آئینی ادلا بدلی

قلم اور خیال کے گھوڑے بڑے بڑے ایشوز پر دوڑ رہے ہیں مگر سطح آب کے نیچے کچھ اور بھی ہو رہا ہے جو سب کے قلم وخیال کا سرے سے موضوع ہی نہیں ہے۔ صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان لاہور میں ہونے والی غیرمعمولی ملاقات میں نون اور پیپلز پارٹی کے درمیان آئینی ادلا بدلی اہم ترین موضوع رہا۔

نون پیپلی مخلوط حکومت کے معاہدے میں طے ہوا تھا کہ اڑھائی سال تک آئینی عہدے ایک جماعت کے پاس رہیں گے اور پھر ان میں ادلا بدلی ہوگی۔ چیئرمین سینٹ کا عہدہ پیپلز پارٹی کو ملا تھا اور اسپیکر قومی اسمبلی کی کرسی نون کے ہاتھ آئی تھی۔ اقتدار کے اڑھائی سال گزر چکے اب پیپلز پارٹی چاہ رہی ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ انہیں ملے اور چیئرمین سینٹ کا عہد نون لے لے۔ مذاکرات کے ایجنڈے میں یہ معاملہ زیربحث آیا اور اس کے حل کے امکانی پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ کچھ عرصہ پہلے تک اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو وزیراعظم کے ایلچی نے اس ادلا بدلی کا پیغام دیا تو انہوں نے قومی اسمبلی کے اندر کی بحرانی صورتحال کا حوالہ دے کر اس معاملے کو ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی مگر لگتا یوں ہے اب پیپلز پارٹی کا اتحادی معاہدے پر عملدرآمد کرنے پر اصرار بڑھ رہا ہے۔

آئینی ادلا بولی کے ایجنڈے پر ہونے کا واضح ثبوت اس غیر معمولی اجلاس کے شرکا سے بھی ملتا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی موجودگی اس اہم موضوع کے براہ راست فریق ہونے کی وجہ سے بھی تھی، رانا ثنااللہ نون کے سیاسی تھنک ٹینک ہیں اور سیاسی معاملہ فہمی کے بارے میں اتھارٹی سمجھے جاتے ہیں۔ اس لئے وہ نون کی پالیسی اور حکمت عملی کی سیاسی تفہیم کیلئے وہاں موجود ہوں گے۔ پیپلز پارٹی کے وفد کے نام بھی اسی ادلا بدلی سے متعلق تھے۔ راجہ پرویز اشرف، نیئر بخاری اور سلیم مانڈوی والا پر مشتمل وفد آئینی ادلا بدلی کا براہ راست یا بالواسطہ فریق ہے۔ یا پھرماضی میں فریق رہا ہے۔

نیئر بخاری پیپلز پارٹی کی طرف سے چیئرمین سینٹ رہ چکے ہیں۔ صدرزرداری، بلاول بھٹو اور فریال تالپور تینوں لیڈرز سے قربت رکھتے ہیں۔ راجہ پرویز اشرف پی ڈی ایم کی پہلی حکومت کے اسپیکر قومی اسمبلی رہ چکے ہیں جبکہ سلیم مانڈری والا کا نام چیئرمین سینٹ کیلئے پیپلز پارٹی کے پسندیدہ امیدوار کے طور پر لیاجاتا رہا ہے۔ لاہور میں ہونے والے غیر معمولی اجلاس کے شرکا کے پس منظر کو اگر اس تناظر سے دیکھا جائے تو یقین ہوجاتا ہے کہ آئینی عہدوں کی ادلا بدلی اس غیر معمولی ملاقات کے ایجنڈے کا اہم ترین آئٹم رہا ہوگا۔

آئینی عہدوں کی ادلا بدلی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کو بھی کئی اندرونی پیچیدگیوں کا سامنا ہوگا۔ صدر زرداری کا چیئرمین سینٹ کے ممکنہ امیدوار کے طور پر سلیم مانڈوی والا کا نام پسندیدہ ہوگا مگر روایت یہ ہے کہ اگر صدر سندھ سے ہو تو چیئرمین سینٹ کسی دوسرے صوبے سے ہوتا ہے صدر زرداری اور سینیٹر مانڈوی والا دونوں کا تعلق سندھ سے ہے، اس لئے یہ پیچیدگی بھی لازمی طور پر زیر بحث آئی ہوگی۔ اسی طرح اسپیکر قومی اسمبلی کی ادلا بدلی کے حوالے سے بھی مختلف ناموں کے مثبت اور منفی پہلو زیر بحث آئے ہوں گے۔ نون کو اگر چیئرمین سینٹ کا عہدہ ادلا بدلی میں ملتا ہے اور اسپیکر اب پیپلز پارٹی کو ملنا ہے تو وہ معاملہ بھی ضرور زیر بحث آیا ہوگا۔ راجہ پرویز اشرف ممکنہ ٹاپ امیدوار ہوسکتے ہیں ۔مگر سرائیکی وسیب سے چیئرمین سینٹ کی سیٹ واپس لی جائے گی تو ہوسکتا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ کسی سرائیکی کو مل جائے۔

صدر زرداری کو جاننے والے جانتے ہیں کہ وہ لڑائیاں اور جھگڑے ختم کروانے میں ہمیشہ ثالثی کردارادا کرتے رہے ہیں۔ ممکنہ طور پر انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کواپنے وزیر سالک حسین اور ان کی بھتیجی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے درمیان پیدا ہونے والی رنجشوں کو ختم کروانے میں اپنا کردار ادا کرنے کا ضرور کہا ہوگا ۔ اندازہ یہ ہے کہ نوابشاہ میں ہونے والی میٹنگ میں ان سے فرمائش بھی کی گئی ہوگی کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف سے کہہ کر وقت سے بہت پہلے شروع ہونے والی اس لڑائی کو ختم کرائیں اور صدر زرداری نے اپنی صلح کل طبیعت اور چوہدری شجاعت کے ذاتی احترام کے پیش نظریہ کردار بخوبی ادا کیا ہوگا۔

سیاست ، طاقت اور اقتدار کی کئی تہیں ہوتی ہیں۔ سیاست کی نچلی تہہ میں ادلا بدلی کی ڈیل ہورہی ہے اور اس سے اونچی سطح یعنی زمین پر سالک اور مریم کے درمیان صلح صفائی اور سیز فائر کا معاملہ چل رہا ہے اور سیاست کی سب سے اوپری سطح یعنی آسمان پر نئے صوبوں، نئی آئینی اسکیم اور ریفرنڈم کے منصوبوں کا غلغلہ مچا ہوا ہے۔ اہل سیاست پا بہ زنجیر ہیں اور اقتداری سیاست دان دل گیر ہیں۔ اقتداری مہر بہ بلب ہیں۔ ان کی خاموشی صرف ڈر اور خوف کی وجہ سے نہیں ہوسکتی۔ اس میں کچھ نہ کچھ تعلق دانائی، حکمت اور تجربے کا بھی ہوگا۔ نونی اور پیپلے دونوں متنوع تجربوں سے گزر کر کندن بن چکے ہیں ۔نہ شہباز شریف اتنے سادہ ہیں جتنے وہ دکھائی دیتے ہیں، نہ ان سے بات منوانا اور کام کروانا اتنا آسان ہے جتنا وہ تاثر دیتے ہیں۔ وہ طاقتوروں کو کبھی ’ناں‘ نہیں کہتے مگر طریقے طریقے سے ہاں نہ کرنے کی وجوہات سے قائل کرلیتے ہیں۔

اقتدار کے دوسرے کھلاڑی زرداری بظاہر مٹی کے مادھو لگتے ہیں۔ جن کے بار ے میں یہ غلط تاثر ہے کہ انہیں کرپشن کی زہر آلود تلوار کے ایک ہی وار سے کاٹا جاسکتا ہے۔ مگر ان کی مٹی کی ساخت میں پتھر اور روڑے بھی شامل ہیں جو تلوار کے وار سہہ کر بھی ٹوٹتی نہیں ہے۔ دونوں لیڈر بہت گہرے ہیں۔ دونوں لڑائی کی نہیں، مفاہمت کی بات کرتے ہیں۔ دونوں مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے پر یقین رکھتے ہیں۔ دونوں مقتدرہ سے ہر صورت بناکر رکھنا چاہتے ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ دونوں جھٹکے برداشت کرکے بھی تلخ نہیں ہوتے۔ صدر زرداری دورہ چین کے راستے میں روڑے اٹکانے پر حیران وپریشان ضرور ہوئے مگر ناراضی کا اظہار نہ کیا۔ شہباز شریف نے تو کئی سفارتی امور پر پروٹوکول سے ہٹ کر کئے گئے اقدامات پر ماتھے پر بل تک نہیں ڈالے۔

ایسے صدر اور وزیراعظم کی موجودگی میں نئے صوبوں، آئینی امور اور ریفرنڈم پر سیاست کو بائی پاس کرنا اس لئے مشکل ہوگا کہ وہ لڑنے کی بجائے ساتھ چلنے کے قائل ہیں۔ اور قافلے میں شامل افراد کو کون دھتکار سکتا ہے۔

ابھی تک تو ایسا لگ رہا ہے کہ یہ دونوں سیاستدان ان معاملات کو نہ ٹیڑھی کھیر سمجھتے ہیں اور نہ فی الحال یہ ماننے کو تیار ہیں کہ سیدھی انگلی سے گھی نہیں نکلتا۔ دونوں ناممکنات کو ممکن بنانے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ اور اب بھی ان کا خیال ہے کہ وہ اپنی سیاست بچالیں گے

(بشکریہ: روزنامہ جنگ)

تحریر : سہیل وڑائچ

???? ????? ??? ?? ????? ????? ??? ????? ???? ???? ?? ???? ???? ?????? ??? ????? ?? ????? ?? ??? ?? ????? ?? ??? ? ?? ?? ???? ???? ????? ???? ?? ???? ??? ???? ???? ??? ????? ?? ?? ????? ??? ???? ????? ????? ??? ?? ?? ????? ?? ??????? ??? ???? ?? ??? ???? ??