سیاست، ست رنگی چڑیا

سیاست میں دھما چوکڑی بھی ہوتی ہے اور سیاسی دھماکے بھی چلتے رہتے ہیں۔پاکستان ہی میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں یہ لہو گرم رکھنے کے بہانے ہوتے ہیں اور ساتھ ساتھ عوام کو مشغول رکھنے کے لئے حربے بھی۔

آپ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہی کو دیکھ لیں،انہوں نے امریکی عوام کو کتنا مشغول رکھا ہوا ہے۔ ایک دن جو بیان دیتے ہیں اگلے دن اُس کے برعکس بیان جاری کر دیتے ہیں۔ایران کے معاملے پر تو انہوں نے دنیا کے ساتھ ساتھ امریکی عوام کو بھی ٹرک کی بتی کے پیچھے لگائے رکھا ہے، سو اس تناظر میں جب ہم وطن عزیز کی سیاست کا حال دیکھتے ہیں تو یہاں بھی آئے ر وز رنگ برنگی پھلجھڑیاں چھوڑی جاتی ہیں۔ سیاست دانوں کے پاس اس وقت کرنے کو اور کوئی کام تو ہے نہیں کہ بات کہیں اور سے ہوتی ہے اور وہی آخری بھی ہوتی ہے مگر اس کے باوجود یہ تو نہیں ہو سکتا کہ سیاستدان خاموش ہو کر بیٹھ جائیں، سو کچھ نہ کچھ تو ہوتا رہتا ہے۔ وہ کرتے رہتے ہیں تاکہ سند رہے اور بوقت ِ ضرورت کام آئے۔ کبھی یہ کام مولانا فضل الرحمن کے ہاتھوں انجام پاتا ہے اور کبھی بلاول بھٹو زرداری اپنا کردار ادا کرنے آ جاتے ہیں۔ اب یہ ضروری بھی ہے کہ سٹیج ڈرامے کی طرح ذرا بڑھک شڑک بھی ماری جائے تاکہ تالیاں بجیں اور ہال میں نعرے بھی لگ جائیں۔

فی الوقت اس کام میں مولانا فضل الرحمن نمبر ون پر جا رہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری کی بات تو اور ہے کہ وہ اپنی حمایت کے ساتھ اقتدار میں بھی ہیں،تھوڑا بچ بچاؤ اور رکھ ررکھاؤ بھی رکھنا پڑتا ہے۔ پھر یہ بھی ہے کہ تنقید بھی ہو جاتی ہے کہ سب کچھ پاس رکھنے کے باوجود اسی نظام پر تنقید بھی کر رہے ہیں مگر مولانا فضل الرحمن تو اِس وقت پکے پکے اپوزیشن لیڈر ہیں۔اُن کی توپوں کا رخ حکومت کی طرف بھی رہتا ہے اور  پیچھے کے  ہاتھوں کی طرف بھی۔پھر جب یہ خبر آ جاتی ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے گھر یا پشاور میں مفتی محمود مرکز کو پولیس نے گھیر لیا ہے یا ناکہ بندی کر دی ہے تو مولانا کی رگِ تنقید مزید بھڑک اٹھتی ہے۔جب اُن کی سکیورٹی واپس لی گئی تو انہوں نے اپنی تقریر میں مزاح پیدا کرتے ہوئے کہا مبارک ہو خیبرپختونخوا میں دہشت گردی ختم ہو گئی ہے۔ کیونکہ امن و امان قائم ہونے کی وجہ سے انہوں نے ہماری سکیورٹی واپس لے لی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں تو یہ واضح ہے کہ کیوں اتنے گرما گرم بیانات دے رہے ہیں، وہ سندھ کو بچانے کیلئے سرگرم ہیں اور انہوں نے دوسرے لفظوں میں اپنا وہی پرانا نعرہ دہرا دیا ہے، ’مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں‘۔ اصل میں تو یہ نعرہ یوں ہونا چاہئے،’مرسوں مرسوں کراچی نہ ڈیسوں‘۔ لیکن یہ کہہ کر وہ پیپلزپارٹی کے گریٹر سندھ تصور کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔ مسلم لیگ(ن) نے بھی سیاست میں خاصا رنگ بھرا ہوا ہے۔ کوئی ملاقات ہو جائے، کسی ملاقات کی تصویر چھپ جائے تو مشہوری ہو جاتی ہے اور عوام کو چند دن گزارنے کا سامان مل جاتا ہے۔ پچھلے چند ہفتوں سے کیسے کیسے شگوفے نہیں چھوڑے گئے، کس کس کے وزارتِ اعلیٰ کے منصب پر بٹھانے کے خواب نہیں دکھائے گئے۔ یہ سوچے بغیر کہ صاحبو جن کی سیاسی ساکھ ہی اتنی مضبوط نہیں کہ وہ اس ذمہ داری کا بوجھ اُٹھا سکیں، وہ کیسے بیٹھے بٹھائے مراد پا سکتے  ہیں۔ لیکن بات وہی ہے کہ ایسی باتوں سے رونق لگی رہتی ہے۔

وہ عوام جو مہنگائی، غربت اور مسائل میں دبے ہوئے ہیں، تھوڑی دیر کے لئے، کسی ہوٹل، کسی تھڑے، کسی پنڈال میں بیٹھ کے اس موضوع پر بات کر کے اپنا وقت گزار سکیں۔ سرکاری افسروں کے رویے  تبدیل ہو گئے ہیں اور ایم پی اے صاحبان اُن سے ملاقات کی ایسی تصویریں سوشل میڈیا پر جاری کروا رہے ہیں،جن میں وہ ڈی سی یا کمشنر کے سامنے لات پر لات رکھے  بیٹھے ہیں۔ رہے عوام تو وہ یہ دیکھ دیکھ خوش ہو رہے ہیں،ڈرامے کا کون سا سین چل رہا ہے۔ اس سین میں اب بلاول ہاؤس لاہور بھی شامل ہے۔ عرصہ پہلے ملک ریاض کی طرف سے دی گئی زمین پر بننے والے اس وسیع و عریض بلاول ہاؤس کا ایک ویڈیو کے ذریعے نہ صرف حدود اربعہ دکھایا جا رہا ہے بلکہ ڈرون کیمرے کے ذریعے اندر کے مناظر بھی دکھائے جا رہے ہیں۔اس موقع پر کہ جب بلاول بھٹو پنجاب کی ترقی کے ذکر پر اینکر کے سامنے گرم ہو جاتے ہیں،یہ لاہور میں اتنا بڑا بلاول ہاؤس بھی کیا انہیں پنجاب کی ترقی کو تسلیم کرانے پر مجبور نہیں کرتا ۔پھر اسی طرح کا ایک بلاول ہاؤس ملتان میں بھی ہے اور کہا یہ جاتا ہے ملتان میں بلاول ہاؤس اِس اُمید پر بنایا گیا تھا کہ اگر جنوبی پنجاب صوبے کا دارالحکومت ملتان بنتا ہے تو بلاول ہاؤس سیاست کا مرکز بن جائے گا۔

انہی رنگ برنگے سیاسی مناظر کی وجہ سے پاکستانی کبھی بور نہیں ہوتے۔ حتیٰ کہ مہنگائی کے جھکڑ بھی انہیں بھول جاتے ہیں۔ یہ بات سیاستدانوں کو معلوم ہے۔ اب یہی دیکھئے کہ اسمبلیوں میں کرنے کو تو کچھ ہے نہیں،یعنی کوئی ایسی بات یا منصوبہ جس کا عوام کی زندگی سے کوئی تعلق ہو ۔اس لئے وہاں ارکان اسمبلی اس جملے کی گردان کرتے رہتے ہیں، کچھ شرم ہوتی ہے کچھ حیا ہوتی ہے۔ نان ایشوز کو اُٹھا  کر کڑاہی میں اُبال پیدا کیا جاتا ہے یا پھر کوئی ایسا حل جو ارکان پارلیمنٹ کے ذاتی مفاد میں ہو اُس پر سب اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ بلیو پاسپور ٹ اپنے بچوں تک کو دلوانے کا ایشو ہو تو سب کو صوبے بھی بھول جاتے ہیں، عمران خان و سیاسی قیدیوں کی رہائی بھی یاد نہیں رہتی۔گورنر راج بھی بھولی بسری کہانی بن جاتا ہے اور سب ایک ہی صف میں کھڑے ہو جاتے ہیں۔

 تو صاحبو! پاکستانی سیاست ست رنگی چڑیا کا نام ہے، اُسے دیکھ کر دِل بہلاتے رہیں،زیادہ نہ سوچا کریں۔

(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)