پاکستان میں نظام کیسے ’ری سیٹ‘ ہوسکتا ہے؟
- تحریر سید مجاہد علی
- جمعہ 20 / نومبر / 2026
پاکستان میں ہر زبان پر نظام کے ناقص ہونے اور اسے تبدیل کرنے کا ذکر سننے کو ملتا ہے۔ اگرچہ ملک کے تین بڑے یعنی صدر مملکت آصف زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف اس معاملے پر زبان کو قفل لگائے ہوئے ہیں۔
ملک میں اگر نظام کے خراب ہونے اور اسے تبدیل کرنے کے بارے میں کسی بھی جگہ سنجیدگی سے غور و فکر ہورہا ہے تو یہ واضح کرنا ضروری ہے نظام ’ری سیٹ‘ کرنے کے لیے سیاست سے فوج کی لاتعلقی، اور فوری انتخابات کے ذریعے ایسی حکومت کا قیام اہم ہے جس پر عوام بھروسہ کرسکیں۔اس سے ہٹ کر کی جانے والی کوئی بھی بات غیر سنجیدہ اور معاملات میں بگاڑ پیدا کرنے کے سوا کچھ نہیں کرے گی۔
اس وقت تک چند وفاقی وزرا اور پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کے ذریعے جو مباحث عام ہوئے ہیں، ان میں اصل طاقت ور حلقوں کا ذکر بین السطور ہی سننے کو ملا ہے۔ حالانکہ جب کسی نظام کو ’ری سیٹ ‘ کرنا مطلوب ہو تویہ دیکھنا چاہئے کہ اس نظام کو چلانے والی اصل قوت کون سی ہے۔ اس حوالے سے سرکاری بیانیہ چاہے کچھ بھی بنایا جائے لیکن ملک کا بچہ بچہ یہ بات جانتا ہے کہ اس وقت ملک پر فوج کی حکمرانی ہے جسے آسانی کے لیے اسٹبلشمنٹ کہا جاتا ہے۔ یا پھر سیاسی عناصر کی تشفی یا فیس سیونگ کے لیے ’ہائیبرڈ‘ نظام کی بات کی جاتی ہے۔ لیکن ملک میں ایک ایسے وزیر اعظم کے ہوتے جس نے ساری زندگی معاملات پر اسٹبلشمنٹ کے کامل اختیار کو تسلیم کرکے محض پروٹوکول تک دکھاوے کی جمہوریت پر راضی رہنے کی بات کی ہو، وہاں کسی سیاسی جماعت کے اثر و رسوخ کے بارے میں سوچنا بھی محال ہے۔
فوج کو سیاسی معاملات سے کیوں علیحدہ کیا جائے؟ اس کا نصابی جواب تو آئین کا حوالہ اور جمہویت کی دہائی ہے۔ لیکن ایک لمحہ کے لیے ان سنہری اصولوں کو بھلا کر حقائق کی روشنی میں معاملات پرکھنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ نظام منہدم ہونے کی حالیہ بحث کا آغاز تو وزیر داخلہ محسن نقوی کے اس سال جولائی میں اکنامک سمٹ سے خطاب کے دوران ہؤا تھا ۔جب انہوں نے ملکی سرمایہ داروں کے اجتماع کو بتایا تھا کہ موجودہ نظام ’کولیپس‘ کرچکا ہے، اسے تبدیل کیے بغیر چارہ نہیں ہے۔ اسی حوالے سے انہوں نے علاج کے طور پر ملک میں نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بنانے کی بات کی تھی۔ البتہ اس سے بھی پہلے چیف آف آرمڈ فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر متعدد اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں ’خراب گورننس‘ کی شکایات کرتے ہوئے ، اسے ٹھیک کرنے کی بات کرتے رہے تھے۔ اس لیے وزیر داخلہ کے بیان کو فیلڈ مارشل کے خیالات سے علیحدہ کرکے دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ وزیر داخلہ نے نظام منہدم ہونے کے حوالے سے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے بعد میں یہ بھی کہا تھا کہ ان کا مطلب گزشتہ 80 سے جاری نظام کے بارے میں ہے ، انہوں نے خاص طور سے اس حکومت کی بات نہیں کی تھی۔
اس پس منظر میں واضح ہونا چاہئے کہ ملک میں نظام بگاڑنے کی ذمہ داری انہی طاقتوں پر عائد ہوگی جو اسے چلاتے رہے لیکن چلانے میں ناکام رہے۔ ملک پر براہ راست حکومت کرنے والے جرنیلوں نے 33 سال ایک ماہ حکومت کی۔ اس کے بعد مارچ2008 سے مختلف سیاسی پارٹیوں نے حکومتیں قائم کیں لیکن درحقیقت ان کے درپردہ عسکری قیادت متحرک رہی۔ اس دوران سب پارٹیاں اقتدار میں حصہ دار رہیں لیکن اصل اختیات فوج ہی کے پاس رہا۔ 18 سال کے اس بالواسطہ دور حکومت کو اگر جمع کرلیا جائے تو عسکری قیادت مجموعی طور سے 51 برس اس ملک کے سیاہ و سفید کی مالک رہی ہے۔ اس لیے موجودہ نظام منہدم ہونے کی ذمہ داری فوجی قیادت اور اس کی طرف سے کیے جانے والے فیصلوں کے علاوہ کسی پر عائد کرنا مشکل ہے۔
اس کے بعد سوال پیدا ہوتا ہے کہ فوج کو سیاسی امور سے کیسے علیحدہ کیا جائے؟ اس سوال کا کوئی آسان جواب موجود نہیں ہے۔ لیکن یہ کہنا ضروری ہے کہ ملک کے سیاسی لیڈروں نے مختلف اوقات میں سیاسی میں فوجی مداخلت کے معاملہ پر سیاست ضرور کی ہے لیکن ان میں کسی نے بھی درحقیقت فوج کو سیاست سے علیحدہ کرنے کے لیے کام نہیں کیا۔ مئی 2006 میں میاں نواز شریف اور بے نظیر بھٹو نے جلاوطنی کے دوران لندن میں میثاق جمہوریت پر اتفاق کیا تھا۔ ملک میں جمہوریت کی بحالی کے بعد اگر دونوں پارٹیاں اس معاہدے پر قائم رہتیں تو شاید یہ مقصد حاصل کیا جاسکتا تھا لیکن بے نظیر نے پرویز مشرف کے ساتھ این آر او کے ذریعے ملک واپس آنے کو ترجیح دی اور اس بدعہدی کا انتقام لینے کے لیے بعد میں نواز شریف نے میمو گیٹ اسکینڈل میں پیپلز پارٹی کی حکومت اور آصف زرداری کے خلاف مدعی بن کر اس میثاق کو عملی طور سے دفن کردیا۔ اس حوالے سے دوسرا اہم موقع فروری 2024 کے انتخابات تھے۔ اس موقع پر اگر تمام سیاسی پارٹیاں متفق ہوکر آئینی ترامیم اور سیاسی ماحول میں بہتری کے لیے کام کرتیں تو فوج کو سیاست سے علیحدہ ہونے پر مجبور کیا جاسکتا تھا لیکن شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) نے دھاندلی کا الزام برادشت کرکے مرکز اور پنجاب کی حکومت حاصل کرنا مناسب سمجھا۔ اور پیپلز پارٹی نے معاونت کا کردار ادا کرنے کے لیے دو صوبوں کی حکومت اور صدارت سمیت متعدد آئینی عہدوں پر ’اکتفا‘ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس طرح انتخابی طریقے سے خالص جمہوری تبدیلی لانے کا اہتمام نہیں ہوسکا۔
اب اس مشکل سے نکلنے کا ایک ہی راستہ ہے۔ ایک تو فوجی قیادت ماضی کی تاریخ اور حقائق کو پیش نظر رکھ کر یہ اتفاق کرے کہ فوج ملک کے سیاسی معاملات چلانے اور نظام مستحکم کرنے میں ناکا م ہوچکی ہے۔ اس لیے اسے سختی سے ملکی سیاست سے دست بردار ہوکر یہ سارے معاملات سویلین حکام کے حوالے کرنے کے کسی منصوبہ پر کام کرنا چاہئے۔ اس سلسلہ میں سیاسی پارلیمانی پارٹیوں، عدلیہ اور عسکری قیادت کے درمیان مذاکرات کا اہتمام کیا جاسکتا ہے۔ اس قسم کی تجاویز پہلے بھی سامنے آتی رہی ہیں لیکن فوج نے کبھی اس بارے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ اور نہ ہی سیاسی پارٹیوں نے اقتدار میں اپنا حصہ وصول کرتے ہوئے اس معاملہ کی اہمیت و سنجیدگی پر غور کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔ تاہم اگر وزیر داخلہ کے ذریعے نظام ’ری سیٹ‘ کرنے کی خواہش میں سچائی کی کوئی رمق بھی موجود ہے تو اس کے لیے ناکامیوں کا تعین کرکے، ملک میں ویسے ہی جمہوری حکومت کے قیام کا اہتمام کیا جائے جس کی رہنمائی ملکی آئین کرتا ہے۔
تاہم نظام کی خرابیوں کو نئے صوبے بنانے کی بحث سے منسلک کرکے دلائل کا آغاز کرنے سے تو یہی واضح ہورہا ہے کہ کوئی بھی فریق اپنی غلطی یا ناکامی ماننے پر آمادہ نہیں ہے۔ اس کا مظاہرہ سیاسی لیڈروں کی طرف سے اسی نظام میں عہدے و اختیار سنبھالنے کے رویہ سے کیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح نئے انتظامی یونٹ بنانے یا صوبے قائم کرنے کی تجویز بھی درحقیقت اسٹبلشمنٹ کی طرف سے موجودہ مسائل حل کرنے کا راستہ ہے۔ گویا فوج یہ ماننے پر آمادہ نہیں ہے کہ اس نے اپنے اکاون سالہ دور اقتدار میں جو بھی فیصلہ کیا، اس کا کوئی سود مند نتیجہ سامنے نہیں آسکا۔
یہ کہنا گمراہ کن غلطی ہے کہ ملک میں زیادہ صوبے بنانے کا معاملہ انتظامی سہولت کاری اور گورننس بہتر کرنے کے لیے ضروری ہے۔ اگر وہی عناصر اس ملک کے معاملات چلائیں گے (وہ خواہ سیاسی لیڈر ہوں یا عسکری) تو بہتری کی امید کرنا عبث ہوگا۔ 79 سال تک ناکامیوں کا سامنا کرنے والے لوگ نظام درست یا ’ری سیٹ‘ کرنےکے قابل نہیں ہوسکتے۔ البتہ اس معاملہ پر فساد پیدا کرنے اور ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرانے سے کام نہیں چلے گا۔ یہ مان لینا چاہئے کہ سب لوگوں نے اپنے اپنے طور پر بہترین ملکی مفاد میں کام کرنے کی کوشش کی لیکن ساتھ ہی یہ بھی جاننے کی کوشش کی جائے کہ یہ کاوشیں کامیاب نہیں ہوئیں اور اس وقت ملک ہر طرف سے بحران کی زد میں ہے۔ لیکن سب سے سنگین بحران سیاسی بداعتمادی اور عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کی صورت میں دیکھا جاسکتا ہے۔ اسے دور کیے بغیر کوئی تبدیلی یا منصوبہ (نئے صوبے بنانے کا) کامیاب نہیں ہوسکتا۔
یہ مشکل مرحلہ عبور کرنے کے لیے اس وقت ملک کے دو تجربہ کار اور جہاں دیدہ لیڈر آصف علی زرداری اور نواز شریف کردار ادا کرسکتے ہیں۔ صدر اور وزیر اعظم کی ملاقاتوں میں مسائل کا حل تلاش کرنے کی بجائے زرداری و نواز شریف کی ملاقات ہونی چاہئے جس میں وہ فوج کے ساتھ معاملات طے کرنے کے لیے بنیادی نکات پر اتفاق کریں۔ پھر پارلیمنٹ کے ذریعے ان پر فوج کے ساتھ اتفاق رائے کا کوئی فارمولا تلاش کرلیا جائے۔ تاہم ایسے کسی انتظام میں نئے انتخابات اور حقیقی نمائیندوں کو اقتدار منتقل کرنے کا نکتہ سر فہرست ہونا چاہئے۔
اگر سیاست دانوں کی طرح عسکری قیادت بھی اپنی سیاسی غلطیوں کا ادراک کرنے پر آمادہ نہیں ہے اور سیاسی کٹھ پتلیوں کو لڑا کر فوری طور سے کوئی راستہ بنانے کی حکمت عملی ہی بہترین طریقہ سمجھی جاتی ہے، تو شاید دس بیس سال بعد بھی یہ قوم ایسے ہی مباحث میں مشغول ہوگی جیسے اس وقت سننے میں آرہے ہیں۔