اخلاقی زوال کی کربناک داستان

ایک مدرسے کے فارغ التحصیل اور ایک جدید تعلیم یافتہ فردکے اخلاقیات میں کیا کوئی فرق ہے؟ ایک مشاہدہ ہے جس سے اس سوال کا جواب مل رہا ہے۔ علم کے دو ذرائع ہیں۔ وحی اور عقل۔ وحی خدا کی طرف سے ملنے والا علم ہے جو بلا واسطہ ہے۔ ختمِ نبوت نے یہ دروازہ بند کر دیا۔

اب روز مرہ امور کی تفہیم کیلئے واحد وسیلہ علم و عقل ہے۔ عقل حواس کی مدد سے معلومات جمع کرتی اور پھر انہیں کسی نتیجے میں ڈھال دیتی ہے۔ تجربہ اور مشاہدہ، عقل کی دو آنکھیں ہیں۔ یہ ان سے دیکھتی اور پھر اپنے نتائج مرتب کرکے ہمارے سامنے رکھ دیتی ہے۔ ایسے نتائج جن کا انکار محال ہے۔ میں جس مشاہدے کی بات کر رہا ہوں اس کا میدان سوشل میڈیا ہے۔

 ہماری سیاست کے اس وقت چار بڑے کردار ہیں۔ عمران خان صاحب،مولانا فضل الرحمن، نعیم الرحمن صاحب اور نواز شریف صاحب۔ ان میں سے عمران خان صاحب کے مداحوں کا دعویٰ ہے کہ وہ جدید تعلیم یافتہ ہیں۔ نواز شریف صاحب کے حامی ملے جلے ہیں۔ اکثریت سرکاری سکولوں کی پڑھی ہوئی ہے۔ مولانا فضل الرحمن کے چاہنے والوں کی اکثریت دینی مدارس کی فارغ التحصیل ہے۔ حافظ نعیم الرحمن صاحب کے حامی دونوں طرح کے ہیں لیکن سب دینی مزاج کے حامل اور پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ ان راہنماؤں یا ان کی جماعتوں پر تنقید ہوتی ہے تو ان کا ردِ عمل سوشل میڈیا پر بکھر جاتا ہے۔ کیا ان میں اخلاقی اعتبارسے کوئی فرق ہوتا ہے؟

مشاہدہ یہ ہے کہ رتی برابر فرق نہیں ہے۔ وہ اخلاقی پستی جو پہلے تحریک انصاف کے کچھ مداحوں کا امتیاز تھی، اس کے مظاہر اب ہر جگہ دیکھے جا سکتے ہیں۔ الفاظ سے لے کر گمان تک، آپ جیسی بداخلاقی کے بارے میں سوچ سکتے ہیں، اس کے نمونے تمام طبقات میں پائے جاتے ہیں اور بکثرت۔ اب تو لوگ اپنے جذبات کا اظہار صرف زبان سے نہیں کرتے،وڈیوز بنا کر اپنے اخلاق کی چلتی پھرتی تصویر پیش کرتے ہیں۔ آدمی حیرت سے سوچتا ہے کہ برے سے برا آدمی بھی اتنی حیا تو رکھتا ہے کہ اس سے کسی بداخلاقی کا ظہور ہو جائے تو اس کی تشہیر کو پسند نہیں کرتا۔ یہ لوگ اس حد کو بھی پار کر چکے۔ مذہبی لوگوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ جدید پڑھا لکھا چاہے بھی تو اس میدان میں ان کے مدمقابل نہیں ٹھہر سکتا۔

یہ مشاہدہ بتاتا ہے کہ اخلاق کی تعمیر مدرسے کا موضوع ہے اور نہ جدید تعلیمی ادارے کا۔ سیکولر کا نہ مذہبی طبقات کا۔ اس حمام میں ہم سب ننگے ہیں۔ جس آدمی کو بچپن میں گالی دینا نہ سکھائی جائے، وہ ساری عمر گالی نہیں دے سکتا۔ کچھ بھی ہو جائے، اس کی زبان پر وہ الفاظ نہیں آ سکتے جو بچپن میں اس کی لغت کا حصہ نہ بنے ہوں۔ منکشف یہ ہوا کہ چاروں جماعتوں سے وابستگان کا معاملہ اخلاقیات نہیں ہے۔ اس میں اب علاقائی امتیاز بھی نہیں ہے۔ یہ لوگ ہر صوبے میں پائے جاتے ہیں۔ ملک میں رہنے والے ہیں اور بیرونِ ملک ترقی یافتہ اور مہذب معاشروں میں بسنے والے بھی ہیں۔ مزید بدقسمتی یہ ہوئی کہ ریاست جب فریق بنتی ہے تو اس کی نمائندگی کرنے والے بھی اس سطح پر اتر آتے ہیں۔ کہتے ہیں کہ وہاں بھی لوگوں کی فائلیں کھل جاتی ہیں۔ آڈیو، وڈیو، دستاویزات،ہرسطح کے ثبوت سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگتے ہیں۔ اصل بھی اور جعلی بھی۔ یہ مشاہدہ اس معاملے کو مزید سنگین بنا دیتا ہے۔ اس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ بحیثیت قوم ہم کیسی اخلاقی پستی میں گر چکے ہیں۔ انسان کی اخلاقی شخصیت کا حقیقی اظہار اس وقت ہوتا ہے جب اس پر تنقید ہوتی ہے۔ اس امتحان میں ہم سب ناکام ثابت ہوئے ہیں۔

یہ مشاہدہ اورتجربہ بتا رہا ہے کہ ہم اپنے سماجی،تعلیمی اور سیاسی تجربات میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ یہ مذہبی تعلیم کا تجربہ ہو یا عمومی تعلیم کا۔ سیاسی تجربہ ہو یا سیاسی اسلام کا۔ ریاستی تجربہ ہو یا غیر ریاستی، ہمارے ہنر کا شاہکار ایسا نہیں جسے اخلاقی اعتبار حاصل ہو۔ اخلاق کے بغیر انسان ایسے ہی ہے جیسے میٹھے کے بغیر حلوہ۔ جیسے سپیدی پھری قبریں۔ زبان سے نبیﷺ سے اظہارِ محبت مگر ان کے اخلاق سے کوسوں دور۔ یہ اتنا بڑا المیہ ہے کہ اگر اس کا ادراک ہو تو ہمارے دینی اور سیاسی راہنماؤں کی نیند حرام ہو جائے۔ یہ مشاہدہ بتاتا ہے کہ تعمیرِ اخلاق ہماری ترجیح نہیں ہے۔ مذہبی ادارے ہوں یا غیر مذہبی، سب میں صرف علوم پڑھاتے ہیں۔ تفسیر،فقہ،منطق،ریاضی، فزکس، کیمسٹری۔ یہ سب علوم ہیں، ہم جن کی تعلیم دیتے ہیں۔ یہ بات کہ علم کا کوئی تعلق اخلاق سے بھی ہے، ہماری نظروں سے اوجھل ہے۔ جب ایک معلم قرآن مجید اور بخاری شریف سامنے رکھ کر فحش گوئی کرتا ہے تو اس سے یہ بات بالکل واضح ہو جاتی ہے کہ دینی علوم، اخلاق کی تعمیر کیلئے نہیں پڑھائے جا رہے۔ جدید تعلیم کا کیا ماتم کریں کہ وہاں اب استاد اور شاگرد مل کر سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔ مطمح نظر محض چند ٹکے کمانا ہے۔ مزید المیہ یہ ہے کہ جس کو دیکھیں دوسروں کے عیوب شمار کرنے میں لگا ہوا ہے۔ مقدمہ یہ ہے کہ فلاں کی کرپشن نے ملک کو برباد کر دیا۔ یہ کوئی نہیں سمجھتا کہ مالی کرپشن، اخلاق کی بربادی کا ایک مظہر ہے جو ہمارے رگ و پے میں سرایت کر چکی۔

اخلاق اگر سماجی قدر کے طور پر مستحکم ہو تو لوگ سماجی شہرت کا لحاظ رکھتے ہوئے بھی سرعام بداخلاقی کا مظاہرہ نہیں کرتے۔ ان کو معلوم ہوتا ہے کہ ان سے اگر کوئی ایسی بات منسوب ہو گئی جو مروجہ اخلاق کے خلاف ہے تو انہیں دوسروں کے سامنے شرمندگی اٹھانا پڑے گی۔ میں جب کالج میں پڑھتا تھا تو اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ تھا۔ میرے سینے پر  ’اللہ اکبر‘ کا بیج لگا ہوتا تھا۔ میں گھنٹوں بس سٹاپ پر کھڑا رہتا تھا مگر بس کے اگلے حصے میں سوار نہیں ہوتا تھا جو خواتین کیلئے مختص ہوتا تھا۔ مجھے یہ خیال ہوتا تھا کہ کسی نے دیکھ لیا تو کیا کہے گا۔ جمعیت والے کیا ایسے ہوتے ہیں؟ اب لوگ اعلانیہ اپنے راہنما کے حق میں فحش گوئی کرتے ہیں اور انہیں یہ خوف بھی نہیں ہوتا کہ کسی نے پڑھ لیا تو میرے بارے میں کیا سوچے گا، میرے لیڈر کے بارے میں کیا رائے قائم کرے گا۔ یہ بے نیازی بتا رہی ہے کہ سماج کی اخلاقی بے حسی کس درجے میں ہے۔

اس اخلاقی پستی کے ساتھ زعم یہ ہے کہ ہم حق کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم تو ظلم کے خلاف سربکف ہیں۔ معلوم ہوتا ہے کہ ہم نے اخلاق کا بھی اپنا ایک مفہوم تراش لیا ہے۔ حق اور ظلم کی ہماری خود ساختہ تعبیرات ہیں۔ ہم ایک دینی سیاسی راہنما کے حق میں کلام کرتے ہوئے فحش گوئی میں کوئی حرج نہیں سمجھتے۔ ہم خیال کرتے ہیں کہ یہ دینی حمیت کا اظہار ہے۔ ہم عمران خان صاحب اور نواز شریف صاحب کی تائید میں بدتمیزی کرتے ہیں کہ ہم  ’حق‘ کا ساتھ دے رہے ہیں۔ واقعہ یہ ہے کہ آج ایک عظم حادثہ ہم پر گزر گیا اور المیہ یہ ہے کہ ہمیں اس کا کوئی ادراک نہیں۔

 آج مقابلہ اس میں ہے کہ ہم میں زیادہ بداخلاق کون ہے۔ ہم نے ہر معرکہ جیتنا ہے، وہ بد اخلاقی اور بدتمیز ی ہی کا کیوں نہ ہو:
وائے ناکامی! متاعِ کارواں جاتا رہا
کارواں کے دل سے احساسِ زیاں جاتا رہا

(بشکریہ: روزنامہ دنیا)