نئے صوبے اور سندھ اسمبلی کا احترام
- تحریر نصرت جاوید
- منگل 17 / نومبر / 2026
ذاتی پسند یا ناپسند بھلاکر نہایت لگن سے ’بعد از صحافت‘ کے اس دور میں بھی دو رپورٹر دوست ٹھوس خبروں کی تلاش میں جان کھپاتے رہتے ہیں۔چند دن قبل ان دونوں نے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران مجھے ’خبر‘ دی کہ آصف علی زرداری نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کے لئے رضا مند ہوگئے ہیں۔
ان کی اطلاع کے مطابق سندھ کی ساحلی پٹی کو کراچی سمیت الگ صوبہ بنایاجاسکتا ہے۔خالصتاً ’جغرافیائی بنیادوں‘ پر ہوئی یہ تقسیم پیپلز پارٹی کے روایتی حامیوں کے لیے قابل قبول ہوسکتی ہے۔ کئی دنوں سے ’خبریں‘ ایک کان سے سن کر دوسرے سے نکال دیتا ہوں۔ کج بحثی سے جان چھڑا کر قلبی اطمینان میسر ہوجاتا ہے۔ دوستوں کے ساتھ گفتگو کے دوران منافقانہ خاموشی سے البتہ گھن آتی ہے۔ اْن کی دی ’خبر‘ جھٹلاتا رہا۔ زچ ہوکر انہوں نے اپنے ’ذرائع‘ کے نام بھی لے دیے۔ وہ نام سن کر خاموش ہوجانا چاہیے تھا۔
آصف صاحب سے عرصہ ہوا کسی سرکاری یا سماجی تقریب میں سرسری ملاقات بھی نہیں ہوئی۔ قربت کے دنوں میں ان کے ساتھ گھنٹوں گزارنے کی بدولت موصوف کی مزاج شناسی کا دعوے دار ہوں۔ ربّ کا صد شکر کہ درست ثابت ہوا۔ گزرے ہفتے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لئے وہ سندھ سے صدارتی جہاز میں لاہور آئے۔ وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران قومی اسمبلی کے سپیکر،وزیر قانون اور وزیر برائے سیاسی امور بھی معاونین کی صورت موجود تھے۔ سرکاری طورپر جاری شدہ اعلامیہ کو غور سے پڑھنے کے باوجود دل ودماغ یہ ماننے کو آمادہ نہیں کہ مذکورہ ملاقات کے دوران نئے صوبوں کی تشکیل کا ذکر نہیں ہوا ہوگا۔
لاہور کے چند متحرک اور باخبر رپورٹروں نے اپنے نام سے چھپی خبروں میں دعویٰ کیا ہے کہ جو ملاقات ہوئی اس کے دوران صدر زرداری اس تجویز کی مخالفت کرتے رہے کہ نئے صوبوں کے قیام کی راہ ہموار کرنے کے لئے ریفرنڈم کا اہتمام ہو۔ نئے صوبوں کی حمایت یا مخالفت میں وقت ضائع کرنا نہیں چاہتا۔ ان کی تشکیل کے لئے ریفرنڈم سے گریز کی مگر دست بستہ عرض کروں گا۔ ایسے حساس معاملے کو ’اکثریت‘ کی ہاں نہیں بلکہ وسیع تر مشاورت کی ضرورت ہے جو ہماری اشرافیہ کے مابین وسیع القلب مفاہمت یقینی بنائے۔ عوام کے بجائے اشرافیہ کا لفظ میں نے تھوڑاسوچنے کے بعد لکھا ہے۔
اپنی بات سمجھانے کے لیے دیانتداری سے بیان کرنا ہوگا کہ قدیمی لاہور کے نمائندہ ماں باپ کا فرزند ہوتے ہوئے بھی میں نے اپنی شناخت عمر کے آخری حصے میں پہنچ جانے کے بعدبھی ’بطور پنجابی‘ دریافت نہیں کی ہے۔ سکول کے دنوں میں ریڈیو پاکستان لاہور کے بچوں کے لئے تیار ہوئے پروگراموں میں شرکت کے لئے جانا شروع کیا تھا۔ لطیفی صاحب وہاں بہت بڑے صدا کار مانے جاتے تھے۔ سنا ہے آزاد نظم کے معروف شاعر اور لااْبالی طبیعت کی وجہ سے مشہور ہوئے، میرا جی کے بھائی بھی تھے۔ ایک پروگرام کی ریہرسل کے دوران میں لفظ ’بھیڑ(ہجوم)‘ کی دوچشمی ’ھ‘ کو ادا کرنے میں ناکام رہا۔ لطیفی صاحب جلال میں آگئے۔ مجھے ٹھنڈے دفتر سے باہر لے جاکر تپتی دھوپ میں کھڑا کردیا۔ اْن کے حکم پر دس کے قریب ایسے الفاظ 15سے زیادہ منٹ تک ادا کرتا رہا جن میں دوچشمی ’ھ‘ استعمال ہوئی تھی۔ جھنڈا وغیرہ۔
بلوغت میں داخل ہوا تو اکثر اس دن سٹوڈیوز میں گھس جاتا جب کثیر تعداد میں ہر مہینے نوجوانوں کی کافی تعداد ریڈیو پر نشر ہوئے پروگراموں میں حصہ لینے کے لیے ادائیگی اور آواز کا امتحان دینے آتی تھی۔ انگریزی میں اس عمل کو ’آڈیشن‘ کہا جاتا ہے۔ امتحان لینے والوں کے ساتھ کھڑے ہوئے چند آوازیں سن کر یوں محسوس ہوتا کہ ربّ کریم نے ایسی آواز فقط ریڈیو کے ذریعے الفاظ کی ادائیگی کے لئے بنائی ہے۔ شین قاف درست نہ ہونے کی وجہ سے ایسی آوازوں کو مگر مسترد کردیا جاتا۔ ایسے ماحول کے ہوتے ہوئے آج تک سمجھ نہیں پایا کہ ریڈیو پاکستان لاہور ہی سے ’نظام دین‘ کی آوازکیسے اساطیری تسلیم کرلی گئی حالانکہ وہ صرف ’جمہوردی آواز‘ نامی پنجابی پروگرام سے وابستہ رہے تھے۔ میری بات کا برا نہ مانیں تو اصرار کروں گا کہ پنجابی اپنی زبان وثقافت سے جذباتی لگاؤ محسوس نہیں کرتے۔ میرے قریب ترین عزیز بچوں کے ساتھ اردو میں گفتگو کرتے ہیں۔ پنجابی محض گھروں میں کام کرنے والی خواتین ودیگر ملازموں کے ساتھ بولی جاتی ہے۔ زبان وثقافتی شناخت کے بارے میں حساس وفکر مند نہ ہونے کے باوجود پیدائشی لاہوری ہوتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کی خاطر دریائے راوی بھارت کے سپرد کردینے کے فیصلے کو دل سے تسلیم نہیں کرپایا ہوں۔ دریا کسی بھی شہر کی شناخت وثقافت تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ لندن کی روح ٹیمز دریا کی صورت اس شہر میں ہمہ وقت بہتی رہتی ہے۔ لاہور مگر راوی کی جدائی کو محسوس کرتا کبھی نظر نہیں آیا۔
یہ کالم جن لوگوں نے یہاں تک پڑھ لیا ہے یقیناً محسوس کررہے ہوں گے کہ حسبِ معمول ایک اہم سیاسی موضوع سے آغاز کرکے اِدھر اْدھر بھٹک رہا ہوں۔ اپنے دفاع میں فقط یہ عرض کروں گا کہ کسی سیاسی سوال کا جواب مقدمے کے لیے تیار ہوئے دلائل کی طرح فراہم کرنے کے لئے صبح اٹھتے ہی یہ کالم لکھنے کو قلم نہیں اٹھاتا۔ ذہن میں آئے خیالات کے برجستہ اظہار کے ذریعے آپ سے گفتگو کرنا ہوتی ہے۔ آصف علی زرداری کے ذکر سے شروع ہواتو روانی میں ذہن ازخود ’شناخت‘ کے موضوع پر اٹک گیا۔ یورپ میں اِن دنوں ’شناخت‘ کا مسئلہ سیاسی اعتبار سے سنگین سے سنگین تر ہورہا ہے۔ ’شناخت‘ کا سوال بھڑکاتے ہوئے برطانوی نسل پرست اپنے ملک پر ریفرنڈم مسلط کرنے کے بعد یورپی یونین سے الگ ہوگئے تھے۔ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد برطانیہ کے مسائل مزید گھمبیر ہوچکے ہیں۔ ’شناخت‘ کے سوال کو مگر اب وہاں نسلوں سے آباد تارکینِ وطن کی زندگیاں اجیرن کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
ذاتی طورپر نئے صوبوں کی تشکیل پر مجھے کوئی اعتراض نہیں۔ غالباًپاکستان کی پڑھی لکھی مڈل کلاس کی اکثریت بھی ایسا ہی سوچ رہی ہوگی۔ یہ حقیقت مگر جھٹلائی نہیں جاسکتی کہ پاکستان ایک کثیر القومی ملک ہے۔ آج کے پاکستان میں موجود سندھ واحد صوبہ تھا جس کی اسمبلی نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے جدا وطن کی حمایت میں ووٹ دیا تھا۔ ہمیں اس ووٹ کا احترام کرنا چاہیے۔ کثیر القومی ملک میں آبادی کے چند اہم ترین حصے اپنی ثقافتی ’شناخت‘ کے بارے میں بسااوقات خالصتاً جذباتی وجوہات کی بنیاد پر حد درجہ حساس محسوس کرنا شروع ہوجاتے ہیں۔ ان سے مخاصمت نہیں مکالمہ درکار ہے اورنئے صوبوں کی تشکیل کے لئے ریفرنڈم سے آغازمکالمے کو دشوار تربنادے گا۔
(بشکریہ: روزنامہ نوائے وقت)