حسین نقی: آزادی اظہار کا آخری ستون

بزرگ صحافی اور انسانی حقوق کے گرمجوش ترجمان حسین نقی  نوے برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال سے پاکستان ایک نڈر، صاف گو اور حق پرست صحافی، انسانی حقوق کے صف اول کے کارکن اور  معاشرتی انصاف کے ایک  اہم ترجمان   سے محروم ہوگیا۔ انسانی ادوار میں کم ہی ایسے لوگ ہوتے ہیں جن کی زندگیوں  میں  شرمندگی کا کوئی مرحلہ نہ آیا ہو۔ ہمارے عہد میں حسین حقانی بلاشبہ  ایسے ہی لوگوں میں سے ایک تھے۔

 لکھنو سے ہجرت کرکے لاہور آباد ہونے والے حسین نقی نے ساری زندگی انصاف اور بنیادی حقوق کے لیے بسر کی اور کسی  مرحلے پر ان کے پائے استقامت میں  لغزش نہیں آئی۔   پہلے اسٹوڈنٹ لیڈر کے طور پر  ظلم  کے خلاف جد و جہد کا آغاز کیا پھر اپنا قلم حق بات کا پرچار کرنے کے لیے وقف کردیا اور عمر عزیز کے آخری تیس سال ہیومن رائیٹس کمیشن آف پاکستان کے ساتھ بنیادی حقوق   کی سربلندی کے  لیے کام کرتے رہے۔ انتقال سے ایک روز پہلے بھی انہوں نے ایک کتاب  کی تعارفی  تقریب میں  شرکت کی اور واضح کیا کہ  آزادی کے حصول کے لیے جد و جہد ناگزیر ہے اور  اس مقصد کے لیے قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔

حسین نقی کی زندگی ایسی ہی قربانیوں سے رقم  ہے۔ وہ بائیں بازو کی تحریکوں اور مزدور یونینوں کے  ساتھ وابستہ رہے  لیکن  حق گوئی کے لیے کوئی گروہ ان کی پہچان نہیں تھا بلکہ  انہوں نے ہر طبقہ اور ہر شخص کے حق کے لیے آواز اٹھائی۔ یہی وجہ ہے ان کے انتقال پر ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے رنج و ملال کا اظہار کیا  اور ان کے انتقال کو ملک و قوم کے لیے بڑا سانحہ قرار دیا گیا۔ یوں تو جو شخص اس دنیا میں آتا ہے ، اس کا جانا بھی برحق  ہوتا ہے لیکن حسین نقی جیسے لوگوں کے جانے کا  قلق اس لیے بھی  سوا ہوتا ہے کہ اب معاشرے میں ایسے اصولوں پر کاربند اور سمجھوتہ نہ کرنے والے لوگ  دستیاب  نہیں ہیں۔ یہ کہنا تو  مشکل ہے کہ ہمارا عہد  حق و انصاف کے لیے میدان میں اترنے والوں کے حوالے سے بانجھ ہوچکا ہے لیکن یہ بہر حال  ماننا پڑتا ہے کہ حسین نقی جیسے لوگ خال خال  ہی دکھائی دیتے ہیں، جنہوں  نے   ہر صعوبت اور نقصان برداشت کیا لیکن کبھی بنیادی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

ان کے یہ اصول کسی ہوس یا  طمع کے لیے نہیں تھے۔ صحافی کے  طور پر انہوں نے ضمیر کے مطابق لکھنے اور خبر کو سنسر کرنے کے خلاف مؤقف اختیار کیا۔ ٹریڈ یوننسٹ کے طور پر انہوں نے مزدوروں کی بہبود کے لیے کام کیا اور انسانی حقوق کے علمبردار کے طور پر وہ انسانوں کو احترام دینے کا تقاضہ کرتے رہے۔ انہوں نے طویل اور متحرک زندگی گزاری۔ صحافی کے طور پر اخبارات کے مدیر بھی رہے لیکن جب اصولوں کی بات آئی تو انہوں نے   سمجھوتہ کرنے کی بجائے، عہدہ چھوڑنے کو ترجیح دی۔ انہیں  ملک کے اعلیٰ ترین حکمرانوں تک رسائی حاصل  رہی لیکن انہوں نے نہ تو کوئی  مالی منفعت حاصل کرنے کی خواہش کی اور نہ ہی کسی سیاسی عہدہ کی تگ و دو میں وقت صرف کیا۔ انہوں نے جو درست جانا اسی کی تبلیغ کی اور اسی کے لئے سینہ سپر رہے۔

ہمارے عہد کے اس اہم صحافی اور پاکستان کے ممتاز ترین شہری کو حق  پرستی کی وجہ سے متعدد بار قید و بند کی صعوبتیں تو برداشت کرنا پڑیں لیکن  کسی حکومت نے  انہیں کبھی کوئی سرکاری اعزاز دے کر ان کی خدمات کو خراج تحسین  پیش نہیں کیا۔ یہ حقیقت بھی ریکارڈ کا حصہ ہے کہ  حسین نقی نے پہلے سے اصولی اعلان کررکھا تھا کہ وہ اصولی طور سے کوئی سرکاری تمغہ قبول  نہیں کریں گے۔ تاہم کسی بھی حکومت  کو  انہیں کوئی اعزاز دینے کا اعلان  کرنے کی توفیق بھی نہیں ہوئی۔ اگر کوئی حکومت ان کے لیے کسی اعزاز کا فیصلہ کرتی  اور وہ خود اسے وصول کرنے سے انکار کردیتے تو تاریخ میں ضرور یہ درج ہوتا کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی حکومت نے تو اپنی ذمہ داری محسوس کی کہ ساری زندگی اس ملک کے   شہریوں کے لیے وقف کرنے والے شخص کی خدمات کو سراہا گیا۔ البتہ ہمارے کسی لیڈر کو ایسا کوئی اقدام  کرنے میں کوئی منفعت دکھائی نہیں دی ہوگی۔ اسی لیے ان کے انتقال پر صدر مملکت، وزیر اعظم  اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کی طرف سے  تعزیزیتی کے  پیغامات ڈھکوسلہ اور جعل سازی کا پرتو لگتے  ہیں۔

اس کے برعکس ملک کے صحافیوں، دانشوروں اور مزدوروں نے انہیں عزت سے نوازا اور ہر طبقہ فکر نے ان کی خدمات کو سراہا اور انہیں  دلوں میں جگہ دی۔ حسین نقی کی زندگی اس لحاظ سے بھی مثالی ہے کہ ایسے عہد میں جب صحافت کاروبار بن چکا ہے اور متعدد صحافی کمرشل ازم کے سہارے ملک کے امرا میں شمار ہونے لگے ہیں، انہوں نے فقیری میں زندگی گزاری اور کبھی عہدہ ہی نہیں ، مال و دولت کی ہوس بھی نہیں کی۔   ورنہ ان کے قد کاٹھ  کے شخص کے لیے ذرا سی لچک دکھا کر بڑے سے بڑا عہدہ لینا یا مالی سہولتیں سمیٹنا کچھ مشکل نہ تھا۔  ایسے میں  اپنے ارد گرد خود کو ’فقیر، ناچیز،  درویش اور  احقر و کمتر جیسے القابات سے متعارف کروانے والے صحافیوں کی  بہتات دیکھ کر ضرور یہ فخر ہوتا ہے کہ ہم نے حسین نقی جیسے حقیقی فقیر  یا درویش کو دیکھا جس نے شہرت، دولت اور مفادات کو  ہمیشہ پاؤں کی ٹھوکر   پررکھا اور انسان کی عزت افزائی اور لفظ کی آبرو ہی میں اپنے لیے وقار اور امتیاز  تلاش کیا۔

حسین نقی لکھنو میں پیدا ہوئے اور ہجرت کرکے لاہور میں آکر آباد ہوئے لیکن  علاقائی زبانوں اور  شناخت کے بارے   میں وہ  اس حد  تک حساس  تھے کہ  پنجاب میں عوام کی  زبان پنجابی کی درگت بنتے  دیکھ کر  انہوں نے اسے ہر سطح پر تسلیم کرانے کی اپنی سی کوشش کی ۔ انہوں نے ذاتی وسائل  اور دوستوں کے تعاون سے   1989 میں  پہلا اور شاید آخری  پنجابی روزنامہ  ’سجن‘ شائع کرنے کا اہتمام کیا۔ یہ اخبار  وسائل کی کمی کی وجہ ایک سال سے زیادہ  شائع نہ ہوسکا لیکن اس منصوبہ نے حسین  نقی  کی اصول پرستی اور علاقائی زبانوں  کی اہمیت کے بارے میں ان کی کمٹ منٹ پر مہر تصدیق ثبت کردی۔ پاکستانی سیاسی  ثقافتی زندگی کا یہ المناک پہلو ہے کہ علاقائی زبانوں کو نظر انداز کیا جاتا ہے بلکہ جس زبان کو  قومی زبان کا درجہ دیا گیا ہے ، اسے بھی مسلسل سرکاری مواصلت کی زبان بنانے سے انکار کیا جاتا ہے۔ ان حالات میں پنجابی کے ساتھ حسین نقی کی  شیفتگی اور اسے منوانے کے لیے عملی کاوش سے اندازہ ہوتا ہے کہ  علاقائی زبانیں کیوں کر انسانوں کی تہذیب ، شناخت اور وقار کے لیے اہم ہوتی ہیں۔

حسین نقی رزق خاک  ہوئے لیکن  ان جیسے لوگ مرتے نہیں ہیں۔ ان کے اصول ،  خدمات، قربانیاں اور جد و جہد ہر آنے وقت  کے لیے  مشعل راہ  بنی رہتی ہیں۔ حسین نقی ہمارے عہد کی آبرو، ایک  قد آور  شخصیت اور   حق پرستی کے ایسے ہی لازوال  مینارہ  نور کا نام ہے۔