مصدق ملک کی بھارت میں لسانی فتح
- تحریر عمار مسعود
- سوموار 23 / نومبر / 2026
وفاقی وزیر مصدق ملک نے شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے کے موقعے پر دہلی میں اردو زبان میں ایک توانا تقریر کرکے نفرت کے ہر پرچار کو شکست دے دی۔ بھارتی صحافیوں کے سوال بہت تند تھے۔ وہ بال کی کھال نکالنا چاہتے تھے۔
مصدق ملک کی ایک ایک حرکت پر ان کی نظر تھی۔ ایک ہلکا جملہ، ایک بے احتیاط بیان بہت کچھ غارت کر سکتا تھا اور بھارتی صحافیوں کی چاندی ہو سکتی تھی۔ مگر اس قدر شدید ماحول میں مصدق ملک نے نہایت روانی سے اپنی تقریر اردو میں کرکے سب کو چاروں شانے چت کر دیا۔ جو شدت پسندی کے الزامات لگانا چاہتے تھے، جو اختلافات کو ہوا دینا چاہتے تھے، جو نفرت کو بڑھانا چاہتے تھے، وہی غالب کی بات کرنے لگے۔ حضرت نظام الدین اولیا کے مزار کے حوالے دینے لگے۔
تخریب کے منتظر تہذیب کی بات کرنے لگے۔ تلواریں میان میں چلی گئیں۔ شعلے، شبنم ہو گئے۔ اس لسانی فتح کا سارا سہرا مصدق ملک کو جاتا ہے۔ سوال تو ان سے بہت سے بزبانِ انگریزی بھی ہوئے مگر لوگوں کی یادداشت میں اردو کا حوالہ، غالب کا شعر اور نظام الدین اولیا کا مزار رہ گیا۔ اردو اور ہندی کا ماخذ ایک ہی ہے۔ دونوں کی پیدائش سنسکرت کی آغوش میں ہوئی۔ لہجے اور لفظ مختلف نہیں، ایک زمانے تک دونوں میں کوئی تخصیص اور تفریق نہیں تھی۔ دونوں کو ایک ہی نام سے پکارا جاتا تھا۔ ہندی پر زیادہ غلبہ سنسکرت کا رہا جبکہ اردو نے فارسی اور عربی کی گود میں پرورش پائی۔ مغلیہ دور میں فارسی کا چلن زیادہ رہا۔ دونوں کے رسم الخط میں فرق کی وجہ وہ تقسیم ہے جو انگریز نے پیدا کرنے کی کوشش کی۔ اردو ہمیشہ سے فارسی اور عربی رسم الخط میں لکھی گئی، جبکہ ہندی کا رسم الخط دیوناگری ہے جو سنسکرت کی دین ہے۔ یہ تقسیم انیسویں صدی میں واضح کی گئی جس کی وجہ لسانی سے زیادہ سیاسی ، سماجی اور مذہبی رہی۔
زبانوں کا مذہب نہیں ہوتا۔ لیکن زبانوں کی تہذیب، تمدن اور ورثہ ضرور ہوتا ہے، جو نسلوں کی تہذیبی پرورش کرتا ہے۔ میر امن دہلوی نے پہلی بار باغ و بہار میں اردو کا لفظ استعمال کیا۔ ولی دکنی سے لے کر آج تک برصغیر میں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے۔ لیکن مسلمانوں کے خلاف ایک مہم کے تحت اردو کو مسلمانوں کی زبان سمجھا گیا اور اسی کے اسکرپٹ میں تبدیلی کرکے اس کو ہندی کہا گیا۔ اردو زبان ہماری آبرو بھی ہے، تاریخ بھی۔ تمدن بھی ہے، تہذیب بھی۔ ہماری سوچ بھی، ہمارا رویہ بھی۔ ہمارا اثاثہ بھی ہے اور ورثہ بھی۔ اسی زبان کی بقا کے لیے آج بھی کچھ تحریکیں ہندوستان میں چل رہی ہیں۔ جو دانشور ہندوستان میں مذہب اور زبان کی تقسیم سے نکلنا چاہتے ہیں اور لسانیات کو وجہِ عناد نہیں بنانا چاہتے، وہ آج تک اردو کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ وہاں بہت سے ہیں جو آج بھی اس دلنشین زبان کے حسن کا احترام کرنا چاہتے ہیں۔ اس کی لطافت اور شیرینی سے حظ اٹھانا چاہتے ہیں۔ اس کو تقسیم کا ذریعہ نہیں، تعاون کی کنجی بنانا چاہتے ہیں۔
بھارت میں مصدق ملک نے جو کیا، اس کی داد و تحسین کے ڈونگرے چاروں اور برس رہے ہیں اور ان کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملاتے ہمیں ذرا بھی احساس نہیں ہوتا کہ اس زبان کے ساتھ ہم نے کتنا بے رحمانہ اور غلامانہ سلوک کیا ہے۔ انگریز برصغیر آئے تو انہوں نے اپنی سہولت کے لیے اردو سیکھی۔ فورٹ ولیم کالج قائم کیا۔ انگریز کو زبان نہ جاننے کا احساسِ کمتری تھا کیونکہ یہ سرزمین ان کے لیے اجنبی تھی۔ انگریز چلا گیا، انگریزی نہیں گئی اور اب وہ احساسِ کمتری ہم میں سرایت کر چکا ہے۔ اردو ہماری شان و شوکت کی گواہ تھی۔ انگریزی اجنبی زمین کا پودا، جو اس سرزمین میں کبھی جڑ نہیں پکڑ سکتا۔
اپنے ہاں قومی زبان اور سرکاری زبان میں تخصیص اسی احساسِ کمتری کا شاخسانہ ہے۔ طالب علموں کے ساتھ کتنا ظلم ہے کہ جو زبان گھر میں بولی جاتی ہے، امتحان اس زبان میں نہیں ہوتا۔ جو زبان بچہ سمجھتا ہے، نصاب اس زبان میں نہیں ہوتا۔ اس سے زیادہ لسانی حماقت کیا ہو سکتی ہے۔ زبان کا تعلق ذہانت سے نہیں ہوتا۔ زبان ابلاغ ہے۔ بات سمجھانے اور بتانے کا کلیہ۔ بدقسمتی سے ہم نے اسے احساسِ ندامت بنا دیا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ جن چیزوں پر ہمیں فخر کرنا تھا، وہ ایک غلامانہ سوچ کے تحت ہمارے لیے باعثِ ندامت ہو گئیں اور جن باتوں پر ندامت ہونی چاہیے تھی، وہ فخر کا موجب ہو گئیں۔
کوئی کہتا ہے کہ پاکستان کے ترقی نہ کرنے کی وجہ چھوٹے صوبوں کا نہ بننا ہے، کوئی اس ابتری کی وجہ کرپشن کو گردانتا ہے، کسی کے خیال میں حکمرانوں اور عوام میں فرق اتنا ہے کہ اس تفریق کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ لیکن لسانی جرائم کی طرف کسی کی نگاہ نہیں جاتی۔ کہا یہ جاتا ہے کہ انگریزی بین الاقوامی زبان ہے، اس کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ انگریزی سے اختلاف نہیں، اس کو ضرور سیکھنا چاہیے مگر اس کو ایک غیر ملکی زبان کی طرح برتنا چاہیے۔ اس کو ذہانت کا معیار نہیں مان لینا چاہیے۔ ڈاکٹر جمیل جالبی کی بات آج تک حافظے میں ہے کہ ’آج تک کسی قوم نے کسی اور قوم کی زبان میں ترقی نہیں کی‘۔ چین ترقی یافتہ ملک ہے مگر کسی کو انگریزی نہیں آتی۔ جاپان میں انگریزی بولنے والے تلاش کرنا محال ہے۔ فرانس میں انگریزی بولنے کو توہین کا مرتکب سمجھتے ہیں۔ تو پھر ہماری ہی ترقی میں انگریزی سے محرومی کیوں حائل ہے؟ ہم پر ہی کیوں ایک بیرونی زبان مسلط کی جا رہی ہے؟ اردو بولنے والوں کا پاکستان میں کیا قصور ہے؟
بہت سی تقریبات میں جانا ہوتا ہے جہاں مقررین پر صرف انگریزی بولنے کی پابندی ہوتی ہے۔ وہاں بہت سے لوگ جو بہت ذہین ہوتے ہیں، انگریزی ایسی ابتری سے بولتے ہیں کہ ان پر ہنسی نہیں آتی، ترس آتا ہے۔ انگریز کے زمانۂ غلامی کے اس لسانی نظام کو اب ختم ہو جانا چاہیے۔ اس احساسِ کمتری کو اب مٹ جانا چاہیے۔
مصدق ملک کی بھارت میں اردو شناسی کا دم تو ہم بھر رہے ہیں لیکن خود سوچیے، ہم اس ملک میں اردو کے ساتھ کیا سلوک کر رہے ہیں؟
(بشکریہ: وی نیوز)