وزراکا جہاں اور ہے افسر کا جہاں اور

ایسا تو ممکن نہیں کہ سرکاری افسر خود سے اتنے آکڑ خان بن گئے ہوں کہ وزرا تو ایک طرف پنجاب اسمبلی کے سپیکر کو خاطر میں نہ لائیں۔کہیں نہ کہیں کوئی گڑ بڑ تو ضرور ہے کوئی اشارہ تو ایسا ہے کسی کو پروٹوکول نہیں دینا۔

 سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے تو برملا اظہار بھی کر دیا ہے اور تقریب بھی چھوڑ کر چلے گئے کہ جب تعلیم کی ضلعی افسر بھی چلی گئی ہیں تو میں بات کیا کروں۔جھنگ کے اس واقعہ پر وہ اسمبلی کے ضابطوں کو بروئے کار لانا چاہتے ہیں،کارروائی کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے مگر کس کام کا۔اُدھر وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ جو بھلے مانس اور درویش وزیر ہیں۔ چنیوٹ میں کسی سرکاری افسر کی عدم موجودگی کے باعث پہلے خفا ہوئے اور پھر اُٹھ کر آ گئے۔ ابھی دو دن پہلے مواصلات کے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان لودھراں ملتان روڈ کا ترقیاتی کام دیکھنے آئے تو اُن کا ایئر پورٹ پر کسی نے استقبال کیا اور نہ موقع پر ضلعی انتظامیہ کا کوئی افسر موجود تھا۔ ادھر ملتان میں تو پہلے ہی سینیٹ کے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی پنجاب کے کسی افسر کو ملنے کے لئے ترس جاتے ہیں۔شادی کی کسی تقریب یا تعزیت کے کسی موقع پر اتفاقاً ملاقات ہو جائے تو اور بات ہے۔ افسروں کو گیلانی ہاؤس سے کئی بلاوے آتے ہیں مگر وہ نہیں جاتے۔کئی پنجاب کے وزیر ایسے ہیں جو ملتان آتے ہیں تو انتظامی افسر اُن کے اردگرد موجود ہوتے ہیں گویا یہ ماجرا افسروں کی خود سری کا نہیں، کسی خصوصی لائن کا ہے جو انہیں سیدھی راہ پر رکھے ہوئے ہے۔ صوبے میں پنجاب حکومت کی عملداری ہوتی ہے۔ اِس وقت وزیراعلیٰ مریم نواز کا کنٹرول ہے یہ کنٹرول اس حد تک ہے کہ سرکاری افسر سانس بھی لیتے ہیں تو کہتے ہیں وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق لے رہے ہیں ۔ایسے میں ان سب افسروں کو کیا پڑی ہے کہ اِدھر اُدھر دیکھیں۔

وفاقی وزرا اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کو زمینی حقائق کا ادراک ہونا چاہئے۔ خوامخواہ ان معصوم افسروں پر غصہ نکالیں نہ اُن کے خلاف کارروائی کا عندیہ دی۔ اُس چین آف کمانڈ کو سمجھیں جو ملک بلکہ صوبے میں چل رہی ہے۔سیاسی شو شا کی بات اور ہے لیکن پنجاب میں کسی بات پر عملدرآمد صرف اس چین آف کمانڈ کے تحت ہو سکتا ہے۔ افسروں کی کارکردگی جانچنے کا پنجاب میں ایک نظام رائج ہے۔ ہر ماہ ڈپٹی کمشنروں کی اسی نظام کے تحت رینکنگ ہوتی ہے اس کے لئے طریقہ کار بھی بتا دیا گیا ہے اور عمل کیسے کرناہے وہ بھی واضح ہے۔ اب اس سارے بکھیڑے میں افسر کسی وفاقی وزیر اور پنجاب اسمبلی کے سپیکر کی کیسے سن سکتے ہیں۔ لوگ کہتے ہیں پنجاب میں تعینات بیورو کریسی مادر پدر آزاد ہو گئی ہے، میں کہتا ہوں جتنی بیورو کریسی آج کل جکڑی ہوئی ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، بس اُسے ایک گائیڈ لائن دی گئی ہے، اِدھر اُدھر نہیں دیکھنا۔اس حقیقت کا ارکان اسمبلی، وزیر و مشیر اور پنجاب کے سپیکر ملک محمد احمد خان نے غالباً ادراک نہیں کیا۔ اس لئے وہ بعض اوقات اندھیرے میں ٹامک ٹوئیاں مارتے رہتے ہیں۔پنجاب کی انتظامیہ چیف سیکرٹری کے ماتحت ہے اور چیف سیکرٹری وزیراعلیٰ کا حکم ماننے کے پابند ہیں، دوسرا تو کوئی راستہ ہی نہیں اس لئے بے چارے افسروں سے یہ توقع  نہ رکھی جائے وہ اپنا قبلہ کسی اور طرف کریں۔ ہاں البتہ اس سارے سلسلے میں ایک نقصان ضرور ہوا ہے کہ افسروں کی گردنیں کچھ اکڑ گئی ہیں۔ خاص طور پر عوام کے مسائل حل کرنے میں وہ تساہل کا شکار ہو گئے ہیں۔ گورننس میں اس طرح کی بہتری نہیں آئی جس طرح کی بہتری افسروں کو فری ہینڈ دینے کے بعد آنی چاہئے تھے۔ افسروں کو اب ارکان اسمبلی کا کوئی خوف ہے نہ اُن کی مداخلت کا، حتیٰ کہ وزرابھی اُن سے دور ہیں۔ اب اُن کے پاس تو یہ عذر  بھی نہیں کہ سیاسی مداخلت کے باعث وہ کام نہیں کر سکتے۔

میرے خیال میں تو اس وقت پنجاب میں تعینات ہر نوع کے افسروں کے لئے سنہری موقع ہے کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے کچھ کر گزریں۔ سوال یہ ہے وفاقی وزرایا سپیکر پنجاب اسمبلی کے سامنے اگر عوام مسائل رکھتے ہیں،تو وہ مسئلے ان افسروں کو کیوں نظر نہیں آتے۔ انہیں اپنی آنکھیں کھولنی چاہئیں، ضروری نہیں کہ بری کارکردگی پر اُن کی معطلی یا ٹرانسفر کا آرڈر ہی انہیں ہوش میں لا سکے۔

(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)