گیم آن ہے
- تحریر نسیم شاہد
- ہفتہ 21 / نومبر / 2026
خبر آئی ہے صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف میں ملاقات ہوئی، جس میں وزیر داخلہ بھی موجود تھے۔اس امر پر اتفاق رائے پایا گیا کہ مسائل کا حل مذاکرات سے نکالا جائے۔ اب سوال پیدا ہوتا ہے، اس کا مطلب کیا ہے؟
کن کے درمیان مذاکرات اور کن مسائل پر مذاکرات، بلاول بھٹو زرداری کی تقریر کے بعد جو مسائل پیدا ہوئے ہیں انہیں حل کرنے کے لئے مذاکرات یا ملک کی جو عمومی صورتحال ہے اس پر گفت و شنید، کیا اپوزیشن سے مذاکرات پر بھی اتفاق رائے پایا گیا ہے یا صرف صوبوں اور اٹھائیسویں ترمیم کے حوالے سے جو ہلچل مچی ہوئی ہے اور اُن پر مذاکرات کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ کیا مسئلہ آصف علی زرداری کو راضی کرنے کا ہے یا یہ طے ہوا ہے اٹھائیسویں ترمیم پر مجموعی حوالے سے جس میں اپوزیشن بھی شامل ہو، اتفاق رائے کے ساتھ فیصلے کئے جائیں۔
اگر اِس وقت سیاسی منظر نامے کو دیکھیں تو صوبوں کے معاملے میں سب سے زیادہ مضطرب پیپلزپارٹی نظر آتی ہے۔ بلاول بھٹو نے کھلے لفظوں میں صوبے خاص طور پر سندھ سے کراچی کو علیحدہ کرنے کے معاملے پر سخت موقف اپنایا ہے۔اب سوال تو پیدا ہوتا ہے کہ صوبے بنانے کی بات تو پورے ملک کے حوالے سے کی جا رہی ہے۔ صرف سندھ کو تو ٹارگٹ نہیں کیا جا رہا، پھر ایک سیٹ اَپ میں بھی اہم پوزیشن پر ہونے کے باوجود پیپلزپارٹی اتنا احتجاج کیوں کر رہی ہے۔ اپوزیشن کی تو فی الوقت یہ مانگ ہی نہیں، وہ تو چاہتی ہے ملک میں سیاسی آزادیاں واپس لائی جائیں، سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا خاتمہ کر کے وہاں مینڈیٹ کے مطابق جمہوری حکومت بحال کی جائے۔اگر ان باتوں پر توجہ دینے کی بجائے صرف صوبوں کے مسئلے پر دونوں بڑی جماعتیں جو درحقیقت اِس وقت ملک چلا رہی ہیں، ایک دوسرے سے اُلجھ جاتی ہیں یا تو اِس کا ملک کو موجودہ حالات میں کیا فائدہ ہو گا اور اس سے ملک میں استحکام آئے گا؟
ایک بات تو طے ہے کہ پیپلزپارٹی بھی سمجھتی ہے اور مسلم لیگ(ن) بھی کہ عدم استحکام ہے کیوں۔ بلاول بھٹو تو کھل کر کہہ بھی چکے ہیں کہ کل نہیں تو آج، آج نہیں تو کل سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا پڑے گا۔ عمران خان کو سیاسی قیدی ماننا پڑے گا۔جب اتنی اہم بات تسلیم کر لی گئی ہے تو پھر اسے مذاکرات کا ایجنڈا کیوں نہیں بنایا جاتا؟ اگر پیپلزپارٹی کی منشا یہی ہے کہ اٹھائیسویں ترمیم میں نئے صوبوں کی شق نہ رکھی جائے تو پھر یہ اُس کا ایک ذاتی ایشو تو ہو سکتا ہے اس کا ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور سیاسی بحران سے کوئی لینا دینا نہیں۔ یہ بات تو سنجیدہ حلقے دو برس سے کہہ رہے ہیں کہ ملکی مسائل کا حل مذاکرات سے نکالا جائے مگر کوئی سنتا ہی نہیں، سٹیک ہولڈرز کو میدان سے باہر رکھ کر کوئی مذاکرات کیسے کامیاب ہو سکتے ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی بہت مرتبہ اُن سے مل چکے ہیں۔ زرداری صاحب آج کل ہاتھ بھی کم کم ہی آتے ہیں۔ اسلام آباد سے باہر رہنا پسند کرتے ہیں، کبھی نواب شاہ، کبھی لاڑکانہ اور کبھی لاہور میں ڈیرے ڈالتے ہیں۔ سیاسی حلقے اُن کی اس بات کو بھی اسی تناظر میں دیکھتے ہیں کہ وہ صوبے بنانے کے حامی نہیں،خاص طور پر سندھ کی تقسیم کے تو وہ سرا سر خلاف ہیں۔ اب سیاسی حلقے پوچھ رہے ہیں کیا صدر آصف علی زرداری اس دباؤ کو برداشت کر سکیں گے جو اس حوالے سے اُن پر آ سکتا ہے؟تو اس کا جواب اثبات میں دینا کچھ اتنا مشکل بھی نہیں مگر سیاسی حلقے سوال یہ بھی تو کرتے ہیں کہ جب گورنر راج لگانے کا وقت آیا۔صدر زرداری نے خاموشی سے دستخط کر دیئے۔ پارٹی کے لاہور میں ہونے والے اجلاس میں بھی ارکان نے کہا اس فیصلے سے پیپلزپارٹی کے موقف اور ساکھ کو شدید نقصان پہنچا، جس پر انہیں جواب دیا گیا ۔اب پیپلزپارٹی کے اندر کے ذرائع بتاتے ہیں کہ آصف علی زرداری بڑی گیم کھیلنا چاہتے ہیں، اگر اس معاملے پر نہیں مانی جاتی تو پھر وہ سندھ والوں کی نظر میں ہیرو بن جائیں گے،اُس کے بعد سندھ کی تقسیم بھی مشکل ہو جائے گی۔
معاملات کچھ بھی ہوں،صورت حال خاصی گمبھیر بھی ہے اور دلچسپ بھی۔ ایک بلاول کی تقریر ہی اگر اتنا بڑا اضطراب پیدا کر دیتی ہے تو پیپلزپارٹی کی طرف سے کوئی بڑا قدم تو خاصا انتشار لے کر آئے گا۔یہ بات اپوزیشن کو بہت فائدہ دے سکتی ہے۔ اگر اپوزیشن خاص طور پر تحریک انصاف کے لئے کوئی گنجائش پیدا ہوتی ہے تو کیا اُس کی وجہ سے دونوں بڑی سیاسی جماعتیں مزاحمت چھوڑ دیں گی؟یہ ایک اہم سوال ہے مگر دوسری طرف تحریک انصاف کے حوالے سے بھی یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ وہ صرف اپنی جگہ بنانے کے لئے ایسے موقع پر اپنا کندھا پیش کرنے کے لئے تیار ہو گی کیا اس سے بھی یہ تاثر نہیں جائے گا کہ کہیں نہ کہیں کوئی ڈیل ہوئی ہے۔
اس وقت ہر کوئی اپنے مقام پر چوکنا کھڑا ہے، ہر کوئی جانتا ہے کہ ذرا سی غلطی بھی اُسے بہت نقصان پہنچا سکتی ہے۔ پیپلزپارٹی کچھ زیادہ ہی چوکنی لگ رہی ہے کیونکہ اُس کی سیاست کا دارومدار سندھ پر ہے۔ سندھ سے اگر کراچی نکل جاتا ہے تو پھر سوائے بوجھ کے اور کچھ پیپلزپارٹی کے حصے میں نہیں آئے گا۔ اس لئے وہ اس بوجھ سے بچنا چاہتی ہے اور سارا جھگڑا ہی اس کا ہے۔
(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)