ڈنڈے کی سرکار اور قومی مسائل کا حل

اگلے روز کمرہ جماعت میں پاکستان کے بنیادی مسائل پر بات ہو رہی تھی۔ آبادی، ناخواندگی، غیر معیاری تعلیم، غربت، سیاسی عمل کی بے توقیری، ریاست پر عوام کا عدم اعتماد … کلاس روم میں تختہ سفید پر مسائل کی فہرست پھیلتی چلی جا رہی تھی۔

 یہ قانون کے طالب علم تھے اور ملک کے ترقی یافتہ ترین صوبے کی ایک مہنگی درس گاہ میں تین برس سے قانون پڑھ رہے تھے۔ سوال پوچھا گیا کہ ان مسائل کا حل کیا ہے۔ کلاس کے ذہین ترین طالب علم نے ترنت جواب دیا۔ اس ملک کو ڈنڈے کی سرکار چاہیے۔ ایک لمحے کو استاد کی آنکھوں میں اندھیرا چھا گیا۔ گویا شہر کے کرہ ہوائی میں پھیلی آلودگی سمٹ کر کمرے میں اتر آئی ہو۔ دراصل یہ جواب ہی تو آٹھ عشروں سے اس ملک کے سیاسی بام و در میں تزلزل کا ذمہ دار ہے۔

بیسویں صدی کی سیاسی تاریخ میں ان رہنماؤں کی کمی نہیں جنہوں نے ریاستی طاقت کے بل پر اپنی ذات کو کائنات کا مرکزہ قرار دیا۔ اپنے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے۔ نفرت کی لغت میں سیاسی مکالمے کو زہر آلود کیا۔ مفروضہ عظمت رفتہ کے احیا کے بلند بانگ دعوے کیے۔ مستعد قیادت کا ڈھونگ رچایا حتیٰ کہ مطلق العنان طاقت کی چوٹی پر پہنچ کر تنہائی کا شکار ہو گئے۔ برطانوی شاعر ڈبلیو ایچ آڈن نے ’آمر کی لوح مزار‘ کے نام سے ایک معروف نظم لکھی تھی ۔ جوزف بروڈسکی کی ایک نظم کا عنوان بھی یہی ہے۔ گبریل گارشیا مارکیز کی تصانیف کا بنیادی خیال ہی مطلق اقتدار کی تنہائی ہے۔ اردو شاعر محمد انور خالد نے لکھا تھا، ’سو وہ ایسے گیا، جیسے زمیں سے گھاس جاتی ہے‘۔

 آکسفورڈ یونیورسٹی میں سیاسیات کے شہرہ آفاق استاد آرچی بالڈ براؤن نے ایک شاندار کتاب لکھی ہے ۔ 2014 میں شائع ہونے والی اس کتاب کا عنوان The Myth of the Strong Leader: Political Leadership in the Modern Age ہے۔ آرچی براؤن نے اٹلی، جرمنی، جاپان، کیوبا اور کمبوڈیا کے عروج و زوال کا براہ راست مشاہدہ کر کے ایک قابل عمل اور بہتر سیاسی قیادت کے بنیادی خدوخال بیان کیے ہیں۔ مگر ٹھہریے مجھے ستر کی دہائی کے آخری برسوں میں اپنی نوجوانی کے دن یاد کرنے دیجئے۔ انقلاب ایران کے ابتدائی برسوں میں صادق خلخالی نام کا ایک قاضی القضاۃ انصاف کے نام پر ہر روز سینکڑوں سیاسی مخالفین، بائیں بازو کے کارکنوں اور حکومت مخالف اساتذہ کو پھانسی کی سزائیں سنا رہا تھا۔ اُدھر پاکستان میں ضیاالحق نام کے خود ساختہ حکمران نے ملک بھر میں ٹک ٹکیاں نصب کر رکھی تھیں جہاں صحافیوں، سیاسی کارکنو ں اور بے دست و پا شہریوں پر کوڑے برسانے کی مشق کی جاتی تھی۔ دُرے بازی کے اس اندوہناک ناٹک میں مقہور شہری کے سامنے مائیکرو فون نصب کیا جاتا تھا تاکہ اس کی چیخوں سے شہریوں کو خوفزدہ کیا جا سکے۔ انسانی تذلیل کا یہ تماشا دیکھنے کے لیے کھلے میدانوں اور چوراہوں میں عوام کا ایک جم غفیر جمع ہوتا تھا جو وقفے وقفے سے پرجوش مذہبی نعرے بلند کرتا تھا۔

اس زمانے میں پاکستان کے گلی کوچوں میں ایک جملہ زبان زد عام تھا۔ ’پاکستان کو ایک خمینی چاہیے‘۔ اس جملے کی ایک نفسیات ہے۔ ابھی چند برس پہلے ہمارے ملک کے ایک ریاستی منصب دار نے چھ ہزار شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار کر ملک کو بدعنوانی سے پاک کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ پھر اسی منصب دار کے ایک خود کاشتہ گماشتے نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر پانچ ہزار شہریوں کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا۔ ہمارے ملک کا ایک معروف کالم نگار اپنی تحریر میں اعتراف کر چکا ہے کہ اس نے کسی صاحب اختیار کو سولہ ہزار شہریوں کے قتل کی تجویز دی تھی ۔ ایک دل جلے نے یہ نسخہ سن کر برجستہ کہا تھا کہ جہاں ہزاروں شہریوں کی موت سے ملکی مسائل حل ہو سکتے ہیں تو اس فہرست میں ان تجویز کنندگان کے اسمائے گرامی بھی شامل کر لیے جائیں ۔ آخر کو قوم کے روشن مستقبل کا سوال ہے۔

تشدد سے ہماری شیفتگی کی یہ داستان بہت دور تک جاتی ہے۔ جب دنیا مسولینی فسطائیت کے ہاتھوں ارنڈی کا تیل پی رہی تھی، ہٹلر کے عقوبت خانوں میں زہریلی گیس سے لاکھوں افراد موت کے گھاٹ اتر رہے تھے۔ اسٹالن کی اشتراکی جنت میں لاکھوں شہری گولاگ کے برفانی جہنم میں دم توڑ رہے تھے۔ ہمارے ملک میں ایک صاحب مسولینی کا بیلچہ اٹھا لائے تھے۔ ہٹلر کی طرف سے عطیہ کی گئی کار تو آج بھی ان کے مٹھی بھر پیروکاروں نے محفوظ کر رکھی ہے۔ بابائے صحافت کہلانے والے ایک مرحوم نے مسولینی کے براؤن شرٹس سے متاثر ہو کر 1937 کے صوبائی انتخابات سے قبل نیلی پوش تحریک کی تشکیل کی۔ پاکستان میں جب جب آمریت کا عذاب اترا تو اس حادثہ فاجعہ کی حمایت کرنے والے اصحاب دانش بھی دریافت ہوئے۔ ان کے نام گنوانا غیر ضروری ہے۔ گوشت کی دکانوں پر جالیاں لگانے اور نالیوں پر چونا چھڑکنے کے عشاق آج بھی ہمارے درمیان موجود ہیں۔

ہمارا سیاسی شعور ایسا بلند تھا کہ جب ملک ٹوٹ رہا تھا اور آئین بازیچہ اطفال قرار پا رہا تھا تو ہم آمروں کی قصیدہ گوئی میں محو تھے ۔ آرچی براؤن نے اپنی کتاب میں یہ نتیجہ نکالا ہے کہ قومیں آمر کے دست اعجاز سے ترقی نہیں کرتیں۔ اس کے لیے ایسی قیادت درکار ہوتی ہے جو عوام کی حکمرانی کو ترجیح دیتی ہو۔ مشاورت میں یقین رکھتی ہو اور قوم میں زبان اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم در تقسیم کی بجائے یگانگت اور رواداری کا پرچار کرتی ہو۔ آرچی براؤن نے امریکی تاریخ میں ہیری ٹرومن کو اپنا پسندیدہ رہنما قرار دیا ہے۔ ہیری ٹرومن جان ایف کینیڈی جیسا دلکش تھا اور نہ بل کلنٹن یا باراک اوباما جیسا سحر انگیز مقرر تھا۔ وہ روز ویلٹ کی موت کے بعد امریکا کا حادثاتی صدر بنا ۔ اس نے مارشل پلان کے ذریعے یورپ کی تعمیر نو کا بیڑا اٹھایا اور خود اپنے ملک میں میکارتھی جیسے فتنے کو سیاسی عمل کے ذریعے شکست دی۔

قومیں مسولینی، ہٹلر اور اسٹالن کی دہشت یا صادق خلخلی کے فوری انصاف سے ترقی نہیں کرتیں۔ آمریت وہ فریب بصر ہے جس سے قبل نہ دھرتی پر بارش برستی ہے اور نہ جس کے بعد قومی منظر پر سبزے کی بہار اترتی ہے۔ ڈنڈے سے شغف رکھنے والوں کی خوش فہمی ہے کہ وہ طاقت سے پیچیدہ اجتماعی مسائل حل کر سکتے ہیں۔ ڈنڈا قوم کو خوفزدہ کر سکتا ہے ۔ غربت بڑھا سکتا ہے۔ قوم کو سرنگوں کر سکتا ہے ۔ ڈنڈا قوم کی فلاح کا شافی نسخہ نہیں۔ ایران کا فوری انصاف پسند جج صادق خلخالی بالآخر خود بھی بدعنوانی کے الزامات میں ملوث پایا گیا تھا۔

(بشکریہ: ہم سب لاہور)