ری سیٹ کے نام پر جمہوریت سے انحراف

انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کا معاملہ ایک بار پھر سیاسی ایجنڈے پر ہے۔ وزیر داخلہ نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے عوامی منظوری حاصل کرنے کے لیے ریفرنڈم کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ نظامِ حکمرانی ’منہدم‘ ہو چکا ہے اور اس میں بنیادی تبدیلی یا ری سیٹ کی ضرورت ہے۔

گزشتہ چند ماہ کے دوران اس متنازع معاملے پر مختلف سیمینارز اور عوامی فورمز میں بحث ہوتی رہی ہے جبکہ سیاسی رہنما بھی اپنی انفرادی آرا کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس پیچیدہ مسئلے پر ریفرنڈم کی تجویز آئینی طریقہ کار کو نظرانداز کرنے کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔ وزیر داخلہ کی جانب سے یہ تجویز سامنے آنے کے بعد اس منصوبے کے پس منظر میں موجود قوتوں کے بارے میں زیادہ ابہام باقی نہیں رہتا۔ ایک ایسی پارلیمان سے ریفرنڈم کی منظوری حاصل کرنا مشکل نہیں ہوگا جو پہلے ہی تابع فرمان ہو۔ لیکن کیا محض ’ہاں‘ یا ’نہیں‘ پر مشتمل ریفرنڈم نئے صوبوں کے قیام جیسے پیچیدہ اور سیاسی طور پر حساس مسئلے کو حل کر سکتا ہے؟

بلاشبہ موجودہ صوبوں کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی اور حکمرانی بہتر بنانے کے لیے نئے انتظامی یونٹس تشکیل دینے کی معقول وجوہات موجود ہیں۔ تاہم جس انداز میں اس معاملے کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، وہ مسائل کا ایک ایسا پنڈورا باکس کھول سکتا ہے جس سے انتشار پیدا ہوگا اور سیاسی عدم استحکام مزید بڑھ جائے گا۔ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق مختلف تجاویز گردش میں ضرور ہیں لیکن کسی سیاسی جماعت نے اب تک اس حوالے سے کوئی ٹھوس منصوبہ پیش نہیں کیا۔

پیپلز پارٹی سندھ کو تقسیم کرنے یا صوبے میں نئے انتظامی یونٹس بنانے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کر چکی ہے جبکہ حکمران مسلم لیگ (ن) نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ موقف اختیار نہیں کیا۔ اگرچہ اس کے بعض وزرا اپنی انفرادی آرا کا اظہار کر چکے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور نواز شریف کی جانب سے اس معاملے پر خاموشی خاصی معنی خیز ہے۔ حیرت کی بات نہیں کہ چھوٹی اتحادی جماعتیں، جنہیں وسیع پیمانے پر مقتدر حلقوں کے قریب سمجھا جاتا ہے، اس انتظامی تبدیلی کے منصوبے کی مضبوط حامی بن کر سامنے آئی ہیں۔ حالانکہ اس منصوبے کی واضح شکل ابھی تک سامنے نہیں آئی۔

انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کے معاملے کو وسیع تر جمہوری عمل سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ خود ایک ایسے نظام کی پیداوار ہونے کے باوجود جس کی قانونی اور سیاسی حیثیت پر سوالات اٹھتے رہے ہیں، محسن نقوی کا موقف ہے کہ ریفرنڈم جمہوریت کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’ہم سب جمہوریت کی بات کرتے ہیں۔ پارلیمنٹ کے ارکان پاکستان کے عوام کی نمائندگی کرتے ہیں۔ میں تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس بات پر غور کریں کہ زیادہ تر سروے رپورٹس نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہیں تاکہ حکمرانی بہتر بنائی جا سکے‘۔

اچھی حکمرانی کے لیے قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جوابدہ اداروں کا ہونا ضروری ہے۔ بلاشبہ منتخب پارلیمان عوام کی خواہشات کی نمائندگی کرتی ہے اور جمہوری نظام میں وہ قانون سازی کا اعلیٰ ترین ادارہ ہے، جسے ایسی تبدیلیوں کا آغاز کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ لیکن اس معاملے میں ایک اہم آئینی مسئلے پر بحث پارلیمان کے اندر شروع ہونے کے بجائے اس کے باہر سے شروع کی گئی ہے۔ پارلیمان میں خواہ اس کی سیاسی حیثیت کتنی ہی متنازع کیوں نہ ہو، کیا اس اہم معاملے پر کوئی بامعنی بحث ہوئی ہے؟

وزیر داخلہ کی جانب سے سیاسی جماعتوں کو نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ’سروے رپورٹس‘ پر غور کرنے کی اپیل بھی سوالات اٹھاتی ہے۔ رائے عامہ کے سروے عوامی رجحانات کا کچھ اندازہ ضرور فراہم کر سکتے ہیں لیکن آئینی تبدیلیوں کی بنیاد نہیں بن سکتے۔ مزید یہ کہ پاکستان میں ایسے بہت سے سروے محدود دائرہ کار اور رسائی کے حامل ہوتے ہیں۔ کیا وزیر داخلہ نے ان دیگر متعدد سروے رپورٹس پر بھی توجہ دی ہے جو موجودہ سیاسی نظام سے عوام کی ناراضی اور عدم اطمینان کی عکاسی کرتی ہیں؟ اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ آئین نئے صوبوں کے قیام کے لیے واضح طریقہ کار وضع کرتا ہے۔ ریفرنڈم کی تجویز بظاہر ان آئینی تقاضوں سے بچنے کی کوشش معلوم ہوتی ہے۔ آئین میں خود اپنی ترمیم کے لیے بھی ایک واضح اور متعین طریقہ کار موجود ہے۔ ایسی بنیادی تبدیلی کے لیے کوئی شارٹ کٹ اختیار نہیں کیا جا سکتا۔

18ویں آئینی ترمیم اس حوالے سے ایک قابلِ غور مثال ہے۔ اس ترمیم کے ذریعے آئین کے تقریباً ایک تہائی حصے میں تبدیلی کی گئی، لیکن ایسا تقریباً 18 ماہ کی طویل اور بھرپور مشاورت کے بعد ممکن ہوا، جب مختلف جماعتوں پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی نے بالآخر اتفاق رائے پیدا کیا۔ پھر قومی اہمیت کے اس معاملے پر بھی اسی جمہوری اور پارلیمانی طریقہ کار کو کیوں نہیں اپنایا جا سکتا، بجائے اس کے کہ اسے ریفرنڈم کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے؟ ایک ایسے نظام کو ری سیٹ کرنے کی بہت باتیں کی جا رہی ہیں جس کے بارے میں دعویٰ ہے کہ وہ منہدم ہو چکا ہے۔ اس بات سے اختلاف کی گنجائش کم ہے کہ ملک کے سیاسی اور انتظامی ڈھانچے شدید طور پر ناکارہ ہو چکے ہیں اور پاکستان کو آگے بڑھنے کے لیے بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ تاہم عجیب بات یہ ہے کہ نظام کو ری سیٹ کرنے کی باتیں وہ لوگ کر رہے ہیں جو خود بھی اس کی موجودہ حالت کے ذمہ دار ہیں۔

صرف نئے صوبے بنانے سے حکمرانی بہتر نہیں ہو سکتی۔ اس کے لیے سب سے بڑھ کر قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جوابدہ جمہوری اداروں پر مبنی نظام ضروری ہے۔ جو لوگ آج انتظامی تبدیلیوں اور نظام کی ری سیٹنگ کے علمبردار بنے ہوئے ہیں، وہی 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے ذریعے جمہوری عمل کو کمزور کرنے اور عدلیہ کی آزادی محدود کرنے کے بھی ذمہ دار ہیں، جس سے آئین کے بنیادی اصول مزید پامال ہوئے ہیں۔

جب جمہوری آزادیوں پر پابندیاں بڑھتی جا رہی ہوں تو ملک آمریت کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ایسے حالات میں نئے صوبے بنانے یا انتظامی حدود تبدیل کرنے سے حکمرانی بہتر بنانے یا تباہ ہوتے نظام کو بچانے میں کوئی خاص مدد نہیں ملے گی۔ ’نظام کی ری سیٹنگ‘ اور ’ریفرنڈم‘ جیسے الفاظ ماضی میں بھی استعمال ہوتے رہے ہیں۔ فوجی حکمرانوں نے ماضی میں بھی اسی طرح کی اصطلاحات کو اپنی طاقت مستحکم کرنے اور آمرانہ حکمرانی کو جائز قرار دینے کے لیے استعمال کیا۔ اس بار بھی حالات کوئی اطمینان بخش اشارے نہیں دے رہے۔ یہ مشق حقیقی اصلاحات کی کوشش سے زیادہ ایک ناکام نظام کو ظاہری تبدیلیوں کے ذریعے بچانے کی کوشش دکھائی دیتی ہے۔

28ویں آئینی ترمیم کی باتیں بھی ہو رہی ہیں۔ اگرچہ مجوزہ ترمیم کی تفصیلات ابھی واضح نہیں ہیں، لیکن اشارے مل رہے ہیں کہ اس کے ذریعے سیاسی کنٹرول مزید سخت کیا جا سکتا ہے۔ جبکہ انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیوں کو بھی اصلاحات کے ایک وسیع پیکیج میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ یہ صورتحال مجوزہ اصلاحات کے اصل مقاصد کے بارے میں سنگین سوالات اٹھاتی ہے۔ بلاشبہ موجودہ جمود کو توڑنے اور جمہوری عمل بحال کرنے کی فوری ضرورت ہے۔ لیکن یہ وہ ری سیٹ نہیں ہے جس کی محسن نقوی اور دیگر لوگ وکالت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ نہ مجوزہ ریفرنڈم اور نہ ہی متوقع 28ویں آئینی ترمیم، اگر حقیقی جمہوری عمل سے باہر رہ کر آگے بڑھائی گئی، سیاسی استحکام پیدا کرنے میں کامیاب ہوگی۔

پاکستان کو ایسے سیاسی استحکام کی ضرورت ہے جو آئین کی بالادستی، جمہوری آزادیوں اور مضبوط و آزاد اداروں پر استوار ہو۔ انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی یقیناً حل کا ایک حصہ ہو سکتی ہے، لیکن اسے ایک کھلے، جامع اور آئینی طور پر مجاز جمہوری عمل کے ذریعے سامنے آنا چاہیے، نہ کہ اس عمل سے باہر رہ کر عوام پر مسلط کیا جائے۔

(بشکریہ: روزنامہ ڈان)