کیا عزت دولت نہیں ہوتی؟
- تحریر نسیم شاہد
- اتوار 22 / نومبر / 2026
موچی شوکت بھی کمال کی شخصیت ہے اب آپ کہیں گے موچی بھی کوئی شخصیت ہوتا ہے وہ توبس موچی ہوتا ہے۔ شخصیت تو بڑے بڑے افسروں، سیاستدانوں، سرمایہ داروں، وڈیروں اور نوابوں کی ہوتی ہے۔موچی، تیلی، مستری، مزدور، محنت کش، ریڑھی رکشے والے کہاں سے شخصیت بن گئے؟
تو بھائیو بس یہی سوچ ہمارے معاشرتی زوال اور انتشار کا باعث ہے۔ انسان کو عزت دینے کی بجائے جب ہم دولت کو عزت دیتے ہیں، اختیار کو عزت دیتے ہیں تو پھر معاشرے میں جعلی عزت دار پیدا ہوتے ہیں۔ حقیقی اور سچے عزت دار تو کہیں دور اندھیرے میں چلے جاتے ہیں۔ میں بات کررہا تھا موچی شوکت کی۔ کل ایک جوتی کی مرمت کیلئے اس کے پاس کچھ دیر بیٹھنے کا موقع ملا۔ بس یوں سمجھیں اس نے میرے چودہ طبق روشن کر دیئے۔ میں نے پوچھا شوکت تمہیں غصہ تو آتا ہوگا کہ قدرت نے تمہیں موچی کیوں بنا دیا، افسر بھی تو بنا سکتی تھی۔ اس نے میری طرف حیرت سے دیکھا اور پوچھا ’موچی بنا کے میرے ساتھ کیا زیادتی کی ہے؟‘ آپ کو کیا معلوم میرے دو بھائی معذور ہیں اور اُٹھ نہیں سکتے، وہ مجھے کہتے ہیں، شوکت بھائی آپ کتنے خوش قسمت ہیں، صبح گھر سے جاتے ہیں، سارا دن کام کرتے ہیں اور شام کو واپس آکر اپنے بچوں اور ہمیں دیکھتے ہیں۔ کاش ہم بھی چل پھر سکتے۔ کیا اس وقت میں ان کے سامنے یہ شکوہ کر سکتا ہوں کہ اللہ نے مجھے موچی کیوں بنایا افسر کیوں نہیں بنایا۔وہ قدرت جو مجھے روزانہ یہاں بھیج دیتی ہے، اگر چاہتی تو بھائیوں کی طرح مجھے بھی بستر سے لگا دیتی تو میں کیا کر لیتا۔
اس کی یہ بات سن کر میں کانپ گیا۔ وہ اپنے کام میں مگن بھی تھا اور باتیں بھی کئے جا رہا تھا۔ میں نے پوچھا شوکت کبھی کسی سے لڑائی ہوئی۔ کبھی غصہ آیا تو اس نے عجیب جواب دیا۔ کہنے لگا بابو جی لڑنا کس بات پر۔ مجھے تو حیرت ہوتی ہے جب لوگ ذرا ذرا سی بات پر ایک دوسرے سے لڑتے ہیں، بلکہ مرنے مارنے پر تل جاتے ہیں۔ کئی بار مجھے لوگ مزدوری کے پیسے نہیں دیتے یا کم دیتے ہیں میں اس ریڑھی والے کی طرح جو سامنے کھڑا ہے کبھی نہیں لڑتا۔ وہ سبزی بیچتا ہے اور کبھی دو روپے بھی کم ملیں تو ایسے غصے میں آ جاتا ہے جیسے اس سے بڑا بدمعاش دنیا میں کوئی نہ ہو،اس لئے اس کی بازار میں ایک آنے کی عزت نہیں۔ اس پر میرے منہ سے ایسے ہی نکل گیا شوکت کیا انسان کو عزت کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ اصل چیز تو دولت ہے۔ یہ سنتے ہی اس نے جوتی مرمت کرنے کا کام روک کر میری طرف دیکھا، اس کی آنکھوں میں حیرت تھی جیسے کہہ رہا ہو آپ سے بڑا احمق بھی شاید ہی کوئی ہو، پھر اس نے کہا بابو جی! کیا آپ عزت کو دولت نہیں سمجھتے؟ کیا عزت بھی دولت کی طرح کمانی نہیں پڑتی بلکہ دولت کمانا تو آسان ہے عزت کمانا بہت مشکل ہے۔ کیونکہ عزت کوئی ایسی چیز تو ہے نہیں جو کسی دکان سے مل جائے، نہ ہی اسے آپ دولت کی طرح راہ چلتے کسی شخص پر گن تان کر حاصل کر سکتے ہیں۔
میں نے کہا شوکت میرا یہ مطلب نہیں تھا، لیکن یہ بات تو حقیقت ہے کہ عزت سے پیٹ نہیں بھرتا۔ پیٹ بھرنے کیلئے پیسے کی ضرورت ہوتی ہے۔ کہنے لگا سرکار ان دونوں میں کوئی جھگڑا تو ہے نہیں ایسی تو کوئی بات نہیں کہ جس کے پاس پیسہ ہو اس کی عزت نہ ہو اور جس کے پاس عزت ہو اس کے پاس پیسہ نہ ہو۔ عزت کمانے کا تعلق تو کچھ اور باتوں سے ہے۔ ان باتوں سے جو دولت سے نہیں خریدی جا سکتیں۔ آپ اپنا کام ایمانداری سے کریں تو عزت مل جاتی ہے،کسی کے ساتھ دھوکہ نہ کریں تو عزت ملتی ہے،کسی کو نقصان نہ پہنچائیں تو عزت مل جاتی ہے۔ دوسروں کو اپنی عزت سے پہلے عزت دیں تو عزت خود چل کر آپ کے پاس آجاتی ہے۔ پھر اس نے ایک لمبی سانس بھر کے کہا بابو جی! اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے مجھے بے بہا عزت دی ہوئی ہے۔ آپ جیسے پڑھے لکھے لوگ بھی میرے پاس آتے ہیں اور مجھ سے باتیں کرتے ہیں، کیا یہ تھوڑی عزت ہے۔ کیا میں اسے دولت نہ سمجھوں، اس پر رب کا شکر ادا نہ کروں۔
اس کی اس بات نے مجھے کئی بندے اور کئی مناظر یاد دلا دیئے۔ مجھے کچھ افسر یاد آئے جو اب ریٹائرڈ زندگی گزار رہے ہیں۔ ان میں سے کئی ایسے ہیں، جب لوگ ان کے دفتر سے باہر آتے تھے تو انہیں من من کی صلواتیں سناتے تھے۔ ان کی عزت بس دفتر کے چھوٹے کمرے تک محدود تھی۔ وہ بھی اس وقت تک جب وہ اپنی کرسی پر بیٹھے ہوتے۔ انہوں نے بہت دولت،بہت جائیدادیں اور بہت بینک بیلنس بنایا ہوگا مگر عزت کے معاملے میں وہ تہی دست تھے۔ دوسری طرف کچھ ایسے ہیں جو آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں، انہیں لوگ عزت اور تکریم سے یاد کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے عزت کمانے کا فیصلہ کیا دولت کو کبھی خاطر میں نہیں لائے۔ عزت جتنی بھی کمالیں اسے دیکھ کر کبھی کوئی یہ نہیں کہے گا یہ حرام سے کمائی گئی عزت ہے۔ البتہ دولت کو دیکھ کر یہ سوال ضرور اٹھتا ہے کہ اپنی محدود تنخواہ میں اتنی بڑی جائیدادیں اور بینک بیلنس کیسے بنا لئے۔
اصل میں یہ روش چل نکلی ہے کہ انسان کی کوئی عزت نہیں، اس کے اعلیٰ شان و شوکت کے حامل رہن سہن کی عزت کرنی ہے، وہ کیسے بنا، کیسے اتنی بڑی شان و شوکت حاصل کی اس پر کسی کی نظر نہیں جاتی، ترقی کرنی چاہیے، اچھی بات ہے مگر انسانوں کو دکھ دے کر نہیں۔ ملک کو لوٹ کر اپنی تجوریاں بھر کر نہیں۔ ٹیکس چوری کرکے،رشوت لے کر یا ملاوٹ و ذخیرہ اندوزی کے ذریعے دولت تو کمائی جا سکتی ہے عزت نہیں۔ یہ جسے ہم خلق خدا کہتے ہیں، وہ سب کچھ دیکھ رہی ہوتی ہے، وہ بھلے زبان سے کچھ نہ کہے مگر دل سے بُرا ضرور کہتی ہے۔ عزت وہ نہیں ہوتی جو سامنے خوف کی وجہ سے کی جائے، عزت وہ ہوتی ہے جو غائبانہ طورپر دل میں جگہ بنا لے۔
موچی شوکت علی کی عزت اگر لوگ دل سے کرتے ہیں تو اس کی وجہ یہی ہے کہ وہ ایک ایسی صاف ستھری زندگی گزار رہا ہے،جس میں ملمع کاری، جھوٹ، منافقت اور جھوٹی نمودونمائش نہیں۔ وہ جو کچھ اندر ہے وہی باہر ہے۔ وہ غریب نہیں بلکہ بہت امیر ہے کہ اس کے پاس وہ سچی عزت ہے جو اربوں روپے خرچ کرکے بھی حاصل نہیں ہوتی۔
(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)