لوٹ جاتی ہے ادھر کو بھی نظر
- تحریر حماد غزنوی
- جمعرات 19 / نومبر / 2026
تین سال پہلے ہماری ہارٹ بائی پاس سرجری ہوئی تھی۔ آپریشن پر لگ بھگ آٹھ لاکھ روپے خرچ آیا تھا۔ پچھلے سال برادرِ بزرگ سید جنید غزنوی کی یہی سرجری ہوئی اور قریباً 10لاکھ روپے ہسپتال کا بِل آیا۔
ہمارے آپریشن کے کچھ ہی دن بعد ہمارے ڈرائیور الطاف بھائی نے ایک روز سینے میں کھچاؤ کی شکایت کی، پہلے تو ہم سمجھے کہ وہ فقط ہم سے ’اظہارِ یک جہتی‘ کرنا چاہ رہے ہیں، مگر اگلے روز پھر انہوں نے وہی شکایت کی تو ہم نے انہیں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) جانے کا مشورہ دیا۔ پی آئی سی میں ان کے کچھ متعلقہ ٹیسٹ کیے گئے، انجیوگرافی کی گئی، ان کی شریانوں میں کیلشیم کا اژدہام دیکھ کرانہیں بائی پاس کا مشورہ دیا گیا۔
آپریشن کیلئے الطاف بھائی کو دو ماہ بعد کی تاریخ دی گئی، اور اس دوران جو دوا کھانا تھی، وہ ان کے ہاتھ میں تھما دی گئی۔ دو ماہ بعد جب الطاف بھائی کو ہسپتال میں داخل کر لیا گیا تو آپریشن کی ’چاند رات‘ ہم انہیں ملنے گئے۔ وارڈ میں آٹھ مریض تھے جن کا آپریشن اگلے دن تھا، وارڈ کی صفائی ستھرائی ہمارے لیے خوش گوار حیرت کا باعث تھی۔ الطاف بھائی کا کامیاب آپریشن ہوا اور انہیں ایک ماہ کی دوا دے کر رخصت کر دیا گیا۔ تین ماہ بعد وہ دوبارہ اپنی نوکری آغاز کر چکے تھے۔ اب وہ بھلے چنگے ہیں بلکہ پہلے کی طرح ہٹے کٹے ہو چکے ہیں۔ اس سارے علاج پر الطاف بھائی کے کتنے پیسے خرچ ہوئے؟ صفر روپے۔ جی، یہ علاج مفت ہوا، سراسر مفت۔ انجیو گرافی، بائی پاس آپریشن، ہارٹ سپیشلسٹ کے درجن بھر معائنے، بیسیوں ٹیسٹ، اور آج کی تاریخ تک دوا، اس سب کچھ کیلئے انہیں ایک روپیہ بھی ادا نہیں کرنا پڑا۔
بھائی صاحب کے ڈرائیور اقبال جب گاڑی چلاتے ہیں تو سڑک پر کسی گاڑی سے پیچھے رہ جانے کو اپنی توہین سمجھتے ہیں۔ اس لیے جب انہوں نے الطاف کی سرجری کے بعد ایک روز سینے میں درد کی شکایت کی تو ہم سمجھے کہ ’صحت‘ کی وجہ سے نہیں بلکہ ’طبیعت‘ کی وجہ سے درد ہو رہا ہے۔ وہ بھی پی آئی سی گئے، دردِ دل حقیقی نکلا، انہیں بھی بائی پاس کا کہا گیا۔ ایک ماہ بعد کی تاریخ دی گئی۔ ہم نے نہ علاج کیلئے کوئی سفارش کی نہ جلد تاریخ لینےکیلئے۔ اقبال کا آپریشن ہوا، کامیاب ہوا اور یک سر مفت ہوا۔ بھائی صاحب اور میرے آپریشن پر تقریباً بیس لاکھ روپے خرچ ہوئے، الطاف اور اقبال کے اسی آپریشن پر صفر روپے۔ چاروں آپریشن ایک ہی سطح کے ڈاکٹرز نے کیے، چاروں آپریشن کامیاب ہوئے۔ یہ قصہ اگر ہم کسی امریکی کو سنائیں تو وہ اسے’کہانی‘ سمجھے گا۔ دنیا کے امیر ترین ملک امریکا میں اس طرح کے مفت علاج کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ ہمارے نظامِ صحت کو کئی عارضے لاحق ہیں مگر یہ ناقابلِ یقین خوبیاں بھی اسی نظام کا حصہ ہیں۔
ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ واشنگٹن ڈی سی میں قیام کے دوران ایک شام بیگم صاحبہ کو گردے میں کچھ رڑک سی محسوس ہوئی، پھر درد بڑھنے لگا تو فئیر فیکس کاؤنٹی ہسپتال کا رُخ کیا۔ یاد رہے کہ فئیر فیکس کا شمار امریکا کی امیر ترین کاؤنٹیز میں ہوتا ہے۔ ایمرجنسی میں پہنچے تو بیگم صاحبہ کو انتظار کا کہا گیا۔ ایک گھنٹہ، دو گھنٹے، تین گھنٹے، وقت گزرتا گیا، انتظار طویل تر ہوتا گیا۔ بیگم صاحبہ کی حالت غیر ہوتی گئی، کراہیں چیخوں میں بدل گئیں، درد سے فرش پر لوٹنے کی نوبت آ گئی۔ درجنوں درخواستیں نرسوں نے سکون سے رد کر دیں۔ ایک سیاہ فام، فربہ نرس نے یہ کہہ کر’تسلی‘ دی کہ ’یو آر ناٹ ڈائنگ، ویٹ‘۔ دنیا کے غریب ترین ملکوں میں سے ایک، پاکستان میں آپ اس طرح کے ایمرجنسی وارڈ کا تصور بھی نہیں کر سکتے، کم از کم ہمارے تجربے اور مشاہدے میں آج تک ایسا کوئی ایمرجنسی وارڈ نہیں آیا۔
جس سہولت سے ہم یہاں 1122 کی ایمبولینس بلاتے ہیں اس کا تصور بھی امریکا جیسی خوشحال ریاست میں ناممکن ہے۔ وہاں مریض کو ایمبولینس پر ہسپتال پہنچانے میں پانچ سات سو ڈالر لگ جاتے ہیں۔ ہم امریکا اور پاکستان میں ایمبولینس منگواچکے ہیں، یہ ہمارے براہِ راست تجربات ہیں۔ برطانیہ کا صحت کا نظام تو امریکا سے بھی بد تر حالت میں ہے۔ وہاں تو چار پانچ مہینے کی محنت کے بعد ڈاکٹر کے رو بہ رو پہنچ جانا ہی بڑے نصیب کی بات ہے۔ خیر، یہ جو پنجاب میں سٹروک سینٹر بنے ہیں، ان کی بھی سن لیجیے۔ جب فالج کی علامات ظاہر ہونا آغاز ہوتی ہیں تو چار گھنٹے کے اندر اگر ایک انجیکشن لگایا جائے تو بیماری مُڑ جاتی ہے۔ بازار میں یہ انجیکشن پانچ چھ لاکھ میں ملتا ہے، حکومت یہ انجیکشن مفت فراہم کرتی ہے۔ افسانوی بات لگتی ہے مگر یہ حقیقت ہے۔ پنجاب میں کینسر کارڈ پر چالیس ہزار افراد رجسٹر ہو چکے ہیں۔ کینسر کا علاج مفت ہو رہا ہے، ڈیالسز مفت، گردوں پھیپھڑوں کا علاج مفت ہو رہا ہے۔ بچوں کے دل کا علاج مفت ہو رہا ہے۔
ہماری صحافتی تربیت ہی کچھ ایسی ہوئی کہ ہمیں حکومتی اقدامات کی مدح کرنے میں حیا آتی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں، اس کام کیلئے حکومتی مشینری اور تشہیری مہمیں کافی ہیں۔ ہمارا کام تو حکومت کی گرفت کرنا ہے، عوام کی صعوبتوں کو زبان دینا ہے۔ حکومت کی چیرہ دستیوں کی تصویر کشی کرنا ہے۔ ہم اپنے اس منشور پر قائم ہیں۔ مگر ذاتی تجربات و مشاہدات کو چھپانا بھی بہرحال بددیانتی سمجھی جائے گی۔
(بشکریہ: روزنامہ جنگ)