سولہ صوبوں کا معمہ

کسی بدبخت نے اڑا دیا ہے کہ ہمارا ملک پاکستان کنگال ہوچکا ہے ۔ ہم دنیا بھر کے خوشحال ممالک کے مقروض ہوچکے ہیں۔ ہم نے دوست اور خوش بخت ممالک سے اتنا قرض لیا ہے کہ اب ہم اتار نہیں سکتے ۔

ہم اربوں کھربوں ڈالر ، پاؤنڈ، یورو، درہم وغیرہ کے مقروض ہو چکے ہیں ۔ میں بھی ماضی قریب تک یہی سمجھتا تھا کہ دوست اور مہربان ممالک سے لئے ہوئے قرضوں میں ہم اس قدر غرق ہوچکے ہیں کہ زندگی بھر ہم تمام دوست ممالک اور آئی ایم ایف جیسے اداروں کے مقروض ہوکر آزادی کے ایک سانس کو ترستے رہیں گے۔ ہم سبق سیکھ لیں گے کہ کیسے دولتمند ممالک اقتصادی طور پر کمزور ممالک پر قرضوں سے قبضہ کرلیتے ہیں ۔ پھٹیچر ممالک پر کنٹرول کرنے کے لئے آپ کو فوجوں اور مہلک ہتھیاروں کی ضرورت نہیں پڑتی۔ ایسے ممالک کو مقروض کرنے کے بعد آپ ان پر قبضہ کرلیتے ہیں ۔

مگرمیں غلط تھا میری سوچ غلط تھی۔ تاریخ کو دیکھنے اور پرکھنے کا میرا دعویٰ غلط تھا۔ آپ دنیا بھر سے جھوٹ بول سکتے ہیں مگر ایک نامی گرامی جھوٹے سے آپ جھوٹ نہیں بول سکتے۔ اور پھر میں تو پیدائشی جھوٹا ہوں۔ پیدا ہونے کے فوراً بعد میں نے نرسوں سے جھوٹ بولا تھا۔ پیدا ہونےکے بعد میں بہت دیر تک خاموش رہا تھا۔ میں رویا نہیں تھا۔ عام طور پر پیدا ہونے کے فوراًبعد نوزائیدہ رونا دھونا شروع کردیتے ہیں۔ دنیا کو قبول کرنے سے انکار کردیتے ہیں۔ مگر میں نے ایسا نہیں کیا تھا میں چپ چاپ خاموشی سے آپ کی دلفریب دنیا میں آیا تھا۔ نرسیں گھبراگئیں۔ دوڑتی ہوئی گئیں اور اپنے ساتھ ایک سینئر لیڈی ڈاکٹر کولے آئیں۔ لیڈی ڈاکٹرنے مجھے ٹانگوں سے پکڑ کر الٹا لٹکایا اور پیٹھ پر دوچار زور کی تھپکیاں دیں ۔ تب جاکر میرے منہ سے رونے کی آواز نکلی ورنہ نرسوں کے مطابق میں مرا ہوا پیدا ہوا تھا۔ میرے کہنے کا مطلب ہے کہ جھوٹ پکڑنا میرے لئے مشکل کام نہیں ہے ۔

مجھے سمجھنے میں دیر نہیں لگتی کہ مقروض بن جانا سرکار کا ڈھونگ ہے۔ ورنہ پاکستان وہ ملک ہے جو سعودی عربیہ، قطر، ایران کو ماضی میں قرضہ دے چکا ہے۔ اور پھر کبھی برادر ممالک سے قرضہ واپس کرنے کا نہیں کہا ۔ ہم دولت مند ملک ہیں۔ ہمارا شمار قرض دینے والوں میں ہوتا ہے۔ قرض لینے والوں میں نہیں ۔ پیارے میٹرک فیل سیاستدانوں کی زبانی واویلا سنتا تھا۔ مگر مجھے یقین نہیں آتا تھا کہ ہم کسی ملک یا ادارے کے مقروض ہوسکتے ہیں۔ مجھے لگتا تھا کہ قرضوں کے حوالے سے سراسر جھوٹ بولا جارہا ہے ۔ ہم مقروض نہیں ہیں۔ سیانے سیاستدان ہم کم عقل اور کم فہم لوگوں کو چکر دے رہے ہیں اور پھر وہی ہوا جس کا مجھے خدشہ تھا۔ جھوٹ کو عیاں ہونے میں دیر نہیں لگتی۔ میں بتاتا ہوں کہ سرکار کی چوری کس طرح پکڑی گئی ۔

کھاتے پیتے گھرانوں میں لوگ دیسی اور پردیسی کھانا پکوانے کیلئے ایک یا دو اچھے باورچی ملازم رکھتے ہیں۔ وہ طرح طرح کے کھانے پکا سکتے ہیں۔ ناشتے سے لے کر رات کے آخری کھانے پینے تک وہ آپ کو ڈٹ کر کھلاتے پلاتے رہتے ہیں۔ آپ ایک باورچی ملازم رکھنے پر آنے جانے والے اخراجات کا اندازہ لگا سکتے ہیں ؟ ایک اچھے باورچی کی تنخواہ کے متعلق معلومات حاصل کرنےکے لئے ان لوگوں سے جاکر پوچھئے کہ ایک اچھے باورچی کی تنخواہ کتنی ہوتی ہے ۔ آپ کے ہوش اڑجائیں گے۔ ایک اچھے باورچی کی تنخواہ ہزاروں روپے ہوتی ہے۔ بڑے بڑے ہوٹلوں کے باورچیوں کی تنخواہ لاکھوں میں ہوتی ہے۔ ایک اچھے ڈرائیور کو آپ کتنی تنخواہ دیتے ہیں ؟ اچھے خاصے پڑھے لکھے ڈرائیور کی تنخواہ ہزاروں میں ہوتی ہے ۔ میز پر کھانا لگانے کے لئے آپ اردلی لگواتے ہیں؟ آپ کو اندازہ ہے کہ ایک اردلی کی تنخواہ کتنی ہوتی ہے؟ اور پھر آپ کو ایک اردلی کی نہیں بلکہ کئی ایک اردلیوں کی ضرورت ہوتی ہے ۔ آپ کو نوکروں اور نوکرانیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ بچوں کی دیکھ بھال کرنے کے لئے آپ کو آیاؤں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان سب کی اجرتوں تنخواہوں کا اندازہ لگاسکتے ہیں آپ؟ جب تک آپ امیر اور امیر زادے نہیں ہوتے، آپ کو نوکروں چاکروں، اردلیوں، بارچیوں، چوکیداروں کی ضرورت نہیں پڑتی اور جب آپ امیر اور امیر زادے ہوتے ہیں، تب آپ کو خادموں اور خادماؤں کی اجرتوں اور تنخواہوں کی پروا نہیں ہوتی ۔

خیر سے آپ نے بارہ نئے صوبے بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ چارپرانے اور بارہ نئے صوبے بنانے کے لئے کوئی مقروض ملک خواب تک نہیں دیکھ سکتا۔ اگر سرکار آپ سچ مچ دولتمند ہیں جو کہ آپ ہیں، آپ کے لباس اور رہن سہن سے ہم فقیر اندازہ لگا سکتے ہیں۔ پھر بھی سولہ صوبے بنانے اور چلانے کے لئے آپ کے خزانے خالی ہوجائیں گے۔ سولہ صوبے لئے سرکار آپ کو سولہ گورنروں کی ضرورت پڑے گی۔ میٹرک فیل گورنر بھی اپنی تنخواہ میں کسی قسم کی رعایت دینے کے لئے تیار نہیں ہوگا۔ سولہ گورنروں کے لئے آپ کو سولہ گورنر ہاؤسز کی ضرورت پڑے گی۔ گورنر صاحبان کا کام دوحصوں میں بٹا ہوا ہوتا ہے ایک ذاتی اور دوسرا سرکاری ۔ خانگی یعنی ذاتی کام چلانے کے لئے موٹر گاڑیوں سے لے کر ڈرائیوروں، بارورچیوں، اردلیوں، آیاؤں ، خادماؤں اور خادموں کی ضرورت پڑے گی۔ گورنر صاحب کے ذاتی ملازموں کی تعداد سینکڑوں میں ہوتی ہے۔ وہ سب اپنی تنخواہ سرکاری خزانے سے لیتے ہیں۔ گورنری چلانے کے لئے گورنر صاحب کو بے شمار اسٹاف کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان میں چیف سیکریٹریوں سے لے کر چپراسی اور نائب قاصد شامل ہوتے ہیں ۔ وہ سب لوگ بھی سرکاری خزانے سےاپنی تنخواہ وصول کرتے ہیں ۔ اس فہرست میں مالیوں کو بھی شامل حال رکھیں۔

اب آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ایک صوبے کا ایک گورنر آپ کو کتنے کا پڑے گا اورمل ملا کر سولہ صوبوں کے سولہ گورنروں پر آنے والے اخراجات کا اندازہ آپ خود لگا سکتے ہیں۔ ایسی عیاشی مقروض ممالک نہیں کرتے۔ ایسی عیاشی دولت مند ممالک کرتے ہیں، جن کے خزانے کھچا کھچ بھرے ہوتے ہیں۔  سولہ صوبوں کا سرکاری کاروبار سولہ وزرائے اعلیٰ چلائیں گے۔ اگلی کتھا میں ذکر ہوگا سولہ وزرائے اعلیٰ کا اور ان کے کیبنٹ اور اسٹاف کا۔

(بشکریہ: روزنامہ جنگ)