فرنگ کا ہر قریہ ہے فردوس کی مانند
- تحریر افضال ریحان
- جمعرات 19 / نومبر / 2026
یہ گورے کتنے دلچسپ لوگ ہیں، اپنے کام سے کام رکھتے ہیں، کسی دوسرے کے معاملات میں قطعی ٹانگ نہیں اڑاتے۔ خاص طور پر کسی کی پرائیویسی کا شدید حد تک احترام کرتے ہیں۔ ساتھ بیٹھے ہوں یا پاس سے گزریں آئی کنٹیکٹ تک نہیں کریں گے۔
کوئی لڑکی آپ کو کتنی ہی اچھی لگی ہے، آپ ہلکی سی ترچھی نظر ڈال کر آنکھیں آگے لے جائیں گے، چند سیکنڈز سے زیادہ اگر آپ نے نظریں ٹکانے کی کاوش کی تو اسے ہراسمنٹ گردانا جاۓ گا جو قابل تعزیر جرم ہے۔ آپ کسی کی توہین نہیں کر سکتے؟ حقارت سے کالے کو کالا بھی نہیں کہہ سکتے، ذرا سی کوتاہی پر ڈیفامیشن کا کیس ہو سکتا ہے۔ لیکن اسی چیز کا ایک دوسرا پہلو بھی ہے۔ آپ کسی بھی عاقل بالغ لڑکے یا لڑکی کے پاس جا کر ایکسکیوز می کہتے ہوۓ احترام اور وقار کے ساتھ کوئی بھی بات کر سکتے ہیں۔ سوال پوچھ سکتے ہیں اور نہیں تو رستہ ہی پوچھ لیں۔ وہ آپ کے ساتھ اس طرح پیش آۓ گا یا آۓ گی کہ جیسے کوئی آپ کا بہت ہی ہمدرد انسان پیش آ سکتا ہے۔ بلکہ اس سلسلے میں ایک بہت ہی اعلی روایت بارہا درویش نے تجربہ کی، پہلے بھی اور حالیہ ٹور میں بھی، بالخصوص نوجوان نسل میں۔ چاہے وہ لڑکا ہے یا لڑکی، آپ سے تعاون اتنے انہماک اور پیار سے کریں گے، رستہ باریکی سے سمجھائیں گے، نزدیک ہے تو خود چھوڑ کر آئیں گے کہ آپ کے دل سے ان کیلیے دعا نکلے گی۔
لندن سے لیسٹر یا کیٹرنگ آتے ہوئے ایک ریل اسٹیشن پر پلیٹ فام نمبر 4 کا پوچھا تو وہ معصوم ساتھ چل کر خود آئی پلیٹ فارم نمبر4 کے ایک بنچ پر بٹھا کر گئی۔ ساتھ یہ بھی کہا کہ اتنے منٹ بعد فلاں گاڑی آۓ گی، آپ نے صرف اسی میں بیٹھنا ہے۔ غلطی یا مجبوری سے اگر آپ کچھ دیر کیلیے رستہ روک کر بھی کھڑے ہو گئے ہیں، تو وہ خاموش رہ کر تھوڑا انتظار کر لیں گے۔ مروت اور شائستگی دکھائیں گے شاؤٹ نہیں کریں گے۔ آپ سے بھی یہی توقع رکھیں گے۔ دوسروں کی موجودگی میں اپنے یا اپنی دوست سے بات اتنی آہستہ کریں گے۔ مبادا آپ کو خلل محسوس نہ ہو۔ البتہ اپنی فرینڈ سے ہگ یا فرنچ کسنگ کرنے میں کوئی جھجھک محسوس نہیں کریں گے۔ کوئی شور واویلا نہیں۔
پورا مہینہ ہو چکا، کہیں کوئی ہارن بجتے نہیں سنا۔ نہ کسی کو لڑتے دیکھا، نہ کہیں کوئی ایکسیڈنٹ نظروں کے سامنے آیا۔ اتنی محتاط ڈرائیونگ، پیدل چلنے والوں کی بے پناہ عزت، عمومی رویہ مبنی بر انسان نوازی، امیر غریب، چھوٹے بڑے، کالے گورے سب برابر، بات بات پرسوری اور تھینک یو۔ گوروں کی ایک دلچسپ بات یہ لگی کہ یہ لوگ پانچ دن سخت محنت و جان فشانی اور ایمانداری کے ساتھ کام کرتے ہیں اور دو دن جی بھر کے انجوائے کرتے ہیں۔ دوستوں کی محفلوں سے لطف اندوز ہوتے اور خوشیاں بانٹتے ہیں۔
یہاں قدم قدم پر اس قدر گرینری و خوبصورتی ہے کہ یہاں پیدل گھومنا بھی اچھا لگتا ہے۔ سب علاقے بہت اچھے ہیں اور ہوں گے مگر اس سادہ لوح دیہاتی کو سوہو سٹریٹ سب سے بارونق لگی۔ بالخصوص ویک اینڈ پر یہاں اتنی خوبصورتی ہوتی ہے جس کی لطافت کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ جی چاہتا ہے کہ اپنا سارا قیمتی وقت اس خوبصورتی کی نذرکر دیا جائے۔ لیکن نہیں، یہاں ایک سے بڑھ کر ایک پرکشش مقام ہے۔ باقی تو چھوڑیں یہاں کے میوزیمز میں ہسٹری کی دلکشی چھائی ہوئی ہے۔ دن کیا مہینے بھی ان کے لئےناکافی ثابت ہوں گے۔ ناچیز نے پورے انہماک سے جی بھر کے انہیں دیکھا مگر تفصیلات اگلے دن کا تقاضا کر رہی تھیں۔ بسوں اور ٹرینوں کا سسٹم اس قدر باکمال ہے کہ حیرت ہوتی ہے۔ یہاں کی زندگی کس قدر منظم ہے ہر چیز وقت پر کوئی گنجائش ہی نہیں کہ کہیں کوئی لاپرواہی کر سکے۔ دکانوں، مارکیٹوں، پارکوں، تعلیمی و کاروباری اداروں، ہسپتالوں، تاریخی عمارتوں ہر جگہ بھرپور ڈسپلن ملاحظہ کیا۔
درویش کو انگلینڈ کے دلچسپ موسم، خوبصورت ماحول، سرسبز و شاداب پارکوں اور ہر مقام پر بھرپور گرینری و فلاورز نے ہی متاثر نہیں کیا، یہاں کی ملاوٹ کے بغیر اچھی معیاری خوراک، تازہ پھلوں اور سبزیوں کے معیار سے بھی خوشی ہوئی۔ خالص دودھ دہی نے تو اپنے گاؤں کا زمانہ یاد دلا دیا۔ اپنی اسلامیت کے لمبے چوڑے دعوے تو جتنے بھی ہم لوگ کرتے ہیں لیکن پورے لاہور میں شاید کوئی ایک دکان بھی ایسی نہیں ملے گی جہاں ملاوٹ کے بغیر خالص دودھ دستیاب ہو۔ درویش ان کافروں کی تحسین فرض سمجھتاہے، انگلینڈ میں لندن ہی نہیں دیگر شہروں اور دیہات میں بھی جہاں ناچیز گیا دودھ دہی خالص ملے تو دعا کی کہ کافروں نے خالص دودھ دہی اور بلا ملاوٹ اشیائے خوراک فراہم کرتے ہوئے اپنے عوام کا جو خیال رکھا ہے، اس کے بدلے خداوند جنت میں آپ لوگوں کو شراب طہور کے ساتھ دودھ اور دہی کی نہریں فراہم کرے۔
البتہ لندن میں ایک بہت بڑا ایشو ہے، اپنی گاڑی کی پارکنگ۔ لندن ہی نہیں انگلینڈ کے دیگر شہروں میں بھی یہ پریشان کن ایشو ہے۔ اور اگر کہیں خالی پارکنگ مل بھی جائے تو بھی وقت کے مطابق پاؤنڈز کٹیں گے۔ شاید اسی لئے ان کی ڈبل ڈیکر بسیں اور ٹرینیں خوب چلتی ہیں سفر کرتے ہوئے اور ویسے بھی امیر غریب کا کوئی فرق محسوس نہیں ہوتا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ یہاں امیروں کو بھی اپنے کام خود کرنے پڑتے ہیں اور غریبوں کو اپنی محنت کا اچھا خاصا معاوضہ گھنٹوں کے حساب سے مل جاتا ہے۔ اس حوالے سے ہم لوگوں کو اچھی خاصی پرابلم تو بہرحال پیش تو آتی ہے، جس کا گلہ ڈاکٹر صاحب نے بھی کئی بار کرتے ہوئے جلد واپسی کا تقاضا کیا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ ان کے سماج کی ہمارے سماج میں موجود امیر غریب ، اونچ نیچ یا دکھاوے، ہیپوکریسی سے جان چھوٹ گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی درویش گوروں کے اخلاق اور یہاں کی ایمانداری دیکھ کر بھی بہت خوش ہوا ہے۔
مارکیٹوں، چھوٹے بڑے شاپنگ مالز میں چیزیں یوں پڑی ہوتی ہیں، بے شک کیمرے لگے ہیں، پھر بھی کئی مرتبہ ایسی دکانیں دیکھیں، شام کا وقت ہے اور دکان چوپٹ کھلی ہے۔ ادھر اُدھر دیکھنے پر بھی کوئی بندہ دکھائی نہیں دیا۔ ڈاکٹر صاحب کو بلایا، دیکھیں یہ لوگ کھلی دکانیں چھوڑ کر کیسے جا سکتے ہیں؟ کیا لوگ چوری چھپے مہنگی چیزیں اپنی جیبوں میں ڈال نہ لے جائیں گے؟مانتا ہوں انسانی سوسائٹی ہے جرائم ضرور ہوتے ہوں گے، یہاں مسلم اور کالے بھی ہیں، مزے کی بات ہے آپ یہاں کالے کو کالا نہیں کہ سکتے۔ ریسسٹ کا الزام لگ جاۓ گا جو جرم ہے اور ہم پاکستان میں چنگے بھلے مسیحوں کو چوڑا کہہ کر تذلیل کرتے ہیں۔ الزام تو دور کی بات، سب ہنس رہے ہوتے ہیں۔ یہاں کسی کی کوئی چیز پڑی ہے توکوئی دوسرا چھیڑنے کی کوشش نہیں کرتا۔ مثال کے طور پر ہمارے گھر کے قریب ایک پارک میں ڈاکٹر صاحب کے ایئرپوڈز کہیں رہ گئے۔ یاد آنے پر شام کو گئے تو وہ وہیں پڑے تھے۔ درویش کیٹرنگ کی مارکیٹ کے ایک بنچ پر بیٹھا، وہاں ایک خوبصورت بڑی کتاب اس طرح پڑی ہوئی تھی، جیسے ایک حصہ کسی نے پڑھ لیا ہو اور اسے الٹا کر وہیں رکھ کے چلا گیا ہو۔ درویش کو حیرت ہوئی لیکن اگلے دن مزید حیرت ہوئی کہ وہ کتاب یونہی وہاں پڑی تھی اور یہ سارا علاقہ گورے کافروں کا ہے۔
آخر ہم اہل ایمان کے یہاں ایسا کچھ کیوں نہیں؟ ایک بنچ پر دو گورے بچوں کو برگر کھاتے دیکھا۔ ان کے پاس کچھ کبوتر آ جاتے ہیں۔ وہ بچے خود کھانا چھوڑ کر برگر کے ٹکڑے کرتے ہوۓ انہیں کھلانا شروع کر دیتے ہیں۔ درویش نے اس منظر کو فلما لیا لیکن یہ احساس بھی تھا کہ یہاں کسی کی مرضی و اجازت کے بغیر اس کی تصویر بنانا سخت گناہ ہے۔ درویش لندن کی رونقوں سے گھائل تھا مگر جب ان کی فطری حسن سے مالامال، سیب کے باغوں، کھیتوں اور کھلیانوں کی رعنائی میں ریورل لائف اور اس میں حاصل سہولیات ملاحظہ کیں تو اقبال کی طرح یہ شکوہ کیے بغیر نہ رہ سکا کہ:
فردوس جو تیرا ہے وہ کسی نے نہیں دیکھا
فرنگ کا ہر قریہ ہے فردوس کی مانند