ممتاز صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن حسین نقی انتقال کرگئے
پاکستانی صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن حسین نقی 90 برس کی عمر میں وفات پا گئے ہیں۔ لاہور میں ان کی نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی اور صحافتی حلقوں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جس کے بعد انھیں سپرد خاک کیا گیا۔
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے ان کی وفات پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’حسین نقی نے صحافت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔‘
حسین نقی مختلف اخباروں کے مدیر رہے جس کے بعد تین دہائیوں تک وہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) سے بھی منسلک رہے۔ ایچ آر سی پی کا کہنا ہے کہ '70 برس سے زائد عرصے پر محیط اپنے کیریئر میں طالب علم رہنما سے اخبار کے مدیر اور پھر ایچ آر سی پی کے خزانچی تک، متعدد بار قید و بند اور حکام کی انتقامی کارروائیاں بھی ان کے اس عزم کو کمزور نہ کر سکیں اور وہ طاقتور کے سامنے سچ بولتے رہے۔'
ایچ آر سی پی نے لکھا کہ نقی صاحب نے تین دہائیوں تک مختلف حیثیتوں میں ایچ آر سی پی کی خدمت کی اور اپنی وفات کے وقت کونسل کے ایک سرگرم رکن تھے۔ پاکستان میں عوامی حقوق اور جمہوریت کے لیے بلند ہونے والی سب سے بڑی آوازوں میں سے ایک اب خاموش ہو گئی ہے۔
جب تک حسین نقی عملی صحافت میں تھے تو کوئی ایسا دور نہیں جب وہ گرفتار نہ ہوئے ہوں، چاہے وہ سویلین ادوار ہوں یا مارشل لا۔ صحافی مظہر عباس بتاتے ہیں کہ فوجی آمروں ایوب خان، یحییٰ خان اور ضیا الحق کے ادوار میں انہیں گرفتار کیا گیا جبکہ ذوالفقار علی بھٹو سے ان کی ذاتی طور پر اچھی دوستی تھی مگر اس کے باوجود وہ اس دور میں بھی گرفتار ہوئے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ ’سوال کرنے اور انکار کرنے کی جرات رکھتے تھے۔‘
ایکس پر صحافی حامد میر نے لکھا کہ ’ہر مشکل دور میں آزادی اظہار کی جنگ لڑنے والے بزرگ صحافی جناب حسین نقی اس دنیا کو چھوڑ کر اگلی دنیا کو سدھار گئے۔ حسین نقی مارشل لا ادوار میں بھی جیل گئے اور جمہوری ادوار میں بھی قیدی بنے۔
حسین نقی نے اپنے آخری دنوں تک انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کی۔ اس کی سب سے حالیہ مثال ہفتہ کے روز کی ہے جب وہ لاہور میں شاعر احمد فرہاد کی کتاب کی رونمائی کی تقریب پر موجود تھے۔ انہوں نے اس موقع پر اپنی آخری تقریر کی۔ اس میں حسین نقی نے کہا کہ ’اگر پاکستان میں آپ تبدیلی چاہتے ہیں تو آپ کو سڑکوں پر نکلنا پڑے گا، لڑنا پڑے گا اور ظاہر ہے کہ اس میں شہادتیں بھی ہوں گی۔ اس میں قید و بند بھی ہو گا۔ اگر آپ اس کے لیے تیار نہیں ہوں گے تو ظاہر ہے پھر آپ کے گلے میں غلامی کا طوق ہی جاری رہے گا۔
لندن میں بی بی سی نیوز اردو کے نامہ نگار عارف شمیم عارف شمیم یاد کرتے ہیں کہ اخبار کے مدیر کے طور پر حسین نقی نوجوانوں کی بھرپور حمایت کیا کرتے تھے۔ وہ حسین نقی سے اپنی پہلی ملاقات کو یاد کرتے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ ’میں اخبار دی نیشن میں کام کرتا تھا اور میرے مدیر نے مجھے کہا کہ یہ جان کر اچھا لگا کہ کوئی آپ کو ڈھونڈ رہا ہے۔‘
اس وقت حسین نقی دی نیوز میں مدیر تھے اور عارف شمیم کو اپنے اخبار میں نوکری کی پیشکش کرنا چاہتے تھے۔ عارف بتاتے ہیں کہ ’میں دی نیوز کے دفتر پہنچا تو میں نے ان سے شکایت کی کہ دی نیوز میں لوگوں کو نکال دیا جاتا ہے اور اگر مجھے جاب سکیورٹی دیں گے تو ہی میں دی نیشن چھوڑ کر دی نیوز جوائن کروں گا۔
اس پر وہ (نقی) کہنے لگے کہ جاب سکیورٹی تو میری بھی نہیں ہے، میں تمہیں کیسے دوں؟
عارف شمیم کہتے ہیں کہ اسی وقت انہوں نے فیصلہ کر لیا کہ حسین نقی کے ساتھ کام کرنا ہے۔ ’حسین نقی اتنے دلیر اور سچے انسان تھے کہ انھیں جھوٹ بولنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔‘