اصلاح کے لیے الزام تراشی ترک کرنا ہوگی!
- تحریر سید مجاہد علی
- ہفتہ 21 / نومبر / 2026
جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ’فوج ہماری اپنی ہے لیکن ہم اسے عوام کے مدمقابل نہیں بلکہ دشمن کے مقابلے میں مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں‘۔ مولانا کا یہ بیان ملک کی صورت حال میں فوج اور سیاست کے مباحث کو خلط ملط کرنے کی نمایاں مثال ہے۔ سب سیاسی لیڈر صرف اس وقت ’خالص جمہوریت‘ کا نعرہ لگاتے ہیں جب انہیں فوج سے اپنی مرضی کی ڈیل نہیں ملتی۔ مایوسی کی صورت میں فوج پر ایسی ہی الزام تراشی سے کام لیا جاتا ہے۔
اس سے پہلے آصف زرداری، نواز شریف اور عمران خان یہی ہتھکنڈے استعمال کرچکے ہیں۔ پشاور ہائی کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے جو باتیں کی ہیں وہ بھی اسی رویہ کی عکاس ہیں۔ ورنہ واقعاتی طور پر مولانا کی یہ بات صریحاً بے بنیاد ہے کہ پاک فوج اپنے ہی لوگوں کے مقابلے میں اتری ہوئی ہے جس کی وجہ سے مجبور ہو کر اب مولانا فضل الرحمان جیسے لیڈر اسے راہ راست پر لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کیوں کہ وہ فوج کو اپنا سمجھتے ہیں۔
فوج ملک کے کسی حصے میں بھی عوام کے مد مقابل نہیں ہے۔ بلوچستان کی حد تک بعض قوم پرست عناصر کا ضرور یہ دعویٰ ہے کہ فوج بلوچ عوام کو ہلاک کرنے کا سبب بن رہی ہے لیکن یہ عناصر خود ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائے ہوئے ہیں اور ان کے دعوؤں کی بنیاد پر فوج کے کردار کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔ اگرچہ اس حقیقت سے بھی انکار ممکن نہیں ہے کہ بلوچستان میں عوام کی رائے سننے اور مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کا مناسب سیاسی و جمہوری اہتمام نہیں کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے سیاست دان بھی اتنے ہی مورد الزام ٹھہریں گے جتنی ذمہ داری فوج پر ڈالنے کی کوشش کی جائے گی۔ بلوچستان میں سیاسی حکومت قائم ہے اور فوج وہاں پر صوبائی حکومت کی مرضی و اجازت سے آپریشن کرتی ہے۔
اس کے ساتھ ہی اس سچائی سے بھی انکار ممکن نہیں ہے کہ خیبر پختون خوا میں ابھرنے والی شدت پسندی درحقیقت عوام دشمن ہے اور دہشت گرد افغانستان اور بھارت کی سرپرستی میں پاک فوج کو عاجز کرنے کے لیے عسکری ہتھکنڈے اختیار کرتے ہیں۔ ان کی سرکوبی ایک قومی مشن کی حیثیت رکھتی ہے۔ پاک فوج خیبر پختون خوا کے عوام اور ملک میں امن بحال کرنے کی عمومی کوششوں کے حصے کے طور پر ان عناصر کے خلاف برسر پیکار ہے۔
خیبر پختون میں تحریک انصاف کی معطل شدہ حکومت کا بھی یہی دعویٰ تھا کہ فوج صوبے کے لوگوں کو مارنے میں مصروف ہے ۔ اب مولانا فضل الرحمان نے بھی اسی الزام کو دہرا کر اپنے لیے سیاسی سپیس حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔ سیاسی لیڈروں کے انہی منفی اور ذاتی مفادات پر فوکس طرز عمل کی وجہ سے ہی درحقیقت پاکستان میں کبھی سیاسی معاملات میں فوج کی دخل اندازی اور اسے ختم کرنے کے کسی مناسب اور قابل عمل منصوبے کا آغاز نہیں ہوسکا۔ ملکی تاریخ گواہ ہے کہ سیاست دان یا تو فوج کے ساتھ مل کر پاور شئیرنگ کے فارمولے پر متفق ہوجاتے ہیں یا اس قسم کی پیش کش سے محروم ہونے کے بعد عام جلسوں میں فوج پر زبانی تیر اندازی شروع کردی جاتی ہے۔ ملک کے تمام نمایاں لیڈر اپنے اپنے وقت میں یہ ہتھکنڈے استعمال کرچکے ہیں، اس لیے کسی کا نام لے کر بحث کو پھیلانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ مسئلہ حل کرنے کے لیے اس کی شناخت اور ٹھنڈے دل و دماغ سے اسے حل کرنے کی کوشش ضروری ہے۔ لیکن اگر مسئلہ کو سیاسی نعرے بازی کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور بعد میں سودے بازی کرتے ہوئے عوام کو بے وقوف سمجھ کر اقتدار کی بندر بانٹ میں شراکت پر اتفاق ہوگا ۔ ایسے میں یہ کہنا مناسب ہوگا کہ ملک میں سیاسی لیڈروں کی وہ نسل سامنے نہیں آرہی جو حقیقی جمہوریت پر یقین رکھتی ہو اور اپنے منشور کی بنیاد پر عوام کی توجہ حاصل کرسکے۔
یہی رویہ عمومی طور سے میڈیا تبصروں، مباحث، ٹاک شوز اور تجزیوں میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ یہاں یہ بحث کرنے کا محل نہیں ہے کہ کون سا صحافی کس کے لیے کام کرتا ہے لیکن یہ جاننا ضروری ہے کہ ملکی میڈیاتسلسل سے اس اصولی بحث کو سامنے لانے میں کامیاب نہیں ہؤا کہ ملکی آئین کے تحت فوج کو سیاسی معاملات میں مداخلت کا حق حاصل نہیں ہے اور اس رجحان کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے۔ اس کے برعکس اپنے اپنے طور پر اور اپنے اپنے انداز میں سیاسی مباحث میں سیاست دانوں کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے یہ باور کرانے کی کوشش کی جاتی ہے کہ ملک میں کامیاب سیاست (یعنی اختیار و اقتدار حاصل کرنے) کے لیے طاقت ور حلقوں کی حمایت حاصل کرنا اہم ہے۔ اکثر قارئین آج کل صوبوں کے بارے میں ہونے والے مباحث میں صحافیوں اور میڈیا دسے وابستہ تجزیہ نگاروں کا یہ رویہ ضرور نوٹ کرتے ہوں گے۔ ہر جگہ یہی مشورہ دیا جاتا ہے کہ کوئی سیاسی پارٹی کیسے اسٹبلشمنٹ سے اتفاق کیے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتی، حکومت چلا نہیں سکتی یا اقتدار حاصل نہیں کرسکتی۔ حالانکہ ان مباحث میں ہوشمند تجزیہ نگاروں کو یہ بتانا چاہئے کہ سیاست دان سب سے پہلے ملک میں آئینی تقاضوں کے مطابق نظام کے لیے اتفاق رائے پیدا کریں۔ وہ اسی صورت میں ملک و قوم کو درپیش مسائل حل کرسکیں گے۔ یوں سیاسی لیڈر اور میڈیا فوج و سیاست کے حوالے سے ایک ہی پیج پر دکھائی دیتے ہیں۔
اسی بحث کا اگلا اور زیادہ اہم پہلو ملکی معیشت پر عسکری اداروں کے کنٹرول کے بارے میں ہے۔ اس بارے میں زیادہ تفصیلات میں جائے بغیر بھی یہ واضح ہے کہ ملکی پیدا وار میں ان اداروں کا حصہ مسلسل بڑھ رہا ہے جو براہ راست فوجی اداروں کی نگرانی میں کام کرتے ہیں۔ حالا نکہ سیاسی امور کی طرح معاشی میدان میں بھی فوج کا عمل دخل کسی معاشرے کے لیے صحت مند نہیں ہوسکتا۔ اب تو شہباز شریف کی حکومت نے سرمایہ کاری سے لے کر سفارت کاری تک کو فوج کے حوالے کرنے اور اس پر فخر کرنے کا اہتمام کیا ہے۔ جب ملک کے سیاسی لیڈر اس قدر تساہل اور نااہلی کا مظاہرہ کریں گے تو فوج پر بندوقیں تاننے سے کام نہیں چل سکتا۔
ملک میں فوج اور سیاست کے بارے میں سنجیدہ مباحث شروع ہونے چاہئیں۔ قومی میڈیا پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس بحث کو اہمیت دینے کا آغاز کرے۔ سنسر شپ یا میڈیا پر پابندیوں کا بہانہ اس بحث سے درگزر کرنے کا مناسب عذر نہیں ہوسکتا۔ جب قومی میڈیا اس بارے میں اپنی ذمہ داری پوری کرنے کی کوشش کرے گا تو سیاست دان بھی اس حساس اور اہم معاملہ کو سیاسی نعروں کا ذریعہ بنانے کی بجائے عوام کا اعتماد حاصل کرنے اور وہ لکیر واضح کرنے کے لیے کام کرسکیں گے جو فوج کے کردار اور ملکی سیاسی امور کے درمیان حد فاصل قائم کرسکے۔
یہ ایک مشکل اور صبر آزما کام ہے لیکن یہ ملک کی 80 سالہ تاریخ کا ملبہ ہے۔ اسے نہ تو ایک روز میں سمیٹا جاسکتا ہے اور نہ ہی چند ہفتوں یامہینوں میں کوئی واضح حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔ البتہ جتنی جلد اس پر کام کا آغاز ہوگا ، اتنا جلدہی ملکی نظام مستحکم کرنے، غلط فہمیاں دور کرنے اور حقیقی عوامی مسائل کو اہمیت دینے کا کام شروع ہوسکے گا۔