ڈاکٹر نجیب جمال: نصف صدی کا قصہ
- تحریر نسیم شاہد
- منگل 17 / نومبر / 2026
بہت خوشی ہو رہی ہے کہ آج کل ڈاکٹر نجیب جمال کی گولڈن جوبلی کا ڈنکا بج رہا ہے۔ میرے لئے یہ اس حوالے سے بھی ایک لمحہ انبساط ہے وہ میرے یونیورسٹی میں استاد رہے ہیں ۔اور پھر ان سے ایک ایسا تعلق استوار ہوا جو آج 46سال گزرنے کے بعد بھی اپنی خوبصورتی اور محبت کے ساتھ موجود ہے ۔
میں نے انہیں عہد شباب میں بھی دیکھا اور اب بھی ان کی شخصیت کے جلال و جمال کو دیکھ رہا ہوں۔ ان کی کشادہ دلی، چہرے پر سجی دائمی مسکراہٹ، لہجے کی ملائمت اور روشن آنکھوں کی سمندر جیسی گہرائی انسان کو ایسے جکڑ لیتی ہے کہ وہ پھر اس حلقہ دامِ محبت سے نکلنا ہی نہیں چاہتا۔ ان کے تدریسی سفر کا آغاز گیارہ نومبر1976 کو شعبہ اردو بہاءالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان سے ہوا اور اب 2026 میں وہ ایف سی کالج یونیورسٹی لاہور میں علم بانٹنے کا یہ سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ گویا انہیں تدریس کی سیاحی میں پورے پچاس سال ہو گئے۔ ایف سی کالج یونیورسٹی شعبہ اردو کے حصے میں یہ اعزاز آیا کہ ان کا گولڈن جوبلی جشن وہاں ہوا تاہم ملک اور بیرون ملک جہاں جہاں ان کے شاگرد موجود ہیں، وہاں ان کے لئے خیر سگالی کے جذبات بھی ہیں، تشکر کا احساس بھی اور دل سے نکلی دعائیں بھی۔
اس نصف صدی کے عرصے میں ڈاکٹر نجیب جمال نے اندرون و بیرون ملک آٹھ جامعات میں اردو اور ادب کی وہ خدمت کی کہ آج کئی حوالوں سے یہ دونوں کہیں آگے بڑھ چکے ہیں۔ نہ صرف درس و تدریس بلکہ مختلف یونیورسٹیوں میں انتظامی عہدوں پر بھی وہ تعینات رہے اور اپنی انتظامی صلاحیتوں سے ماحول کو علم دوست بناتے رہے۔ نصف صدی کے اس تابناک کیرئیر میں انہوں نے مختلف اداروں اور اپنے شاگردوں پر وہ نقش چھوڑے جو اب مٹ نہیں پائیں گے۔ ان کا پی ایچ ڈی کا مقالہ مرزا پاس یگانہ پر ہے۔ 1989میں لکھا جانے والا یہ مقالہ اپنے معیار، تحقیق اور تنقید کے حوالے سے ایک بہت اہم کام ہے جس کی مثالیں دی جاتی ہیں۔ ڈاکٹر نجیب جمال کو 2016 میں صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ ان کی تحقیق و تنقید پر دس کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جامعہ الاظہر یونیورسٹی قاہرہ مصر میں انہوں نے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔وہ ملتان، بہاولپور کے بعد جب لاہور گئے تو پھر وہیں کے ہو رہے کیونکہ لاہور کا علمی افق ان کی شخصیت کے میلان سے بہت موافق ہے۔
میرا 1980 میں اس وقت ان سے پہلا تعارف ہوا تھا جب میں ایم اے اردو کے لئے شعبہ اردو بہاؤ الدین ذکریا ملتان میں داخل ہوا۔ اک سمارٹ اور شعبے کے سب سے نوجوان استاد کی حیثیت سے وہ اپنی ایک خاص کشش رکھتے تھے۔ شعبے کے سربراہ ڈاکٹر اے بی اشرف خود ذوق جمال کے حامل تھے اور ان کی وجاہت کا چرچا پوری یونیورسٹی میں ہو رہا تھا۔ ایسے میں شعبہ اردو کے سب اساتذہ پر ان کے اثرات یقینی تھے۔ انہی اساتذہ کی وجہ سے شعبہ اردو پوری یونیورسٹی میں اپنے علمی تشخص، تقریبات اور طالب علموں کی مختلف تعلیمی اداروں میں نمائندگی اور اعلیٰ کارکردگی کی وجہ سے پہچانا جاتا تھا۔ان سب کے پیچھے ڈاکٹر نجیب جمال کا ہاتھ تھا۔ وہ ہمیں بتاتے، سمجھاتے کہ کسی موضوع پر کیسے بات کرنی ہے۔ تقریر کرتے ہوئے سٹائل کیا ہونا چاہیے۔ لفظوں کے انتخابات اور تلفظ پر بھی ان کی گہری نظر ہوتی۔ میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں مجھے زندگی میں جتنی کامیابیاں ملیں ، وہ استاد محترم ڈاکٹر نجیب جمال کی رہنمائی، شخصیت سازی اور توجہ کی وجہ سے میرے حصے میں آئیں۔ میں نے ان کے پڑھانے کا انداز کسی اور میں نہیں دیکھا۔ ان کی کلاس چھوڑنے کا کوئی طالب علم تصور بھی نہیں کر سکتا تھا۔ وہ شاعری پڑھاتے تھے اور میر غالب اور آتش جیسے کلاسیکی شعرا کے تصور فکر و فن کی جو سمجھ بوجھ انہوں نے ہمیں دی، اس کی مثال نہیں ملتی۔ پھر ہم نے ان سے لفظوں کی نشست و برخاست اور لہجے اور تلفظ کو سیکھا۔ میں سمجھتا ہوں وہ استاد سے بڑھ کر منشور ہیں، شخصیت سازی کرتے ہیں، خام مال کو کسی نگینے کسی ہیرے میں ڈھال لیتے ہیں۔ میں نے کبھی انہیں غصے میں نہیں دیکھا بلکہ کئی مواقع پر کالم یا پوسٹ میں مجھے پر غضب پایا تو فوراً فون پر اصلاح کی اور کہا استاد اور لکھنے والے کا دماغ ٹھنڈا رہے تبھی وہ اپنا کام صحیح معنوں میں کر سکتا ہے۔
پچاس سال تک ایک متحرک استاد کی حیثیت سے پڑھانا معمولی بات نہیں۔ یہ توفیقِ عربی کا ہی کرم ہے کہ وہ اتنی عمر اور توانائی دے ۔ابھی انہوں نے پلاٹینم جوبلی بھی منانی ہے ۔اللہ انہیں اسی طرح چاق و چوبند رکھے۔ ان کے بارے میں آج کل اتنا لکھا جا رہا ہے کہ ان پر رشک آتا ہے ان سے محبت کرنے والے کتنے زیادہ ہیں۔بہاؤ الدین ذکریا یونیورسٹی سے بہاولپور کی اسلامیہ یونیورسٹی گئے تو ملتان اداس ہو گیا تھا تاہم انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی کے شعبہ اردو کو بامِ عروج پر پہنچا دیا۔ وہاں ان کی ہمہ جہت صلاحیتیں کھل کر سامنے آئیں، انہیں مختلف عہدے سونپے گئے اور انہوں نے ہر عہدے کے ساتھ پورا انصاف کیا۔ قاہرہ، بیجنگ اور انقرہ میں بھی اپنی علمیت کے نقش ثبت کئے۔ 2016 میں جب ایف سی کا لج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ اردو میں پروفیسر بنے تو پھر وہیں کے ہو رہے اور آج بھی وہاں اردو ادب کی شمع فروزاں کئے ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر نجیب جمال کی شخصیت میں جو کشش و مٹھاس ہے وہ موجودہ زمانے میں چیز دیگر ہے۔ آج یونیورسٹی اساتذہ کے بارے میں بہت سی ایسی خبریں آتی ہیں جودل شکن ہوتی ہے۔ تاہم اساتذہ کے رول ماڈل کی حیثیت سے ڈاکٹر نجیب جمال ایک روشن مینار کی مانند ہیں۔ لاہور کی ادبی محفلوں میں ان کی موجودگی ایک تبرک سمجھی جاتی ہے کیونکہ وہ جس محفل میں شریک ہوتے ہیں ،وہاں ان کی گفتگو علمی و عصری ادب کے حوالے سے رنگ بھر دیتی ہے۔ جیتے رہیں استاد محترم اور اسی طرح علم اور محبتیں بانٹتے رہیں۔
(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)