پنجاب میں پنچایت
- تحریر خورشید ندیم
- سوموار 23 / نومبر / 2026
پنچایت کا مجوزہ قانون، کیا پنجاب میں فوری انصاف کی فراہمی میں مددگار ہو گا؟بیرسٹر ظفر اللہ خان کے قانون، مذہب اور سماج کے علم اور نظامِ ریاست کے تجربے سے کشید کیا گیا یہ مسودہ قانون، عوام کی رائے جاننے کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔ صلائے عام ہے یارانِ نکتہ داں کے لیے۔
وہ جب ایڈووکیٹ جنرل کے منصب پر فائز ہوئے تو ہماری ان سے بہت سی توقعات وابستہ ہو گئیں۔ بطور سول سرونٹ اور سیاستدان، ان کی نیک نامی یہ حوصلہ دیتی تھی کہ وہ اپنے تئیں عوام کو انصاف دلانے کی پوری کوشش گے۔ ان کی کاوشوں کا ایک مظہر اس قانون کی صورت میں ہمارے سامنے ہے۔انصاف پر مبنی معاشرہ ہم سب کی خواہش ہے۔ اس میں حکومت کا کردار مرکزی ہے۔ انصاف قانون کی حکمرانی سے آتا ہے اور قانون کا نفاذ ریاست کا کام ہے۔ قانون سازی بھی ریاست ہی کرتی ہے۔ انصاف کی فراہمی میں عدلیہ اور وکلا کا کردار سب سے اہم ہے۔ سب مل کر ہی سماج کو انصاف دے سکتے ہیں۔ اگر قانون سازی درست خطوط پر ہو مگر منصف اور وکیل انصاف دینے میں سنجیدہ نہ ہوں تو حکومت کچھ نہیں کر سکتی۔ گویا انصاف مشترکہ کاوش کا حاصل ہے۔ ہر طبقے کو اپنے حصے کا کام کرنا ہے۔ اور ہمارا کام سب کو تذکیر کرنا ہے۔ انہیں ان کے کام کی طرف متوجہ کرنا ہے۔
عدالت اور کچہری میں عوام کا ہجوم بتاتا ہے کہ انصاف نہیں ہو رہا۔ انصاف تو بعد کی بات ہے،فیصلہ ہی نہیں ہو رہا۔ تاریخوں پہ تاریخیں پڑتی جاتی ہیں اور کئی نسلیں انتظار کرتے کرتے گزر جاتی ہیں۔ یہ بات سو فیصد درست ہے کہ انصاف میں تاخیر‘ انصاف کا انکار ہے۔ وقت گزرنے کے بعد اگر انصاف ملے تو وہ عملاً کسی کام کا نہیں ہوتا۔ انصاف میں اس تاخیر کا اصل ذمہ دار ہمارا نظامِ انصاف ہے۔ تاہم اس میں شبہ نہیں کہ عوام کی جہالت اور لاعلمی کا بھی اس میں پورا کردار ہے۔ محض اَنا کی تسکین یا جہالت کی وجہ سے پیسہ اور وقت بیدردی کے ساتھ برباد کر دیا جاتا ہے۔ اس جہالت کی وجہ سے لوگ اس سماجی قوت کا ادراک نہیں کر پاتے جو اس باب میں ان کی مددگار ہو سکتی ہے۔ یہ قوت ان کے سرمائے اور وقت کو بچا سکتی ہے۔
اختلاف اتنا بڑھ جائے کہ معاملہ عدالت تک جا پہنچے، اس کے لیے وقت چاہیے۔ بالخصوص طلاق اور خلع کے مسائل میں۔ اگر سماج زندہ ہو تو وہ اپنی اخلاقی قوت سے ایسے اختلافات کو ختم کر سکتا ہے اور لوگوں کو عدالتوں میں جانے سے روک سکتا ہے۔ یہ ہماری روایت رہی ہے کہ خاندان کے بزرگ بیٹھ جاتے تھے اور محض اپنی اخلاقی اتھارٹی سے، معاشرے کے بہت سے مسائل حل کر دیتے تھے۔ تاہم اس میں ایک خرابی بھی تھی۔ یہ بزرگ عام طور پر ان سماجی روایات کے اندر رہ کر اپنا کردار ادا کرتے تھے جو مدت سے قائم ہیں۔ ان میں سے بہت سی روایات ایسی ہیں جو انصاف پر مبنی نہیں،جیسے بدلے کا نکاح۔ دو خاندانوں میں جب صلح مطلوب ہوتی تو ایک کو کہا جاتا کہ وہ اپنی بیٹی کا نکاح دوسرے فریق کے کسی لڑکے سے کر دے۔ اب اس میں لڑکی یا لڑکے کی حیثیت بیل گائے سے زیادہ نہیں رہتی۔ صلح تو ہو جاتی مگر دو زندگیاں اس کی بھینٹ چڑھ جاتیں۔
اس لیے سماج میں ہمیشہ یہ خواہش موجود رہی کہ اس کا سماجی نظام بحال ہو مگر وہ ان خرابیوں سے پاک ہو،جن میں سے ایک کی طرف میں نے توجہ دلائی ہے۔ یہ مسودہ قانون دراصل اسی خواہش کی تکمیل کا نام ہے۔ اس میں خیال رکھا گیا ہے کہ بنیادی انسانی حقوق اور موجود قانون کی پاسداری ہو۔ اس کا ممکن حد تک اہتمام کیا گیا اور یہاں بیرسٹر صاحب کی قانون میں مہارت کا اندازہ ہوتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز صاحبہ نے بھی اس قانون کی تشکیل میں دلچسپی لی ہے جس سے یہ ممکن ہوا کہ اس کا مسودہ ہمارے سامنے ہے۔ اسے 15 دسمبر تک مشتہر کیا گیا ہے تاکہ لوگ اس پر اپنی رائے دیں۔
میں نے بیرسٹرصاحب سے اس مسودے پر بات کی اور اس کے بعض پہلوؤں کی طرف توجہ دلائی، جن کے حوالے سے سوالات اُٹھ سکتے ہیں۔ ایک تو یہ کہ اس کے مطالعے سے یہ تاثر ابھرتا ہے کہ اس پنچایت کا مدار المہام ڈی سی ہے۔ پنچایت کے اراکین کے انتخاب سے لے کر ان کو نکالنے تک اور اس کے ضوابط کی تشکیل تک، سب اختیارات ڈی سی کے پاس ہیں۔ ڈی سی کا معاملہ یہ ہے کہ وہ اس سٹم کا نمائندہ ہے جس پر عوام عدم اعتماد کا بارہا اظہار کر چکے۔ یہ نظام عوام کو انصاف کی فراہمی میں ناکام ثابت ہو چکا۔ پنچایت دراصل اس نظام کا متبادل ہے اور اس میں حکومت کے بجائے سماج کی قوت کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ اس میں بھی اگر حکومت کے نمائندے ڈی سی کو سب کچھ کرنا ہے تو اس کی افادیت کے بارے میں عوام میں شبہات پیدا ہوں گے۔ اس لیے ضروری ہے کہ اس کی باگ سماجی نمائندوں کے ہاتھ میں ہو۔
بیرسٹر صاحب کو اس تشویش سے اتفاق تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے متبادل طور پر کوئی تجویز سامنے آئے تو اس پر غور کیا جا سکتا ہے۔ اہلِ سیاست کی شمولیت کی بات ہوئی تو اس میں یہ مسئلہ سامنے آیا کہ ہر پارٹی یہ چاہے گی کہ اس کی نمائندگی ہو۔ اس طرح اس کی افادیت باقی نہیں رہے گی۔ گفتگو میں ایک تجویز یہ سامنے آئی کہ ضلع میں موجود ریٹائر جج جو مقامی ہو، پنچایت کے اراکین کا ضلعی ایجوکیشن آفیسر اور ڈی سی پر مشتمل ایک کمیشن بنایا جا سکتا ہے جو پنچایت کے اراکین کے انتخاب سے لے کر دیگر تمام معاملات تک ذمہ دار ہو۔ اسی طرح علما کی شمولیت پر بات ہوئی لیکن ان کا مسلکی شناخت پر اصرار اس میں مانع ہے۔ بیرسٹر صاحب سے بات کرتے ہوئے اندازہ ہوا کہ سماج میں ایسے لوگوں کا نتخاب کتنا مشکل ہے جنہیں سب کا احترام حاصل ہو۔
ہر قانون اصلاح اور بہتری کے امکانات لیے ہوئے ہوتا ہے۔ اس قانون میں بھی اس کی گنجائش موجود ہے۔ عوام اور اہلِ دانش کو چاہیے کہ اس حوالے سے اپنی تجاویز دیں۔ حکومت ان تجاویز پر غور کے لیے آمادہ ہے۔ یہ ایک اہم سماجی ادارے کے احیا کی طرف پاکستان میں ہونے والی پہلی سنجیدہ کوشش ہے۔ 2002کے بنیادی حکومتوں کے ایکٹ میں اس کی بات کی گئی ہے مگر اس کی کوئی تفصیل نہیں ہے۔ یہ پہلا تفصیلی ایکٹ ہے۔ انصاف کی تلاش میں بھٹکنے والی اس قوم کو ایسے نظام کی شدت کے ساتھ ضرورت تھی جس پر انہیں اطمینان ہو۔ پنچایت کا یہ ادارہ موجود نظام میں بھی اس خواہش کو ابھارے گا کہ اسے اپنی کمزرویوں کی اصلاح کرنی چاہیے۔ اگر پنچایت کا ادارہ زندہ ہوتا ہے تو اس سے ہماری اس سماجی صلاحیت کا بھی اظہار ہو گا جس میں بہت خیر ہے لیکن ہم بوجوہ ان کی برکت سے محروم ہیں۔
سماجی روایات ا ور ریاستی قوانین کا تعامل ہی ایک بہتر معاشرت کو جنم دے سکتا ہے۔ قانون کی عمل داری سماج کی اخلاقی قوت کے تابع ہے۔ کوئی قانون اس وقت تک نتیجہ خیز نہیں ہو سکتا جب تک سماج کا اخلاقی پوٹینشل اس کی تائید نہ کرے۔ پاکستان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہاں ضرورت سے زیادہ قوانین بنتے ہیں۔ یہ قانون اس لحاظ سے منفرد ہے یہ کہ یہ سماج کی بیدار ی کا سبب بن سکتا ہے۔
(بشکریہ: روزنامہ دنیا)