ایک غیر ملکی سیاح کا سفر نامہ لاہور (2)

قیام پاکستان کے دوران مجھے ایک بقر عید ، جسے پاکستانی بڑی عید کہتے ہیں، لاہور میں گزارنے کا اتفاق ہوا۔ یہ میری زندگی کا ایک بہت دلچسپ تجربہ تھا۔ مسلمان اس عید پر بکرے کی قربانی دیتے ہیں۔

 میں نے مقامی علما سے اس کا مقصد پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ بکرے کی قربانی ایک علامتی چیز ہے۔ اس کا اصل مقصد مسلمان قوم کو ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار کرنا ہے، جس میں جان و مال اور نفس کی قربانی بھی شامل ہے۔ مجھے یہ بات اچھی لگی۔ دنیا میں اس وقت مسلمانوں کی تعداد ڈیڑھ ارب سے زیادہ ہے۔ یقیناً یہ سب بکرے کی قربانی کے علاوہ جان و مال اور نفس کی قربانی بھی دیتے ہوں گے۔ میرے علم میں تو نہیں لیکن اس سے لگتا ہے کے امریکہ کی بجائے مسلمان قوم اس وقت تک دنیا کی سپر پاور بن چکی ہوگی۔

مذہبی رسم؟

میں نے عید کے تین دن اپنے ایک مقامی دوست کے ساتھ مختلف مقامات پر گزارے۔ میں ایک سیاستدان کے گھر بھی گیا جو الیکشن میں ہار گیا تھا وہ اس وقت قربانی کی رسم ادا کرنے کی تیاریوں میں مشغول تھا۔ اس نے چھری تیز کرکے قصاب کے ہاتھ میں پکڑائی اور اس کے ساتھ مل کر بکرے کو زمین پر لٹا دیا۔ جب قصاب بکرے کی گردن میں چھری پھیرنے لگا تو اس سیاستدان نے منہ دوسری طرف پھیر لیا۔ میں نے اپنے دوست سے پوچھا کہ قصاب کے ہاتھ میں چھری پکڑانا، اس کے ساتھ مل کر زمین پر گرانا تو سمجھ میں آتا ہے لیکن بکرے کی گردن پر چھری پھیرتے وقت منہ دوسری طرف پھیر لینا، کیا یہ کوئی مذہبی رسم ہے؟ دوست نے کہا یہ مذہبی نہیں، سیاسی رسم ہے... میں نے اس کی تفصیل نہیں پوچھی کیونکہ میں پہلے عرض کر چکا ہوں کہ سیاست میرا موضوع نہیں ہے۔

اسپیشلائزیشن؟

میں جس دوست کے گھر میں ٹھہرا ہوا تھا، وہاں ایک روز پہلے ایک پلمبر اس کے باتھ روم کا نلکا ٹھیک کرنے آیا تھا۔ عید والے دن دستک پر میں باہر نکلا تو میں نے دیکھا کہ اس کی آنکھوں میں خون اترا ہوا تھا اور اس نے ہاتھ میں چھری پکڑی ہوئی تھی۔ میں سمجھا میرے دوست کے ساتھ اس کے پیسوں کے سلسلے میں کوئی جھگڑا ہو گیا ہے مگر دوست نے بتایا کہ ایسی کوئی بات نہیں۔ آج یہ بکرا ذبح کرنے آیا ہے مجھے یہ جان کر بہت حیرت ہوئی کہ عید کے روز موچی اور ترکھان سبھی قصائی بن جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ سبزی فروش، پھل بیچنے والے اور عام دکاندار وغیرہ سب اپنی چھریاں تیز کرتے ہیں اور ذبح کرنے کے علاوہ پوری مہارت کے ساتھ کھال بھی اتارتے ہیں۔ یقیناً یہ ہر فن مولا لوگ ہیں۔ ورنہ ہمارے ہاں اسپیشلائزیشن اتنی بڑھ چکی ہے، کہ دائیں اور بائیں نتھنے کہ علیحدہ علیحدہ اسپیشلسٹ ہیں۔

بڑی عید کا دورانیہ

بڑی عید کے متعلق پتہ چلا کہ یہ اگلی چھوٹی عید تک چلتی ہے۔ بڑی عید کی ان خوشیوں کا دورانیہ بڑھانے کیلئے فریزر استعمال کیے جاتے ہیں۔ جن کی فروخت بقر عید کے قریب بہت بڑھ جاتی ہے ۔

عجیب رسم

یہاں عید کے روز گلے ملنے کا بہت رواج ہے۔ مگر عجیب بات ہے کہ مرد، مردوں کے ساتھ اور عورتیں عورتوں کے ساتھ گلے ملتی ہیں۔

آسان مذہب

عید کی نماز کے دوران سیدھی قطار بنانے پر بہت زور دیا جاتا ہے۔ امام صاحب اس وقت تک نماز شروع نہیں کرتے جب تک صفیں سیدھی نہ ہو جائیں۔ ہم لوگوں کو تو بس اسٹاپ پر، سینما میں، بینک میں، غرضیکہ ہر جگہ پر قطار بنانا پڑتی ہے۔ اسلام واقعی آسان مذہب ہے۔ اس میں صرف نماز کے دوران صفیں سیدھی رکھنا پڑتی ہیں ۔

سلام اور سلامی

عید کے ایک روز قبل میں ایک بیوروکریٹ کا مہمان تھا۔ میری موجودگی میں بہت سے لوگ اس بیوروکریٹ سے ملاقات کیلئے آئے، ان میں سے ہر ایک نے بکرے کی رسی تھامی ہوئی تھی اور اور بکرے کے پیٹ پر مہندی سےعید مبارک لکھا نظر آتا تھا۔ میں سمجھا شاید یہ بکرے کو سلام کرنے کیلئے لائے ہیں۔ کیونکہ بیوروکریٹ سے اس درجہ ادب و احترام سے ملتے تھے جس طرح پاکستانی بزرگوں سے ملتے ہیں۔ مگر بعد میں پتہ چلا کہ یہ بکرے سلام کیلئے نہیں، سلامی کیلئےلائے گئے تھے۔ یہ سب مقامی رسمیں ہیں۔ مجھے نہ تو سلام کی سمجھ آتی ہے اور نہ سلامی کی، یقیناً یہ اچھی چیزیں ہوں گی!

تیسرا حصہ

مجھے ایک عالم دین نے بتایا تھا کہ اسلام میں قربانی کے گوشت کے تین حصے کئے جاتے ہیں۔ ایک حصہ اپنے لئے، دوسرا عزیزواقارب کیلئے اور تیسرا غرباو مساکین میں تقسیم ہوتے دیکھا۔ یہ اوجھڑی (جس کا ذکر میں پہلے کر چکا ہوں) آنتوں اور چیچھڑوں وغیرہ پر مشتمل ہوتا ہے۔ میرے خیال میں اس سے غریبوں کا حق تو شاید ادا ہو جاتا ہو لیکن میرے نزدیک اس سے سراسر بلیوں کی حق تلفی ہوتی ہے۔

(بشکریہ: روزنامہ جنگ)