امریکا، ایران تنازع کا حل جلد نکلنے کی امید ہے: اسحاق ڈار
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع کا جلد حل نکل آئے گا۔ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
عالمی نشریاتی ادارے یورو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے اور تمام ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور مساوی حیثیت کا احترام کرتا ہے۔ ان کے مطابق بلاک سیاست اور یک طرفہ اقدامات کامیاب نہیں ہوں گے، اس لیے عالمی سطح پر کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مزید کوششیں کرنا ہوں گی۔
امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے کردار سے متعلق سوال پر اسحاق ڈار نے کہا کہ جنگ کے پہلے روز پاکستان نے اسرائیلی حملے کی مذمت کی اور ایران سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کو مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک کو حملوں کا نشانہ نہ بنانے کا پیغام بھی دیا گیا تھا۔
نائب وزیر اعظم کے مطابق کئی دہائیوں بعد امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات میں پاکستان کی موجودگی ممکن ہوئی۔ 10 اور 11 اپریل کو ہونے والے مذاکرات تقریباً 21 گھنٹے جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران متعدد نکات پر پیشرفت ہوئی، تاہم فریقین کے اپنے اپنے مؤقف اور ترجیحات کے باعث بات چیت آگے نہ بڑھ سکی۔ پاکستان نے کوششیں جاری رکھیں اور بعد میں اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت پر اتفاق ہوا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان نے چین کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے 5 نکاتی اقدام بھی پیش کیا۔ ان کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور دیگر ممالک نے کشیدگی کم کرنے اور تنازع کے حل کے لیے کوششیں کیں۔ برطانیہ، فرانس اور جرمنی سمیت یورپی ممالک کے ساتھ بھی رابطے جاری رہے، تاکہ دونوں فریقوں کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے مسئلے کے حل پر آمادہ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے باعث توانائی کی فراہمی متاثر ہوئی اور قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ پاکستان میں حکومت کم آمدنی والے طبقات کو پیٹرولیم اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے ریلیف دینے کے لیے سبسڈی فراہم کر رہی ہے، تاہم اس کی بھی ایک حد ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے نیا سیکیورٹی نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات اور عالمی معیشت پر جنگ کے اثرات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ ممالک مشترکہ طور پر امن و استحکام کے لیے آگے بڑھیں۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور چین کے ساتھ بیک وقت تعلقات برقرار رکھ سکتا ہے، دونوں ممالک کے ساتھ شراکت داری ایک دوسرے سے متصادم نہیں۔ پاکستان کے پاس معاشی ترقی کی بڑی صلاحیت موجود ہے، تاہم اس کے لیے معاشی پالیسیوں میں تسلسل اور اصلاحات ضروری ہیں۔
عالمی نشریاتی ادارے یورو نیوز کو انٹرویو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں ماضی میں اتار چڑھاؤ آتے رہے ہیں، تاہم موجودہ حکومت امریکا کے ساتھ فعال روابط رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے، جبکہ چین کے ساتھ اس کی 75 سالہ شراکت داری آزمائشوں کے باوجود برقرار رہی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان امریکا اور چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو ایک دوسرے سے الگ دیکھتا ہے اور دونوں کے ساتھ تعاون جاری رکھ سکتا ہے۔ ان کے مطابق دنیا کو امن اور معاشی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ اقوام متحدہ، عالمی بینک اور عالمی مالیاتی فنڈ سمیت عالمی اداروں میں اصلاحات بھی ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی سفارتکاری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ پاکستان کو عالمی سطح پر اپنے معاشی مفادات کے فروغ، سرمایہ کاری کے حصول اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے کوششیں کرنا ہوں گی۔
پاکستان کی معاشی صلاحیت سے متعلق سوال پر اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک میں معدنی وسائل اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے تیسرے اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں 16 ممالک نے شرکت کی۔ ان کے مطابق پاکستان کے معدنی وسائل کی مجموعی صلاحیت تقریباً 130 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے، جبکہ نایاب معدنیات کے امکانات 6 سے 10 کھرب ڈالر تک ہوسکتے ہیں۔
نائب وزیر اعظم نے پاکستان کے قرضوں کے تناسب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت میں پائیداری کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے امریکا، برطانیہ اور جاپان کے قرضوں کے تناسب کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان کو اپنی معاشی صلاحیت بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو ماضی میں متعدد معاشی بحرانوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم 2013 سے 2017 کے دوران معاشی اشاریوں میں بہتری آئی اور شرح نمو 6.3 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ مہنگائی 3.2 فیصد اور پالیسی ریٹ 5.25 فیصد رہا۔