محض سڑکیں ٹریفک کے مسئلے کا حل نہیں
- تحریر خورشید ندیم
- جمعرات 19 / نومبر / 2026
معلوم یہ ہوا کہ سڑکوں کی بہتات ٹریفک کے مسئلے کا حل نہیں ہے۔ اگر اس مسئلے کا سنجیدہ حل چاہیے تو ہمیں اصل مسائل کو مخاطب بنانا ہو گا۔ میں اسلام آباد میں رہتا ہوں۔ جس راستے سے ہرروز گزرتا ہوں اس پر حال ہی میں دو نئے بائی پاس تعمیر ہوئے ہیں۔ جدید ترین اور وسیع۔
خیال یہ تھا کہ اب ٹریفک رواں دواں رہے گی اور وہ وقت جو رش کے باعث راستوں میں گزرتا تھا، بچ جائے گا۔ تجربے نے بتایا کہ یہ خیال درست نہیں ہے۔ فرق تو پڑا ہے لیکن معمولی۔ اب بھی رش کا وہی عالم ہے۔ وقت کی اگرکوئی بچت ہوئی ہے تو وہ ناقابلِ ذکر ہے۔ ایسا پہلی بار نہیں ہو رہا۔ میرا مشاہدہ یہ ہے کہ شہر میں سڑکوں کو وسیع کرنے یا ان میں اضافے سے ٹریفک کے حالات پر زیادہ اثر نہیں پڑا۔ یہ صرف اسلام آباد کی کہانی نہیں۔ سب بڑے شہروں کی کہانیاں ایک طرح کی ہیں۔
اس کے دو بڑے اسباب ہیں۔ ایک سبب آبادی ہے۔ شہروں کی آبادی میں اتنا اضافہ ہو چکا ہے کہ چند مزید سڑکوں اور پلوں کی تعمیر اس کے بہاؤ کو قابو میں لانے کیلئے کافی نہیں ہے۔ ہم نے اسلام آبادکے فطری حسن کو جس قیمت پر قربان کیا تھا، وہ ہمیں نہیں مل سکی۔ آبادی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اسے کم کرنے کیلئے ہم نے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ آبادی میں اضافہ دو وجوہات سے ہے۔ ایک تو نقل مکانی ہے۔ لوگ روزگار کی تلاش میں شہروں کا رخ کرتے ہیں۔ یہ ایک مسلسل عمل ہے جس میں کمی نہیں آ سکی۔ دوسری وجہ خاندان کے تصور کے بارے میں پھیلی جہالت اور لاعلمی ہے۔ ہر گھر میں بچے مسلسل پیدا ہو رہے ہیں۔ والدین کو اس بات کا کوئی شعور نہیں کہ ان بچوں کو صرف رزق نہیں بلکہ تعلیم،ہنر،صحت اور بہت سے دیگر لوازماتِ زندگی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر آپ یہ فراہم نہیں کر سکتے تو پھر آپ اولاد کا حق ادا نہیں کر سکتے۔ اس حق تلفی پر آپ خدا کے ہاں جوابدہ ہوں گے۔ اس کے ساتھ آپ سماج میں بے روزگار، غیرتعلیم یافتہ اور اخلاق سے تہی دامن افراد میں اضافہ کر رہے ہیں۔ اس شعور سے عاری ہونے کا نتیجہ یہ ہے کہ معاشرے میں غربت و افلاس کے ساتھ جہالت اور فساد بڑھ رہے ہیں۔
دوسرا سبب پروٹوکول جیسے مسائل ہیں جنہوں نے عام آدمی کی زندگی کو اجیرن بنا رکھا ہے۔ مزید یہ کہ ہم نے کرکٹ بھی ضرور کھیلنی ہے۔ کھلاڑیوں نے جس راستے سے گزرنا ہے وہاں معلوم ہوتا ہے کہ کرفیو نافذ ہے۔ کھلاڑیوں کے ہوٹل سے نکلنے سے پہلے اور گراؤنڈ میں پہنچتے تک تمام وقت ٹریفک بند رہتی ہے۔ یہی مشق ان کی گراؤنڈ سے ہوٹل واپسی کے وقت دہرائی جاتی ہے۔ سڑکوں پہ گاڑیوں کی اتنی تعداد ہوتی ہے کہ اگر درمیان میں ایک گاڑی کھڑی ہو جائے تو کئی منٹ تک ٹریفک کا تسلسل متاثر رہتا ہے۔ پروٹوکول کی وجہ سے حکومتی و ریاستی شخصیات کے بارے میں سڑکوں پرکھڑے لوگ جن جذبات کا اظہار کرتے ہیں وہ ناقابلِ بیان ہے۔ معلوم نہیں ان خواتین و حضرات کو کسی نے توجہ دلائی ہے یا نہیں کہ عوام میں اپنے وقار کو خراب کرنے کا یہ آسان ترین نسخہ ہے کہ ان کی آمد پر ہٹو بچو کی صدائیں بلند ہوں۔ ٹریفک رک جائے اور عام شہری کو یہ احساس دلایا جائے کہ اس کی حیثیت ان شخصیات کے مقابلے میں حشرات الارض سے زیادہ نہیں۔
تو پھرحل کیا ہے؟ پہلا حل یہ ہے کہ شہروں کی آبادی کو قابو میں لایا جائے۔ ایک تو عوامی شعور کو بیدارکیا جائے۔ والدین اتنے بچے پیدا کریں جن کی وہ تمام ضروریات کو معقول سطح پر پورا کر سکیں۔ اس کیلئے حکومت، علما، میڈیا اور سماجی اداروں کو مل کر مہم چلانی چاہیے۔ دوسرا یہ کہ شہروں کی طرف نقل مکانی کو روکا جائے۔ شہروں کی حدود متعین ہوں اور نئے شہر آباد کیے جائیں۔ بہتر روزگار کے مواقع اور ضروریاتِ زندگی کی فراہمی سے نئے شہر آباد ہو سکتے ہیں۔ غلام عباس نے اپنے شاہکار افسانے ’آنندی‘ میں بتایا ہے کہ نئے شہر کیسے آباد ہوتے ہیں۔ کاش ان لوگوں نے یہ افسانہ ہی پڑھ لیا ہوتا۔
ان دنوں اسلام آباد کی توسیع کا منصوبہ زیر غور ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ہری پور اور مری کے بعض علاقوں کو بھی اس میں شامل کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد کی حدود جس طرح غیرمتعین ہیں،اس سے تو یہ عملاً اسلام آباد کا حصہ بن چکے ہیں۔ اگراس کو مزید توسیع دینی ہے تو یہ اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ اسلام آباد مستقبل کا کراچی ہے۔ مجھے حیرت ہے کہ کراچی اور لاہور کے تجربات کے بعد بھی شہروں کو توسیع دینے کے منصوبے بن رہے ہیں۔ کیا پراپرٹی مافیا ایک بار پھر ہمارے نظام میں نقب لگا رہا ہے؟ میرے پاس اس سوال کا جواب نہیں ہے لیکن صاف دکھائی دیتا ہے کہ اس توسیع پسندی سے اگر کسی کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچے گا تو وہ یہی طبقہ ہے۔ جب شہروں کو محدود کرنا عقل کا تقاضا ہو‘ اس وقت شہروں کو پھیلانے میں آخرکیا حکمت ہو سکتی ہے؟
ملک کی آبادی اگر اس طرح بڑھتی رہی اور شہر وں کو پھیلایا جاتا رہا تو انتظامی مشکلات میں اضافہ ہوتا رہے گا۔ یہ دونوں مسائل حکومت کی توجہ چاہتے ہیں۔ ملک میں اس کیلئے اگر ایمرجنسی لگانا پڑے تو اس میں بھی کوئی حرج نہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان مسائل کی وجہ سے حکومتی ڈھانچہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ کسی حکومت کیلئے ممکن ہی نہیں کہ وہ ان وسائل کے ساتھ‘ اتنی بڑی آبادی کے بنیادی مسائل حل کر سکے۔ جب نئے انتظامی یونٹس کی بات ہو رہی ہے تو اس کا ایک بدیہی نتیجہ یہ ہے کہ بڑے شہروں کو مزید پھیلنے سے روکا جائے اور نئے شہر آباد کیے جائیں۔ یہ کیسی منطق ہے کہ ایک طرف چھوٹے انتظامی یونٹس کی بات ہو رہی ہے اور دوسری طرف شہروں کو پھیلایا جا رہا ہے۔ اسلام آباد کا فطری حسن پہلے ہی داؤ پر لگ چکا۔ توسیع سے تو اس کا امتیاز بالکل ختم ہو جائے گا۔
بدقسمتی سے اصل قومی معاملات نہ پارلیمان میں زیر بحث آتے ہیں نہ میڈیا میں۔ کچھ عرصہ پہلے جب اسلام آباد میں بے دردی سے درخت کاٹے جا رہے تھے تو اس وقت چند حساس لکھاریوں نے واویلا کیا تھا۔ ان کی آواز کسی نے نہیں سنی۔ اب ضرورت محسوس ہوئی ہے کہ اس پر ایک مہم برپا کی جائے۔ پارلیمان میں اس پر بحث ہو کہ ہم آبادی کے پھیلاؤ کو کیسے روک سکتے ہیں۔ جس مسئلے کی وجہ سے نئے صوبوں کی بحث شروع ہوئی،وہ آبادی ہے اور وہی کہیں زیر بحث نہیں۔ اس کے ساتھ پروٹوکول کے بارے میں بھی سنجیدگی سے سوچنا چاہیے۔ اس سے حکومت کو فائدہ نہیں ہو رہا۔ کوئی عوامی حکومت اس بات کو کسی طرح نظرانداز نہیں کر سکتی کہ لوگ اس کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ یہ دہشت گردی سے زیادہ اشرافیہ کی نفسیات کا مسئلہ ہے جو خود کوعوام سے الگ دیکھنا اوردکھانا چاہتی ہے۔ دوسرے طبقات تو شاید عوامی جذبات سے بے پروا ہو سکتے ہیں، عوامی نمائندے ہر گز نہیں۔
میری تجویز ہے کہ آبادی اور نئے شہروں کے بار ے میں پارلیمان کا خصوصی اجلاس ہو۔ اس کا ایجنڈا صرف یہی نکتہ ہو۔ اس کیلئے میڈیا پر خصوصی آگاہی مہم شروع ہو۔ کراچی سے ہمیں عبرت حاصل کرنی چاہیے۔ اگر ہم سنجیدگی سے ان مسائل کو زیرِ بحث نہیں لائیں گے تو نئی سڑکوں سے ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے نہ شہروں کی توسیع سے۔ یہ ہنگامی صورتِ حال ہے اور اسے اسی نظر سے دیکھنا چاہیے۔
(بشکریہ: روزنامہ دنیا)