عمران خان کا خط
- تحریر آصف محمود
- منگل 17 / نومبر / 2026
عدالتوں کے نام عمران خان صاحب کا خط پڑھا تو قرآن کی آیت یاد آ گئی: ’وَتِلْكَ الْأَيَّامُ نُدَاوِلُهَا بَيْنَ النَّاسِ‘۔۔۔۔۔ یہ دن ہیں جنہیں ہم لوگوں کے درمیان پھیرتے رہتے ہیں۔
کبھی وہ دن تھے جب یہ دوسروں کی بیماری کی تضحیک کیا کرتے تھے، کبھی یہ دن ہیں کہ اڈیالہ میں بیٹھے گڑگڑا رہے ہیں۔ مٹی کے پتلے کو تکبر کبھی راس نہیں آیا۔ نشانیاں تو جابجا بکھری پڑی ہیں، بس انسان نے ان نشانیوں کو کبھی رک کر دیکھا اور سمجھا نہیں ہے۔ عمران خان صاحب کی صحت اگر خراب ہے اور اس بنیاد پر عدالتیں انہیں ریلیف دیتی ہیں تو مجھے تو اس سے کوئی اعتراض نہیں ہے۔ میرا سوال تو صرف یہ ہے کہ جو چیز دوسروں کے نامہ سیاہ میں تیرگی کہلائے، وہ کپتان کی زلف میں آ کر ٹھہر جائے تو اسے حسن کیسے قرار دیا جائے۔
یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ نواز شریف کی پلیٹلیٹس گرنے لگیں تو یہ تاریخ انسانی کی سب سے بزدلی کہلائے اور کپتان بلڈ پریشر کی دہائی دینے لگے تو سخن ور اس کے سہرے کہنے شروع کر دیں کہ ہنڈ سم نے کیا ہی شاندار ماسٹر سٹروک کھیلا ہے؟ تحریک انصاف اپنی زبان کے آزار کی گرفت میں ہے۔ ہر دشنام جو اس نے دوسروں کی جانب اچھالا ، وقت نے اسے واپس اس کی اپنی دہلیز پر لا کر پھینک دیا۔ بانکے یہاں عالم وحشت میں بکرے بلاتے تھے کہ نواز شریف اور زرداری جیل میں جاتے ہی بیمار ہو جاتے ہیں، خان انسانی تاریخ کا واحد قائد ہے جو ڈٹ کر کھڑا ہے۔ اب معلوم ہوا کہ پوسٹ ٹروتھ کی عزیمت کو تو بلڈ پریشر ہو گیا۔
یہاں محترمہ کلثوم نواز بیمار ہوئیں تو ان کی بیماری کا مذاق اڑایا گیا۔ اخلاقیات سونامی میں غرق ہو گئیں۔ یہاں تک کہ جب ان کا انتقال ہوا اور اس صدمے کی کیفیت میں نواز شریف کی ایک تصویر وائرل ہوئی تو اس تصویر کا بھی مذاق اڑایا گیا۔ جلسہ عام میں خود جناب عمران خان نے باقاعدہ سکرین پر وہ تصویر دکھائی اور ساتھ ایسا رواں تبصرہ کیا کہ بنیادی اخلاقی قدروں کو بھی کلین بولڈ کر دیا۔ یہاں سب کو چور کہا گیا اور اب یہ عالم ہے کہ خان صاحب ملزم نہیں، سزا یافتہ قیدی ہیں۔ سزا بھی کسی دلاوری کے جرم میں نہیں، کرپشن کے الزامات میں ہوئی ہے۔ دوسروں کی ہی طرح طبی بنیادوں پر التجاؤں اور مناجات کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ مناجات قبول ہوجائیں تو ہو جائیں، کوئی مضائقہ نہیں۔ لیکن یہ نہیں ہو سکتا کہ خان صاحب کو تو چی گویرا قرار دیا جائے اور باقی سب بزدل قرار پائیں۔
یہ بھی کوئی اصول نہیں کہ دوسروں کو سزا ہو تو وہ سزا عین انصاف قرار دے کر منہ میں کنال کنال کے لڈو ڈال لیے جائیں یہاں تک کہ آنکھیں باہر کو ابل پڑیں۔ لیکن آپ کو سزا ہو تو یہ نا انصافی اور ظلم قرار پائے۔ دوسروں پر مانیٹرنگ جج بھی بیٹھیں تو ٹرائل شفاف قرار پائے، بھلے اس عمل میں تین رکنی بینچ کو افسانوی شہرت حاصل ہو جائے اور آپ کی باری آئے تو آپ اصرار کرنے لگیں کہ کچھ بھی شفاف نہیں ہے۔ باقی سیاست دان تو ہینڈ سم بھی نہیں تھے، ان کی بیماری تو سمجھ میں آتی ہے۔ جانِ ادا سے کوئی پوچھے کہ ایک تو آپ سپورٹس مین ہوں، اوپر سے آپ کے کھانے کو بکرے اور مرغ مسلم دستیاب ہوں اور ورزش کے لیے جم کے آلات فراہم کر دیے گئے ہوں۔ پھر عارضہ کہاں سے اور کیسے آیا۔ اللہ آپ کو شفا دے لیکن سوچنے کی بات یہ ہے کہ اس سب اہتمام کے باوجود اگر آپ بیمار ہو سکتے ہیں تو دوسروں کی بیماری کو بیماری کیوں نہیں سمجھا جاتا؟ ان کی تضحیک اور تذلیل کیوں کی جا تی رہی؟
کوئی اور سیاست دان کسی موقع پر معاملہ فہمی سے کام لے تو اسے بک جانے کا طعنہ دیا جاتا ہے اور تحریک انصاف ایک ملاقات کی حدت میں پگھل کر نیک چلنی اوڑھ لے تو اسے بصیرت کیسے قرار دیا جائے؟ شعلہ بیان بہنیں رہا ہوں تو خاموشی اوڑھ لیں اور اس پر بھی اصرار ہو کہ خبردار کوئی یہ نہ کہے کہ تحریک انصاف ڈیل کی تلاش میں ہے۔ یہ بات درست ہے کہ انسانی زندگی اہم ہے اور بیماری پر سیاست نہیں ہونی چاہیے لیکن کیا اس اصول کا اطلاق صرف عمران خان پر ہو سکتا ہے، باقیوں پر نہیں ہو سکتا۔ دوسرے لوگ کیا ابھی اس انسانی درجے تک نہیں پہنچے جہاں خان صاحب فائز ہیں۔ سیاست میں گنجائش ہونی چاہیے اور بیمار کا علاج بھی ہونا چاہیے لیکن یہ سہولت ہر ایک کو حاصل ہونی چاہیے۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک آدمی بیمار ہو تو اس کی تذلیل کی جائےاور اس کی اہلیہ کا انتقال ہو جائے تو اس کی بھی تضحیک کی جائے لیکن دوسرا بیمار ہو جائے تو ہمدردی کا سونامی بپھر جائے۔
سیاست میں نہ کوئی فرشتہ ہے نہ کوئی شیطان۔ سب ایک جیسے ہیں۔ خوبیاں بھی ہیں، خامیاں بھی ہیں۔ سب کو ایک دوسرے کا وجود تسلیم کرنا ہو گا۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ کسی ایک کو کلٹ کے چبوترے پر بٹھا کر باقی سب کی کمر لال اور ہری کر دی جائے۔
(بشکریہ: وی نیوز)