انگلینڈ آ کر بھی مذہبی جنونیت کیوں؟

انگلستان میں درویش کو اپنے پاکستانی بھائی بہنوں سے یہ شکایت ہے کہ وہ یہاں کی مقامی آبادی کے ساتھ گھل مل کر رہنے کی بجائے بالعموم اپنی الگ تھلگ آبادیوں میں رہتے ہیں۔ جیسے کہ ساؤتھ ہال اور الفرڈ کے معروف علاقے جن کا ماحول ایسے ہی لگا جیسے بھاٹی لوہاری کا۔

مختلف کمیونٹیز کامشترکہ گلی محلوں یا مخصوص علاقوں میں رہنا کوئی بری بات نہیں، انہیں ہم لائک مائنڈڈ لوگ کہہ سکتے ہیں لیکن جب صورتحال اس سے کہیں آگے بڑھ کر اپنی سپیشل ایڈنٹٹی یا اپنے تشخص پر تفاخر اور دوسروں سے مغائرت یا اس سے بھی آگے بڑھ کر ایک نوع کی منافرت میں ڈھلتی دکھنے لگے تو اس پر نہ صرف اصل مقامی لوگوں کو بلکہ سبھی باشعور انسانوں کو تشویش ہونا فطری امر ہے۔ اس کم آمیزی یا الگ تشخص کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ یہ لوگ یہاں لندن میں رہ کر بھی کوئی نیا تخیل، نئی مشترکہ تہذیب یا تہذیبی اقدار، حتی کہ زبان و ادب تک نہیں سیکھتے۔ زیادہ تر تو یہاں رہ کر بھی اپنے روائیتی مذہبی تعصبات سے ایک انچ باہر نہیں نکل پاتے بلکہ یہاں درویش کو ایسے لوگ بھی ملے ہیں جو اپنے پاکستان میں رہنے والے بھائیوں سے بھی کئی ہاتھ زیادہ شدت پسند پائے گئے۔ وہ یہاں انگریزوں کے ملک میں رہ کر بھی مغربی تہذیب اور برٹش تہذیبی اقدار کو رج کے برا بھلا کہتے ہوئے، نہ صرف صلواتیں سناتے بلکہ اپنے مذہبی وروایتی تفاخر کے ڈھول پیٹتے پائے جاتے ہیں۔

اپنے پاکستان سے جو لوگ یہاں آتے ہیں، ان میں مولوی ٹائپ لوگ تو رہے ایک طرف، نامور فنکار، ادیب، صحافی، شاعر بھی بالعموم اپنے انہی پاکستانی بھائیوں کے ساتھ مل کر دعوتیں کھاتے، اپنی ستائش کرواتے اور مٹن کڑاہی کی تعریفیں کرتے پائے جاتے ہیں۔ ایک سے دوسرے شہر گھومتے پھرتے یوں محسوس ہوتا ہے کہ ایک ہی خطے، ایک ہی ملک میں بیک وقت دومختلف النوع تہذیبی دھارے بہہ رہے ہیں جو خاصی حد تک باہم متصادم ہیں۔ درویش نے ربع صدی قبل انہی مباحث پر ایک کتاب لکھی تھی بعنوان “اسلامی تہذیب بمقابلہ مغربی تہذیب”، جس میں اس پہلو پر زور تھا کہ ہمیں تہذیبی منافرتوں کی بجائے اپنائیت و یگانگت بلکہ وحدت نسل انسانی کا داعی و پیامبر بننا ہوگا۔

اگر تہذیبی طور پر ٹکراؤ کے دس پہلو ہیں تو نوے پہلو اشتراک و معاونت کے بھی ہیں۔ افسوس جداگانہ تشخص کے بیوپاریوں کی جانب سے ان 90 فیصد کو دانستہ نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ بحث کا مدعا یہ تھا کہ آج اکیسویں صدی میں جب دنیا گلوبل ولیج بن چکی ہے، تہذیبی ٹکراؤ نہیں اشتراک کی ضرورت ہے ۔کیونکہ تہذیبیں باہم حریف نہیں حلیف ہوتی ہیں۔ افسوس شدت پسندی نے یہاں کے اصل باشندوں اور نئے باسیوں میں ایک نوع کی خلیج کھڑی کر رکھی ہے جو وقت کے ساتھ بھرنے کی بجائے مزید گہری ہو رہی ہے۔ اور ہم مسلمز، بالخصوص پاکستانی مسلمز اس کے لئے تیار نہیں ہیں کہ یہاں کی تہذیبی اقدار کا احترام کرتے ہوئے مقامی لوگوں کی ان گنت خوبیوں کو اپنے اندر جذب کرلیں یا ان میں گھل مل جائیں۔ ہماری اگر کوئی واقعی مثبت قدریں ہیں، ہم انہیں ضرور قائم و دائم رکھیں لیکن تہذیبی طور پر مغائرت کا رویہ بالآخر بےضرر ثابت نہیں ہوگا۔

اس تہذیبی مخاصمت و مغائرت کی بنیادی وجہ ہمارے اندر کے وہ شدید تعصبات ہیں جن کی جڑیں ہماری روایتی مذہبی اپروچ میں پیوست ہیں۔ ہمارے دماغوں میں یہ زہریلی سوچ جم گئی ہے یا جمادی گئی ہے کہ ہمارا دین دیگر تمام عالمی ادیان سےافضل و برتر و برحق ہے۔ باقی تمام ادیان کافر و باطل ہیں جو خدا کے حضور قبول نہیں کیے جائیں گے۔ بلکہ ان کے مونہوں پر مارے جائیں گے۔ ہم ہی جنت کے واحدٹھیکے دار یا وارث ہیں۔ باقی سبھی جہنم کا ایندھن بننے والے ہیں۔ یہ دنیا کی چند روزہ زندگی کچھ نہیں، اصل زندگی تو آخرت کی ہے۔ لہذا ان کافروں سے تعلقات بنانے کے جھنجٹ میں پڑا ہی کیوں جائے جن کے متعلق ہماری مقدس ترین کتاب میں یہ لکھا ہے کہ یہ لوگ کبھی تمہارے خیر خواہ یا دوست نہیں ہو سکتے۔ ہمارے دین کی طرح ہماری تہذیب بھی پاکیزہ ہے جبکہ ان کی تہذیب گندی ہے جس میں سیکس کی کھلی چھوٹ ہے۔ جب بچپن سے ہم مسلمز کے عالی دماغوں میں مغربی تہذیب کے خلاف ایسی منافرت بھری گئی ہو، قابل احترام مقامات سےاس نوع کے الفاظ بولے گئے ہوں کہ مغربی تہذیب کے یہ گندے انڈے اٹھا کر باہر پھینک دو اور ہمارے فکری معماروں کی طرف سے ویسٹرن سویلائزیشن کے خلاف اس نوع کی غیر ذمہ دارانہ زبان بولی جائے کہ:
تمہاری تہذیب اپنے خنجر سے آپ ہی خودکشی کرے گی
شاخ نازک پہ جو آشیانہ بنے گا ناپائیدار ہوگا

اسی منافرت بھری ذہنیت کی بدولت یہاں لاہور سے بھی تگڑی جھاڑیاں اور غضبناک آنکھوں والے چلتے پھرتے خیمے دیکھے، سڑکیں ٹریفک یا مسافروں کیلیے ہوتی ہیں لیکن یہاں ایسا مائنڈ سیٹ ملاحظہ کیا جو انہیں بلاک کرتے ہوئے مذہبی آزادی کے نام پر اپنے ڈرامے کر رہا تھا۔ بالخصوص برمنگھم جہاں ہمارے لوگوں کی آبادی بہ تقاضہ شریعت اتنی بڑھی ہے کہ گورا خوف کے مارے اس محلے سے بھاگ نکلتا ہے جہاں اہل ایمان کا ورود وظہور و نزول ہونے لگتا ہے۔ نتیجتاً مختلف اسلامی فرقوں کی مساجد اگنے یا ابھرنے لگتی ہیں۔ درویش کے دوستوں نے یہاں کےایک چوک میں پانچ مساجد دکھاتے ہوۓ بتایا کہ ادھر ایک میل کے اندر ساٹھ کی گنتی پوری ہو چکی ہے۔ ہمارے مولویوں اور پیروں کیلیے یہ ایک نفع بخش کاروبار ہے، جمعہ و پنجگانہ کے علاوہ جو بھی اسلامی تہوار آتا ہے، ان کیلیے ڈھیر ساری منفعت ساتھ لاتا ہے۔ نکاح و اموات کے اجتماعات کی فیسیں الگ سے وصول کی جاتی ہیں، اصل مدعا مذہب کے نام پر پاؤنڈز کا حصول ہے۔

درویش نے جن مساجد کو وزٹ کیا اور وہاں جو کچھ ملاحظہ کیا اس کی تفصیلات آئندہ پر ڈال کر عرض گزار ہے کہ ہمارا ماضی و حال جو بھی ہے، ہماری نئی نسلوں کو مذہب کے نام پر اس نوع کے مادی مفادات، فرقہ وارانہ اختلافات بالخصوص مذاہب دیگر کے خلاف زہریلے تعصبات سے نکلنا ہوگا۔ ہمیں ان کے معصوم اذہان میں کیچڑ کی جگہ آبیاری کرتے ہوئے ایسے فکری پھول کھلانے ہوں گے جن کی خوشبو سے وہ یہ سمجھ جائیں کہ دنیا کے تمام انسان بلا تمیز مذہب و ملت رنگ و نسل قابل احترام ہیں، یہ سب خدا کا کنبہ ہیں۔ ہمیں اس کنبے کے ہر فرد سے محبت کا درس دینا ہے، انسان یاانسانیت سے بڑھ کر اس کرہ ارضی، اس گلوبل ویلیج میں کوئی چیز، کوئی نظریہ کوئی عقیدہ کوئی سوچ کوئی مقام مقدس نہیں۔

آج پوری دنیا ایک ہی وحدت ایک ہی پوائنٹ پر مجتمع ہو سکتی ہے اور وہ ہے مشترکہ انسانی مفاد، انسانوں کی عالم گیر بھلائی۔ یہ پکار کہ دنیا بھر کے انسانو! باہمی دشمنیاں چھوڑ کرتہذیبی رنگا رنگی کے ساتھ ایک ہو جاؤ۔ یہی انسانی وحدت اکیسویں صدی کی توحید خالص ہے۔