بحرین پر ایرانی حملے، سفارتی کوششیں جاری

  • منگل 17 / نومبر / 2026

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے بحرین کے جزیرے پر واقع شیخ عیسیٰ اڈے میں امریکی افواج کے ایک ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے بیان کے مطابق یہ کارروائی خطے میں امریکی افواج کی ’دشمنانہ نقل و حرکت‘ کا مقابلہ کرنے کے لیے کی گئی۔

اس سے چند روز قبل بھی پاسدارانِ انقلاب نے بحرین میں امریکی افواج کو اپنے ریڈار سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اس دعوے کی تردید کی تھی۔ آج کے مبینہ حملے پر سینٹ کام کا تاحال کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب بحرین کی وزارتِ داخلہ نے ملک میں ’ممکنہ خطرے‘ کے پیشِ نظر شہریوں کے لیے انتباہ جاری کیا ہے۔ وزارت نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے قریب ترین محفوظ مقام پر چلے جائیں اور خبروں کے لیے سرکاری ذرائع سے رجوع کریں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بحرین کے دارالحکومت منامہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ بحرین کے سرکاری ٹی وی نے اعلان کیا ہے کہ ملک نے ایران کی جانب سے کیے گئے حملے روک لیے ہیں۔

اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے بحرین کے جزیرے پر واقع شیخ عیسیٰ اڈے میں امریکی افواج کے ایک ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا ہے۔

اس دوران پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے ایرانی وفد نے 16 نومبر کو راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے ممکنہ طریقوں پر بھی بات چیت ہوئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے دونوں برادر ممالک کے درمیان مسلسل رابطوں، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔