میانمار حکومت روہنگیا کی نسل کشی میں ملوث تھی: عالمی عدالت انصاف

  • جمعرات 19 / نومبر / 2026

عالمی عدالتِ انصاف (انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس، آئی سی جے) میانمار کو روہنگیا مسلم اقلیت کی نسل کشی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست نے روہنگیا آبادی کے ایک بڑے حصے کو تباہ کرنے کے ارادے سے اقدامات کیے۔ یہ اعلان عدالتی فیصلے میں سامنے آیا ہے۔

15 ججوں پر مشتمل بین الاقوامی بینچ نے نو کے مقابلے میں چھ ووٹوں سے یہ فیصلہ سنایا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بین الاقوامی عدالت نے کسی ریاست کو نسل کشی کا مرتکب قرار دیا ہو۔

فیصلے میں عدالت نے کہا ہے کہ میانمار کی سکیورٹی فورسز نے 2017 میں کارروائیوں کے دوران ہزاروں روہنگیا شہریوں کو ہلاک کیا اور ایسے شواہد موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ روہنگیا آبادی کے ایک بڑے حصے کو تباہ کرنے کا ارادہ موجود تھا۔ عدالت نے قرار دیا کہ 2017 کی کارروائیوں کے دوران 10 ہزار روہنگیا ’پُر تشدد‘ طریقے سے قتل کیے گئے۔

عدالت نے قرار دیا کہ میانمار نے نسل کشی کی روک تھام، اس میں ملوث افراد کو سزا دینے اور متعلقہ قوانین نافذ کرنے سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی۔ عدالت کے مطابق میانمار نسل کشی کے الزامات سے متعلق شواہد محفوظ رکھنے میں بھی ناکام رہا اور اس نے لاشیں جلانے اور دیگر طریقوں سے شواہد کو وسیع پیمانے پر تباہ کیا۔

عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ میانمار مستقبل میں ایسے اقدامات کے دوبارہ ارتکاب کو روکنے کی ضمانت دے اور 2017 کی کارروائیوں کے دوران نسل کشی سے متعلق جرائم میں ملوث افراد کی تحقیقات اور قانونی کارروائی یقینی بنائے۔

2017 میں میانمار کی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں ہزاروں روہنگیا ہلاک ہوئے تھے جبکہ سات لاکھ سے زائد افراد جان بچانے کے لیے ہمسایہ ملک بنگلہ دیش منتقل ہو گئے تھے۔ میانمار نے مقدمے کے دوران ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس کی فورسز مسلح گروہوں کے حملوں کے جواب میں کارروائی کر رہی تھیں۔

دریں اثنا بنگلہ دیش میں قائم روہنگیا مہاجر کیمپوں میں فیصلے کے بعد خوشی کا اظہار کیا گیا۔ انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اس فیصلے کو روہنگیا مسلمانوں کی طویل عرصے سے جاری تکالیف کے اعتراف اور انصاف کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف اپنے فیصلوں پر براہ راست عمل درآمد کرانے کا اختیار نہیں رکھتی۔ عدالت ریاستی ذمہ داری کا تعین کرتی ہے، جبکہ افراد کے خلاف فوجداری کارروائی بین الاقوامی فوجداری عدالت (انٹرنیشل کرمنل کورٹ، آئی سی سی) کے دائرہ اختیار میں آتی ہے۔ اس لیے فیصلے پر عمل درآمد بڑی حد تک بین الاقوامی دباؤ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کردار پر منحصر ہو گا۔