بلاول بھٹو کی انقلابی تقریر یا فدوی کی عرضی
- تحریر نسیم شاہد
- جمعرات 19 / نومبر / 2026
پہلی بات تو یہ ہے بلاول بھٹو زرداری کی اردو بہت بہتر ہو گئی ہے۔ مشکل لفظ بھی بڑی آسانی سے بول لیتے ہیں۔38سال بعد میچورٹی تو آ ہی جاتی ہے۔ اب پریس کلب کراچی میں جو تقریر کی ہے، اس پر نظر ڈالیں تو اس میں ایک بلاول جمہوریت کا چیمپئن بن کر ابھرتا ہے۔ اور دوسرا ایسا پشیمان شخص جو اپنے ہی فیصلوں پر پچھتا رہا ہے اور خود پر تنقید بھی کررہا ہے۔
یہ احساسِ رائیگانی کا نتیجہ ہے یا پھر مستقبل کی پیش بندی۔ خود کو جمہوری اور جمہوریت کا محافظ قرار دینے کی ایک کوشش ہے یا پھر کسی کے لئے پیغام ہے۔ بلاول بھٹو زرداری پاکستانی سیاست میں سب سے نوجوان پارٹی چیئرمین ہیں۔ مستقبل ان کے لئے کھلا ہے تاہم اس موقع پر اچانک ان کا یوں پھٹ پڑنا حیران ضرور کر گیا ہے۔
ابھی ایک سال سے بھی کم عرصہ پہلے وہ ستائیسویں ترمیم کی منظوری پر چہک رہے تھے اور اب اس ترمیم کو دباؤ اور مجبوری کا شاخسانہ کہہ رہے ہیں، اس عرصے میں ایسا کیا ہوا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری بدل گئے، ان کی سوچ تبدیل ہو گئی ہے۔ آج وہ عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دے کر تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کی بات کررہے ہیں مگر اس سے پہلے ایک سال سے یہ خبریں آ رہی تھیں کہ عمران خان کو قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے، کسی سے ملنے نہیں دیا جا رہالیکن بلاول بھٹو نے زبان تک نہیں کھولی۔ ان کے حق میں ایک بیان تک نہیں دیا بلکہ الٹا کئی مواقع پر تمسخر اڑایا۔ بلاول اگر اپنی تقریر میں صوبوں کے حوالے سے بات نہ کرتے تو ان کی ان باتوں میں ایک وزن پیدا ہو جاتا، پھر یہ سمجھا جاتا کہ ان کے اندر جمہوریت،انسانی حقوق اور عدل و انصاف کے حوالے سے ایک شمع فروزاں ہوئی ہے۔ مگر جس طرح انہوں نے سندھ میں صوبے بنانے کے ضمن میں سخت موقف اختیار کیا بات خون خرابے تک لے گئے، اس نے یہ واضح کر دیا کہ ان کی یہ ساری سمع فراشی درحقیقت یہ بتانے کی کوشش ہے کہ اگر صوبوں کی بات ہوئی تو ہم یوٹرن لے کر پاس کی گئی ترمیم کے خلاف بھی بولیں گے۔ اور عمران خان کی حمایت بھی شروع کر دیں گے، ساتھ ساتھ مولانا فضل الرحمن کی حمایت بھی کریں گے۔ کیا اس طرح بات بن جائے گی،۔اٹھائیسویں ترمیم رک جائے گی، صوبے نہیں بنیں گے اور سندھ اسی طرح پیپلزپارٹی کی جاگیر بنا رہے گا؟
فی الوقت یہ کہنا آسان نہیں تاوقتیکہ بلاول بھٹو زرداری کوئی عملی قدم نہیں اٹھاتے۔ پیپلزپارٹی ہر اس زیادتی میں شریک رہی ہے جو 2024 کے بعد سے اب تک تحریک انصاف کے ساتھ ہوئی ہے۔ اب اگر وہ کہتے ہیں۔ مخصوص سیٹیں تحریک انصاف سے غیر آئینی طور پر چھینی گئیں تو پھر انہیں سب سے پہلے وہ نشستیں خالی کرنی چاہئیں جو پیپلزپارٹی کو ملیں۔ کسی اور سے مطالبہ کرنے کی بجائے انہیں یہ فیصلہ خود کرنا چاہیے۔ پھر اگر وہ کہتے ہیں اپوزیشن دہشت گردی کے خلاف تعاون پر آمادہ ہوگئی تھی، معاہدہ ہونے والا تھا کہ گورنر راج لگا دیا گیا تو ان کے پاس بڑا اچھا موقع ہے کہ خیبرپختونخوا کی گورنر شپ چھوڑ دیں۔ انگلی پر لہو لگا کے شہیدوں میں نام لکھانے کا زمانہ اب نہیں ہے۔ سب کچھ عوام پر ظاہر ہے اور واضح ہے۔ اس وقت پیپلزپارٹی مسلم لیگ (ن) سے بھی زیادہ اقتدار کے مزے لوٹنے والی جماعت ہے۔ تین صوبوں کی حکومتیں اس کے پاس ہیں، صدارت ہے، سینیٹ کی چیئرمین شپ، پنجاب کی گورنری ہے۔ اب یہ ایسی حقیقتیں ہیں، جنہیں بلاول کی ایک تقریر نہیں جھٹلا سکتی۔
آج اگر نئے صوبوں کا معاملہ ختم ہو جائے تو کیا بلاول بھٹو زرداری کا، عمران خان، گورنر راج، سیاسی قیدیوں اور وزرائے اعظم کو گھر سے جیل بھیجنے اور جیل سے اقتدار کی کرسی تک لانے موقف یہی ہوگا جو انہوں نے اپنی تقریر میں بیان کیا۔ عمران خان کی حکومت گرا کے اس بندوبستی نظام کے آتے ہی بلاول بھٹو زرداری نے خود ویلکم کیا تو پرانا پاکستان کہا تھا۔ گویا پرانے پاکستان کو انہوں نے اس تمام خوبیوں خامیوں سمیت قبول کرلیا تھا۔ اس میں وزرائے اعظم کو گھر بھیجنے، پھر جیل میں ڈالنے اور جیل سے تخت اقتدار پر پہنچانے کے سب واقعات شامل تھے۔ اب وہ ان باتوں پر تنقید کررہے ہیں۔ اقتدار میں رہنے کے دواڑھائی سال بعد یہ خیال کیسے آ گیا اور آہی گیا ہے تو کتنے عرصے برقرار رہے گا۔بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر واہ واہ کرنے والوں کی کمی نہیں۔ اگر ان باتوں کے پس منظر میں وہ تضادات نہ ہوتے جن کا بلاول شکار ہیں تو میں بھی واہ واہ کرتا، بلکہ تالیاں بجاتا، مگر وہ سچ جو اپنے کسی خاص ایجنڈے کے تحت بولا جائے وہ سچ نہیں ہوتا دھوکہ ہوتا ہے۔
پیپلزپارٹی اگر خود کو قومی جماعت کہتی ہے تو اسے اس خوف سے نکلنا ہوگا کہ سندھ میں ایک یا دو مزید صوبے بن گئے تو اس کی سیاست ختم ہو جائے گی۔ ہاں یہ اس کا حق ہے اسمبلی میں اگر یہ معاملہ آئے تو اس کی مخالفت کرے، ترمیم پاس نہ ہونے دے، مگر یہ خون خرابے کی دھمکیاں دے کر اس فرق کو کیوں مٹایا جا رہا ہے جو ایک سیاسی جماعت اور دہشت گرد تنظیم میں ہوتا ہے۔ پیپلزپارٹی کیا صرف سندھ کی جماعت ہے، اگر سندھ کی جماعت ہے، صوبے بن بھی جائیں ان میں آبادی تو سندھ میں رہنے والوں کی ہی رہے گی۔وہ اس صورت میں بھی پیپلزپارٹی ہی کو ووٹ دیں گے۔ پھر ڈر کس بات کا ہے۔ پیپلزپارٹی وفاقی جماعت ہونے کی دعویدار ہے تو پھر جتنے بھی صوبے بن جائیں وہ اپنے ووٹ بینک سے کامیابی حاصل کر لے گی۔ وہ اگر صوبوں کی خاطر نہیں بلکہ ملک میں حقیقی جمہوریت کے لئے جدوجہد کا آغاز کرنا چاہتی ہے۔ جیسا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی تقریر میں نکات بیان کئے ہیں تو پھر اسے اقتدار سے باہر آ کر یہ کرنا ہوگا۔
یہ نہیں ہو سکتا کہ وہ باغبان بھی خوش رہے اور راضی رہے صیاد بھی، والی پالیسی اپنا کر اپنی سیاست چمکاتی رہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی تقریر کو کسی بڑی تبدیلی یا جدوجہد کا اشارہ نہ سمجھاجائے۔ یہ پیغام رسانی کا عمل ہے، دیکھتے ہیں بات بنتی ہے یا نہیں۔
(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)