آئین کمزور کرکے پارلیمنٹ مضبوط کیسے ہوگی؟

پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب میں میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے دعویٰ  کیا کہ ملکی  نظام کو منہدم کیا گیا ہے اور اس کی اصلاح سیاسی بنیاد پر ہونی چاہئے۔ تاہم وہ یہ واضح نہیں کرسکے کہ جب ملک پر سیاست دانوں  کی حکومت ہے تو کسی بھی معاملہ پر اصلاح یا بگاڑ کی ذمہ دار ی سیاست  دانوں کے علاوہ کس پر عائد ہوتی ہے؟
بلاول بھٹو زرداری نوجوان لیڈر ہیں اور  ماضی قریب میں وہ ملکی سیاست  میں ہوا کے تازہ جھونکے کا احساس دلاتے رہے ہیں۔ یہ گمان بھی کیا جاتا ر ہا ہے کہ اگر سیاسی قیادت حقیقی معنوں میں نوجوان نسل کے حوالے کی  جائے تو موجودہ پارٹیاں بھی بہتر نتائج سامنے لاسکتی ہیں۔  بلاول پیپلز پارٹی کے چئیر مین ہونے کے باوجود بااختیار نہیں ہیں۔  وجہ کوئی بھی ہو لیکن وہ  پارٹی  معاملات اور قومی سیاست میں اپنے والد اور سیاسی گرو آصف علی زرداری کی  ہدایت پر عمل کرتے ہیں۔ اس لیے اگر  ملک کے گرتے ہوئے نظام کو مستحکم کرنے کے  لیے بلاول بھٹو اپنی تجویز کو درست اور قابل عمل سمجھتے ہیں تو سب سے پہلے انہیں پیپلز پارٹی     کے طریقہ کار کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہوگی۔ بہتر ہوگا کہ وزیر اعظم یا دیگر سیاسی جماعتوں کو ملکی نظام، قو می اداروں اور بنیادی حقوق کے بارے میں مشورے دینے سے پہلے وہ پہلے ان کا اطلاق اپنی ہی پارٹی پر کریں۔ اگر پیپلز پارٹی  کے کارکنوں نے بلاول کو اپنا چئیرمین منتخب کیا ہے تو انہیں اپنے والد کو بصد احترام بتا دینا چاہئے کہ وہ  صرف ملک کے آئینی صدر ہیں اور ان ’حدود‘ سے تجاوز نہ کریں۔

بلاول بھٹو زرداری  نے  ملکی نظام کی اصلاح کے لیے  متعدد باتیں کی ہیں اور  ان میں سے اکثر بہت شاندار ہیں۔ ان میں پارلیمنٹ کی بالادستی اور آئین کی سربلندی کا ذکر ہے۔ انہوں  نے اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنے اور اسےاحترام دینے کی بات کی۔ وہ اختلاف کو پارلیمانی جمہوریت کا حسن قرار دیتے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ملک  کے بنیادی مسائل غربت اور بیرزگاری کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ تاہم  یہ باتیں اس سیاسی لیڈر کو زیب دیتی ہیں جسے خود اپنی پارٹی کا کنٹرول  حاصل ہو۔ پیپلز پارٹی کسی جمہوی طریقے سے کام  نہیں کرتی  بلکہ ایک خاندان کی ’ملکیت‘ ہے۔ خیر یہ تو ملک کی لگ بھگ سب ہی سیاسی پارٹیوں کا المیہ ہے ۔ شاید اسی لیے بلاول بھٹو  زرداری نے آج کراچی کے خطاب اور سوال  جواب  میں  فعال  جمہوریت کی بات نہیں کی کیوں کہ آکسفورڈ کے سابق گریجویٹ کے طور پر انہیں یقیناً  معلوم ہوگا کہ   جمہوریت کی بات کرنے والے لیڈر یا سیاسی پارٹی  کو سب سے پہلے اپنی پارٹی میں جمہوری طریقے سے کام  کرنے کی روایت ڈالنا پڑتی ہے۔ موجودہ  حالات میں    بلاول بھٹو سے  یہ تقاضہ کرنا شاید انصاف بھی  نہیں  ہوگا کہ وہ پیپلز پارٹی میں جمہوری طریقہ انتخاب  متعارف کرائیں ۔لیکن ان سے یہ تو سوال کیا جاسکتا ہے کہ وہ  اپنی ہی پارٹی  کا کنٹرول تو سنبھال کر دکھائیں ۔ اگر انہیں اپنے والد کی خواہشات اور ہدایات  ہی کا اسیر رہنا ہے تو وہ  ملکی نظام کی اصلاح کے بارے میں ایسی باتیں نہ کریں جن پر  وہ خود  عمل نہیں  کرتے۔ یا پھر  اپنی بات ثابت کرنے کے لیے کوئی عملی اقدام کرکے دکھائیں۔ لچھے دار گفتگو اور یک طرفہ پریس ٹاک میں جمہوریت کا چیمپین  بننے سے ملک میں جمہوریت فعال اور پارلیمنٹ بااختیار  نہیں ہوجائے گی۔

سیاست میں حالات و ضرورت  کے مطابق مؤقف میں تبدیلی کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اس لیے بلاول بھٹو زرداری اگر ان تمام فیصلوں سے بری الذمہ ہونا چاہتے ہیں جن   میں وہ خود شامل رہے ہیں تو انہیں اس کا حق تو ملنا چاہئے لیکن سیاسی مؤقف میں تبدیلی کسی اصول  کی بنیادپر  ہوتی ہے۔  اگر کوئی  لیڈر  سیاسی قلابازی کھاتے ہوئے انہی باتوں سے انکار شروع کردے جن پر عمل درآمد  میں  وہ خود اور ان کی پارٹی پوری طرح شامل رہی  ہو   اور اس کا فائدہ اٹھاچکی ہو بلکہ مسلسل اس سے مستفید ہورہی ہو۔ تو ایسے لیڈر کو جمہوریت، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کا ترجمان  ماننا مشکل ہوجاتا ہے۔  اس کے لیے زیادہ دور جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ پارلیمنٹ کی بالادستی اور سیاسی سطح پر بااختیار فیصلے کرنے کی بات کرنے والے بلاول بھٹو زرداری کی پارٹی کا گورنر ہی  اس وقت  خیبر پختون خوا میں منتخب حکومت کی جگہ وفاق کا نمائیندہ بن کر اختیارات استعمال کررہا ہے اور حکومتی  انتظام کا سربراہ ہے۔  اب اسی پارٹی کا لیڈر ریفرنڈم کو غیر آئینی اور صوبوں کی تعداد میں اضافے کے معاملہ کو عوامی مفادات کے  خلاف قرار دے رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کے خلاف مقدمہ پیش کیا ہے۔ ان کا شکوہ ہے کہ وزیر اعظم اپنے وزیروں کو لگام دینے میں ناکام ہیں  اور وہ ایک ایسے معاملہ پر عوامی مباحث کا سبب بنے ہیں  جن کے بارے میں پیپلز پارٹی، انہیں یا صدر مملکت کو ابھی تک اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ گویا انہوں نے  نئے صوبے کی بحث میں  خود کو سیاسی لاتعلق رکھنے  کا  الزام لگایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مرکزی حکومت کو سیاسی مقاصد کے لیے انتقامی کارروائیاں کرنے اور عمران خان جیسے لیڈروں کو قید رکھنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتقامی کارروائی  ہے ۔ انہوں نے  سوال کیا اور کتنا انتقام لیا جائے گا۔ انہوں نے تحریک انصاف کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہوئے اس سے پارٹی نشان واپس لینے کو  خلاف انصاف قرار دیا اور اسے 1988  میں پیپلز پارٹی سے تلوار کا نشان واپس لینے کے مترادف قرار دیا۔ انہوں نے  تحریک انصاف کو مخصوص نشستوں سے محروم کرنے کا الزام بھی مرکزی حکومت پر عائد کیا اور مشورہ دیا کہ اعتماد سازی کے لیے یہ نشستیں  تحریک انصاف کو واپس کی جائیں  ۔ اس طرح سیاسی ماحول بہتر ہوسکے گا اور نظام کی اصلاح ہوگی۔ واضح رہے یہ اعلان ایک ایسی پارٹی کا سربراہ کررہا ہے جس نے تحریک انصاف  کی  مخصوص نشستوں میں اپنا ’حصہ‘ وصول کیا اور اس پر اب تک قابض ہے۔

پیپلز پارٹی کے سربراہ اگر واقعی  سمجھتے  ہیں  کہ تحریک انصاف اور جمیعت علمائے اسلام   کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے اور موجودہ سیاسی و عدالتی نظام اس وقت ملک میں جمہوری اصولوں کے لیے خطرہ بنا ہؤا ہے جو کہ پیپلز پارٹی کی سیاست کے خلاف ہے تو انہیں اس نظام  میں شامل رہنے پر کون مجبور کررہا ہے؟ کیا وجہ ہے کہ بلاول بھٹو ان نشستوں سے دست بردار  نہیں ہوتے جو تحریک انصاف کی مخصوص نشستوں  کی بندربانٹ کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو دی گئی تھیں؟ یا  پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے علاوہ دیگر ہم خیال اراکین اسمبلی کے ساتھ مل کر وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک  پیش کردے۔  ایسی سیاسی پیش رفت کے بعد شہباز شریف کو خود استعفی دے کر گھر جانا پڑے گا یا وہ عدم اعتماد کا سامنا کریں گے۔  تاہم  ایسا حوصلہ دکھانے سے پہلے  پیپلز پارٹی کو تین صوبوں کے گورنر وں ، سینیٹ کی چئیرمین شپ اور ملک کی صدارت بھی چھوڑنا پڑے گی۔  بلاول کو نظام ری سیٹ کرنے کے لیے اسی وقت کوئی تجویز پیش کرنی چاہئے جب و ہسیاسی اصولوں کی بنیاد پر کوئی قربانی دینے کے لیے تیار ہوں۔

اس کے برعکس کراچی میں کی گئی تقریر کا مقصد اگر  ’سسٹم‘ کو یہ بتانا ہے کہ   اس نے  پیپلزپارٹی کے کاندھے کا سہارا لیا ہؤا ہے ، اس لیے ان کی مرضی کے بغیر کوئی فیصلہ کرنے کی کوشش نہ کی جائے تو اسے  جمہوریت سے  محبت اور عام شہریوں کی ضرورت کے لیے جد و جہد کا نام دینے کی کوشش نہ کی جائے۔ بلاول اگر پارلیمنٹ کو بااختیار دیکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آئین کو مضبوط کرنا پڑے گا۔ لیکن  آئینی ترامیم (26ویں اور 27ویں) یا تحریک انصاف کے ساتھ اختیار کیے گئے طرز عمل میں   پیپلز پارٹی  اپنے کردار سے انکار نہیں کرسکتی۔  مرکزی حکومت کے سب غلط یا درست فیصلوں میں بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی برابری کی بنیاد پر شریک رہے  ہیں۔ یا تو وہ اس انتظام  کو خیر باد کہیں یا پھر ’اسی تنخواہ‘ پر کام کرتے ہوئے غیر ضروری طور سے آئین کی محبت میں مبتلا ہونے سے گریز کریں۔