عمران خان کا ججوں کے نام خط اور حکومت کی سنگ دلی
- تحریر سید مجاہد علی
- سوموار 16 / نومبر / 2026
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے اڈیالہ جیل سے سپریم کورٹ، آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز کے نام ایک دردناک خط لکھا ہے جو ملک کے عدالتی نظام اور جیلوں کی صورت حال کی بھیانک تصویر پیش کرتا ہے۔ تاہم اس خط سے بھی زیادہ چونکا دینے والا رویہ وفاقی وزیر مملکت طارق فضل چوہدری کے جواب میں دکھائی دیتا ہے جس میں عمران خان کو ملک کا ’ سب سے زیادہ مراعات یافتہ قیدی‘ قرار دیا گیا ہے۔
عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی علالت کے بارے میں چند ماہ سے مسلسل خبریں سامنے آتی رہی ہیں لیکن اسی دوران حکومت نے عمران خان سے ملنے پر پابندیاں لگا رکھی ہیں۔ نہ ان کے اہل خاندان کو ان سے ملنے دیا جاتا ہے اور نہ ہی اعلیٰ عدالتوں کے خصوصی حکم کے بغیر ان کے وکلا کو اپنے کلائینٹ سے ملنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے دو وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور ایڈووکیٹ لطیف خان کھوسہ نے چند روز پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی خصوصی ہدایت پر عمران خان سے ملاقات کی تھی۔ اسی ملاقات میں عمران خان نے بیرسٹر سلمان صفدر سے وہ خط لکھنے کی درخواست کی جو انہوں نے تین اعلیٰ عدالتوں کے سربراہان کو روانہ کرنے کے ساتھ ہی ’ایکس‘ پر عام لوگوں کے مطالعہ کے لیے جاری کیا ہے۔
یہ کہنا آسان عذر ہوگا کہ عمران خان اور ان کے وکیل نے اس خط کے ذریعے سیاسی پروپگنڈا کرنے کی کوشش کی ہے، ورنہ اگر عدالتوں کو اپنی صحت کے بارے میں مطلع کرنا ہی مقصد تھا تو اس خط کو عام کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ بعض سرکاری ترجمان اور نمائیندے اسی بنیاد پر عمران خان اور تحریک انصاف پر قید کی سزا اور عدالتوں کو سیاسی مقاصد کے حصول کا ذریعہ بنانے کا الزام بھی لگا رہے ہیں۔ لیکن درحقیقت یہ الزامات یک طرفہ ، تعصب سے بھرپور اور بے رحمانہ طرز عمل کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ساڑھے تین سال تک کسی مقدمہ میں حتمی سزا کے بغیر جیل میں بند ایک قیدی کی طرف سے اپنی عمر، بیماری اور اہلیہ کے بارے میں پریشانی کے اظہار کو انسان کے طور پڑھنے اور سمجھنے کے لیے جس درد دل کی ضرورت ہے، وہ شاید ہمارے سیاسی مزاج سے منہا کردیا گیا ہے۔ ورنہ عمران خان کا مراسلہ صاف اور دیانت دارانہ اپیل پر مبنی ہے جس میں خاص طور سے اپنی اہلیہ کے لیے طبی سہولتوں کا تقاضہ کیا گیا ہے۔ اس خط کی بنیاد درحقیقت 18 اگست کو جاری ہونے والا سپریم کورٹ کا فیصلہ تھا جس میں انہیں الشفا ہسپتال میں داخل کرکے میڈیکل چیک اپ اور علاج کرانے کی سہولت کا حکم دیا گیا تھا۔ حکومت نے انتہائی ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمران خان کو الشفا بھیجنے سے انکار کردیا اور بعد میں آئینی عدالت نے چند قیدیوں کی طرف سے عمران خان کو نجی ہسپتال میں علاج کی ’ سہولت ‘ ملنے کی بنیاد پر اپنے لیے وہی حق مانگنے کی اپیل دائر کی۔ آئینی عدالت نے کوئی حکم دینا تو مناسب نہیں سمجھا لیکن سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد روک کر اس معاملہ کو سرد خانہ کے سپرد کردیا گیا۔
عمران خان نے جیل حکام پر خود کو قید تنہائی میں رکھنے، دیگر قیدیوں سے مواصلت بند کرنے، اسی جیل میں قید اہلیہ کے ساتھ ہفتہ ملاقاتوں میں رکاوٹ ڈالنے اور اخبارات و ٹیلی ویژن تک رسائی نہ دینےجیسے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس حضرات کو مخاطب کرتے ہوئے کہاہے کہ ’ میری اہلیہ کی بینائی مسلسل متاثر ہونے اور سپریم کورٹ کے معزز جج صاحبان کے حکم پر عمل درآمد نہ ہونے کا معاملہ ہے جس نے مجھے یہ خط لکھنے پر مجبور کیا ہے۔ تنہائی میں رکھے جانے کے دوران میرا بلڈ پریشر بے قابو ہوگیا ہے۔ پہلے 130، پھر 150، اس کے بعد 170 اور گزشتہ ہفتے 10 نومبر کو یہ 192 اور 193 تک پہنچ گیا۔ اب ڈاکٹرز مجھے بتا رہے ہیں کہ مجھے دماغی شریان پھٹنے (برین ہیمرج) اور دل کا دورہ پڑنے کا شدید خطرہ ہے اور میرے دل کو پہلے ہی نقصان پہنچ چکا ہے۔ میری عمر 74 برس ہے اور یہ مسلسل اذیت ناک صورت حال مجھے ایسی حالت کی طرف لے جارہی ہے جہاں سے شاید میں زندہ واپس نہ آسکوں‘۔
ملک کے سابق وزیر اعظم، کرکٹ کے میدان میں قومی ہیرو کی حیثیت کے حامل اور سماجی سطح پر شوکت خانم ہسپتال جیسے ادارے عوام کے لیے تعمیر کرانے والے شخص کی اس شکایت کو محض اس لیے نظر انداز نہیں کیاجاسکتا کہ حکومت کے بعض وزیر ان باتوں کو الزامات قرار دے کر مسترد کررہے ہیں۔ عمران خان نہ صرف ایک اہم پارٹی کے بانی بلکہ غیر مشروط لیڈر اور ملک کے کروڑوں لوگوں کے پسندیدہ قائد ہیں۔ دنیاکا کوئی بھی ایسا ملک جو جمہوریت اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتا ہے یا اس کا دعویدار ہے، ایسے الزامات کو کسی تحقیق اور مناسب شواہد کے بغیر مسترد نہیں کرسکتا۔ لیکن حکومت پاکستان کے ترجمان کے طور پر وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے اس خط کے مندرجات مسترد کرنے میں ذرا تاخیر نہیں کی اور دو ٹوک الفاظ میں عمران خان کی درخواست کو حقائق کے منافی قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’ عمران خان کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، جن میں ان کی پسند کا کھانا، کتابیں اور ٹیلی ویژن بھی شامل ہیں۔ درحقیقت، اس وقت وہ پاکستان کے سب سے زیادہ مراعات یافتہ قیدیوں میں سے ایک ہیں۔ ماہر اور مستند طبی ماہرین ہر ہفتے ان کی صحت کا معائنہ کرتے اور اس کی نگرانی کرتے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر انہیں جیل سے باہر ملک کے معروف طبی اداروں میں بھی معائنے کے لیے لے جایا جاتا ہے۔ عمران خان کو طبی معائنے کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) آٹھ مرتبہ لے جایا جا چکا ہے، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا‘۔
طارق فضل چوہدری کا عجلت میں دیاگیا یہ مشینی ٹائپ بیان درحقیقت حکومت کی سنگدلی، زمینی حقائق سے ناشناسائی اور سیاسی ماحول میں مفاہمت سے انکار کی افسوسناک مثال ہے۔ عمران خان کے خط کے برعکس وفاقی وزیر کی وضاحت پر مبنی بیان درحقیقت سیاسی کاوش دکھائی دیتی ہے جس میں ’ دفتری اہلکاروں کی تیار کی ہوئی رپورٹوں‘ کا حوالہ دے کر حکومت نے ملک کے ایک اہم اور مقبول شخص کی درخواست کو بے وقعت ثابت کرکے، خود سیاسی پوائینٹ اسکورنگ کی بھونڈی کوشش ہے۔ وزیر محترم کو فوری جواب صادر کرنے کی بجائے یہ اعلان کرنا چاہئے تھا کہ اگر عمران خان کے خط میں کی گئی شکایات میں دس فیصد بھی سچائی ہے تو کسی عدالتی فیصلہ سے قبل حکومت خود ان وجوہات کا باعث بننے والے جیل حکام کی سرزنش کرے گی اور وہ تمام جائز سہولتیں انہیں دی جائیں گی جوکسی بھی قیدی کا حق ہیں۔ لیکن جب حکومت حق کی بات سننے پر ہی آمادہ نہ ہو تو اس کی سچائی اور اس کے عمل کی صداقت پر کیسے بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔
بنیادی طور پر تو عمران خا ن کو جیل میں بند رکھنے کی بجائے انہیں آزادی سے اپنے خلاف الزامات کا سامنا کرنے کا شفاف موقع ملنا چاہئے۔ ان کی عمر اور سماجی و سیاسی مرتبے کا تقاضہ ہے کہ انہیں یہ سہولت فراہم کی جائے کہ جب تک اعلیٰ عدالتوں میں ان کے خلاف الزامات ثابت نہیں ہوتے، وہ جیل میں نہیں بھیجے جائیں گے۔ لیکن اگر اس کے باوجود حکومت یہ دعویٰ کرنے پر مصر ہے کہ عمران خان جیل میں ’فائیو اسٹار ہوٹلوں‘ جیسی پرتعیش زندگی گزار رہے ہیں، تو عدالتی نمائیندوں، صحافیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائیندوں کے وفد کو ان سے ملاقات کرنے اور جیل میں ان سہولتو ں کا معائنہ کرنے کا موقع دیاجائے جو حکومتی ترجمانوں کے مطابق فراخدلی سے انہیں فراہم کی جارہی ہیں۔ اگر یہ سب بھی ممکن نہیں تو ملک کے تین چیف جسٹسز کے نام عمران خان کے خط میں کیے گئے انکشافات پر فوری طور سے اور ترجیحاً عدالتی تحقیقات کا اعلان کیا جاتا تاکہ ان شکایات کی حقیقت کسی غیر جانبدار فورم سے سب کے سامنے عیاں ہوجاتی۔ البتہ عمران خان پر جوابی حملے کرکے حکومت نے نہ صرف حقائق چھپانے کی کوشش کی ہے بلکہ ایک درمندانہ اپیل کے جواب میں شدید سنگدلی کا مظاہر ہ کیا ہے۔
ملک میں دھاندلی زدہ یا ہائبرڈ ۔۔۔جیسی تیسی بھی حکومت کام کررہی ہے، اسے جمہوریت کا لبادہ پہنایا جاتا ہے۔ اس انتظام کے تحت اختیارات پر تسلط رکھنے والے لوگوں کو علم ہونا چاہئے کہ وہ اس ملک کے ’بادشاہ‘ نہیں ہیں۔ جلد یا بدیر انہیں عوام کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا۔ وہ اس وقت سیاسی طور سے جو حماقتیں کر رہے ہیں، آنے والے کل میں یہ کانٹے شاید پلکوں سے چننے کا موقع بھی میسر نہ آئے۔