امریکہ، چین اور روس کے صدور عالمی استحکام پر متفق
چین، روس اور امریکہ نے سہ فریقی سربراہی ملاقات میں سٹریٹیجک استحکام اور بین الاقوامی سلامتی کے تحفظ کا عزم ظاہر کیا ہے۔ تینوں بڑی طاقتوں کے سربرہان کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں یہ بات کہی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے توانائی کے تحفظ سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور فراہمی بڑھانے کے منصوبوں پر اتفاق کیا۔
ریاستی عہدیداروں کو حاصل استثنیٰ کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (انٹرنیشنل کرمنل کورٹ، آئی سی سی) اور اس نوعیت کے دیگر اداروں کو اپنے دائرۂ اختیار کا ناجائز استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
جوہری امور پر تینوں رہنماؤں نے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ ’جوہری جنگ جیتی نہیں جا سکتی اور اسے کبھی لڑا نہیں جانا چاہیے۔‘ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے باہمی مذاکرات کا عمل جاری ہے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق سہ فریقی ملاقات کے آغاز میں شی جن پنگ نے جوہری ہتھیاروں کو ’انسانیت کے سر پر لٹکتی ڈیموکلیز کی تلوار‘ قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ قدیم یونانی کہانی میں ڈیموکلیز کی تلوار کو بڑی طاقت یا دولت کے ساتھ جڑے مستقل خطرات کے استعارے کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔
شی جن پنگ نے کہا کہ ’انہیں مکمل طور پر ممنوع قرار دیا جانا چاہیے اور مکمل طور پر تباہ کر دینا چاہیے۔‘