مکہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کا دفاع ترجیح ہے: ترک وزیر خارجہ

  • اتوار 22 / نومبر / 2026

ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کا کہنا ہے کہ مکہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کا دفاع ترجیح ہے۔ یمن میں ترک فوج کی تعیناتی کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ترک میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کے دفاع کے لیے ضروری معاونت کی جا رہی ہے۔ مکہ سیکیورٹی معاہدہ کسی بھی ملک کے خلاف نہیں، مکہ معاہدے کا مقصد رکن ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور اقتصادی تعاون بڑھانا ہے۔

علاقائی خودمختاری کے لیے ترکیہ مؤثر اور جدید علاقائی نظام بنا رہا ہے۔  مکہ معاہدہ، ریجنل کواڈ آر فور اور غزہ گروپ آف ایٹ جدید علاقائی نظام میں شامل ہیں۔ حقان فیدان کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کسی ممکنہ معاہدے کے اثرات صرف آبنائے ہرمز کے کھلنے تک محدود نہیں ہوں گے۔ یہ ممکنہ معاہدہ آبنائے ہرمز سے آگے عالمی معیشت کو سہولت فراہم کرنے میں ایک اہم عنصر ثابت ہوگا۔

اس دوران قطر اور جرمنی نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ جامع حفاظتی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے اور اپنے جوہری پروگرام کے پُرامن مقاصد کو یقینی بنانے کے لیے ایجنسی کے ساتھ مکمل تعاون دوبارہ شروع کرے۔

یہ مشترکہ بیان قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے 20 اور 21 نومبر کو جرمنی کے سرکاری دورے کے موقع پر جاری کیا گیا۔ دونوں ممالک نے تجارتی جہازوں کے خلاف ایران کے حملوں اور دھمکیوں کی مذمت بھی کی اور ایسے کسی بھی اقدام کی مخالفت کا اظہار کیا جو آبنائے ہرمز کی بندش یا جہاز رانی کی آزادی میں رکاوٹ کا باعث بنے۔

دونوں ممالک نے ایران سے یمن میں حوثیوں کو اسلحہ اور دیگر حمایت فراہم کرنا بھی بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ یہ مؤقف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب قطر ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے خاتمے کی کوششوں میں بطور ثالث اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اور ایران کے جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق مذاکرات بھی جاری ہیں۔