گئے۔ بھارتی ٹیم کا رویہ اس لیے حیران کن نہیں کہ یہ رویہ سارے بھارت کا ہے۔ یہ سوچ بھارتی حکومت کی ہے۔ یہ نفرت بھارتی سرکار کی عطا کی ہوئی ہے۔ یہ رویہ اس سماج کا ہے جہاں اقلیتوں کو جینے کا حق نہیں۔ یہ حرکت اس ذہنیت کی ہے جو مسلم کش سوچ پر مبنی ہے۔ یہ کیفیت اس ملک کے کھلاڑیوں کی ہے جہاں پاکستان سے دشمنی کی بنا پر الیکشن جیتے جاتے ہیں۔ عوام کو ورغلایا جاتا ہے۔ تفریق پیدا کی جاتی ہے۔ نفاق تخلیق کیا جاتا ہے۔ اختلاف کو ہوا دی جاتی ہے۔

بھارت ایک زمانے میں سیکولر ہونے کا دعویٰ کرتا، شائننگ انڈیا کے نعرے لگاتا، اقلیتوں کے حقوق کی بات کرتا، انسانی حقوق کی جھوٹی سچی قراردادیں پیش کرتا لیکن یہ پرانے زمانے کی بات ہے۔ اب نہ بھارت سیکولر ہے، نہ کوئی حصہ شائن کر رہا ہے۔ اب صرف نفرت کو ہوا دی جا رہی ہے، ہندوتوا کا سبق پڑھایا جا رہا ہے، اقلیتوں کے حقوق غصب کیے جا رہے ہیں۔ ذات پات کی تقسیم میں سماج کو بانٹا جا رہا ہے۔ ہر مخالف آواز کو قتل کیا جا رہا ہے۔ کشمیری ہوں یا کاکروچ، مسلمانوں کے حقوق کی صدا ہوا  یا سکھ برادری پر ظلم کی  واردات۔ ایک مسلسل ہٹ دھرمی بھارتی سوچ کا وتیرہ ہے۔ ایک مسلسل بے رحمی مودی حکومت کا ’عطیہ‘ ہے۔ ظلم کی یہ ایک ایسی روایت شروع ہو چکی ہے جو ختم ہونے کو نہیں آ رہی۔ اپنے گناہوں پر پردے ڈالنے کی عادت اب جا نہیں رہی۔ میڈیا وہاں سچ بول نہیں سکتا۔ حق بات اب وہاں ہو نہیں سکتی۔ اختلاف کی جرأت کرنے والوں کو کاکروچوں کی طرح کچل دیا جاتا ہے۔ انسانی حقوق کی لاش پر وہاں ماتم نہیں کیا جاتا، جشن منایا جاتا ہے۔

مودی نے بھارتیوں کی سوچ میں نفرت بھر دی۔ اس لیے کہ اس کے پاس ایک ہی حیلہ ہے۔ اس کے علاوہ سیاست کا کوئی طور مودی سرکار جانتی ہی نہیں۔ جب نفرت ہر معاملے کا حل بنتی ہے تو پڑوسیوں کے ساتھ بھی جنگ رہتی ہے، درونِ خانہ بھی سر خانہ جنگی کی صورت حال بنتی ہے۔ مودی سرکار کو شاید اس بات کا ادراک نہیں کہ نفرت کی آگ چاروں جانب لگا کر کوئی خود محفوظ نہیں رہتا۔ آگ لگانے والے بھی اسی آگ میں بھسم ہو جاتے ہیں، یہ تاریخ کا سب سے بڑا سچ ہے۔

پاکستان میں کالعدم بی ایل اے اسی نفرت انگیز سوچ کی پرورش کر رہی ہے۔ بلوچستان میں بی وائی سی اس طرزِ عمل کی عکاسی کر رہی ہے۔ افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے پیچھے بھی مودی سرکار کی پاکستان دشمنی جھلکتی ہے۔ خودکش حملہ آوروں کے جسموں سے لپٹے بم بھی اسی بھارتی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں جو مودی حکومت نے پورے خطے میں مسلط کی۔ دنیا بھر کے خلاف ہونے والے جرائم میں،  ہر گھناؤنے عمل کی پشت پر، ہر بین الاقوامی دہشتگردی کے واقعے کے عقب میں، آپ کو بھارتی سرکار ملے گی۔ ہندتوا کی سوچ ملے گی۔

 بھارتی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کو یہ بتانا مقصود  ہے کہ یہ لمحے کھیل کی تاریخ میں ایک بدنما داغ کی طرح رہیں گے۔ جو جیت تمہاری ہو سکتی تھی، جس پر تم فخر کر سکتے تھے، جس کا جشن منا سکتے تھے، وہی فتح اب تمہارے تماشے کا سبب بن گئی ہے۔ تمہاری رکیک سوچ کی عکاس بن گئی ہے۔ جیت وہ ہوتی ہے جس کا دنیا جشن منائے۔ جس پر سارے عالم میں فخر سے بات ہو۔ جو ملکوں کے وقار کا باعث بنے۔ جیسے بنیان مرصوص کی فتح۔ جیسے معرکۂ حق کی کامیابی۔ جیسے ٹرمپ کی بھارت کو شکست دینے پر پاکستان کو  بارہا مباک باد، جیسے  جنگ سے مفرور مودی کی جنگ بندی کی درخواستیں۔

تو بھارتی انڈر 19 کے کھلاڑیو! جنگ کی ہار کا بدلہ تم کرکٹ کے میدان میں گالیاں دے کر نہیں لے سکتے۔ جنگ میں فتح کے لیے شیر جیسے جگر کی ضرورت ہوتی ہے۔ اور یہ صلاحیت غیور قوموں میں ہوتی ہے۔ وہ قومیں جن کا خمیر نفرت سے اٹھتا ہے، وہ صرف وحشیوں کی طرح اچھل اچھل کر گالیاں تو دے سکتی ہیں، جنگ نہیں جیت سکتیں۔  جیت کر بھی فاتح نہیں کہلا سکتیں۔

(بشکریہ: وی نیوز)