بلاول کی بغاوت؟

پاکستان میں ایسے سیاستدان بہت کم رہ گئے ہیں جو کسی بڑے پریس کلب میں صحافیوں کے سامنے کھڑے ہو کر ہر قسم کے سوال کا سامنا کر سکتے ہیں۔ 17 نومبر کو پاکستان پیپلز پارٹی کے نوجوان سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب میں جو دھماکہ خیز گفتگو کی وہ دراصل ایک اعتراف جرم بھی تھا اور وارننگ بھی تھی۔

وہ جانتے تھے کہ سامنے بیٹھے صحافی ان کی گفتگو میں سے کئی تضادات تلاش کر لیں گے لہٰذا انہوں نے خود ہی تسلیم کرلیا کہ نظام کی تباہی میں ان کا بھی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن، عدلیہ اور میڈیا سمیت تمام ادارے عوام میں اپنا اعتماد کھو چکے ہیں اور اب ان سب کو مل کر یہ اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ سب جانتے ہیں کہ شہباز شریف کی حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کے ووٹوں سے قائم ہے اور بلاول صاحب کی گفتگو میں بار بار اسی حکومت کے وزرا سے شکوے شکایتیں جا ری تھیں۔ بلاول کی گفتگو میں سب سے بڑا جھٹکا وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کیلئے تھا جنہوں نے گزشتہ دنوں پاکستان میں نئے صوبے بنانے کی حمایت کی اور کہا کہ نیا سال شروع ہونے سے پہلے پہلے پاکستان میں نیا نظام سامنے آ سکتا ہے۔ وزیردفاع نے دعویٰ کیا تھا کہ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔ لیکن بلاول نے واضح کر دیا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر حکومت نے ابھی تک ان سے یا ان کے والد صدر آصف علی زرداری سے کوئی بات نہیں کی۔

بلاول نے نہ صرف ریفرنڈم کے ذریعہ نئے صوبے بنانے کی تجویز کو مسترد کیا بلکہ آئین میں 27 ویں ترمیم کو جبری اکثریت کا نتیجہ قرار دے کر یہ پیغام دیا کہ وہ آئندہ ایسے کسی جبر کے تحت 28ویں ترمیم کی حمایت نہیں کریں گے۔ بلاول صاحب نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے اس بیان سے بظاہر اتفاق کیا کہ پاکستان کا موجودہ سسٹم تباہ ہو چکا ہے لیکن انہوں نے وضاحت کی کہ یہ سسٹم خود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے زبردستی گرایا گیا ہے۔ اور اب اسے ’ری سیٹ‘ کرنے کی ضرورت ہے۔ بلاول کی اس ’باغیانہ گفتگو‘ کا پہلا ردِعمل وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی طرف سے آیا، جنہوں نے کہا کہ بلاول ایک ہی وقت میں حکومت کے مزے لے رہے ہیں اور اپوزیشن کا کردار بھی ادا کر رہے ہیں۔ تارڑ نے کہا کہ نئے صوبوں پر عوامی بحث کو ایک پارٹی کی خواہش پر روکا نہیں جا سکتا اور عوامی رائے جاننے کیلئےریفرنڈم ایک آئینی راستہ ہے، اس لیے بلاول کو اس سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔

دوسرے الفاظ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے پہلی دفعہ نئے صوبوں کے قیام کیلئےریفرنڈم کی تجویز پر سرکاری تصدیق کی مہر لگا دی۔ حالانکہ نئے صوبوں پر ابھی تک نہ پارلیمنٹ اور نہ ہی وفاقی کابینہ میں کوئی بحث شروع ہوئی ہے۔ شاید بلاول بھی یہی چاہتے تھے کہ نئے صوبوں پر حکومت کا موقف کھل کر سامنے آئے تاکہ انہیں نئی سیاسی صف بندی کرنے میں آسانی ہو جائے۔ اپنی اسی گفتگو میں انہوں نے عمران خان کو ایک سیاسی قیدی قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف حکومت کی انتقامی کارروائیوں کی بھی مذمت کر دی۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ نئے صوبوں کے معاملے پر حکومت کی حمایت چھوڑ کر اپوزیشن میں شامل ہونے کیلئے ذہنی طور پر تیار ہیں۔

اس وقت پیپلز پارٹی کے پاس صدر مملکت کے علاوہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی گورنرشپ بھی ہے۔ چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے بھی پیپلز پارٹی کے پاس ہیں۔ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں وزارت اعلیٰ پیپلز پارٹی کو اپنی عددی اکثریت کی وجہ سے ملی ہے۔ اگر پیپلز پارٹی کو حکومت کی حمایت چھوڑنی پڑی تو اسے صرف چند اہم وفاقی عہدے قربان کرنے ہوں گے۔ اخلاقی طور پر بلاول صاحب کو جوڈیشل کمیشن کی رکنیت بھی چھوڑنی ہوگی کیونکہ انہوں نے یہ رکنیت حکومت کے کوٹے میں حاصل کی۔ سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ بلاول نئے صوبوں کے معاملے پر اتنے اہم آئینی عہدے چھوڑنے پر کیوں تیار ہو چکے ہیں؟ وجہ صاف ظاہر ہے۔ ان کی پارٹی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں نئے صوبے بنانے کیلئے تیار ہے کیونکہ ان دو صوبوں کی اسمبلیوں نے نئے صوبوں کے حق میں قراردادیں منظور کر رکھی ہیں۔ بلاول کسی بھی قیمت پر سندھ میں نئے صوبے بنانے کیلئے تیار نہیں کیونکہ سندھ اسمبلی ایک سے زائد بار سندھ کی تقسیم کے خلاف قراردادیں منظور کر چکی ہے۔ بلاول کو خدشہ ہے کہ اگر ریفرنڈم کروایا گیا تو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذریعہ اپنی مرضی کا نتیجہ حاصل کیا جائے گا اور کہا جائے گا کہ عوام نے نئے صوبوں کے حق میں فیصلہ دے دیا۔ پھر زور زبردستی سے نئے صوبے بنا دیے جائیں گے۔

بلاول نےکراچی پریس کلب میں سندھ اسمبلی کی اس قرارداد کا بھی خاص طور پر ذکر کیا جو 1943 میں پاکستان کے حق میں منظور کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آج سندھ اسمبلی نئے صوبوں کی حمایت نہیں کر رہی تو اس کی خواہش کا احترام کیا جانا چاہیے۔ یہاں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ سندھ کی تقسیم صرف پیپلز پارٹی کا مسئلہ نہیں ۔ سندھ کی تمام قوم پرست جماعتیں بھی سندھ کی تقسیم کے خلاف ہیں۔ صرف متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سندھ کی تقسیم چاہتی ہے جو اردو بولنے والوں کی پارٹی سمجھی جاتی ہے۔ اسی لیے بلاول نے یہ خدشہ ظاہر کیا کہ سندھ کی تقسیم کی صورت میں وہاں خون خرابے کا خطرہ ہے کیونکہ ماضی میں ہم وہاں خوفناک لسانی فسادات دیکھ چکے ہیں۔ ذاتی طور پر مجھے بھی بلاول صاحب سے بہت شکایتیں ہیں۔ انہوں نے اپنے پرانے وعدوں اور پارٹی کے روائتی موقف سے روگردانی کرتے ہوئے پیکا ایکٹ 2025 منظور کرایا اور آزادی صحافت کی کمر میں خنجر گھونپ دیا۔ آج جب ان کی اپنے اتحادیوں سے لڑائی شروع ہو رہی ہے تو ہمیں صرف تماشہ دیکھنا چاہیے لیکن یہ تماشہ ہم سب کو بہت مہنگا پڑ سکتا ہے۔ خدانخواستہ سندھ میں بھی حالات خراب ہوسکتے ہیں ۔

مجھے 18 سال قبل 8 جنوری 2008 کو بلاول کی پہلی پریس کانفرنس یاد آ رہی ہے۔ اپنی والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے چند دن بعد انہوں نے لندن میں پریس کانفرنس کی تھی اور والدہ کامشن جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ انہیں صرف 19 سال کی عمر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سربراہی سونپی گئی تو سندھ میں ان کی والدہ کی شہادت کے باعث پاکستان کے خلاف نعرے لگ رہے تھے۔ اس وقت آصف علی زرداری نے ’پاکستان کھپے‘ کا نعرہ لگایا اور سندھ کی پاکستان سے علیحدگی کے مطالبے کو مسترد کر دیا۔ پھر بلاول نے بھی وفاق کی سیاست جاری رکھی۔ ان کے والد دو دفعہ صدر اور بلاول وزیر خارجہ بنے۔ آج بلاول سندھ کی تقسیم کے مسئلے پر حکومت سے ناراض ہیں تو ان کی نیت پر شک نہیں کرنا چاہیے۔ ان کی دھماکہ خیز گفتگو کے پس منظر کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ میری دانست میں ابھی وہ بہت کم بولے ہیں۔ ان کے پاس بولنے کو اور بھی بہت کچھ ہے۔ لیکن شاید وہ ابھی اپنی بغاوت کو صرف وزیراعظم اور ان کی کابینہ تک محدود رکھنا چاہتے ہیں تاکہ سسٹم  ’ری سیٹ‘ ہو جائے۔

اگرسسٹم ری سیٹ نہ ہوا تو پھر ایک بڑی بغاوت ہو سکتی ہے جس کے بعد مجھے جنرل ضیاالحق کے دور میں واپسی کا خطرہ نظر آ رہا ہے، جب سندھ اور وفاق آمنے سامنے آ گئے تھے اورمقتدرہ کو پیپلز پارٹی کا مقابلہ کرنے کیلئے ایم کیو ایم کی ضرورت پڑ گئی تھی۔ یہ دعویٰ میرا نہیں بلکہ سابق آرمی چیف جنرل مرزا اسلم بیگ کا ہے کہ ایم کیو ایم جنرل ضیا نے بنوائی تھی۔

(بشکریہ: روزنامہ جنگ)