نقشے سے باہر کا آدمی
- تحریر یاسر پیرزادہ
- سوموار 16 / نومبر / 2026
اگر آپ ایک غریب آدمی ہیں تو مبارک ہو، ہم آپ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ آپ نے ٹھیلے پر سبزیاں بیچنی ہوں، ریڑھی لگانی ہو یا کندھے پر جیکٹیں رکھ کر فروخت کرنی ہوں، ہم آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
آپ جہاں جائیں گے ہم آپ کا تعاقب کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ آپ کا ٹھیلا، آپ کی ریڑھی اور آپ کا کندھا شہر کے حسن کو برباد نہ کر دے۔ اسی لیے تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے والے محکمے ہر دم آپ کے پیچھے ہوتے ہیں اور اُن ٹھیلوں اور ریڑھیوں کو اٹھا کر پرے مارتے ہیں جو شہر کو سان فرانسسکو نہیں بننے دیتیں۔ رہ گیا آپ کا کندھا، تو ہم بہت جلد قانون میں ترمیم کروا کے غریب کے کندھے کو بھی تجاوزات کی تعریف میں شامل کر لیں گے۔ اُس کے بعد نہ رہے گا کندھا اور نہ رہے گی جیکٹ۔ جن لوگوں کو اس حکمتِ عملی پر اعتراض ہے، انہیں چاہیے کہ محنت کریں اور غربت کی نحوست سے خود کو باہر نکالیں، بلکہ زیادہ بہتر یہ ہو گا کہ غریب پیدا ہی نہ ہوں۔ اور اگر آپ کو لگتا ہے کہ پیدائش کا فیصلہ آپ کے بس میں نہیں تھا تو پھر چوری کر کے یا ڈاکا ڈال کر پیسے کما لیں۔ کندھے پر جیکٹ رکھ کر حق حلال کی روزی کمانے کی حماقت نہ کریں۔
سرکاری اعلامیوں میں اگر سچ لکھا جاتا تو کچھ ایسا ہی ہوتا۔ ہم میں سے اکثر لوگ غیر ممالک کا سفر کرتے رہتے ہیں اور وہاں کا نظم و نسق اور صفائی ستھرائی دیکھ کر آہیں بھرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کاش ہمارا ملک بھی ایسا ہی بن جائے۔ یہ اسلام آباد سے دو قدم کی دوری پر راولپنڈی ہے، آپ وہاں کسی بھی وقت نکل جائیں، گھمسان کا رن پڑا ہو گا۔ یوں لگے گا جیسے کسی نے صور پھونک دیا ہو۔ اسی لیے ہر حکومت کی ترجیح ہوتی ہے کہ شہر سے بے ترتیبی اور بدنظمی کا خاتمہ ہو۔ مگر جو لوگ اِس کا یہ علاج بتاتے ہیں کہ ٹھیلوں اور ریڑھیوں کا صفایا کر دینا چاہیے انہیں فرانسیسی مفکر ہنری لیفیور کو پڑھ لینا چاہیے (یہ اور بات ہے کہ ایسے فیصلہ سازوں کا پڑھائی لکھائی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا) ۔
لیفیور کا کہنا تھا کہ جگہ قدرت کا دیا ہوا کورا کاغذ نہیں، سماج کی بنائی ہوئی چیز ہے۔ اسے طاقت بناتی ہے، سرمایہ بناتا ہے، ضابطے بناتے ہیں اور عام لوگ بھی بناتے ہیں۔ اس لیے ہر سڑک، چوک اور فٹ پاتھ کے اندر ایک فیصلہ چھپا ہوتا ہے کہ یہاں کون آئے گا، کون ٹھہرے گا اور کسے آگے بڑھنے کو کہا جائے گا۔ جب کوئی اہلکار حکم دیتا ہے کہ یہ جگہ چھوڑ دو تو وہ محض صفائی نہیں کر رہا ہوتا بلکہ وہ ایک خاص قسم کی جگہ تیار کر رہا ہوتا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی طے کر رہا ہوتا ہے کہ اِس تیار شدہ جگہ کا حق دار کون ہے۔ ایک وہ جگہ ہے جو کاغذ پر سوچی جاتی ہے۔ یہ منصوبہ سازوں، انجینئروں اور افسروں کی جگہ ہے، لکیروں، پیمانوں اور رنگین خانوں والی۔ دوسری وہ ہے جو روز کی آمدورفت سے بنتی ہے، یعنی لوگ عملاً کہاں سے گزرتے ہیں، کہاں رکتے ہیں، کہاں سودا کرتے ہیں۔ تیسری وہ ہے جسے بسنے والے اپنی یادوں، رشتوں اور ضرورتوں کے ساتھ جیتے ہیں۔ گلی کا وہ کونا جہاں دس برس سے ایک ہی آدمی چنے بیچتا آیا ہے، بلدیہ کے کاغذوں میں محض چند مربع فٹ ہے، مگر محلے کے لیے وہ ایک پتا ہے۔ لیفیور کا کہنا تھا کہ جدید دور میں کاغذ والی جگہ باقی دونوں پر حاوی ہوتی چلی جاتی ہے۔
کسی بڑے شہر کا ماسٹر پلان کھول کر دیکھیے۔ درختوں کے لیے الگ نشان ہے، پارکنگ کے لیے الگ، فوارے، سگنل اور نالے تک کی علامت موجود ہے۔ پورے کاغذ پر کہیں اس آدمی کی علامت نہیں ملے گی جو مونگ پھلی، جرابیں یا سردیوں کی جیکٹیں بیچ کر پیٹ پالتا ہے۔ جس کا نشان درج نہیں، منصوبہ ساز کی نظر میں اس کا وجود ہی غلطی ہے اور غلطی کو ربر سے مٹایا جاتا ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ کاغذ پر ربر چلتا ہے اور سڑک پر ٹرک۔ ہمارے ریڑھی والے کا اصل قصور یہی ہے کہ وہ تہہ بازاری والوں سے اجازت لیے بغیر پیدا ہو گیا۔
صاف فٹ پاتھ، کھلی سڑکیں اور سلیقے سے سجائے بازار کسے برے لگتے ہیں۔ مسئلہ اس جمالیات کے پیمانے میں ہے۔ یہاں حسن کی تعریف یہ ٹھہری ہے کہ منظر میں کوئی مفلس دکھائی نہ دے۔ گویا شہر رہنے کی جگہ نہیں، دکھانے کی چیز ہے، ایک پوسٹ کارڈ جسے دیکھ کر مہمانوں اور پیسہ لگانے والوں کو سان فرانسسکو کا گمان ہو۔ غربت ختم کرنے کا سب سے سستا نسخہ یہ ہے کہ غربت کو ہاتھ مت لگاؤ، غریب کو آنکھ سے اوجھل کر دو۔ نہ بجٹ چاہیے، نہ منصوبہ، بس ایک ٹرک اور چند وردیاں۔ شام کو رپورٹ جاتی ہے کہ اتنے مقامات واگزار کرا لیے گئے۔ اس رپورٹ میں یہ خانہ نہیں ہوتا کہ آج رات کتنے گھروں میں چولہا ٹھنڈا رہا۔ بے شک فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں کا حق ہے۔ بوڑھے، بچے، وہیل چیئر والے اور بچیوں کا بازاروں میں گزرنا محال ہو جاتا ہے۔ نظم کی ضرورت سے انکار کوئی نہیں کرتا۔ سوال صرف یہ ہے کہ نظم کا مطلب خاتمہ کب سے ہو گیا؟
دنیا کے بہت سے شہروں نے خوردہ فروشوں کے لیے جگہیں مخصوص کی ہیں، اوقات طے کیے ہیں، معمولی فیس پر اجازت نامے دیے ہیں اور صفائی کی ذمہ داری بھی انہی پر ڈالی ہے۔ ہمارے اپنے ہاں اتوار بازار اور جمعہ بازار اسی سوچ کی مثالیں ہیں۔ جو ریاست چاہے تو ایک رات میں پورا بازار اجاڑ سکتی ہے، وہ چاہے تو ایک ہفتے میں اسے ترتیب بھی دے سکتی ہے۔ اجاڑنا آسان ہے کیونکہ اس میں سوچنا نہیں پڑتا۔ اور رہی بات شہر کے حسن کی تو اسلام آباد پاکستان کے نسبتاً بہتر شہروں میں شمار ہوتا ہے، اِس کا حال یہ ہے کہ اگر آپ شاہراہ دستور کے ایک سِرے سے دوسرے سِرے تک نظر دوڑائیں تو آپ کو رنگ برنگی عمارتوں کے نمونے نظر آئیں گے۔ کسی عمارت کا مغلیہ طرز تعمیر ہے تو کسی بلڈنگ کو جاپانی معماروں نے تراشا ہے، کہیں اطالوی طرز کا ڈبیا نما سیکریٹیریٹ بنا دیا گیا ہے تو کہیں بغیر سوچے سمجھے ڈیڑھ اینٹ کی مسجد کھڑی کر دی گئی۔ لیکن کون پوچھتا ہے، کون سوچتا ہے۔
اُس غریب کے پاس واپس چلتے ہیں جس کو سرکار کے خزانے سے کبھی ایک روپیہ نہیں ملا اور جس کے پاس ریڑھی خریدنے کے پیسے بھی نہیں تھے۔ اُس نے اپنے کندھے کو ٹھیلا بنا لیا، چار جیکٹیں لیں اور انہیں بیچنے نکل کھڑ اہوا، اُس کو ہم نے یہ پیغام دیا کہ تمہارا ’کاروبار‘ ہمیں منظور نہیں۔ جو لوگ شہروں کے ماسٹر پلان اور نقشے بناتے ہیں، وہ شہر کو کاغذوں پر ہی سجاتے ہیں جبکہ شہر کاغذ سے نہیں، لوگوں سے بنتا ہے۔ نقشہ کتنا ہی دیدہ زیب ہو، اگر اس میں کندھے پر جیکٹ ڈالے، چلتے آدمی کی گنجائش نہیں تو وہ شہر کا نقشہ نہیں، محض کسی احاطے کا خاکہ ہے۔ ترمیم آدمی میں نہیں، نقشے میں ہونی چاہیے۔
(بشکریہ: ہم سب لاہور)